All posts by Khabrain News

علامتی اجلاس میں 199 ارکان کی حمزہ کی حمایت پر مونس الٰہی کا طنز

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں 199 ارکان نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد پاس ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزارت اعلیٰ پنجاب کے نامزد امیدوار پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مونس الٰہی کا کہنا تھاکہ فلیٹیز ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننے پر حمزہ شہباز کو مبارک ہو۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کی۔
مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
آج حکومت نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی اور ساتھ ہی پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے۔

بغاوت میں 30 سیکنڈ لگے تو اس کے تدارک میں بھی 30 سیکنڈ لگنے چاہییں، بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب بغاوت میں 30 سیکنڈ لگے تو اس کے تدارک میں بھی 30 سیکنڈ لگنے چاہییں۔
بلاول بھٹو نے ٹوئئر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ انصاف میں تاخیر انصاف فراہم نہ کرنے کے مترادف ہے،گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں آئین شکنی کے بعد آج پنجاب کے ڈپٹی اسپیکر کو وزیراعلیٰ کے لیے ووٹنگ کے دن اسمبلی سے باہر نکال کر تالے اور اطراف خاردار آہنی تاریں لگادی گئیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آخری مایوس کن اقدامات اب انہیں بچا نہیں سکتے ، ان کی حکومت جاچکی، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ پنجاب میں آئینی بحران ہوگیا ہے اور اسمبلی اجلاس کے حوالے سے صورتحال گومگوں کا شکار ہے تاہم اپوزیشن نے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا، دوست مزاری

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے، اس میں شرکت نہیں کروں گا۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا کہ جب سرکاری طور پر اجلاس بلایا جائے گا تو اس کی صدارت کروں گا۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بلائے گئے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ اجلاس نجی ہوٹل میں بلایا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کچھ دیر قبل کہا تھا کہ اختیارات کے تحت پنجاب اسمبلی کا اجلاس کہیں بھی بلا سکتا ہوں، اختیارات آئین کے مطابق استعمال کیے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جا چکی ہے۔

ملک کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف دھکیلا جا رہا، نبیل گبول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ ملک کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو سلیکٹڈ سے منتخب بنانے کیلئے سب کچھ کیا جارہا ہے، ہماری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، اگر کل فیصلہ نہ ہوا تو بہت مشکلات نظر آرہی ہیں۔
نبیل گبول نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں نے معاملات حل نہ کیے تو آپریشن فاکس ہوسکتا ہے۔ یہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے اداروں کو استعمال کررہے ہیں،ملک میں اس وقت کوئی وزیراعظم نہیں ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا علامتی اجلاس: حمزہ شہباز وزیراعلیٰ منتخب

لاہور: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کی جانب پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔
متحدہ اپوزیشن نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس سجایا۔ اپوزیشن کے مطابق حمزہ شہباز کو ایک سو ننانوے ووٹ پڑے ہیں۔
دوسری جانب نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نوازحمزہ شہباز کے انتخاب پر خوشی سے آبدیدہ ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، آج پنجاب اسمبلی کااجلاس علامتی نہیں آئینی اور قانونی ہے۔

دبئی میں فلپائنی خاتون کی سوٹ کیس میں بند لاش برآمد، ملزم گرفتار

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے علاقے دیرا میں قائم پام آئی لینڈ پل کے نیچے ایک سوٹ کیس میں بند لاش ملی، جس کی شناخت 32 سالہ فلپائنی خاتون اینالیزا آر ایل نام سے ہوئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی پولیس کے سی آئی ڈی افسران نے قتل کے بنیادی ملزم کو ہور الانز کے ایک اپارٹمنٹ سے گرفتار کیا، پولیس نے ملزم کی شناخت کو مخفی رکھا اور نام ایم این اے بتایا ہے جبکہ ملزم قتل کا اعتراف بھی کرچکا ہے۔
غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ملزم کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پولیس کی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کے پاس وزٹ ویزا تھا اور وہ ایک ایسے شخص کے ساتھ فلیٹ میں رہتی تھیں جس کے بارے میں گمان ہے کہ وہ اُن کا بوائے فرینڈ ہے۔
ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اپنے وزٹ ویزا کی تجدید کیلئے مزید پیسوں کا مطالبہ کررہی تھیں جس پر اس نے انکار کردیا تھا۔ اینالیزا نے اس سے قبل بھی اپنے وزٹ ویزا کی تجدید کے لیے 600 درہم ادھار لیے تھے۔ تاہم پیسوں کے انکار پر بحث نے طول پکڑ لیا اور ملزم نے کپڑے کے ٹکڑے سے خاتون کا گلا گھونٹ دیا۔
ملزم نے لاش کو ایک سوٹ کیس میں بند کر کے اسے پام آئی لینڈ کے پُل کے نیچے پھینک دیا۔

