All posts by Khabrain News

سعودیہ سے درخواست کی ہے اسٹیٹ بینک میں رکھے پیسے رواں سال واپس نہ لیں، مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے پیسے رواں سال واپس نہ لیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دورہ سعودی عرب میں بہت سی مثبت چیزیں ہوئیں جو وقت کے ساتھ سامنے آئیں گے۔ ہماری درخواست کا انہوں نے موافق جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کے سب سے تیز ترین بجٹ خسارے تحریک انصاف کے دور میں رہے ، عمران خان کی حکومت نے کرپشن کے بھی ریکارڈ قائم کیے ہیں، عمران خان معیشت میں بارودی سرنگیں بچھاکر گئے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج ملک میں چینی 2019 کے بعد سستی ترین ہے، یوٹیلیٹی اسٹور میں چینی کی قیمت 70 روپے کر دی، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1200 سے 800 کردیا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی پر 200 روپے کلو کی رعایت دے دی گئی ہے، قیمتوں میں کمی شہباز شریف نے کی ہے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے 20000 ارب روپے قرض لیا جو بجٹ کا 80 فیصد ہے، ایک طرف مغربی ممالک پر سازش کا الزام لگایا جارہا ہے دوسری طرف ان کے اپنے لوگ باہر جارہے ہیں، عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ شہزاد اکبر نے شوگر ملز کی ٹیکس چوری پر چشم پوشی کیوں کی؟کسی نے 37 طلبہ کے پڑھنے کی جگہ کیلئے ایک ارب روپے کیوں دیے ؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی ٹیم نے آئی ایم ایف کے سامنے کچھ اور یہاں کوئی اور بات کی، ہم چند دنوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کی صورتحال بہتر کردی، پی ٹی آئی نے چینی کمپنیوں کے 290 ارب روک لیے۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آپ ڈیزل پر فی لیٹر 70 روپے نقصان کررہے ہيں، آئی ایم ایف سے جو پی ٹی آئی نے وعدے کیے اس حساب سے ڈیزل آج 150 روپے مہنگا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے ڈالر قابو میں کرنے کیلئے مداخلت کی تھی، شرح سود، مارکیٹ مداخلت ڈالر کنٹرول کرنے کے طریقے موجود رہیں گے، سستا ہاؤسنگ قرضہ اور اس طرح کی اسکیمز ختم کرنے کا ارادہ نہیں۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ دیکھتا ہوں مئی جون کی گرمی میں عمران خان کتنے دن دھرنا دیتے ہیں ، گرمی میں ان کےکتنے لوگ پگھل جائے گیں، اس بار ان کا ساتھ دینے والے لوگوں نے بھی منع کردیا ہے ، پہلے تو کئی لوگ ان کے ساتھ تھے۔

روس نے جاپانی وزیراعظم سمیت 63 شخصیات کے روس آنے پر پابندی عائد کردی

روس نے جاپانی وزیراعظم سمیت 63 جاپانی شخصیات کے روس آنے پر پابندی عائد کردی۔
روس کا کہنا ہے کہ جاپانی شخصیات پر پابندی ان کے روس کیخلاف ناقابل قبول بیانا ت کےسبب عائدکی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جاپان کی 63 شخصیات کے روس میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائدکردی ہے۔
روس میں داخلے پرپابندی کی فہرست میں جاپانی وزیراعظم، وزیرخارجہ، وزیر دفاع، دیگر جاپانی حکام، صحافی اور پروفیسرز بھی شامل ہیں۔

یورپی کمیشن نے روس کیخلاف پابندیوں کے چھٹے مجوزہ پیکج کا اعلان کردیا

یورپی کمیشن نے روس کیخلاف پابندیوں کے چھٹے مجوزہ پیکج کا اعلان کردیا۔
یورپی کمیشن کے روس کیخلاف پابندیوں کے پیکج میں روسی سیاسی، عسکری شخصیات پر پابندی ، روسی سبر بینک کو سوئفٹ نیٹ ورک سےخارج کرنا شامل ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کےمطابق یورپی کمیشن کی چیف ارسولا وان ڈیر لین نے یورپی پارلیمنٹ میں خطاب کےدوران روس کیخلاف پابندیوں کاچھٹا مجوزہ پیکج پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ پیکج کے تحت روسی تیل، پائپ لائن،کروڈ آیل، روسی سیاسی ،فوجی شخصیات پرپابندی، روسی سبر بینک سمیت دیگربڑےبینکوں کی سوئفٹ نیٹ ورک سےعلیحدگی اور 3بڑے روسی ریاستی براڈکاسٹرزکی یورپی یونین میں براڈکاسٹ پرپابندی شامل ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن کی پابندیوں کی فہرست میں سربراہ روسی آرتھو ڈوکس چرچ پیٹریارک کیرل اور کریملن ترجمان دمیترے پیسکوف کی اہلیہ ، بیٹا، بیٹی کا نام بھی شامل ہے۔

