نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں مارچ کے آخر سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں اب تک درجہ حرارت 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ودربھ علاقے میں سب سے زیادہ 15 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ مراٹھواڑہ میں 6 اور شمالی مہاراشٹر میں 4 اموات ہوئیں۔ ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے کل 381 کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 6 افراد کی ہیٹ اسٹروک سے مرنے کی تصدیق ہوئی جبکہ بقیہ 19 افراد کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وسطی ہندوستان میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت ریاست مدھیہ پردیش، راجستھان، مہاراشٹرا اور دہلی سمیت مختلف ریاستوں میں اس سال درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 122 سالوں میں مارچ کے مہینے کے دوران اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
