All posts by Khabrain News

عامر لیاقت کی بیٹی دعا نے پوسٹ مارٹم کیلئے منع کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی بیٹی دعا نے پوسٹ مارٹم کیلئے منع کر دیا۔
خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے، ڈاکٹر عامر لیاقت کے ملازم نے بتایا کہ رکن اسمبلی کی طبیعت صبح خراب ہوئی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے، انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کے بعد میت اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی، تاہم اب مرحوم کی بیٹی نے پوسٹ مارٹم کے لئے منع کردیا ہے۔
عامر لیاقت کی میت کو چھیپا سرد خانے روانہ کردیا گیا ہے، مرحوم کے صاحبزادے کی لندن سے واپسی تک پوسٹ مارٹم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 10فیصد اضافے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 10فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 205 کے تحت دی ہے۔

عمران خان کا منحرف ارکان کے حلقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے منحرف ارکان کے حلقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے، منحرف ارکان کو انتخاب میں ناکام بنانے کے لئے عمران خان خود میدان میں آئیں گے۔
تحریک انصاف کی متعلقہ تنظیموں نے عمران خان کو منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسوں سے خطاب کی دعوت دیدی ہے، عمران خان پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کے اجتماعات سے خطاب کریں گے، منحرف ارکان کے حلقوں میں پارٹی ٹکٹوں کے معاملے پر بھی عمران خان خود امیدواروں کے انٹرویو کررہے ہیں۔
صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سفارشات میں تجویز کئے جانے والے تین تین امیدوارں سے عمران خان انٹرویو کررہے ہیں، پارٹی کے مرکزی رہنماوں کو بھی منحرف ارکان کے ضمنی انتخابات میں مہم کے لئے ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ، اہم مرکزی رہنماوں کو مختلف انتخابی حلقوں میں ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

مدت پوری کرکے ہی الیکشن کی طرف جائیں گے، مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مریم نواز نے بنی گالہ کو منی گالہ قرار دے دیا،ان کا کہنا ہے کہ ایک تالہ کھلوانے کےلیے پانچ قیراط کا ہیرا مانگا گیا۔رانا ثنااللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا،اب انقلاب ضمانتیں کروارہا ہے۔،مدت پوری کرکے ہی الیکشن کی طرف جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔ رانا ثنااللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ اب انقلاب ضمانت لے کر سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہا ہے۔رانا ثناءاللہ راہ دیکھ رہے ہیں یہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں،جب یہ جھتہ اسلام آباد کا رخ کرے تو ہم انہیں بتا دیں کہ ہم ان کے دباؤ میں نہیں آنے والے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا نام منی گالہ ہونا چاہیئے۔ایک تالہ کھلوانے کے لیے خاتون اول کو پانچ قیراط ہیرا دے دیا۔آپ ہیرے پہنیں ساری انگلیوں میں پہنیں مگر اپنے پیسوں سے عوام کے پیسوں سے نہیں۔ملک ریاض نے پیسے دیے انہیں جواب دے ہونا چاہیئے۔سوال ان سے کرنا چاہئے جس نے میرٹ کے بجائے پیسے دے کر کام کروانے کا کلچر پرموٹ کیا۔سوال ان سے کیا جائے جس پورا صوبہ فرح گوگی کے حوالے کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں چھوڑی ہیں۔ ان کے بڑے لیڈر ساتھی کہہ رہے ہیں کہ عمران خان پاگل دمی ہے۔عمران خان جانتے تھے کہ وہ جانے والے ہیں انہوں نے جان کر بیرونی سازش کا ڈرامہ رچایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے۔ عمران خان کے وزرا کہتے تھے، چینی کم کر دیں، روٹی کم کھائیں، ہم ایسا نہیں کہہ رہے۔وزیراعظم معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔وزیر اعظم ایسے شخص ہیں جن کوعوام کا درد ہے۔مجھے وزیراعظم کو مشورہ دینے کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو حل کر لیں گے۔ہمیں 20 یا 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ والا پاکستان ملا۔ہم نے 2018میں زیرو لوڈ شیڈنگ کا ملک دیا۔آئی سی یو میں پاکستان کو پھینک کر گئے ہیں۔ایسا بوجھ ڈال کرگئے جس کو اٹھانے کی پاکستان میں ہمت نہیں
انہوں نے کہا ہے کہ شہبازشریف دن رات عوام کے لیے کام کررہے ہیں۔ہم نے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا چینی سستی کی اور حج سستا کیا۔عمران خان جو کر گئے ہم اس کا رونا نہیں رو رہے بلکہ کام کر رہے ہیں۔ریلیف آیا ہے اور مزید آئے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کے پی کی عوام کے لیے موبائل آٹا شاپس بنائی گئی تاکہ سستے آٹے کی فراہمی ممکن ہوسکے۔کے پی کی حکومت بنی گالا کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور ہم ان کی عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں کوشش ہے مدت مکمل کریں۔مدت پوری کرکے ہی الیکشن کی طرف جائیں گے۔میں سمجھتی ہوں نیا مینڈیٹ لایا جائے۔نواز شریف جلدی آئیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جو بھی ریٹائرڈ فوج حضرات ہیں اگر وہ اپنے ادارے کے ساتھ وفادار نہین، کسی کے کہنے پر ادارے میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہین تو افسوسناک ہے۔جس ادارے نے انہیں عزت دی اور آج عمران خان کے کہنے پر اسے برا بھلا کہیں تو افسوسناک ہے۔میرا مشورہ ہے کہ اگر ایسا ہی کرنا ہے تو اپنے ادارے کے رینکس اتار کر ادارے کو واپس کریں اور کسی سیاسی جماعت کے ساتھ الحاق کا اظہار کریں۔