عمران خان اور اداروں میں کوئی ناراضگی نہیں: پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان اور اداروں میں کوئی ناراضگی نہیں ، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی، حکمران مسجد نبوی واقعہ کو غلط رنگ دے رہے ہیں.
پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے اور اس وقت کی اپوزیشن کو آرمی چیف کے ذریعے کوئی مشروط مذاکرات کی دعوت نہیں دی گئی تھی، آرمی چیف اور فوج کے ساتھ جو تعلقات پہلے تھے اب بھی ویسے ہی ہیں مگر حالات تبدیل ہوچکے ہیں، تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دے گی، خیبرپختونخوا اسمبلی کو توڑنے کا بھی کوئی آپشن زیر غور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی تجویز ان کے ذریعے اپوزیشن کو دی گئی تھی، اپوزیشن کو اقتدار میں لانے کے لیے امریکہ سمیت دیگر ممالک نے اپنا کام دکھایا ہے، امریکی مداخلتی دھمکی آمیز خط ایک حقیقت ہے، کبھی خاموش نہیں رہے، امپورٹڈ حکمران اور مسجد نبوی ﷺ کے باہر واقعہ کو مسترد کرتے ہیں، حکمران غلط رنگ دیکر جھوٹے مقدمات قائم کر رہے ہیں۔

جارج بش نے بینظیر بھٹو کو عمران خان کا خیال رکھنے کا کہا تھا: خورشید شاہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جارج بش نے بینظیر بھٹو کو عمران خان کا خیال رکھنے کا کہا، اگر کوئی لاکھوں کا جلوس لیکر آتا ہے تو آنے دیں، انتقامی سیاست کے بجائے معاشی بہتری پر جانا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ عوام دیکھ بھال کر فیصلہ کریں، ہماری کوشش ہے مسائل حل کریں لیکن مسائل بہت ہیں، اس وقت معاشی مسائل ہیں کہ اگر بتایا جائے تو حیران رہ جائیں گے، ساڑھے تین سال اس حکومت نے 22 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے، عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، عوام ویسے ہی پریشان رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والا خود امپورٹڈ ہے، عمران خان کو تو پاکستان کے لیے تیار کیا گیا ہے، جارج بش نے بے نظیر بھٹو کو کہا تھا اس بچے کا خیال رکھنا، یہ خود امپورٹڈ ہے، اس حکومت کو امپورٹڈ کہتا ہے، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی لاکھوں کا جلوس لیکر آتا ہے تو آنے دیں، ہمیں گرفتاریاں نہیں کرنا ہیں، ہمیں صرف معاشی ترقی لانی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنتے ہیں پٹرول اور مہنگا ہوجائے گا، ڈالر دو سو روپے تک پہنچ رہا ہے، ہمیں انتقامی سیاست نہیں بلکہ معیشت کی بہتری کی طرف لے جانا ہے۔

شیریں مزاری کے خطوط ‘ہمیں بچاؤ’ کی دہائی ہے: مصدق ملک

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کے خطوط “ہمیں بچاؤ” کی دہائی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کے اقوام متحدہ کو خطوط پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ڈاکٹر مزاری ایک طرف امریکہ کی سازش کا کہہ رہی ہیں، دوسری طرف اقوامِ متحدہ کو رحم کی اپیل کر رہی ہیں، امریکہ سازش کر رہا ہے اور یہ اقوام متحدہ کو درخواست دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیاست چمکانے کے لئے بیرون ملک خط لکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی دوسروں پر فتوے باندھنے والی جماعت ہے، پی ٹی آئی لیڈر کس منہ سے اقوام متحدہ کو عرضیاں لکھ رہی ہیں؟۔

