All posts by Khabrain News

حکومت عدم اعتماد پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ

لاہور: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ’ نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔
عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی ایشیاءکے لیے ایسویسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ممکنہ طور پر تشدد پر مبنی تصادم کے لیے اسٹیج تیار ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جمہوری عمل کو سبوتاژ نہ کریں ،حکومت اور اپوزیشن اپنے حامیوں سے کہیں کہ اشتعال یا کسی مجرمانہ اقدامات سے ووٹ کو مجروح نہ کریں۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے رہنما وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت ارکان قومی اسمبلی کو آج بھی دھمکیاں دے رہی ہے مگر ارکان اسمبلی کو اس طرح ووٹ دینے سے روکا نہیں جا سکتا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔

پیوٹن جنگی مجرم ہیں،امریکی صدر جوبائیڈن

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی صدر پیوٹن کو جنگی مجرم قرار دے دیا۔
یوکرین میں روس نے کیف کے ایک تھیٹر اور کھانا لینے کے لیے قطار میں کھڑے عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی صدر نے تھیٹر میں پناہ گزینوں کو نشانہ بنانے پر روسی صدر پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ روسی صدر جنگی مجرم ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا یہ ناقابل معافی ہے کہ کریملن امن مذاکرات کے دوران جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
یوکرین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روسی افواج نے ماریوپول کے تھیٹر پر ایک بڑا بم گرایا۔جس سے متعدد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ہیومن رائٹس واچ کے مطابق تھیٹر میں کم از کم 500 افراد موجود تھے۔
دوسری جا نب کیف میں امریکہ کے سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روسی فوجیوں نے کیف کے علاقے چرنیف میں کھانا حاصل کرنے کے لیے لائن میں کھڑے 10 افراد کو نشانہ بنایا۔
تاہم روس کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کی گئی ہے۔ روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ افواج نے عمارت پر حملہ نہیں کیا۔

ایفل ٹاور کی اونچائی میں مزید اضافہ

پیرس : (ویب ڈیسک) پیرس کی یادگار کے اوپر ایک نیا ڈیجیٹل ریڈیو اینٹینا لگانے کے بعد ایفل ٹاور کی اونچائی میں 6 میٹر مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ایفل ٹاور کی اونچائی اب ایک ہزار 82 فٹ ہو گئی ہے۔ ایفل ٹاور کو سال 1899 میں فرانسیسی انقلاب کے ایک سو سال مکمل ہونے کی خوشی میں تعمیر کیا گیا تھا۔
اس تعمیر کے بعد ایفل ٹاور واشنگٹن مونومنٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے اونچا انسان ساختہ ڈھانچہ بن گیا ہے۔ یاد رہے ایفل ٹاور دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔
ٹاور کی تعمیر میں لوہے اور اسٹیل کے 18 ہزار ٹکڑوں کا استعمال کیا گیا ہے، جو مجموعی طور پر 25 لاکھ کیلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں۔
بنیادوں میں 40فٹ تک پتھر اور لوہا بھرا گیا اور 12ہزار لوہے کے شہتیر کام میں لائے گئے۔ یہ مینار چار شہتیروں پر کھڑا ہے، جن میں سے ہر ایک 279مربع فٹ رقبہ گھیرے ہوئے ہے۔ اس میں استعمال ہونے والے لوہے اور اسٹیل کا مجموعی وزن 7,300ٹن ہے

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم

برج ٹاون: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہو گیا، مہمان انگلش ٹیم نے تین وکٹ پر دو سو چوالیس رنز بنا لیے۔
برج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پہلے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انگلش کپتان جو روٹ شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے ایک سو انیس رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ ڈین لورنس اکانوے اور ایلکس لیس تیس رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

جاپان زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا، شدت 7.3 ریکارڈ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سمیت متعدد شہروں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سطح زمین سے 60 کلومیٹر گہرائی پر تھا۔
زلزلے کے مرکز کی نشاندہی فوکوشیما شہر کے قریب ہوئی جہاں دو ہزار گیارہ کے زلزلے میں ایٹمی ریکٹر سونامی کی زد میں آکر تباہ ہوگیا تھا۔

