کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈکی چھ گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔
لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آتشزدگی سے ساتھ والی فیکٹری کےگودام کو بھی نقصان پہنچا۔
All posts by Khabrain News
کورونا کی پانچویں لہر دم توڑ گئی، کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، 141 افراد متاثر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر دم توڑ گئی، چوبیس گھنٹے کے دوران کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی تاہم مزید ایک سو اکتالیس مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق ملک بھرمیں کورونامریضوں کی تعداد 15 لاکھ 26 ہزار 234 ہوگئی ہے جن میں سے ایکٹوکیسزکی تعداد 9223 ہے۔ ملک بھرمیں کوروناسےجاں بحق افرادکی تعداد 30 ہزار 361 ہوگئی ہے جبکہ کوروناسےمتاثر 280 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹےمیں کوروناکے 116 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفا پانے والے افرادکی مجموعی تعداد 14 لاکھ 86 ہزار 650 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز 27 ہزار 3 کوروناٹیسٹ کیےگئے، ملک بھرمیں مجموعی طور پر 2 کروڑ 76 لاکھ 89 ہزار 870 کوروناٹیسٹ کیےجاچکے ہیں۔
فرح خان نے خود پر لگے تمام الزامات کی تردید کر دی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے خود پر لگے تمام الزامات کی تردید کر دی۔
فرح خان نے کہا کہ سیاست سے تعلق ہے نہ ہی کبھی سرکاری معاملات میں مداخلت کی، میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں میرے شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں، جن لوگوں کومیرے ساتھ منسوب کیا گیا وہ بھی اس کی تردید کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہ کہا کہ میری فیملی ان الزامات کو سن کر سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے، خدارا مجھے اور میرے خاندان کو سنی سنائی باتوں پر بدنام نہ کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا
کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا، ایف آئی اے حکام نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کوئی تو جوابدہ ہے، لوگوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ عدالت کے سامنے ایس او پیز رکھے اور ان کو ہی پامال بھی کیا گیا، ایف آئی اے نے ایس او پیز کی پامالی کی اور وہ سیکشن لگائے جو لگتے ہی نہیں، ایف آئی اے بتا دے کہ کیسے اس سب سے بچا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ قانون بنا ہوا ہے اس پر عملدرآمد کرنے کیلئے پریشر آتا ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ نے کسی عام آدمی کیلئے ایکشن لیا، لاہور میں ایف آئی آر درج ہوئی اور اسلام آباد میں چھاپہ مارا گیا۔
ایف آئی اے ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہم ایف آئی آر سے قبل بھی گرفتاری ڈال دیتے ہیں، پھر اس سے برآمدگی پر ایف آئی آر درج کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے پھر استفسار کیا کہ آپ کیسے گرفتار کر سکتے ہیں، کس قانون کے مطابق گرفتاری ڈال سکتے ہیں، آپ اپنے عمل پر پشیماں تک نہیں اور دلائل دے رہے ہیں، کسی کا تو احتساب ہونا ہے، کون ذمہ دار ہے آج آرڈر کرنا ہے، جرنلسٹ کی نگرانی کی جارہی ہے، یہ ایف آئی اے کا کام ہے کیا؟
ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کوآگاہ کیا گیاکہ بلال غوری کے علاوہ باقی سب کی انکوائری مکمل ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے وی لاگ کیا تھا اور کتاب کا حوالہ دیا تھا،کارروائی کیسے بنتی ہے، ملک میں کتنی دفعہ مارشل لا لگا ہے ،یہ تاریخ ہے لوگ باتیں کریں گے، چیف جسٹس عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
وزیراعظم آج پریس کانفرنس کر کے استعفی دیں گے، لطیف کھوسہ کا دعوی
کراچی: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب اور وکیل رہنما سینیٹر لطیف کھوسہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان آج پریس کانفرنس کرکےاستعفی دے دیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کی بالادستی پر مہروثبت ہے۔
کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے صدر پاکستان اور سپیکرکی رولنگ کو غیر آئینی قراردیا سپریم کورٹ نے آئین اور قانون کی بالادستی قائم کی ہے، آصف زرداری کی سیاسی بصیرت کو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ عمران خان نے جو کوشش کی تھی وہ ناکام ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا کہ پنجاب اسمبلی کو تالے لگائے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن نے ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی، آئینی درخواست حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست میں سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ یکم اپریل سے چیف منسٹر پنجاب کا عہدہ خالی ہے ، پنجاب اسمبلی کا سیشن کال کر کے فوری چیف منسٹر کے انتخابات کرائے جائیں اور اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کا اقدام بھی غیر قانونی ڈکلئیر کیا جائے۔
گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھی جمع کروائی تھی، سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سمیع اللہ، طاہر خلیل سندھو، پیر اشرف رسول، خواجہ سلمان رفیق، مرزا جاوید اور میاں عبدالرؤف اسمبلی پہنچے، اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری چودھری عامر حبیب کو جمع کروائی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی مصروفیات جاری ہیں،ذرائع کے مطابق وزیراعظم سپریم کورٹ فیصلے کے بعد حکومتی حکمت عملی پر کابینہ اجلاس میں شرکا کو اعتماد میں لیں گے، کابینہ اجلاس کے بعد پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہو گا جس کے دوران تحریک انصاف کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہو گی اور سپریم کورٹ کے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج دوپہر طلب کیا گیا ہے، اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیر اعظم اراکین کو آئندہ کے فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم آج شام قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
آج ملک بھر میں موسم خشک رہے گا، سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک بھر میں موسم خشک رہے گا، سندھ کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آ ج سندھ میں نوابشاہ، مٹھی، دادو اور موہنجوداڑو میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی ہے۔ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ، ملتان اور دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم رہے گا۔ خیبرپختونخوا میں چترال، دیراور سوات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سوئٹزرلینڈ نے 8 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد کردیے
برن: (ویب ڈیسک) یورپی ملک سوئٹزرلینڈ نے پابندی کے تناظر میں اب تک تقریباً 8 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد کردیے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین پر روس کی چڑھائی کے بعد یورپ اور امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کی گئیں اسی ضمن میں سوئٹزرلینڈ اب تک روس کے 8 ارب ڈالر کے اثاثے منجمد کرچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سوئٹزرلینڈ میں مجموعی منجمد شدہ روسی اثاثوں میں بینک اکاؤنٹس اور مختلف ریاستوں میں روس کی جائیدادیں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سوئٹزرلینڈ نے 28 فروری کو یورپی یونین کی روس پر پابندیوں کی پالیسی کو اپنایا اور اپنے ملک میں موجود روسی اثاثوں کو مراحلہ وار منجمد کرنا شروع کیے۔
دو ہفتے قبل سوئس حکام نے رپورٹ پیش کی تھی کہ انہوں نے تقریباً 5.75 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد کردیے ہیں اور اب اثاثوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
یوکرینی صدر ولودی میرزیلنسکی نے گزشتہ ماہ روز دیا تھا کہ سوئٹزرلینڈ، ماسکو کی اشرافیہ کے اثاثوں کا مرکز ہے جہاں روس کی جائیدادیں ہیں جنہیں جلد سے جلد نشاندہی کرکے منجمد کی جائیں۔ بدھ کے روز سوئس اور یوکرنی حکام کی ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں روس پر پابندیوں کے نتاظر میں تبادلہ خیال ہوا تھا تاہم تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ہمیشہ پاکستان کی خاطر آخری بال تک لڑوں گا، وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔
اب اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’کل شام قوم سے خطاب کروں گا، قوم کیلئے میرا پیغام ہے کہ ہمیشہ پاکستان کی خاطر آخری بال تک لڑوں گا۔‘
عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اور کابینہ کا اجلاس بھی کل طلب کرلیا ہے۔