All posts by Khabrain News

ایرانی ’حملوں‘ کا خدشہ؛ اسرائیل کی اپنے شہریوں کو ترکی چھوڑنے کی ہدایت

یروشلم: (ویب ڈیسک) ایران کی طرف سے بڑے پیمانے پر اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشے پر اسرائیل نے فوری طور پر اپنے شہریوں کو ترکی چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر خارجہ یائر لیپڈ کا کہنا ہے کے خفیہ اطلاعات کے مطابق استنبول میں موجود ایرانیوں کی بڑی تعداد چھٹی کے روز اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بناسکتی ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی شہری ترکی میں موجود ہے اسے فوری طور واپس آجانا چاہیے، کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو موجودہ صورتحال میں کوئی شہری ترکی کا سفر نہ کرے،کوئی شہری ترکی جانے کا اراد رکھتا ہے تو اسے فوری طور پر اپنا ٹرپ کینسل کردینا چاہیئے۔
دوسری جانب ایران کا الزام ہے کے حالیہ دنوں میں تہران میں گھر کے باہر قتل ہو نے والے پاسدارن انقلاب کے کرنل سید خدائی کے قتل میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں ۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے ایران کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکی سے اسرائیلی شہریوں کی واپسی جاری ہے،ایرانی پراپیگینڈہ پر ترکی میں اسرائیلی شہریوں کو قتل اور اغواء کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے
واضح رہے کے ایران اور اسرائیل کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے کشیدگی کا شکار ہیں،ایران کا الزام ہے کے صیہونی ریاست تواتر کے ساتھ ایرانی جوہری سائنسدانون اور فوجیوں کے قتل میں ملوث ہے۔

پاکستان میں تعینات ترک سفیر کی ایئر چیف ظہیر احمد بابر سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات ترک سفیر نےسربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی، ملاقات میں پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک سفیر احسان مصطفی یوردکول نےکہاپاک فضائیہ کی خودانحصاری کےمیدان میں غیر معمولی ترقی قابل تعریف ہے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوارہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔
ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے کہا پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

نورا فتیحی اداکارہ اور ڈانسر کیساتھ ڈائریکٹر بھی بن گئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی سپر اسٹار ڈانسر واداکارہ نورا فتیحی اب گانوں کی ڈائریکٹر بھی بن گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نورا فتیحی نے نئے گانے ’’ڈرٹی لٹل سیکرٹ‘‘ میں ناصرف پرفارم کیا بلکہ اس پروجیکٹ کے لیے ہدایت کاری کے فرائض بھی انجام دیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ گانے میں اداکارہ وڈانسر نے بحیثیت ڈائریکٹر ڈیبیو کیا، اور گانا ریلیز ہوتے ہوئے سوشل میڈیا پر ہٹ ہوگیا۔ گانے میں نورا کو ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
گانے میں ہدایت کار کی حیثیت سے کام کرنے کے حوالے سے نورا فتیحی نے اپنا اچھا تجربہ شیئر کیا اور بتایا کہ بحیثیت آرٹسٹ ہمیشہ سے کچھ نیا کرنے کی بھوک میں رہتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے گانے میں اسکرین پلے کے حساب سے چیزیں ترتیب دیں جو پہلے سے میرے دماغ میں تھا۔

قومی و وفاقی حکومت مسلم لیگ ق کے ساتھ ہے: آصف علی زرداری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قومی و وفاقی حکومت ق لیگ کے ساتھ اور ق لیگ قومی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کی رہائش گاہ کا دروہ کیا، مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی و وفاقی حکومت ق لیگ کے ساتھ اور ق لیگ قومی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، ق لیگ کے دونوں وزرا ہماری حکومت کا اہم حصہ ہیں، چودھری شجاعت سیاست کا اثاثہ ہیں۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ق لیگ قومی حکومت کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر کھڑی ہے اور اپنا وعدہ نبھارہی ہے اور نبھاتی رہے گی۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری آج ہمیں باقاعدہ طور پر کابینہ کا حصہ بننے پر مبارکباد دینے آئے تھے۔

اپنے ہی خلاف 41 گول سکور کرنے والے فٹبال کلب پر تاحیات پابندی عائد

لاہور: (ویب ڈیسک) اپنے ہی خلاف 41 گول سکور کرنے والے جنوبی افریقی فٹبال کلب پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک جنوبی افریقی کلب پر اس وجہ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی کہ اس نے میچ میں حیران کن طور پر 41 گول اپنے ہی خلاف کئے۔ اس میچ میں اس کلب نے مخالف ٹیم کے 59 گول کے مقابلے میں ایک گول سکور کیا۔
تحقیقات کے بعد یہ سامنے آیا ہے کہ یہ کام میچ فکسنگ کی وجہ سے کیا گیا کہ ایک کلب نے اپنے ہی خلاف اتنے گول سکور کردیئے۔