کوئٹہ میں دہشت گردی کا خطرہ، تعلیمی ادارے 2 دن کے لئے بند، امتحانات ملتوی

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 2 دن کے بند کرکے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے، سول سکرٹریٹ کی اور دیگر دفاتر کے حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے، ینگ ڈاکٹرزنے احتجاج موخر کردیا۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے آج 17 اور کل 18 مارچ کو دو دن کے لئے بند کردیئے گئے ہیں، بورڈ انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے بھی میٹرک کے2 پیپرز ملتوی کردیئے ہیں، سول سیکرٹریٹ سمیت دیگر محکموں میں بھی حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں اور وہاں آنے جانے والے افراد کی سختی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں آج نکالی جانے والی احتجاجی ریلی بھی ملتوی کر دی، تمام ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو ایمرجنسی وارڈز اور ٹراما سینٹر میں حاضری یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ کوئٹہ ، سبی ، مچھ اور چمن کے ریلوے سٹیشنز پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، مسافر ٹرینوں کی روانگی و آمد کے اوقات کے دوران سٹیشن آنیوالے افراد کی جامع تلاشی لی جائیگی اور مساٖفرٹرینوں پر کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے ڈائمنڈ جوبلی پر ملی نغمہ “شاد رہے پاکستان” جاری کر دیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر نے ڈائمنڈ جوبلی پر ملی نغمہ جاری کر دیا، نغمے کا ٹائٹل “شاد رہے پاکستان” رکھا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملی نغمہ 23 مارچ کے حوالے سے منفرد انداز میں تیار کیا گیا ہے، یہ گیت ارضِ پاک کے نام ایک ایسی دعا ہے جو ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ اس گیت میں شاندار ماضی، پرعزم حال اور خوشحال مستقبل جیسی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ ہر سال یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، قرارداد پاکستان 23 مارچ 1940 کو پیش کی گئی تھی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ “23 مارچ کی اہمیت کسی بھی طرح 14 اگست سے کم نہیں کیونکہ یوم پاکستان اگر پاکستان کا سنگ بنیاد رکھنے کی تشبیہ ہے تو 14 اگست خواب کو حقیقت میں بدلنے کا دن ہے۔

آزاد کشمیر میں ٹمبرمافیا آزاد، جنگلات کا رقبہ سکڑ کر 14 فیصد رہ گیا

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں ٹمبرمافیا کو روکنے والا کوئی نہ رہا، قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی مسلسل جاری ہے، جنگلات کا چالیس فیصد رقبہ سکڑ کرچودہ فیصد رہ گیا۔ آزادکشمیر میں ہرے بھرے درختوں کی کٹائی کا سلسلہ نہ تھم سکا، متعلقہ محکموں میں موجود افسران، ملازمین اور دیگر عملے کی فوج ظفر موج کی غفلت مافیا کو سائبان فراہم کررہی ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلات کے لئے موجود ریاستی قوانین کی آڑ میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی معمول بن چکی ہے۔ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ ساتھ جنگلات دشمن منظم مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ کمزور حکومتی گرفت کے باعث حالیہ سالوں میں ہونے والی درختوں کی بے دریغ کٹائی کے سبب چار دہائیوں قبل 40 فیصدی رقبے پر پھیلے جنگلات سکڑ کر 14 فیصد رہ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی آج بھی ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا، سندھ میں سکھر، نوابشاہ، دادو، مٹھی اور دیگر علاقوں میں موسم شدید گرمی رہنے کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت آٹھ سے دس ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق زیارت میں درجہ حرارت 23 ، قلات میں 29، کوئٹہ میں 30، جیونی میں 32، گواد میں 33، نوکنڈی میں 20، سبی میں 22 اور تربت میں 39 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کورونا سے اموات میں کمی، 2 مریض دم توڑ گئے، مزید 514 افراد متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، مزید 2 افراد دم توڑ گئے، 514 نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں۔ کورونا کی پانچویں لہر میں کمی، مثبت کیسزکی شرح ایک اعشاریہ تین تین فیصد پر آ گئی، مزید دو افراد دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد تیس ہزار تین سو انیس ہو گئی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران پانچ سو چودہ نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، متاثرہ مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ بیس ہزار سے تجاوز کرگئی۔ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 142 تک پہنچ گئی، سندھ میں 5 لاکھ 72 ہزار 868 ، خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 433، بلوچستان میں 35 ہزار 453 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 887 مریض، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 651 اور آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 43 ہزار 200 ہو گئی ہے۔