ڈالر کی اونچی اڑان، روپیہ ہلکان، 1947 سے 2022 تک کہانی سامنے آ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) روپیہ آج پورے ملک کو رلا رہا ہے کیونکہ تاریخ کی سب سے بڑی گراوٹ سے گزر رہا ہے، ڈالر کے مقابلے میں کمزور ہوتے روپے سے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آج ایک ڈالر کی قیمت 201 روپے سے تجاوز کر گئی، گذشتہ 74 برس میں روپیہ کس طرح گراوٹ کا شکار ہوا۔
ڈالر کی اونچی اڑان سے روپیہ ہلکان ہو گیا، گذشتہ 4 سال پاکستانی کرنسی کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہوئے۔ 1947ء میں ڈالر کی قیمت 3 روپے 31 پیسے تھی، پاکستان مسائل میں گھرا تھا مگر ڈالر کی قیمت میں پہلی بار اضافہ 1955 میں ہوا، ڈالر کی قیمت 60 پیسے بڑھ کر 3 روپے 91 پیسے ہو گئی۔
سال 1955 کے بعد چودھری محمد علی، محمد حسین شہید سہروردی، محمد اسماعیل چندریگر، ملک فیروز خان نون اور نورالامین آئے مگر ڈالر کنٹرول میں نہ آیا۔
1971 میں ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے صدر بنے اور 1972 میں ڈالر نے بڑی چھلانگ لگائی، ڈالر 6روپے پچیس پیسے بڑھ کر 10روپے 16 پیسے کا ہو گیا۔
پھر ڈالر مضبوط سے مضبوط اور روپیہ کمزور سے کزور تر ہوتا گیا، یہاں تک کہ 1977 میں ذوالقفار علی بھٹو کی بطور وزیراعظم حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔
پھر جنرل ضیاالحق آئے ، مگر ڈالر کی قدرنہ روک سکے، ضیا دور میں ڈالر کی قیمت میں 8روپے اضافہ ہوا۔ 1985 سے 1988 کے دوران محمد خان جونیجو تقریبا تین سال تک وزیراعظم رہے مگر وہ بھی ڈالر کی رفتار کم نہ کر پائے اور ڈالر 10 روپے سے بڑھ کر 18 روپے تک جا پہنچا۔
سال 1988سے 1990 کے دوران بے نظیر بھٹو کا پہلا دور حکومت تھا جب ڈالر کی قدر میں تین روپے 71 پیسے اضافہ ہوا، ڈالر21 روپے 71 پیسے تک پہنچ گیا۔
نوازشریف کے پہلے دور میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 6 روپے اضافہ ہوا، 1991 سے 1993 تک ڈالر 28 روپے 11 پیسے کا ہوگیا۔ بے نظیر بھٹو دوسری بار اقتدار میں آئیں تو ڈالر کی قیمت ساڑھے پانچ روپے بڑھ گئی۔
سال 1994 سے 1996 تک امریکی کرنسی کی قیمت 36 روپے آٹھ پیسے ہو گئی، نواز شریف کے دوسرے دور میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 15 روپے اضافہ ہوا۔ 1997 سے 1999 تک ڈالر نصف سنچری عبور کرکے51 روپے 72 پیسے تک جا پہنچا۔