تیونس نے اندرونی معاملات میں طیب اردگان کی مداخلت کو ناقابل قبول قرار دیدیا

تیونس سٹی: (ویب ڈیسک) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صدر کی جانب سے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے پر ترک صدر طیب اردگان کا مذمتی بیان اندرونی معاملات میں دخل اندازی ہے جو ناقابل قبول ہے۔
عالمی میڈیا کے ماطابق اردگان نے تیونسی صدر قیس سعید کے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے حکم نامے کو جمہوریت مخالف عمل کہا تھا اور اسے تیونس کے عوام کی خودمختاری پر ’کاری ضرب‘ قرار دیا تھا۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ترک صدر کا یہ تبصرہ ملکی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت ہے۔
وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تیونس اپنے دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کا حامی ہے لیکن ملک سے متعلق اپنے فیصلے کی آزادی پر قائم ہے اور اپنی خودمختاری میں کسی دوسرے ملک کی مداخلت کو مسترد کرتا ہے۔
تیونس کے وزیر خارجہ عثمان جیراندی نے ٹویٹر پر کہا کہ انہوں نے اپنے ترک ہم منصب سے بھی ٹیلی فون پر بات کی ترک سفیر کو طلب کر کے اپنے اردگان کے تبصروں کی مذمت کی۔

اقوام متحدہ روس کیخلاف فوری کارروائی کرے یا تحلیل ہوجائے، یوکرینی صدر

جنیوا: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جذباتی خطاب میں کہا کہ اگر روس کے خلاف فوری کارروائی نہیں کرسکتے تو ادارہ ہی تحلیل کردینا چاہیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ویڈیو لنک پر پُرجوش خطاب کیا۔ سلامتی کونسل کے 15 ارکان ہیں جب کہ روس 5 مستقل ارکان میں شامل ہے۔
یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قصبے بُوچہ میں روسی افواج کے قتل عام اور اجتماعی قبر سے 450 لاشوں کی برآمدگی کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر زیلنسکی آبدیدہ ہوگئے۔ اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ روس کے خلاف فوری کارروائی کرے یا پھر ادارہ ہی تحلیل ہوجانا چاہیئے۔
اس موقع پر صدر زیلنسکی نے بوچہ میں قتل عام کی فوٹیجز بھی دکھائیں۔ لاشیں گلیوں اور سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں اور ایک اجتماعی قبر سے 450 لاشیں برآمد ہونے کے شواہد بھی دکھائے۔
یوکرینی صدر نے مزید بتایا کہ بچوں کے سامنے ماؤں کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور محفوظ مقام پرجانے والے شہریوں کی گاڑیوں کو ٹینک سے کچل دیا گیا، گھروں پر گرنیڈ پھینکے گئے اور شہریوں کا قتل عام کیا گیا۔
صدر زیلنسکی نے روس کی سلامتی کونسل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاہم سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں اور اسی حیثیت سے روس قراردادیں اور عالمی سطح پر مذاکرات روکنے کا حق بھی رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے قصبے بُوچہ سے روسی فوج کا قبضہ واگزار کرانے کے بعد یوکرینی فوج کو وہاں قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد ملے تھے۔

نائیجیریا میں فیس بک پر توہین اسلام کرنے والے کو 24 سال قید

ابوجہ: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کی عدالت نے توہین مذہب کے الزام ایک شخص کو 24 قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں ہیومنسٹ ایسوسی ایشن نامی تنظیم کے سربراہ مبارک بالا کو سوشل میڈیا پر اسلام مخالف اور توہین آمیز پوسٹیں کرنے کے الزام میں مقامی عدالت نے 24 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
مبارک بالا کو توہین آمیز پوسٹیں کرنے پر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اُس نے دوران تفتیش اپنے خلاف 18 الزامات کا اعتراف بھی کیا تھا۔ شواہد اور اعترافی بیان کی روشنی میں عدالت نے 24 سال قید کی سزا سنائی۔
توہین اسلام کا مرتکب شخص پہلے مسلمان تھا تاہم بعد میں مذہب کو ترک کردیا تھا اور اپنی تنظیم بھی بنائی تھی۔ ہیومنسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مبارک بالا سے اعترافی بیان تشدد کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔
سزا کے خلاف نائیجیریا کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے احتجاج بھی کیا۔

خاتون رینجر نے 100برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے لی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کے نیشنل پارک میں ملازمت کرنے والی معمر ترین خاتون رینجر کو 100 برس کی عمر میں ریٹائر کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے نیشنل پارک کی عمر رسیدہ خاتون رینجر ریڈ سو سکن نے 100 برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ لی ہے۔ خاتون رینجر نے رچمنڈ شہر میں واقع روزی دی ریوٹر، ڈبلیو ڈبلیو آئی آئی فرنٹ نیشنل تاریخ پارک میں 15 سال خدمات سر انجام دیں۔
ریٹائرمنٹ کے موقع پر خاتون رینجر کا کہنا تھا کہ بطور رینجر اپنے فرائض انجام دینا بہت اہم اور زندگی کے یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔ اس عمر میں ملازمت کرنا اعزاز سے کم نہیں، 15 سالہ نوکری پر ہمیشہ فخر رہے گا۔