All posts by Khabrain News

شمالی وزیر ستان میں فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، سپاہی شاہ زیب شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ سپاہی شاہ زیب امتیاز بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے جن کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

روس کے ساتھ لڑائی میں یوکرین سرخرو ہو گا،یوکرینی صدر

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ گزشتہ چار ماہ سے جاری لڑائی میں سرخرو یوکرین ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم یقینی طور پر اس لڑائی میں سرخرو ہونے جا رہے ہیں۔ جو روس نے ہم پر مسلط کی۔ یہ یوکرینی میدانِ جنگ ہے، جہاں مستقبل کی دنیا کے ضوابط طے ہو رہے ہیں۔
یوکرینی صدر نےخوراک کی قلت کے حوالے سے کہا ہے کہ روس کی وجہ سے ہم زرعی اجناس برآمد کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ اگر ایسا جاری رہتا ہے، تو دنیا بھر میں خصوصاﹰ ایشیا اور افریقہ کے کئی ممالک میں بھوک اور قحط کے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ کی وجہ سے یوکرینی سرحدیں بند ہیں۔ جس سے زرعی اجناس خصوصاﹰ گندم اور کھانے کی تیل کی برآمدات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
دوسری جانب یوکرینی دارالحکومت کیف پر قبضے میں ناکامی کے بعد روس نے اپنی تمام تر توجہ مشرقی یوکرینی خطے ڈونباس پر مرکوز کر رکھی ہے۔ جب کہ کئی علاقوں کو روس کی جانب سے شدید شیلنگ کا نشانہ بنایا جا رہاہے۔

گرمی کی شدت بڑھتے ہی سیاحوں نے آزاد کشمیر کے بالائی مقامات کا رخ کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ ہی سیاحوں ںے آزاد کشمیر کے بالائی مقامات کا رخ کرلیا ہے، سیلانی حسین وادیوں میں پورا دن گھومتے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ جہاں گرمی میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں لوگوں نے آزاد کشمیر کے صحت افزا اور ٹھںڈے تفریحی مقامات میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ شہری فیملیز اور دوستوں کے ہمراہ دارالحکومت مظفرآباد کے قریبی تفریحی مقامات پر حسین موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
سیاح پیر چناسی ، سراں اور اس کے قرب وجوار میں کھلے میدانوں اور جنگل میں بیٹھ کر کھانے بھی پکاتے رہے۔ حسین موسم اور دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے شہری خوبصورت وادیوں میں رقص بھی کرتے ہیں۔
محکمہ سیاحت کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران آزاد کشمیر میں پانچ لاکھ سے زائد سیاحوں نے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کی۔

مقبوضہ کشمیر میں ایک اور سیاہ دن، سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 3 نوجوان شہید

سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے، قابض بھارتی فوج نے پلوامہ میں مزید تین نوجوانوں کو شہید کردیا، دو روز میں شہدا کی تعداد پانچ ہوگئی۔
دوسری جانب بھارت میں بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیان کے خلاف مظاہروں کے دوران گذشتہ روز بھارتی پولیس نے 2 مسلمان مظاہرین شہید اور درجنوں کوزخمی کر دیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں بھارتی پولیس نے 2 مظاہرین کو گولی مار دی اور 227سے زائد افراد کو سڑکوں پر نکالی جانے والی ریلیوں کے دوران گرفتار کر لیا۔
پاکستان نے بھارت میں مسلم مظاہرین پر وحشیانہ تشددکی مذمت کی ہے، دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت میں مسلمانوں کےساتھ وحشیانہ سلوک کی مذمت کرتاہے،مظاہرین پربھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی فوٹیج خوفناک ہے،اترپردیش میں اب تک 227 لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے، بھارت کی ہندوتواپالیسی کامقصداقلیتوں خصوصاًمسلمانوں پرظلم کرناہے،پاکستان بھارتی مسلمانوں کےساتھ یکجہتی کا اظہارکرتاہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کی بےحسی مسلمانوں کومزیدپسماندگی کاباعث بنا سکتی ہے، بھارت توہین آمیزریمارکس پرذمہ داروں کےخلاف کارروائی کرے، عالمی برادری بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے۔

پیپلز پارٹی کے تحفظات، پنجاب کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ پھر التوا کا شکار