بارہ اکتوبر 1999ءکو پرویز مشرف نے اقتدار سنبھالا، پندرہ نومبر 2009 کو پرویز مشرف کی اقتدار سے رخصتی کے وقت ڈالر 61 روپے اٹھارہ پیسے پر تھا۔ پرویزمشرف دور میں ڈالر کی قدر میں 9 روپے46 پیسے کا اضافہ ہوا۔
24 مارچ 2009 کو پیپلزپارٹی کی حکومت اقتدار میں آئی تو ڈالر62 روپے 22 پیسے پر تھا، 24 مارچ 2013 کو پیپلزپارٹی اک اقتدار ختم ہوا تو ڈالر 98 روپے 22 پیسے پر تھا۔
پیپلزپارٹی کے دور اقتدار میں ڈالر کی قیمت میں 36 روپے کا اضافہ ہوا، مسلم لیگ ن پانچ جون 2013 کوا قتدار میں آئی تو ڈالر کی قدر 98 روپے 51 پیسے پر پہنچ چکی تھی۔ یکم جون 2018ء کو مسلم لیگ کی حکومت اقتدار سے رخصت ہوئی تو ڈالر 115 روپے 68پیسے پر تھا۔
مسلم لیگ ن کے دور میں ڈالر کی قدر 17 روپے 17 پیسے بڑھی، 18 اگست 2018 کو عمران خان حکومت میں آئے تو ڈالر کی قدر 124 روپے چار پیسے تک پہنچ گئی۔دس اپریل 2022 کو عمران خان کی حکومت ختم ہوئی اس وقت ڈالر 184 روپے 68 پیسے پر تھا۔ عمران خان حکومت میں ڈالر کی قدر میں 60 روپے 64 پیسے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔
گیارہ اپریل 2022ء کو شہباز شریف وزیراعظم بنے ان کے دور میں ڈالر کی قدر 182 روپے 92 پیسے تھی، جون 2022ء میں ڈالر کی قدر 201 روپے 52 پیسے ہے۔ شہباز شریف کے لگ بھگ دو ماہ کے دور میں ڈالر کی قدر میں 18 روپے 60 پیسے کا اضافہ ہوا۔
2018 سے 2022 تک چار سال ڈالر کی قیمت میں سب سے حیران کن 79 روپے 24 پیسے کااضافہ دیکھا گیا۔ کیا لمبی چھلانگ، کیا اڑان، ایسا لگا کہ ڈالر راکٹ کی طرح گیا۔ اعدادوشمار کا جائزہ لیں تو 1947 میں قیام پاکستان سے 2018 تک 71 سال میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 112 روپے 37 پیسے کا اضافہ ہوا۔
گذشتہ چار سال 2018 سے 2022 تک ڈالر کی قیمت نے 79 روپے کی اونچی اڑان بھری،جو پاکستان کی تاریخ کا تیز ترین اضافہ ہے۔ اکہتر سال میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت 112 روپے کم ہوئی جبکہ گذشتہ صرف 4 سال میں 79 روپے کم ہو گئی۔ آخر میں 1947 سے رواں سال تک ڈالر کی صورت حال گراف میں ظاہر کی گئی ہے۔

