All posts by Muhammad Saqib

مہنگائی بڑا مسئلہ ،اپوزیشن جماعتیں بیوقوف نہیں جو ان حالات میں حکومت گرائیں۔ رپورٹ: ستار خان

اپوزیشن کا ارادہ ہے کہ حکومتی جماعت تحریک انصاف کی حکومت کو کمزور کر دیا جائے اور پھر ختم کر دیا جائے۔ اب یہ بات کوئی ڈھکی چھپی بات نہی رہی کہ تحریک انصاف کا حکومتی جماعت ہوتے ہوئے اگلے انتخابات میں ووٹروں کا سامنا کرنا باقی تمام جماعتوں کی نسبت سب سے مشکل کام ہوگا کیونکہ ووٹرز صرف اور صرف حکومتی جماعت سے ہی سوال کرتی ہے کہ آپ کی جماعت ہمارے مسائل حل کرنے میں ناکام کیوں رہی۔ آپ کی جماعت نے تو ہم سے بہت سے وعدے ایسے کئے تھے جس کو آپ کی جماعت پورا نہ کر سکی جبکہ اپوزیشن کی جماعتوں کو اس طرح کے سوالات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ وہ تو اپوزیشن میں تھیں۔ تو یہ بات بالکل عجیب سی لگتی ہے کہ اپوزیشن کی جماعتیں حکومتی جماعت تحریک انصاف کو اس مشکل سے نکال دیں گی کیونکہ انتخابات کے موقع پر تو ووٹرز صرف اور صرف اس جماعت سے زیادہ سوالات کرتی ہے جو حکومت میں رہی ہو۔ جس کی اپنی حکومت ہو۔ اپوزیشن میں جتنی بھی قابل ذکر جماعتیں ہیں ان سب کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ اگلے انتخابات میں تحریک انصاف ہی سب سے زیادہ مشکل میں ہوگی اور تحریک انصاف کے لئے اگلے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوگا کیونکہ لوگ مہنگائی کی وجہ سے اور دیگر مسائل کی وجہ سے پسے ہوئے ہیں بلکہ آنے والے وقت میں مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے اپوزیشن جماعتیں خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پی پی پی یہ بالکل نہیں چاہیں گی کہ تحریک انصاف کو سب سے مشکل مرحلے سے نکال دیا جائے۔ اپوزیشن کی جماعتوں کو بخوبی اس بات کا اندازہ ہوگا کہ ہمسایہ ملک انڈیا میں سترہ وزیراعظم میں سے سات وزراءاعظم اپنی جماعت کی حکومت کی آئینی مدت پوری نہیں کر سکے تھے۔ یہ سات وزیراعظم پارلیمینٹ یعنی کہ لوک سبھا کا اعتماد کھو بیٹھی تھیں اور انہیں استعفے پڑے۔ کسی نے کچھ مہینے حکومت کی اور کسی نے زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ دو سال حکومت کی۔ استعفیٰ کے بعد ان سات وزراءاعظم نے درمیانی مدت کے انتخابات کا اعلان کیا تو یہ تمام کے تمام وزراءاعظم اپنی جماعتوں کو کامیاب کروانے میں بری طرح ناکام رہے۔ ان سات وزراءاعظم میں مرار جی ڈیسائی، چرن سنگھ، وی پی سنگھ، چندرا شیکھر، دیو گاودا اور اندر کمار گجرال شامل ہیں۔ حتیٰ کہ انڈیا کے کامیاب وزیراعظم اٹل بہاری باجپائی اپنی پہلی حکومت میں صرف کچھ ہی مہینے وزیراعظم رہ سکے تھے۔ اٹل بہاری باجپائی اپنی دوسری حکومت میں آئینی مدت تو پوری کر سکے لیکن انتخابات نہ جیت سکے تھے۔ یہ تمام کے تمام واقعات اس بات کی مکمل تائید کرتے ہیں کہ حکومتی جماعت کے لئے انتخابات بہت ہی مشکل مرحلہ ہوتے ہیں۔ ان جماعتوں کی نسبت جو اپوزیشن میں ہوتی ہیں۔ ملک کی صورتحال جس خوفناک موڑ پر ہے، وہاں تحریک انصاف کو حکومت سے دور کرنا تحریک انصاف کی ڈگمگاتی کشتی کو سہارا دینے والی بات ہوگی۔

علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات شروع، منزل حاصل کرینگے: حافظ سعد رضوی

لاہور(وقائع نگار)علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغازہوگیا ہے،تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے جمعہ کے اجتماع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب باتوں سے زیادہ کام ہوگا، ہم صرف کام کریں گے اور حسب ضرورت جو باتیں ہوئیں وہ بھی کریں گے،کارکنوں نے میری اسیری کے دوران ظلم و زیادتی برداشت کی لیکن ثابت قدم رہے، کارکنان نے جان و مال، اولاد اور گھر کی قربانی دے کر ظلم برداشت کیا لیکن کمزور نہ پڑے، ساری قربانیاں آپ نے دیں میں تو قید میںتھا، آپ نے اپنی منزل نظر کی جانب رکھی اور ہماری منزل کیا ہے یہ بابا جی (خادم حسین رضوی ؒ)ہمیں اتنے طریقے سے بتاکر گئے ہیں کہ یہ سارے مل کر بھی آپ کو منزل سے نہیں ہٹاسکے۔ جمعہ کی نماز کے بعد سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی اور مجلس شوریٰ کے اراکین نے مزار پر چادر پوشی کی،اس موقعہ پر مجلس شوریٰ کے رکن علامہ محمد شفیق امینی، پیر سید ظہیر الحسن شاہ، قاضی محمود اعوان، علامہ غلام عباس فیضی، مولانا فاروق الحسن قادری، علامہ غلام غوث بغدادی، پیر سید عنایت الحق شاہ بھی موجودتھے، خصوصی د±عا رکن شوریٰ و سرپرست اعلیٰ ٹی ایل پی قاضی محمود اعوان نے کی، کارکنان کی بڑی تعداد مرکز جامع مسجد رحمة اللعالمین کے اندر اور باہر موجود تھی۔علامہ سعد حسین رضوی کا استقبال کارکنوںنے لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے کیا، سربراہ تحریک کو کارکنوں کی بڑی تعداد نے گھیر لیا اور بغلگیر ہوئے سربراہ تحریک کارکنوں سے ملتے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے کارکنان کی عرس مبارک میں شرکت بابا جی سے انکی والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ سربراہ تحریک سعد حسین رضوی نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کیانمازیوں کی بہت بڑی تعداد کے باعث ملتان روڈ اور اطراف کی گلیوں میں بھی نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات جاری‘ یاتریوں کی شرکت، رسومات ادا کیں

ننکانہ صاحب (تحصیل رپورٹر) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن کی تقریبات جاری ، بھارت, انگلینڈ،کینڈا بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ سچا سودا میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے زریعے شیخوپورہ کے گوردوارہ سچا سودا لایا گیا۔ جہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔گوردوارہ سچا سودا شیخوپورہ میں سکھ یاتری پاکستانی حکومت کے جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر خوشی سے نہال نظر آئے۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کا ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے استقبال کیا اور سکھ برادری کو ان کے مذہبی پیشوا کے جنم دن پر مبارکباد دی۔ ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر گوردوارہ میں میڈیکل کیمپ اور لنگر کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ سکھ یاتریوں کو وی آی پی مہمانوں کا درجہ دیا گیا ہے اور ان کے لئے سیکیورٹی کے بھی بہترین اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے سکھوں کے لئے محبت اور احترام رکھتا ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لئے اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے مکمل آزادی ہے، کرتار پور راہداری منصوبے کا مقصد محبت اور مساوات کو فروغ دینا اور مذہبی امتیازات کے خاتمے کا پیغام دینا تھا، ہم نے ہمیشہ تمام مذاہب کے لئے فراغ دلی کا مظاہرہ کیا ہے، ہمارے پڑوس میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، ایک سال سے سکھ برادری اپنے جائز مطالبات کی بات کررہی ہے ،مودی سرکار طاقت سے دبانے کی کوشش کررہی ہے۔

