اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک عدم سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم ایکٹو ہوگئے۔ عمران خان نے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، علی امین گنڈاپور اور فہمیدہ مرزا نے ملاقاتیں کیں، جس میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ادھر وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی، جس پنجاب کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔
All posts by Khabrain News
عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں: خورشید شاہ
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں مگر ہم ان کی یہ کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے ناکام ترین وزیر اعظم ہیں جس نے پارلیمنٹ کی عزت اور توقیر تک ختم کردی ہے، اب وہ گھبراہٹ میں گالیاں بھی دے رہےہیں اور مسخروں جیسی حرکتیں بھی کررہےہیں۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی کوششوں کے باوجود ملک میں مارشل لا نہیں لگے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم خانہ جنگی کی طرف نہیں جارہے ، ہم تو نظر انداز کررہے ہیں مگر عمران خان خانہ جنگی چاہتا ہے۔ عدم اعتماد پر ووٹنگ ہورہی ہے۔ اس سے ایک دن پہلے لوگ اکٹھے کرکے خوف پھیلانے کی وجہ کیا ہے۔ اگر وہ خانہ جنگی کی طرف جارہاہے تو ہم اپنے کارکنوں کو خانہ جنگی روکنے کے لیے بلا رہے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہوئی تو ملک می انارکی پھیلے گی، کوئی اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں ، دنیا دیکھ رہی ہے۔ عمران خان تو پارلیمنٹ پر اثر انداز ہونے کی ہر ممکن کوشش کرے گا مگر جب کوئی آئین کی خلاف ورزی کرے گا تو وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے زمرے میں آئے گا، چاہے وہ خورشید شاہ ہو یا اسمبلی کا سپیکر ہو۔
پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بھی باہر آئے گا اور لوگوں کو پتہ چلے گا کہ یہ تو چندے کے پیسے بھی کھاگیا ہے، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں اتفاق رائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں نہ تو کوئی آخری دوست ہوتا ہے اور نہ ہی آخری دشمن۔ ان کا کہنا تھا کہ ریس کا میدان لگ چکا ہے، وہ بھی گھوڑے پر بیٹھا ہے ہم بھی بیٹھے ہیں اب بعد کی باتیں بعد میں ہونگی۔
پارلیمنٹ حملہ کیس، صدر مملکت عارف علوی سمیت تمام نامزد ملزمان بری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، صدر مملکت عارف علوی، شاہ محمود، اسد عمر، شفقت محمود، پرویز خٹک سمیت دیگر نامزد ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود اور پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دی اور فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد ازاں سنا دیا گیا ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مذکورہ کیس سے پہلے ہی بری کئے جا چکے ہیں۔
اپوزیشن کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے : شیخ رشید
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس 172 ووٹ موجود نہیں، ان کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کل صبح تک عمران خان کےحق میں اچھا فیصلہ آئے گا۔ اتحادی عمران خان کے ساتھ ہیں، کہیں نہیں جا رہے۔ چودھری برادران کو مشورہ ہے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، وہ 4 سال اس پارٹی کے ساتھ رہے ہیں۔ سارے اتحادی لوٹ کر عمران خان کے پاس واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 4 ماہ سےفضل الرحمان لانگ مارچ کی بات کررہےہیں، اپوزیشن 23 مارچ کو آئے کسی کو نہیں روکیں گے۔ امپائر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ بلاول سےمیراکبھی بھی جھگڑانہیں رہا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلانے سے گریز کرے، آخری گزارش ہے ملک کو انتشارکی طرف نہ جانے دیں، عدم اعتماد کے بجائے کچھ اور بھی نکل سکتا ہے۔
وہاڑی: سالانہ میلے میں نیزہ بازی کے جاندار مقابلے، شائقین کی بھرپور دلچسپی
وہاڑی: (ویب ڈیسک) وہاڑی کے نواحی علاقہ 24 ڈبلیو بی میں بابا شاہ ابراہیم کے سالانہ میلے میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلے ہوئے جن میں نیزہ بازوں نے جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا
پنجاب کے روایتی کھیل نیزہ بازی کا مقابلہ نواحی علاقہ 24 ڈبلیو بی میں بابا شاہ ابراہیمؒ کے سالانہ عرس پر ہوا جس میں نیزہ بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میلے کے سرپرست اشتیاق سیال کا کہنا تھا کہ ہم ہر سال یہ میلہ کرواتے ہیں جس میں نیزہ بازی،گھڑ دوڑ،بیل دوڑ کے علاؤہ کبڈی کے کھیل بھی کھیلے جاتے ہیں جو ہمارے اجداد کی روایت ہیں۔
نیزہ باز سچل پیر زادہ کا کہنا تھا کہ یہ کھیل ہمارے بزرگوں کی طرف سے ہمیں ورثے میں ملا ہے اس کے لئے سارا سال محنت کرتے ہیں تاکہ اپنے شوق کے ساتھ عوام کو بھی محظوظ کرسکیں، میلے میں شاندار نیزہ بازی پر لوگوں نے خوب داد دی ۔
یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف:عثمان بزدار
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، پی ڈی ایم کو قومی مفادات کا رتی بھر بھی احساس نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت اور حامد یار ہراج نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر لگا رہے ہیں، پی ڈی ایم نے سیاسی ناپختگی اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں، اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قوم وزیراعظم عمران خان کے سا تھ ہے اور ساتھ رہے گی، تحریک انصاف متحد ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی۔
امریکی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 36 سینٹ فی بیرل کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 36 سینٹ گراوٹ دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل نرخ میں کمی کے بعد 98 ڈالر 55 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔برطانوی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 58 سینٹ کمی جس کے بعد برطانوی خام تیل 102 ڈالر 32 سینٹ فی بیرل پر فروخت ہوا۔
گزشتہ رات سے اب تک خام تیل کی قیمت میں 12 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے۔
یوکرین کا میزائل حملہ، خودمختار ریاست ڈونیٹسک میں 20 افراد ہلاک، 28 زخمی
ماسکو: (ویب ڈیسک) خودمختار ریاست ڈونیٹسک پر ہونے والے یوکرین کے میزائل حملے میں بیس افراد ہلاک اور اٹھائیس زخمی ہو گئے۔
روسی حکام کے مطابق یوکرین کا او ٹی آر اکیس میزائل ڈونیٹسک کے رہائشی علاقے میں گر گیا جس سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، ڈونیٹسک کے شہریوں کو بھاری جانی نقصان اٹھا نا پڑا۔
میزائل کو ائیر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا اس کے باوجود میزائل زمین پر آ گرا، میزائل پر نصب ہتھیاروں نے دور دور تک تباہی مچائی۔
شاہ محمود اور انڈونیشیائی وزیرخارجہ کے درمیان رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انڈونیشیائی وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں باہمی دلچسپی کے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی معاملات کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، آسیان، او آئی سی اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت دی۔ جو وزیرخارجہ نے قبول کرلی۔
آر ایس ایس کی غنڈہ گردی، فلم شائقین کو بالی وڈ خانز کو گالیاں دینے پر مجبور کرتے رہے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں آر ایس ایس کے غنڈوں کی کارروائیاں جاری ہیں، سینما میں فلم روک کر شائقین کو بالی وڈ خانز عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان کو گالیاں دینے پر مجبور کرتے رہے۔
بھارت میں مسلم دشمنی کی جاری مہم اب سکولوں سے نکل کر سینما گھروں تک پہنچ گئی۔ بھارت کے ایک سینما گھر میں جب لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ فلم انجوائے کر رہے تھے تو اس دوران آر ایس ایس کے غنڈوں نے فلم روک کر شائقین کو ان تمام فلموں کے بائیکاٹ پر مجبور کیا جن میں عامر خان، شاہ رخ خان یا سلمان خان نے کام کیا ہو۔ ان اداکاروں کو گالیاں دی گئیں اور ساتھ ہی بندے ماترم کے نعرے بھی لگائے گئے۔
واضح رہے کہ سکولوں پر آر ایس ایس کے غنڈوں نے حملے کے ایک مسلمان طالبہ مسکان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم بہادر طالبہ نے اللہ اکبر کے نعرے لگا کر بزدل ہندووں کے حوصلے پست کر دیئے تھے جبکہ مسکان کی جرات کو دنیا بھر میں سراہا گیا تھا۔