All posts by Khabrain News

ومبلڈن نے کھلاڑیوں کے معاوضے میں ریکارڈ اضافہ کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن نےکھلاڑیوں کے معاوضے کی مجموعی رقم میں اضافہ کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ومبلڈن میں کھلاڑیوں کے معاوضے کی رقم بڑھا کر ریکارڈ 5 کروڑ 5 لاکھ ڈالر یعنی 10ارب 20کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مردوں اور خواتین کے سنگلز کی انعامی رقم کم کرکے 25 لاکھ ڈالریعنی 50 کروڑ 50لاکھ پاکستانی روپے سےز ائد کردی گئی جو 2019 کے مقابلے میں تقریباً 15فیصد کم ہے۔
یاد رہے کہ سب سے پرانا گرینڈ سلیم ایونٹ ومبلڈن 27 جون سے شروع ہوگا۔

آزاد کشمیر: سماہنی جنگلات میں آگ بے قابو، 7 اہلکار جھلس گئے

آزاد کشمیر: (ویب ڈیسک) سماہنی کے جنگلات میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہ پایا جاسکا جب کہ آگ پر قابو پانےکی کوشش کے دوران 7 اہلکار جھلس کر زخمی ہوگئے۔
محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ وادی سماہنی کے باغسر سدھیڑی بلاک کے میں لگنے والی آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔آگ پرقابو پانے کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا تاہم 4 شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کیا گیا ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنگل کے بیشتر حصے پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا تھا تاہم آندھی کے باعث آگ دوبارہ بھڑک اٹھی۔

برطانیہ میں پیٹرول کی قیمت 17 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق برطانیہ کے مختلف علاقوں میں فی لیٹرپیٹرول کی قیمت 506روپے سے بھی زیادہ بڑھا دی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 515 روپے سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر برطانوی شہریوں کا کہنا ہےکہ اس صورتحال میں گاڑی سڑکوں پر لانا ناممکن ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ برطانیہ میں اس وقت پیٹرول کی قیمتیں 17 سال کی بلند ترین سطح پر ہیں جس کے باعث فیملی کار میں پیٹرول فل کرانے کی قیمت پہلی بار 100 پاؤنڈ سے تجاوز کرگئی ہے۔

قصور: گھر میں گھس کر 14 سالہ لڑکی سے زیادتی

قصور : (ویب ڈیسک) قصور کے علاقے منڈی عثمان والا میں 14 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم انتظار نے 14 سالہ لڑکی کو گھر میں گھس کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، مقدمہ درج کر کے جیو فینسنگ کی مدد سے ملزم کو 7 گھنٹے کے اندر اندر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو طبی معائنے کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائےگا

ملتان : (ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ون ڈے آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے پہلے ون ڈے میں بابر اعظم اور خوشدل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
یاد رہے کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

یوکرین کیلئے لڑنے پر3 غیر ملکی شہریوں کو سزائے موت

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین کے لیے جنگ لڑنے پر 3 غیر ملکی شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی حمایت یافتہ عدالت نے 2 برطانوی شہریوں اور ایک مراکشی شہری کو یوکرین کے لیے جنگ لڑنے پر سزائے موت سنا دی۔
مشرقی یوکرین میں روس کی حمایت یافتہ اور خودساختہ ڈونیسک پیپلز ریپبلک (ڈی پی آر) کی عدالت نے دو برطانوی اور ایک مراکشی شہری کو یوکرین کے لیے لڑنے کی پاداش میں موت کی سزا سنائی ہے تاہم ان افراد کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
عدالت نے برطانوی شہریوں ایڈن ایسلن، شان پِنر اور مراکشی شہری براہم سادؤن کو اقتدار پر قبضہ کرنے اور ڈونیسک پیپلز ریپبلک (ڈی پی آر) کے کے آئینی احکامات کی خلاف ورزی کا مجرم ٹھہرایا۔
مذکورہ تینوں افراد پر الزام تھا کہ انہیں یوکرین کی جانب سے روسی فوجیوں کے خلاف لڑتے ہوئے پکڑا گیا تھا جو 24 فروری کو یوکرین میں داخل ہوئے تھے۔
دوسری جانب برطانوی وزارت خارجہ نے اپنے دو شہریوں کو سزا سنائے جانے پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
اس سے قبل برطانوی وزارت خارجہ کی جانب سے اپنے شہریوں کی گرفتاری کو جنگی قیدیوں کا استحصال قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جنگی استثنٰی رکھتے ہیں۔

