All posts by Khabrain News

زکریا ایکسپریس میں خاتون سے گینگ ریپ کی ویڈیو بنانے کا بھی انکشاف

کراچی: (ویب ڈیسک) بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو انکشاف کیا کہ ملزمان نے متاثرہ خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو ملتان سے کراچی آنے والی بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملتان سے کراچی آنے والے بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کردی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو انکشاف کیا کہ ملزمان نے متاثرہ خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل فون اور ویڈیو برآمد کرنی ہیں۔ ملزمان کی یونیفارم بھی برآمد کرنے ہیں۔ استدعا ہے کہ ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے گرفتار 5 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔
گرفتار ملزمان میں محمد زاہد، عاقب منیر، ذوہیب، عامر رضا اور عبد الحفیظ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 28 مئی کو ملتان سے کراچی واپس خاتون سے اجتماعی زیادتی کی تھی۔ ملزمان کیخلاف سٹی ریلوے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ متاثرہ خاتون عدالت میں 2 ملزمان کو شناخت بھی کرچکی ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے: پی پی اجلاس میں اتفاق

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمان میں اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر ہونے چاہئے
سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی پی کا اعلی سطح کا ہائبرڈ اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی بالخصوص کابل میں تحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے متعلق حالیہ پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمان میں اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر ہونے چاہئیں۔ پیپلزپارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ بھی کیا۔
بلاول بھٹو نے قرنطینیہ میں ہونے کی وجہ سے کورکمیٹی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ فریال تالپور اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی کورکمیٹی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر، خورشید شاہ اور فیصل کریم کنڈی، شریک ہوئے۔

عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے 16 جون کو خطاب کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے 16 جون کو خطاب کریں گے۔
سابق وزیراعظم 16 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کریں گے۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عمران خان کو خط کے ذریعے بار سے خطاب کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلاء کو شرکت کی دعوت کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ16 جون دوپہر 11 بجے عمران خان بار سے خطاب کرینگے، وکلاء کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کی اپیل پر سماعت بھی 16 جون کو ہو گی۔ مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہونگی۔

