All posts by Khabrain News

کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں پیش رفت کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کے لیے کمیٹی قائم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی نےتحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات میں پیش رفت کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔
تحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات میں حالیہ پیشرفت کے معاملے پرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور پارلیمان میں معاملے کو اٹھانے کے لئے تین رکنی کمیٹی بنادی۔
تین رکنی کمیٹی میں شیری رحمان، فرحت اللہ بابر اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔گزشتہ روز زرداری ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں تحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق حالیہ پیشرفت کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا۔
گزشتہ روز زرداری ہاؤس میں ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں پارلیمان کو وہ پہلا اور واحد فورم قرار دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا جہاں ایسے موضوعات پر بحث کی جاسکتی ہے۔

حکومت نے قبائل کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کر دی، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے قبائل کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کر دی ہے۔
سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قبائل کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر ہماری حکومت نے قبائل کی فنڈنگ 3 گنا کر کے 131 ارب روپے کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قبائل کے لیے صرف 110 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے اور قبائل کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کر دی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ڈی پیز کے لیے کوئی فنڈنگ نہیں رکھی۔ اس سے مجرموں کی سرکاری نااہلی اور بدنیتی عیاں ہے۔

مسلم لیگ ن کے پاس اکثریت نہیں بجٹ کیسے پیش کریں گے، پرویز الہیٰ

لاہور : (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پاس اکثریت تو ہے نہیں بجٹ کیسے پیش کریں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ کل کے بجٹ اجلاس ہونے یا نہ ہونے کا انحصار مسلم لیگ نون کے رویے پر ہے۔کل کے اجلاس میں گڑبر کا معاملہ سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے پاس اکثریت نہیں، انہوں نے بجٹ کیا پیش کرنا ہے۔اسمبلی کے جن لوگوں نے بجٹ انتظام چلانا ہے اگر انہیں کو اٹھا لیں تو کیسے کام چلے گا
انہوں نے کہا ہے کہ صوبے کو حمزہ شہباز نہیں،پولیس چلا رہی ہے۔پنجاب کو پولیس ریاست بنا دیا گیا ہے۔حمزہ کے اسپیکرشپ بچانے کے الزام پر خواجہ آصف کا فقرہ کافی ہے۔”کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے”۔
ان کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حیسن سے کوئی مسئلہ نہیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔حکومت والے اپنی اوقات میں رہیں اور اپنے گریبان میں جھانکیں۔

امپورٹڈ حکومت مہنگائی کرنے کے باوجود آئی ایم ایف کو خوش نہیں کرسکی، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کرنے کے باوجود آئی ایم ایف کو خوش نہیں کرسکی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز شریف کی امپورٹڈ حکومت ملک میں مہنگائی کا سیلاب لانے کے باوجود عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خوش نہیں کرسکی اور یہ لوگ ملکی معیشت کو تباہ کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے لوگ مر رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی اور عوامی تحریک کے احتجاج کی میں حمایت کرتا ہوں اور منگل کو میں الیکشن کمیشن بھی جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ترسیلات اور زرمبادلہ میں کمی موجودہ حکومت کا ہی دیا ہوا ہے۔
گزشتہ روز شیخ رشید احمد نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ سے پہلے ہی پیٹرول، گیس، بجلی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور اب تاریخی خسارے کے ساتھ کھاد اور قدرتی گیس پر بھی پیسے بڑھا دیئے گئے ہیں۔

پاکستان اور چین کی اعلیٰ فوجی قیادت کی ملاقات،تعاون بڑھانے کا عزم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور چین کی اعلی فوجی قیادت کی ملاقات ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے اعلی سطح کے ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا ۔ ملٹری وفد کا دورہ 9سے 12جون کے درمیان ہوا۔
وفد کی چینی فوج اور دیگر سرکاری اداروں کے حکام سے بات چیت ہوئی ۔ دونوں ممالک کے فوجی وفود کے مابین اپیکس اجلاس بھی ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
فوجی قیادت نے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور چین نے مشکل وقت میں اپنی تزویراتی شراکت داری کا اعادہ کیا ۔ دونوں ممالک کی فوجی قیادت نے تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کا ایک روزہ دورہ کیا۔ ۔یہ دورہ پاک چین جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی کا حصہ ہے۔آرمی چیف واحد فوجی رہنما ہیں جنہوں نے چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کیا۔
پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ پہاڑوں سے اونچی اور شہد سے میٹھی ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین ملٹری ڈپلومیسی اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون ہمیشہ بلندیوں کو چھوتا رہا ہے۔

کراچی میں دن دیہاڑے 2 ڈاکو شہری سے 2 موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو گیا، ڈیفنس فیز ون میں دو ڈاکو دن دیہاڑے شہری سے دو موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو ڈاکووں نے شہری کو موٹر سائیکل پر روکا، شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر بآسانی فرار ہو گئے۔
فوٹیج میں دونوں ڈکیتوں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، فوٹیج کے مطابق ملزم جاتے ہوئے بائیک کی چابیاں لے گئے، متاثرہ شہری نے ڈیفنس تھانے میں مقدمے کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔

پنجاب کے آئندہ بجٹ کا حجم 3200ارب روپے سے زائد ہو گا، تفصیلات سامنے آ گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 3200ارب روپے سے زائد ہوگا، ترقیاتی بجٹ کا حجم 685ارب روپے رکھا گیا ہے، تفصیلات سامنے آ گئیں۔
مالی سال 2022-23 میں پنجاب کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آ گئیں، نان ڈویلپمنٹ اور جاری اخراجات کی مد میں 1700ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، صوبائی محصولات کے لئے 400ارب سے زائد کے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت وفاق سے واجب الادا رقم کی مد میں 120 ارب روپے کی رقم وصول کرے گی، سرکاری ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ وفاق کے مطابق ہی ہو گا۔ پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا۔
کم وسیلہ افراد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خصوصی رعایت دی جائے گی، صوبائی محصولات میں دی گئی رعایت برقرار رکھی جائے گی۔
آٹے کی کم قیمت پر دستیابی سے متعلق سہولت پیکیج آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا، خصوصی پروگراموں کیلئے 101ارب کےفنڈزمختص ہوں گے۔
پروڈکشن سیکٹر میں 17 فیصد اور سروس سیکٹر میں 9 فیصد کٹوتی ہو گی، سوشل سیکٹر کیلئے بجٹ میں 33 فیصد اضافہ کیا جائے گا، سوشل سیکٹر کے لئے 272 ارب روپے رکھے جارہے ہیں، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں 11فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

اسمارٹ فون میں پہلے 200 میگا پکسل کیمرے کی کارکردگی کیسی ہوگی؟

لاہور: (ویب ڈیسک) موٹرولا کمپنی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا کہ وہ 200 میگا پکسل بیک کیمرے والے پہلے فون کو تیار کررہی ہے۔
یہ فون ممکنہ طور پر جولائی 2022 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے جس میں کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پلس پراسیسر ہوگا۔
اب اس فون کے 200 میگا پکسل کی پرفارمنس کے بارے میں کمپنی نے پہلی تفصیل جاری کی ہے۔موٹرولا کی ملکیت رکھنے والی کمپنی Lenovo کے جنرل منیجر نے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر ایک پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ وہ نئے فون کی کیمرا پرفارمنس سے حیران رہ گئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے اس فون کے لیے سام سنگ کے تیار کردہ 200 میگا پکسل سنسر کو استعمال کیا جائے گا۔
اس فون کے بارے میں کمپنی نے تو تفصیلات نہیں بتائیں مگر ممکنہ طور پر یہ موٹرولا فرنٹیئر اسمارٹ فون ہوسکتا ہے جس کے بارے میں 2021 سے افواہیں سامنے آرہی ہیں۔
دیگر افواہوں کے مطابق فون میں 6.67 انچ کا 144 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ڈسپلے ہوگا جس میں 60 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 125 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

نامور بالی وڈ اداکاراؤں کیساتھ کام کرنے والی فیشن ڈیزائنر نے خودکشی کر لی

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) نامور بالی وڈ خواتین اسٹارز کے ساتھ کام کرنے والی فیشن ڈیزائنر پرتھیوشا گیریمیلا نے خود کشی کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ پرتھیوشا گیریمیلا بھارتی شہر حیدر آباد کے بنجارا ہلز میں واقع اپنی رہائشگاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق پرتھیوشا کی موت کی اطلاع اس کے گھر والوں نے دی اور بتایا کہ فیشن ڈیزائنر اپنے گھر کے واش روم میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔پولیس کے مطابق پرتھیوشا کے پاس سے ایک نوٹ بھی ملا ہے جس پر لکھا تھا کہ میری موت کی وجہ کوئی بھی نہیں ہے، میں خود اکیلا پن اور ذہنی تناؤ محسوس کر رہی تھی جس کی وجہ سے انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
پرتھیوشا گیریمیلا بنجارا میں واقع اپنے اسٹوڈیو میں کام کرتی تھیں اور ان کے کلائنٹس میں نامور بالی وڈ اور ٹالی وڈ اداکارائیں شامل تھیں۔
خود کشی کرنے والی پرتھیوشا مادھوری ڈکشت، جوہی چاولہ، جیکولین فرنینڈس، کاجول، پرینیتی چوپڑا، ہما قریشی، نیہا دھوپیا اور گوہر خان سمیت متعدد شوبز شخصیات کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

دنیا کی پہلی الیکٹرک سولر گاڑی تیار، قیمت کیا ہوگی؟

نیدرلینڈ : (ویب ڈیسک) الیکٹرک گاڑیوں پر آج کل بہت کام ہورہا ہے مگر بہت جلد آپ سورج کی روشنی پر دوڑنے والی کار کو بھی استعمال کرسکیں گے۔
نیدرلینڈ کی ایک کمپنی کی جانب سے دنیا کی پہلی سولر الیکٹرک گاڑی صارفین کو فراہم کرنے کا سلسلہ جلد شروع کیا جارہا ہے۔
لائٹ ائیر نامی کمپنی 2016 میں قائم ہوئی تھی اور اس نے سولر پینل پر چلنے والی 949 گاڑیوں کو تیار کیا ہے جس میں 60 کلو واٹ کی الیکٹرک موٹر بھی نصب ہے۔
یہ سولر پینل گاڑی کی چھت اور دروازوں پر لگے ہوئے ہیں۔
کمپنی کے سی ای او لیکس ہوفسلوٹ نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیاں درست سمت کی جانب ایک قدم ضرور ہے مگر ان کے لیے بجلی پر انحصار کرنا پڑتا ہے اور یہ بجلی خام ایندھن سے تیار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سورج کے ذریعے آپ اپنی گاڑی کو دن میں کسی بھی وقت چارج کرسکتے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گاڑی سولر اور الیکٹرک بیٹری کی بدولت سنگل چارج پر 700 کلومیٹر سے زیادہ سفر کرسکتی ہے۔
لائٹ ائیر ماڈل 0 نامی ماڈل کی قیمت ڈھائی لاکھ یورو (5 کروڑ 35 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ گاڑی آئندہ چند ہفتوں میں یورپ میں صارفین کو دستیاب ہوگی۔
مگر یہ کمپنی ایک کم قیمت ماڈل کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی بھی کررہی ہے جس کی قیمت 30 ہزار یورو (64 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
اس گاڑی کی پروڈکشن 2024 کے آخر یا 2025 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