قرض وسود کی ادائیگیاں، زرمبادلہ کے ذخائر 32 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) قرض وسود کی ادائیگیاں اور بڑھتی ہوئی درآمدات کے سبب ملکی زرمبادلہ ذخائر 32 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔
سٹیٹ بینک مطابق ایک ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 59 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 32 ماہ کی کم ترین سطح 15 ارب 20 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔ ایک ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے ذخائر 49 کروڑ 70 لاکھ کمی کے بعد 9 ارب 20 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران بینکوں کے ذخائر 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کمی کے بعد 6 ارب ڈالر سے بھی نیچے آچکے ہیں۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سٹیٹ بینک کے ذخائر دو ماہ کی درآمدات کے لئے بھی ناکافی ہیں۔ حکومت کو جلد از جلد رقم کا بندوبست کرنا ہوگا۔

ہالی ووڈ اداکار مارک روفیلو فلسطینیوں کے حق میں بول پڑے

لاس اینجلس : (ویب ڈیسک) ووڈ کے اداکار مارک روفیلو نے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے پر ڈیجیٹل ادائیگی کے پلیٹ فارم ‘پے پال ہولڈنگز’ کی شدید مذمت کی ہے۔
اداکار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پے پال اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں میں کام کررہا ہے لیکن غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو خدمات فراہم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔
ہالی ووڈ کے اداکار مارک روفیلو نے مزید لکھا کہ یہ اقوام متحدہ کے رہنما اصولوں کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔

عمران خان کو نہیں بھولنا چاہیے ہمارے 11 ووٹ ہیں، پرویز الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کو نہیں بھولنا چاہیے ہمارے 11 ووٹ ہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سیاست ہماری جماعت کے گرد گھوم رہی ہے اور شہباز شریف کی حکومت صرف 2 ووٹوں سے قائم ہے جو طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک کا ووٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران باہر نکل کے لوگوں کو کیا بتائیں گے؟ ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے کسان رل گئے ہیں۔ پی ٹی آئی سے پرانا تعلق ہے اور شریف خاندان کو 20 سال سے دیکھ چکے ہیں۔ ق لیگ نے تمام حلقوں میں کام کیا اور مونس الہٰی کے پاس وزارت بھی تھی جبکہ چودھری سالک پہلی دفعہ سیاست میں آئے ہیں ان کو لانے میں تعاون کیا تھا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر چودھری شجاعت حسین سے بات ہوئی ہے اور چودھری شجاعت حسین نے کہا کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو۔ مسلم لیگ ق متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے تھے آصف علی زرداری کو گھسیٹوں گا لیکن اب آصف زرداری وزیر اعظم کو گھسیٹ رہے ہیں اور آصف زرداری نے شہباز شریف کو لاوارث کر دیا۔ عمران خان کو اچھا لگے یا برا، کہہ دیتا ہوں کی یہ غلط ہوا اس کو ٹھیک کریں اور 2018 سے پہلے عمران خان کا کوئی وجود نہیں تھا بس ان کا شوق تھا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران خان نے حکومت بنائی تو 7 ووٹوں کا مارجن تھا اور ہمارے 11 ووٹ تھے اس لیے عمران خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان پھر کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کہاں سے ووٹ لے گی؟ اور عمران خان ضمنی انتخابات کے سلسلے میں حلقوں میں خود جائیں گے۔ بجٹ اجلاس میں یہ لوگ اپنے بندے تو پورے کریں۔
رہنما ق لیگ نے کہا کہ پاکستان کا نظام ،معاشی، سیاسی اور اخلاقی طور پر کمزور ہوا ہے۔

وزیر اعظم کا گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل دینے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بلوچستان بالخصوص گوادر میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے بڑا اقدام، وزیرِ اعظم نے گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہمی وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا، اس حوالے سے 10 دن کے اندر لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر آف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے، گوادر میں آف شور اور آن شور ونڈ پاور منصوبوں کیلئے بھی حکمتِ عملی بنائی جائے، اور جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کے اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے.
شہباز شریف نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں دیر کسی قدر قابلِ قبول نہیں، متعلقہ محکمے یقینی بنائیں کہ طویل مدتی منصوبوں میں بھی وقت اور لاگت میں جس قدر ہو سکے کمی لائی جائے، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی بچت کرے اور اسکا صحیح استعمال یقینی بنائے، گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، گوادر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے.
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، انجنئیر خرم دستگیر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگور اور اور ایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجراء کیا جا رہا ہے، چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی، اس سے بجلی کی مجموعی فراہمی 260 میگاواٹ جبکہ کھپت 236 میگاواٹ ہوگی.
مزید یہ کہ خضدار پنجگور ٹرانسمیشن لائن کی دسمبر 2022 میں تکمیل کے بعد 90 میگاواٹ کا سسٹم میں مزید اضافہ ہوگا. اس منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے. اسکے علاوہ حب اورماڑا ٹرانسمیشن لائن کی فیضیبلٹی تیاری کے مراحل میں ہے. اس ٹرامیشن لائن کی تکمیل کے بعد مزید 200 میگاواٹ سسٹم کو فراہم کر دیا جائے گا.
وزیرِ اعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت لانے کی بھی ہدایت کی۔