پیٹرول مہنگا ہوگا اور بے روزگاری بڑھے گی، شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بجلی کی قیمت 16 روپے چھوڑ کر گئی، اگلے ماہ کے اندر بجلی فی یونٹ 40 روپے تک ہو جائے گی، پٹرول کی قیمت 300 سے 310 روپے تک فی لٹرتک جائے گی، اوگرا کے مطابق غریب صارفین کے بلوں میں 400 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔ جس کا بل 1350روپے ماہانہ اس کا بل 3400 روپے ہوجائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور وزارت خزانہ کے سابق ترجمان مزمل اسلم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایگری کلچرمیں چاراعشاریہ چارگروتھ ہوئی، یہ کس کوبیوقوف بنارہے ہیں اکنامک سروے پڑھ لیں، بجٹ خسارہ2 ۔4 ہزار ارب روپے ہے، نمبرکبھی جھوٹ نہیں بولتے، ان کا منہ چڑھائیں گے، ہماری گروتھ 6 فیصد اور یہ 5 فیصد گروتھ کی بات کررہے ہیں۔ ہم نے سب سے زیادہ 5۔5 ملین افراد کو روزگاردیا، ہم نے تاریخ کا سب سے زیادہ ریونیواکٹھا کیا، حکومت سے کہتا ہوں کس کو بیوقوف بنارہے ہیں۔ بینکوں کے ٹیکس ریٹ انہوں نے بڑھا دیئے ہیں، مہنگائی اس وقت 4۔13 فیصد پر ہے، مفتاح اسماعیل کل سے بجلی، گیس کی قیمتیں بڑھانے کا عندیہ دے چکے ہیں، مہنگائی 25 سے 30 فیصد تک جائے گی۔ یہ 750ارب کی پٹرولیم لیوی لگائیں گے، پٹرولیم لیوی لگنے سے مہنگائی کا ایک اورطوفان آئے گا۔اس بجٹ سے دوکروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے جائیں گے، انھوں نے ہمارے سارے پروگرام بند کردئیے ہیں، مزدور کی کم ازکم اجرت کا کہیں ذکر نہیں ہے، ان کا مقصد معیشت ٹھیک کرنا نہیں اپنی چیزیں بہتر کرنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے کنفیوز بجٹ پیش کیا، ہم نے 30 سال میں سب سے زیادہ گروتھ دکھائی ہے، کمزور اکانومی کی بات کرنا کس کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے، کم ازکم اکانومی پر تو سنجیدہ ہوجاؤ، جتنا قرضہ بڑھا اس حساب سے معیشت بھی بڑھی ہے، 4.2 ٹریلین بجٹ خسارہ ہے، ترسیلات زر اورایکسپورٹس ریکارڈ سطح پر رہیں، ان کی زرعی گروتھ ہم سے کم رہے گی، زرعی شعبے کی ترقی 3.9 فیصد تک نہیں جائے گی، یہ انڈسٹری کی مراعات واپس لے رہے اس سے فیکٹریاں بند ہوں گی، ان کے گروتھ کے فگرز مشکوک ہیں، حکومت پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھائے گی۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ میرے گھرمیں گھس کرانہوں نے مجھے نکالا ہے، اب میں ان کو گھر کے باہر بیٹھ کر بتاؤں گا کہ گھر کو کیسے چلائیں گے، اب گھر کو چلاؤ، ہم تونالائق تھے ہمیں تو نکال دیا۔ انہوں نے الیکشن کے سال میں 800 ارب سرپلس کی بات کی، ان کو 800 ارب روپے کون دے گا، فوری طورپرالیکشن کال کرکے نگران حکومت کولانا چاہیے، اسمبلی کو تو اس صورتحال میں پیک اپ ہونا چاہیے، الیکشن کرانے چاہئیں، ایسی حکومت آنی چاہیے جس کے پاس فیصلے کرنے کا مینڈیٹ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہرچیزکی قیمت بڑھا کرعام آدمی کوپیس دیا، عوام کے بوجھ سے اسمبلی والوں کا کوئی تعلق نہیں، اس اسمبلی کو تو پیک اپ کر کے نئے الیکشن کی طرف جانا چاہیے، اکنامک مسئلہ گھمبیر ہے، حکومت کے گروتھ فگرزمشکوک ہیں، ہماری کیپسٹی ادائیگی 850 ارب روپے تھی، یہ سیلزٹیکس اور پٹرولیم لیوی بڑھائیں گے، ان کو پتا ہے دو ماہ بعد انہیں عوام پتھر مار کر باہر پھینک دے گی
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ہماری حکومت بجلی کی قیمت 16 روپے چھوڑ کر گئی، اگلے ماہ کے اندربجلی فی یونٹ 40 روپے تک ہو جائے گی، جب بجلی 40روپے فی یونٹ ہوگی تو گھریلو صارفین کا کیا حال ہوگا، جب بجلی مہنگی ہو گی تو لوگ انہیں پتھر نہیں ماریں گے تو اور کیا کریں گے، لگتا ہے امپورٹڈ حکومت نے دو ماہ میں خود کشی کر لینی ہے، پٹرول کی قیمت 300سے310روپے تک فی لٹرتک جائے گی، اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کوبین الاقوامی سازش کے تحت لایا گیا، ترین کے دورمیں معیشت صیح سمت میں جارہی تھی جسے خراب کردیا گیا۔ اوگرا کے مطابق غریب صارفین کے بلوں میں 400 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔ جس کا بل 1350روپے ماہانہ اس کا بل 3400 روپے ہوجائے گا،گرمیوں میں بھی گیس نہیں ہے، بجلی، گیس نہیں انڈسٹری بند ہونے جا رہی ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے فاٹا کے بجٹ میں بھی کٹوتی کردی ہے۔
اس موقع پر مزمل اسلم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے معیشت کے غلط اعداد و شمار دیئے، ٹیکس کا 57 فیصد سود کی ادائیگی کی مد میں جائے گا، ٹیکس کا ہدف یہ پورا نہیں کر سکیں گے۔ 5 تو دور کی بات یہ ڑھائی فیصد گروتھ تک نہیں جائیں گی، مہنگائی 35 فیصد تک جائے گی، یہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں کرسکیں گے، یہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں کر سکیں گے، انھوں نے ہمارے سارے پروگرام بند کردئیے ہیں۔ ایک ہزار ارب صرف ایک سال میں سود کی ادائیگی بڑھ جائے گی، ہماری ترسیلات بھی کم ہوگئیں ہیں، اس سال کا خسارہ 7 ہزار ارب سے بڑھ جائے گا، اب 35 فیصد سے زائد مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بجٹ سے پہلے پیٹرول کی قیمت بڑھا کر منی بجٹ دے دیا تھا۔

