All posts by Khabrain News

آصف زرداری سے وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین کی ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری سے وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گندم میں پاکستان کو خود کفیل بنانا اتحادی حکومت کی پہلی ترجیح ہے،کاشتکار خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہو گا۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بجٹ میں کاشتکاروں کو خصوصی طور پر ریلیف دیا گیا ہے۔

‘پی ٹی آئی حکومت نے 52 ارب ڈالر قرض لیا، 38 ارب گذشتہ ادوار کا ادھار واپس کیا’

لاہور: (ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کل قرض 52 ارب ڈالر لیا جن میں 38 ارب ڈالر آپ کی حکومتوں کے لئے گئے قرض کی واپسی کی۔
ایک بیان میں فواد چودھری نے مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جب آپ ہر وقت کینڈی کرش ہی کھیلتی رہیں گی تو اسی طرح کی احمقانہ گفتگو کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ پسند نہیں تو بھکاری حکومت آئی ایم ایف کے پاس کیا لینے جاتی ہے؟ معاملہ ختم کریں اور آگے چلیں۔

کراچی: نظارت خانے میں آتشزدگی،کیسز میں ضبط موٹر سائیکل ، رکشے اور گاڑیاں جل گئیں

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے عزیز بھٹی پارک کے عقب میں واقع نظارت خانے میں لگنے والی آگ میں کیس پراپرٹیز کی 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، بس، رکشے اور گاڑیاں جل کر خاک ہو گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب جھاڑیوں میں لگی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور اس نے نظارت میں موجود گاڑیوں کو بھی لپٹ میں لے لیا۔
فائر برگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں آگ کو پھیلنے سے روکا گیا اور پھر اسے بجھا دیا گیا اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔ فائر برگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے ٹائر جلنے کے باعث دھواں زیادہ اٹھا ۔
فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور آگ کو قریب موجود فلیٹوں تک نہیں پہچنے دیا نظارت میں آتشزدگی کے باعث 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، 6 بسیں ، دو رکشے اور 6 سے7 گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ نظارت وہ جگہ ہوتی ہے جہاں کیس پراپرٹیز کا سامان مثلاً موٹر سائیکل، بس، ٹرک، گاڑیاں اور رکشے اور دیگر سامان لا کر رکھا جاتا ہے اور بوقت ضرورت اسے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔

لاہور:10کی روٹی اور15روپے کا نان اب نہیں ملے گا، نان بائیوں کا پرانی قیمتیں ماننے سے انکار

لاہور : (ویب ڈیسک) دس کی روٹی اور پندرہ روپے کا نان نہیں دیں گے۔ لاہور کے نانبائیوں نے ڈپٹی کمشنر کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا۔
ضلع انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے ۔ حکومت نے روٹی اور نان کو پرانی قیمت پر فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔ نان بائی ایسوسی ایشن کی ریٹ بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
صدر نانبائی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا کہنا ہے کہ 80 کلو فائن آٹے کی بوری 6700 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ 4 ماہ پہلے بوری 5900 روپے تک مل رہی تھی۔ نوٹیفکیشن مسلط کیا گیا۔ اس کو نہیں مانتے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق نان روٹی نہیں بیچ سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام تنور مالکان کا اجلاس بلا لیا ہے آئندہ کی حکمت عملی بنارہے ہیں۔مشاورتی اجلاس کے بعد حتمی فیصلے کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے روٹی کی قیمت دس روپے اور نان کی قیمت پندرہ روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
نان بائی چھبیس جون سے روٹی کی قیمت پندرہ اور نان کی بائیس روپے کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

ملک بھر میں تیز بارشوں کا امکان، وزیر اعظم کی فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے 10 روز بعد ملک بھر میں تیز بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا۔ وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 10 روز بعد تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا تو وزیر اعظم نے بھی بارشوں کے پیش نظر فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے اور زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیشگی حفاظتی انتظامات اور امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔+
وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت تیار کرنے کی ہدایت کر دی اور زرعی علاقوں میں فصلوں، مویشیوں کی حفاظت کے لیے تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے اور نکاسی آب، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

رونالڈو کیخلاف ماڈل کے ساتھ جنسی زیادتی کی درخواست خارج

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی جج نے فٹبال سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف جنسی زیادتی کی درخواست خارج کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فٹبالر کے خلاف درخواست نیواڈا کی ایک سابق ماڈل نے دائر کی تھی۔سابقہ خاتون ماڈل کیتھرین مائیورگا نے الزام لگایا تھا کہ رونالڈو نے 2009 میں لاس ویگاس کے ہوٹل میں ان سے زیادتی کی کوشش کی تھی۔
تاہم کرسٹیانو رونالڈو نے خاتون ماڈل کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کر دی تھی۔

گستاخانہ بیانات: برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہزاروں افراد کا احتجاج

برطانیہ : (ویب ڈیسک) بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے توہین رسالت ﷺ کے خلاف برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بڑی تعداد میں مظاہرین نے احتجاج کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق احتجاج میں ہزاروں افرادکی جانب سے شرکت کی گئی اور مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت کو گستاخانہ بیانات پر معافی مانگنے پر مجبور کیا جائے۔
گستاخانہ بیانات کا پس منظر
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔بعد ازاں نوپور شرما کو 5 جون کو توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی نے معطل کر دیا تھا۔
بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصےکا اظہارکیا جا رہا ہے اور متعدد مسلم ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل رہی ہے۔

پاکستان کے عثمان وزیر نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا ٹائٹل جیت لیا

گلگت : (ویب ڈیسک) پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
گلگت میں ہونے والے باکسنگ ایونٹ کے دوران حریف باکسر کے ان فٹ ہونے پر عثمان وزیر فاتح قرار پائے۔ خیال رہے کہ لالک جان اسٹیڈیم میں ہوئے مقابلوں میں 10 ملکوں کے باکسرز نے حصہ لیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ آج ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ سہہ پہر 4 بجے شروع ہو گا۔
بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے لیکن ملتان میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے ابتدائی دو میچز جیت کر سیریز میں پہلے ہی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔
پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کالی آندھی کو 120 رنز کے مارجن سے ہرایا تھا۔

بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے کم ہو گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 662 میگاواٹ ہو گیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 838 میگاواٹ ہے اور بجلی کی کل طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ پانی سے 4 ہزار 930 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 595 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 307 میگاواٹ ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 606 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار صفر ہے۔
بگاس سے چلنے والے پلانٹس 169 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور جوہری توانائی سے ایک ہزار 231 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ریجن میں بھی 4 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