پاکستان میں ٹک ٹاک کو ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا گیا

پاکستان میں پانچ ماہ تک بین رہنے کے بعد ٹک ٹاک کو ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا گیا۔
پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک ایک دفعہ پھر بحال کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں سوشل میڈیا کی مشہور ایپ کو بحال کر دیا ہے، ٹک ٹاک کی جانب سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے یقین دہانی کے بعد ایپلیکشن کو بحال کیا گیا۔ پی ٹی اے ٹک ٹاک پر غیر قانونی مواد کی مانیٹرنگ جاری رکھے گا۔
ٹک ٹاک نے پی ٹی اے کو یقین دہانی کروائی کہ سوشل میڈیا کی مشہور ایپ پر مسلسل غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو بلاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 21 جولائی کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے معروف شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو ایک بار پھر بلاک کردیا۔
پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کی روشنی میں اتھارٹی نے ملک میں ٹِک ٹاک ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کردیا ہے۔ یہ کارروائی پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی مستقل موجودگی اور پلیٹ فارم کے ایسے مواد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی ہے

کسی حکومت نے کم آمدنی والوں کی مدد کی نہ بینکوں کو قرضوں پر آمادہ کیا: وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی حکومت نے کم آمدن والوں کی مدد نہیں کی، کوشش کی پہلے انفراسٹرکچر کو ٹھیک کریں، ہم نے دو سال لگائے اور بینکوں کو قرض دینے پر آمادہ کیا، تعمیراتی شعبے پر 90 فیصد ٹیکس چھوٹ دی ، غریب لوگوں کیلئے اپنا گھر بنانا بہت مشکل ہے، کوشش ہے جتنا کرایہ ہو اتنی ہی قسط بنے، تعمیراتی شعبے کو سبسڈی دی، بینکوں نے پہلی بار گھر بنانے کیلئے قرض دینا شروع کیا ہے، ہم نے 2 سال لگائے اور بینکوں کو قرض دینے پر آمادہ کیا، متوسط اور غریب طبقہ کے لوگ گھر بناسکیں گے، 5 مرلے کا گھر بنانے کیلئے حکومت 5 فیصد سبسڈی دے گی، 10 مرلے کا گھر بنانے کیلئے حکومت 7 فیصد سبسڈی دے گی، پہلے ایک لاکھ گھروں کیلئے حکومت 3 لاکھ روپے سبسڈی دے رہی ہے، بینکوں کے پاس 226 ارب روپے قرض کیلئے درخواستیں آئی ہوئی ہیں، اس وقت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔ جمعہ کو فراش ٹاﺅن میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت بننے والے سستے گھروں سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غریب تنخواہ دار طبقے کے لئے گھر بنانا بہت مشکل ہے ہم نے انفراسٹرکچر بنایا یہاں کوئی بنک ہاﺅسنگ فنانس کے لئے قرض نہیں دیتا تھا جبکہ ہندوستان میں دس فیصد گھر مورگیج پر بنتے ہیں‘ ملائشیا میں تیس فیصد اور مغربی ممالک میں یہ شرح سات فیصد سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں صرف 0.2فیصد لوگ بنکوں سے قرض لے کر گھر بناتے ہیں۔ ہاﺅسنگ لون کے لئے ہم نے طویل کوششیں کیں دو سال لگے ہم نے سپریم کورٹ سے قانون پاس کروایا۔ پہلی دفعہ بنکوں نے قرض دینا شروع کیا ہم نے اس پر سبسڈی دی پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اس میں شامل کیا ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ان کے لئے مزید آسانیاں پیدا کیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مرلے والے گھروں کے لئے پہلے پانچ سال پانچ فیصد انٹرسٹ پر حکومت سبسڈی دے گی۔ سب سے غریب طبقے کے لئے صرف دو فیصد سروس چارجز پر حکومت نے گھر بنانے کیلئے سبسڈی دی۔ دس مرلے کا گھر بنانے والوں کے لئے پہلے پانچ سال سات فیصد پر حکومت سبسڈی دے گی۔ 33ارب روپیہ حکومت نے سبسڈی کے لئے رکھا۔