گواہان کو راستے سے ہٹانا اس مافیا کا کام ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر مملکت اور رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا ہے کہ گواہان کو راستے سے ہٹانا اس مافیا کا کام ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مافیا نے پورا نظام کرپٹ کر دیا اور آڈیو ویڈیوز سے لوگوں کو بلیک میل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان کو ہٹایا گیا اور ان پر دباؤ ڈالا گیا، ان کی موت سوالیہ نشان ہے اور آج مقصود ملک کے انتقال کی خبر آئی۔ 10 ہزار روپے تنخواہ لینے والا دبئی میں کیسے گزارہ کر رہا تھا؟
فرخ حبیب نے کہا کہ گواہان کو راستے سے ہٹانا اس مافیا کا کام ہے جبکہ ملک کو زرداری اور شریف خاندان نے تباہ کر دیا اور مریم صفدر نے جھوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا، بس عمران خان عمران خان۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو چوروں کے حوالے کیا جا چکا ہے اور این آر او ٹو لے کر یہ لوگ بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے کیس میں آج تک رسیدیں جمع نہیں کرا سکے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں جبکہ ملک میں لوٹ مار کی سیل لگ چکی ہے۔

کپتان تم پاکستان کی شان ہو، شاہین آفریدی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی شان قرار دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ریکارڈز ایک چیز ہیں لیکن آپ نے کل رات خوشدل شاہ کو مین آف دی میچ ایوارڈ دے کر جس عظمت کا مظاہرہ کیا، آپ نے لاکھوں دل جیت لیے۔
آفریدی نے انہیں دعا دیتے ہوئے لکھا کہ کپتان اللہ کرے آپ پاکستان کے لیے مزید ریکارڈ توڑتے رہیں۔ آپ پاکستان کی شان ہو۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم اور خوشدل شاہ کی تصویر بھی شئیر کیں۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنا مین آف دا میچ کا ایوارڈ خوشدل شاہ کو دے دیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان نے پہلے ون ڈے میں مہمان ٹیم کو 5 رنز سے شکست دی۔ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
بابراعظم شاندار سنچری بنا کر نمایاں رہے ۔ تاہم اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کر کے 23 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور آخری اوور میں ٹیم کو جیت دلوائی۔
جیوری کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے کپتان بابراعظم کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے لیے چنا گیا۔ کپتان نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ خوشدل شاہ کو دے دیا، جس سے انہوں نے میچ کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کے دلوں کو بھی ایک بار پھر جیت لیا۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال پر سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال پر صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگواران سے اظہار ہمدردی کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عامر لیاقت حسین کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کریں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے عامر لیاقت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔
آصف علی زرداری نے عامر لیاقت کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ عامر لیاقت حسین کی مغفرت کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

کراچی والوں کیلئے بجلی7 روپے80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی والوں کے لیے بری خبر آ گئی۔ بجلی 7 روپے80 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔
نیپرا نے کراچی والوں کیلئے بجلی7 روپے80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔نیپرا نے اضافے کی منظوری دو مختلف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں دی ہے۔
جولائی تاستمبر 2021 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی6 روپے 47 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نیپرا نے مجنوری تا مارچ 2021 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے33 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی ۔نیپرا نے سمری نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادی ہے۔
کے الیکٹرک والوں کیلئے بجلی ایک روپے41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔نیپرا نے کمی کی منظوری دو الگ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں دی ہے۔
اپریل تا جون2021 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 94 پیسے سستی کرنے کی منظوری دی گئی۔ اکتوبر تا دسمبر 2021 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی47 پیسے سستی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے۔ اسپیکر نے عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی انتقال کی تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین گزشتہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھے۔
عامر لیاقت حسین کچھ عرصے سے الزامات کے زد میں تھے اور انہوں نے ملک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کی تھی اور تیسری بیوی نے ان پر مختلف الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب تھے۔
عامر لیاقت حسین ملک کے بڑے نجی ٹی وی چینلز سے منسلک رہے تھے وہ مشہور ٹی وی میزبان تھے اور رمضان المبارک میں طویل ٹرانسمیشن کرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے۔
عامر لیاقت حسین نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز ایم کیو ایم سے کیا تھا، انہوں نے 2002 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ وفاقی وزیر مذہبی امور بھی رہ چکے تھے۔
مارچ 2018 میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اختیار کر لی تھی اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