امریکی غلاموں میں روس سے تیل لینے کی جرات نہیں، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ہفتے چیف الیکشن کمشنر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازسے ہدایت لیتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کوساتھ ملا کردھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔
کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جب تک زراعت ٹھیک نہیں ہوگی تب تک ملکی سیکیورٹی خطرے میں ہے، زراعت دنیا کا ایشوہے، یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے قحط کا خوف ہے، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے گندم کی شارٹیج اورقیمتیں بڑھیں گی، اللہ نے پاکستان کوبے شمارنعمتوں سے نوازا ہے، پاکستان صرف زراعت پرتوجہ دے توملکی دولت میں اضافہ ہوسکتا ہے، آج کسانوں کے بُرے حالات ہیں، اگرکسانوں کے حالات ٹھیک نہ کیے گئے تو پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، عمران خان امپورٹڈ حکومت سے مجھے زیادہ امید نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے 60 روپے پٹرول، فی یونٹ بجلی 10 روپے بڑھا دی گئی، مہنگائی کا کسانوں پربہت اثر پڑے گا، اگر کسانوں کو ٹارگیٹڈ سبسڈی نہ دی تو فوڈ سکیورٹی ایشو بنے گا، کسانوں کی مدد تحریک انصاف کے منشورمیں شامل ہے، پاکستان میں خوشحالی زراعت کے ذریعے آئے گی۔ ہماری حکومت نے کسانوں کوسبسڈی دی تھی، سیڈ، کاٹن، ڈی اے پی، یوریا پر ہم نے سبسڈی دی تھی، دنیا سے پانچ فیصد کم قیمت پر ہم یوریا بیچ رہے تھے، آج یوریا کی بوری کی قیمت بڑھ گئی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں فصلوں کی ریکارڈ پیداوارہوئی، کسانوں کو کہتا ہوں اُمید کرتا ہوں جلدی الیکشن ہو گا، امریکیوں نے اپنی پالیسیوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے ہمارے اوپر مسلط کیا، ملک میں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، پچھلے دوماہ میں بجلی کی قیمت اورلوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا، یہ حکومت ملکی بہتری کے لیے نہیں لائی گئی، یہ تومہنگائی کم کرنے آئے تھے انہوں نے ساڑھے 3 سال مہنگائی کا ریکارڈ توڑ دیا، یہ جن کے غلام ہیں ان کا ایجنڈا پورا کرنے آئے ہیں، بھارت امریکا کا اتحادی ہونے کے باوجود روس سے سستا تیل لے رہا ہے، ان میں جرات نہیں روس سے سستا تیل خریدیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وزیرخزانہ کہتا ہے روس ہمیں آ کر کہے تیل خریدو، یہ عوام کے لیے اقتدارمیں نہیں آئے، بھارت تیل، ہتھیار بھی روس سے لے رہا ہے لیکن غلاموں کو اجازت نہیں، بھارت نے روس سے سستا تیل لیکر 25 روپے لٹر کم کیا، بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پرخرید رہا ہے، یہ صرف اپنے نیب، ایف آئی اے کرپشن کیسز ختم کرانے آئے تھے، تحقیقات کرنے والے ڈاکٹر رضوان، نوید، گلزار بھی ہارٹ اٹیک سے مر گئے، نیب کے اوپر اب شہبازشریف بیٹھ گیا ہے، بلے کودودھ کی رکھوالی کے لیے بٹھادیا گیا ہے، زرداری کے بھی سارے کیسزختم ہوں گے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتا ہے ہر ہفتے چیف الیکشن کمشنر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازسے ہدایت لیتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، انہوں نے ہم سب پرمقدمات درج کروائے ہیں، یہ مافیا کا پرانا طریقہ کارہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں 30 سال بعد گروتھ ریٹ بہترہو، پچھلے دوسالوں میں پاکستان کی دولت میں اضافہ ہوا تھا، کسانوں نے بھی میرے ساتھ مل کرحقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، جب کال دوں گا توآپ سب نے باہرنکلنا ہے۔ آج صحافیوں کوفون کرکے دھمکیاں دی جاتی ہیں، یہ جمہوریت نہیں ہے، واشنگٹن سے جوحکم آئے گا انہوں نے ماننا ہے، ہم ان کے خلاف سیاست نہیں جہاد کر رہے ہیں، ان کے لیڈرزکے اربوں ڈالربیرون ملک پڑے ہیں، یہ پیسوں کے غلام ہیں۔

سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث لارنس بشنوئی گروپ کا شوٹر گرفتار