ہائیکورٹ کا سموگ کے باعث ون وے خلاف ورزی پر ٹریفک چالان2000کرنیکا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے باعث ون وے کی خلاف ورزی پر ٹریفک چالان کی رقم دو ہزارروپے
کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ عدالت نے سموگ کو ڈینگی اور کوروناوائرس سے بھی بڑا خطرہ قراردیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے جمعہ کے روز سموگ کے حوالہ سے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سٹی ٹریفک پولیس آفیسر سمیت دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔متعلقہ حکام کی جانب سے سموگ کے حوالہ سے عدالت میں رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ جسٹس شاہ کریم کا کہنا تھا کہ وزیر ماحولیات مانتے ہیں کہ لاہور میں سموگ بہت زیادہ ہے۔ جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ سموگ کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر ٹریفک چالان دوہزارروپے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک چالان دوہزارروپے کرنے کے حوالہ سے عدالت اپنا باقاعدہ حکم بھی جاری کرے گی۔

مسلسل مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار،1.07 فیصد کا مزید اضافہ

ملک میں مسلسل مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار ہے جس کے مطابق مہنگائی میں 1.07 فیصد مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ملک میں مسلسل مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے سے مہنگائی میں 1.07 فیصد مزیر اضافہ ہوگیا ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.34 فیصد تک پہنچ گئی،ایک ہفتے میں 27 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،زندہ مرغی اوسط 20 روپے 66 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں اوسط 9 روپے 5 پیسے اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ 2 روپے 59 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ،دال ماش 2 روپے 43 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ،انڈے فی درجن 2 روپے 77 پیسے مہنگے ہوئے جبکہ حالیہ ہفتے چائے کا فی کپ 39 پیسے مہنگا ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے دودھ،دہی،بیف اور مٹن بھی مہنگے ہوئے ،ایک ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،چینی اوسط 4 روپے 24 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ ٹماٹر 8 روپے 5 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔
ایک ہفتے میں آٹا،ایل پی جی، دال مسور اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ گزشتہ ہفتے 14 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں ہوا۔

ملک میں ڈالر مہنگا ہونے کا سلسلہ جاری، روپیہ کمزور ہو گیا

ملک میں پاکستانی روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

آج بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انٹربینک میں ڈالرکا بھاؤ 57 پیسے بڑھ کر 175 روپے 24 پیسے رہا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ بھر کر 177 روپے ہوگیا ہے۔

برطانیہ کا F35 لڑاکا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ برطانوی طیارہ بردار بحری جہاز کا ایک F35 جیٹ بحیرہ روم میں نامعلوم مقام پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ جبکہ پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔

واقعے کی تحقیقات  شروع کر دی گئی۔ وزارت نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔

F35s، جس کی مالیت تقریباً £100 ملین ہے، £3 بلین  HMS ملکہ الزبتھ بحری جہازپر لوڈڈ تھے۔ اس بحری جہاز کے جیٹ طیاروں نے اس سے قبل عراق اور شام میں اسلامک اسٹیٹ گروپ کے خلاف حملوں میں حصہ لیا تھا۔

طیارہ بردار بحری جہاز گزشتہ چھ مہینوں میں اپنی پہلی آپریشنل تعیناتی پر ہے، جس نے بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور سمیت 40 ممالک کے دورے کیے ہیں۔

عدنان صدیقی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی ملنے پر خوشی کا اظہار کر دیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی ملنے پر خوش ہیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ ہم چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کر رہے ہیں۔

انہوں نےا پنے ٹوئٹ لکھا کہ دنیا کو ہماری مہمان نوازی کا تجربہ کرنے اور ہماری کرکٹ کی صلاحیتوں کو ہوم گراونڈ پر آزمانے کا موقع ملےگا۔

پاکستان نے گزشتہ چند سالوں کے دوران پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ٹیموں سے ہوم سیریز کھیل کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان اب بین الاقوامی کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے ہی میدانوں پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹائٹل کا دفاع کرے گا جو اس نے 2017 میں اوول کے میدان میں بھارت کو 180 رنز کی عبرتناک شکست دے کر جیتا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