پاکستان کے راستے بیرون ملک جانے والے افغان شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے افغان شہریوں کو درپیش مسائل اور غیر قانونی امیگریشن کی خامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کے راستے بیرون ملک جانے والے افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز انیشی ایٹوز کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے افغان شہریوں کو 24 گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جائے گا،وہ ممالک جہاں افغان شہریوں کو امیگریشن مل چکی ہے وہ ان شہریوں کیلئے پاکستان کا راہداری ویزا حاصل کرنے کے لئے درخواست دیں گے۔

مولانا فضل لرحمان کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کے علاوہ نئی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ 2022-23 پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری بھی موجود تھے۔
فضل الرحمن اور چودھری شجاعت نے کہا کہ قومی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ اس سلسلے میں آئندہ بھی مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر قوم کو معاشی بحران سے نکالنا ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جاتے جاتے ملک کو معاشی بحران میں دھکیل دیا، جسے ختم کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔

بولیویا میں بغاوت پر آرمی چیف سمیت خاتون صدر کو 10 سال قید

سکرے: (ویب ڈیسک) بولیویا کی عدالت نے 2019 کے سیاسی بحران کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے پر سابق صدر جینین اینز سمیت اُس وقت کے مسلح افواج کے سابق کمانڈر ولیمز کلیمن اور پولیس چیف کو دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بولیویا کی عدالت نے 2019 میں منتخب حکومت کو اقتدار سے ہٹا کر خود حکومت میں آنے کے غیر آئینی اقدام پر سابق حکمرانوں اور فوجی کمانڈرز کو سزائیں سنائی ہیں۔
عدالت نے 54 سالہ سابق صدر جینین اینز، سابق فوجی کمانڈر ولیمز کلیمن اور سابق پولیس کمانڈر ولادیمیر کالڈیرون کو آئین کے خلاف فیصلے کرنے اور فرض سے غفلت برتنے کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے دس دس سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے بغاوت میں ملوث 4 فوجی سربراہان کو بھی سزائیں سنائیں تاہم یہ کم درجے کی سزائیں ہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کا کہنا تھا کہ جینین انیز اُس وقت دائیں بازو کی سینیٹر تھیں اور انھوں نے نے 2019 کے صدارتی انتخابات کو قبول نہ کرتے ہوئے منتخب حکومت کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔
جینین انیز نے اپنے خلاف لگنے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہیں اور انصاف کے لیے بین الاقوامی اداروں سے رجوع کریں گی جب کہ فیصلے کے خلاف ملک بھر میں لانگ مارچ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سابق صدر جینین انیز مارچ 2021 سے دہشت گردی، بغاوت اور سازش کے ابتدائی الزامات میں گرفتار ہیں اور انھیں جیل سے سماعت میں شرکت کا موقع بھی نہیں دیا گیا تھا۔
تاہم 2010 میں برسراقتدار آنے والی جماعت موومنٹ فار سوشلزم کے ارکان کا مؤقف ہے کہ جینین انیز نے 2005 سے 2019 کے درمیان غربت میں کمی کرنے والے بولیویا کے پہلے مقامی صدر مورالس کے خلاف بغاوت کی تھی۔