جدہ ایئر پورٹ سے پروازوں کی روانگی بدستور تاخیر کا شکار، مسافروں کا احتجاج

جدہ ایئر پورٹ سے پروازوں کی روانگی بدستور تاخیر کا شکار ہے، پی آئی اے کی 2 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مسافروں نے احتجاج کیا جبکہ وزیر ہوابازی سعد رفیق نے واپسی آپریشن نارمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدہ ایئرپورٹ سے پروازوں کی روانگی تاحال تاخیر کا شکار رہی، کئی کئی گھنٹوں سے پھنسے مسافروں نے احتجاج کیا اور ایئرپورٹ پر ہلڑ بازی ہوئی جبکہ سعودی ایوی ایشن حکام صورتحال بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق رش کی وجہ سے پی آئی اے کی 2 پروازیں 5، 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں، پشاور اور لاہور کیلئے پروازیں پاکستان پہنچیں گی۔
جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے اور پاکستانی سفارتخانے کا عملہ متحرک ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی سعد رفیق تمام آپریشن کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سعد رفیق نے مسافروں کی واپسی کا آپریشن نارمل ہونے کا دعویٰ کیا کہ 16گھنٹے کی انتھک کوششوں کے بعد آپریشن نارمل ہوچکا، پی آئی اے، سفارتخانے کے عملے کا شکریہ۔

امریکی ساحل پر پراسرار گڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری

اگرچہ سائنسداں ساحلوں پر جان دار، پتھروں اور آلودگی وغیرہ کو دیکھتے ہیں تاہم اب ٹیکساس کے ساحلوں پر عجیب وغریب گڑیوں کی آمد سے لوگ حیران و پریشان ہیں۔
اب تک ٹیکساس بھر کے ساحلوں سے درجنوں پراسرار گڑیائیں مل چکی ہیں۔ یہ سب بہت پرانی ہیں کیونکہ کچھ کے اوپر سمندری جانور بارنیکل اگ آئے ہیں۔ بعض پر سمندری گھاس اور کائی کے نشانات ہیں۔ اکثر گڑیا دیکھنے میں خوفناک لگتی ہیں جبکہ کئی ایک کے ہاتھ پیر بھی غائب ہیں۔
مشن آرینسس ریزرو کے سائنسدانوں نے اس معمے پر غور شروع کردیا ہے کیونکہ ساحلوں پر بہہ کر آنے والے گڑیوں کی تعداد بڑھتی جاری ہے۔ کچھ گڑیوں کی آنکھیں بھی غائب ہیں۔ تاہن جامعہ ٹیکساس میں واقع سمندری تحقیقی ادارے نے بھی اسے ایک عجیب واقعہ قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا کا رواں سال کا 14 واں میزائل تجربہ

شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جسے رواں سال کا 14واں میزائل تجربہ قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا نے حال ہی میں مشرقی ساحل کی جانب ایک میزائل فائر کیا ہے اور یہ تجربہ شمالی کوریا کے حالیہ جوہری پروگرام سے متعلق بیان کے ایک ہفتے بعد کیا گیا ہے۔
اس بیان میں شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو جوہری صلاحیت کے حصول کو ممکن بنائے گا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے دعویٰ کیا ہےکہ شمالی کوریا نے تقریباً دوپہر بارہ بجے کے قریب پیانگ یانگ کے علاقے سے ایک میزائل فائر کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہناہےکہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کا یہ میزائل تجربہ رواں سال ہتھیاروں کا 14واں تجربہ ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے 2017 کے بعد پہلے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جسے امریکا اور دیگر پڑوسی ممالک پر شمالی کوریا کی جانب سے دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی قرار دیا گیا تھا

کراچی میں ہیٹ ویو کا امکان نہیں: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے وسط تک کراچی میں کسی ہیٹ ویو کا امکان نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہےکہ کراچی میں 9 مئی تک موسم گرم و مرطوب رہےگا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے جب کہ مئی کے وسط تک کراچی میں ہیٹ ویوکا امکان نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بالائی سندھ میں 7 مئی سےگرمی کی شدت میں اضافےکاامکان ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہنےکا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں سائیکلون بننے کا امکان ہے ،7یا 8 مئی کو خلیج بنگال میں کم دباؤ والی صورتحال کا امکان ہے، لو پریشر ایریا سائیکلون بننے کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ سائیکلون کا رخ اور اس کے اثرات بنگلادیش اور میانمارپر رہیں گے البتہ پاکستان کے ساحلی علاقوں کو سائیکلون سے کوئی خطرہ نہیں۔