پونے: (ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار و کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث شارپ شوٹر سنتوش جادھو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب شارپ شوٹر سنتوش جادھو کو پونے پولیس نے سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا، لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والا جادھو ایک سال سے فرار تھا، اب اسے اس کے ساتھی ناگناتھ سوریاونشی کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ سنتوش جادھو اور اس کے ساتھی کا نام سدھو موسے والا کے قتل کیس کی تحقیقات میں سامنے آنے کے بعد پونے کی دیہی پولیس نے ان کی تلاش تیز کردی تھی۔
پونے پولیس نے 2021 کے قتل کیس کے بعد جادھو کو پناہ دینے کے ملزم سدھیش کامبلے عرف مہاکل کو پہلے گرفتار کیا تھا، اسے منچھر پولیس سٹیشن میں ان کے خلاف درج مکوکا کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، موسے والا قتل کیس کے سلسلے میں دہلی پولیس کے سپیشل سیل اور پنجاب پولیس نے بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔
پولیس عہدیدار کی جانب سے بتایا گیا کہ جادھو کو پونے ضلع کے منچھر پولیس سٹیشن میں 2021 کے قتل کے مقدمہ میں حراست میں لیا گیا ہے، ممبئی پولیس نے اداکار سلمان خان کو دھمکی آمیز خط کے سلسلے میں بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی، پونے پولیس نے جادھو کا پتہ لگانے کے لیے گزشتہ ہفتے متعدد ٹیمیں گجرات اور راجستھان بھیجی تھیں۔

پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں 4 نوجوانوں کی شہادت کی مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ یواین قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حالیہ انسانیت سوز واقعات پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی تسلط کیلئے فورس کا استعمال کررہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو دباکرحقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے5 اگست 2019 سےابتک 621 کشمیریوں کوشہیدکیاگیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا محاصرہ جاری ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں جاری واقعات کی توجہ عالمی برادری سے کراتا ہے، دنیا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ یواین قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔
خیال رہے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے سفارتی کوششیں شروع کردیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف)کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بڑے پیمانے ہر سفارتی کوششیں شروع کردی ہیں، جرمنی، امریکہ سمیت دیگر اہم ممالک نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر پاکستان کی طرف سے کی جانے والی اہم پیشرفت پر تعاون کے حوالے سے جزوی آمادگی ظاہر کی ہے،جس کے باعث پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے کے روشن امکانات ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ حناء ربانی کھر کے حالیہ دوروں میں فیٹف کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی ہے جس میں اہم ممالک کی جانب پاکستان کیلئے نرم رویے کا اظہار کیا گیا ہے،فیٹیف ایکشن پلان کے تقریباً تمام نکات پر عملدرآمد ہوچکا پے صرف سزاوں کے حوالے سے عملدرآمد ہونا باقی ہے اور اس حوالے سے پاکستان پراسیکیوشن اور تمام متعلقہ قانونی ترامیم کرچکا ہے۔
پاکستان کا موقف ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی غیر جانبدار و آزادانہ اور صاف و شفاف عدالتی نظام موجود ہے اور مروجہ قانونی طریقے کے مطابق ہی منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کے کیسوں میں سزائیں ہوسکتی ہیں البتہ اس معاملے میں پراسیکیوشن کے نظام میں پائی جانیوالی خامیاں دور کی گئی ہیں جبکہ ڈی این ایف بی پیز کے حوالے سے بھی قائم کردہ ڈائریکٹریٹ آپریشنل ہوچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس 14 سے 17 جون تک جرمنی کے شہر برلن میں شروع ہونے جارہا ہے جس میں پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں کیونکہ پاکستان نے 34 میں سے 32 نکات پر عملدر آمد کرلیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 2018 کے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 نکات پر جبکہ 2021 کے ایکشن پلان کے تحت سات میں سے چھ نکات پر عملدرآمد کیا ہےایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کریں گی جس کے لیے وزارت خارجہ نے حکمت عملی طے کر لی ہے۔
اجلاس میں پاکستان سے متعلق امور پندرہ سے سولہ جون کو زیر غور آئیں گے اور توقع ہے کہ پاکستان کا نام گرے سے نکل آئے گا تاہم حتمی صورتحال رواں ہفتے واضح ہوجائے گی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کہیں مزید کچھ پیشرفت کی ضرورت ہوئی تو مزید کچھ عرصے کیلئے نام گرے لسٹ میں رہ سکتا ہے تاہم موثر سفارتی کوششوں کے باعث اس بار پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے کے زیادہ امکانات ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ اور پی ٹی آئی کے مابین اتحاد کا باضابطہ اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مابین اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
سربراہ جے یوآئی پاکستان مولانا خان شیرانی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، دونوں جماعتوں کے مابین باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے، سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی روایتی سیاست سے بالاتر، اعلیٰ سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے، اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاملات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