جنوبی افریقا میں تیز رفتار ٹرک اور مسافر بس میں خوفناک تصادم؛ 15 ہلاک

پریٹوریا: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا میں تیز رفتار ٹرک نے مسافر بردار بس کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 15 مسافر ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں دارالحکومت کی مصروف ترین ہائی وے پر مسافر بردار بس سامنے سے آنے والے تیز رفتار اور بے قابو ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بس کے پرخچے اُڑ گئے۔
خوفناک حادثے میں 15 مسافر ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتام منتقل کردیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال بس حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ ابتدائی طور پر محسوس ہوتا ہے کہ حادثہ ٹرک کی تیز رفتاری کے باعث ہوا۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں ٹریفک حادثات عام ہیں جس میں ہر سال ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 سے 4 ہزار کے درمیان ہے۔

رنویر سنگھ نے سندھی زبان بول کر سب کوحیران کر دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر رنویر سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں سندھی بولتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار رنویر سنگھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جوکہ ایک کمرشل کی ہے اور اس ویڈیو میں انہوں نے سندھی انداز اپنایا ہے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں سندھی زبان کا جملہ لکھا کہ ‘ڈاڈھو سٹھو’اور ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیگ میں سندھی فلمز کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس اس دلچسپ کمرشل کی ویڈیو میں دیکھایا گیا ہے کہ رنویر ایک گھر خریدنے جاتے ہیں تو اسٹیٹ ایجنٹ اس گھر کی تعریف کرتے نہیں تھکتا جس پر بار بار رنویر سنگھ سندھی میں کہتے ہیں کہ ‘ڈاڈھو سٹھو’۔ اسی دوران کمرے میں لگا فانوس ٹوٹ جاتا ہے اور ایک دیوار سے ٹکرا جاتا ہے جہاں سے ایک پائپ رسنا شروع ہوتا ہے۔
جس پر رنویز سنگھ کہتے ہیں کہ ’سجاوٹ پر اتنا خرچ کیا لیکن گھر کا پائپ لائن معیاری نہیں لگایا ‘۔ سوشل میڈیا پر اداکار کے سندھی انداز کو خوب پسند کیا جا رہا ہے اور صارفین ان کیلئے تعریفی کمنٹس کر رہے ہیں۔

جراسک ورلڈ ڈومینین ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھاگئی

نیویارک: (ویب ڈیسک) مشہور ِ زمانہ سائنس فکشن ہالی ووڈ فلم جراسک ورلڈ کی تیسری سیریز’جراسک ورلڈ ڈومینین‘ ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جراسک ورلڈ ڈومینین اس سال کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی متوقع فلموں میں سے ایک ہے اور ہالی ووڈ اسٹار کرس پریٹ کے دنیا بھر میں موجود مداح اس فلم کا بےصبری سے انتظار کر رہے تھے۔
تاہم اب یہ فلم دنیا بھر کے کئی ممالک کے سنیما گھروں میں پیش کی جا رہی ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جراسک ورلڈ ڈومینین نےصرف امریکہ میں ہی ریلیزکے آغاز پر 125 ملین ڈالر کا بزنس کیا ہے۔
گزشتہ روز بھارت میں ریلیز کے پہلے ہی دن جراسک ورلڈ ڈومینین نے 8 کروڑ سے زائد کا بزنس کر کے بالی ووڈ کی تمام نئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا، پاکستان میں بھی فلموں کے شوقین افراد جراسک ورلڈ ڈومینین دیکھنے کے لئے بےقرار ہیں یہی وجہ ہے کہ ریلیز کے ملک کے کئی سنیما گھروں میں فلم لگتے ہی ہاؤس فل ہوگئے ہیں۔
یونیورسل پکچرز کی اس فلم میں اس بار ڈائنوسورز کو پچھلی فلموں کے مقابلے زیادہ خطرناک دکھایا گیا ہے اس فلم میں بھی کرس پریٹ اور برائس ڈیلس ہاورڈ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
اس فلم کی کہانی ایملی کارمیکائل نے لکھی ہے کولن ٹریوورو کی ہدایتکار ی میں بننے والی یہ فلم ممکنہ طور پر ’جراسک ورلڈ‘ ٹرائلوجی کی تیسری اور آخری فلم ہوگی، جس کے بعد اسی سیریز کی نئی ٹرائلوجی بنانے پر کام شروع ہوگا۔