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ پھر التوا کا شکار ،صوبائی وزیر خزانہ کی حلف برداری کھٹائی میں پڑ گئی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے تحفظات اور دیگر مسائل تاخیر کی وجہ ہیں۔
مسلم لیگ ن ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے تحفظات سمیت دیگر مسائل پر کابینہ کے حلف اٹھانے کا معاملہ ملتوی ہو گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی حمزہ شہبازشریف کی اہم ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ پنجاب کے حلف کا معاملہ بھی ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی وزارت خزانہ نہ ملنے پر اپنے وزرا کو اہم محکموں کے قلمدان فوری دینے کی خواہشمند ہے، حکومت کا قلمدان سے متعلق معاملہ طے نہ ہوا جس پر کابینہ کا دوسرا مرحلہ بجٹ سیشن کے بعد ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ آفس ذرائع کےمطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے بجٹ تقریر کے پوائنٹس اویس لغاری کو بھجوا دیئے ہیں۔ پنجاب کا بجٹ اویس لغاری پیش کرسکتے ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بادل برسنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بھی پنجاب کے مختلف علاقوں اور خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں بعد از دوپہر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔
سندھ میں دادو، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی توقع ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بعد از دوپہربادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

چین نے تائیوان کے معاملے پر جنگ کی دھمکی دے دی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی حکام نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان کو چین سے آزاد کرانے کی کوئی بھی سازش کی تو بیجنگ کی طرف سے اعلانِ جنگ ہوگا۔
بی بی سی کے مطابق چین کے وزیر دفاع وی فینگ نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے سنگاپور میں ایک ایشیائی سیکورٹی سربراہی اجلاس میں ملاقات کی۔
وی فینگ نے آسٹن کو بتایا کہ تائیوان کو چین سے الگ کرنے سے بیجنگ کے پاس سوائے جنگ کے اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
وی فینگ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرت کرتا ہے، تو چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) ہر قیمت پر لڑنے اور ‘تائیوان کی آزادی’ کی کسی بھی کوشش کو کچلنے اور قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تیار ہے۔
تاہم دوسری جانب آسٹن نے دعویٰ کیا کہ تائیوان کے قریب روزانہ کی بنیاد پر متعدد چینی طیارے اڑ رہے ہیں جو خطے میں امن اور استحکام کو کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے چینی فوجی سرگرمیوں کو “اشتعال انگیز” اور عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔

سعودی عرب کا ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی قیمتوں پر ہرسال نظر ثانی کا فیصلہ

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اعلان کیا ہےکہ اب مملکت میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) اور مٹی کے تیل کی قیمتوں پر ہر سال نظر ثانی کی جائے گی۔
سعودی پیٹرولیم وگیس کمپنی آرامکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کے سلینڈر اور مٹی کے تیل کی قیمتیں اب سالانہ بنیادوں پر متعین کی جائیں گی۔
آرامکو کے مطابق ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ردو بدل کا اطلاق 11 جون 2022 سے ہوگیا ہے اور مقامی سطح پر قیمتوں کا تعین حکومتی طریقہ کار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر کیا جائےگا۔
آرامکو کی جانب سے اس وقت مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 0.81 ریال (تقریباً 43.98 پاکستانی روپے) اور فی کلو ایل پی جی 0.90 ریال (تقریباً 48.86 پاکستانی روپے)مقرر ہے۔

عالمی برادری بھارت میں اسلامو فوبیا کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے، صدرعارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں اسلامو فوبیا کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے۔
صدر پاکستان نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مختلف ’ہندوتوا‘ گروہوں کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف حیلے بہانوں سے بلا روک ٹوک اور ریاستی سرپرستی میں تشدد بھارت میں اسلامو فوبیا اور انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا عکاس ہے۔
صدر کا کہناہے کہ ہندوستان اپنی ہندوتوا پالیسیاں ترک کرے، اقلیتوں کو نشانہ بنانا، اُنکےمذہبی جذبات کو مجروح کرنا بند کرے،بھارت اپنی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف تشدد اور نفرت پھیلانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکے۔
صدر مملکت نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت توہین آمیز بیان دینے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے،ہندوستان اقلیتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بچانے،انہیں امن کے ساتھ اپنے عقائد پر عمل کرنے کی اجازت دینے کے لیے بھی فوری اقدامات کرے۔

وزیر خزانہ کی ملائیشیا، انڈونیشیا سے خوردنی تیل درآمد کاعمل تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ملائیشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے,اقدام کا مقصد صارفین کو بآسانی خوردنی تیل کی فراہمی یقینی بنانا ہے
خوردنی تیل کے ٹینکرز رواں ماہ پہنچ جائیں گے، تیل کا ذخیرہ بہتر ہونے پر قیمت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت خوردنی تیل کی دستیابی سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزرا مرتضیٰ محمود،رانا تنویر حسین اورسیکریٹریز نے شرکت کی سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں خوردنی تیل کے اسٹاک پر بریفنگ دی، اجلاس کو انڈونیشیا اور ملائیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کی صورتحال کے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں خوردنی تیل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، خوردنی تیل کے ٹینکرز رواں ماہ پہنچنے سے اسٹاک کی پوزیشن بہتر ہوگی، ذخائر بہتر ہونے سے قیمت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