All posts by Khabrain News

محکمہ موسمیات کی آج پنجاب، خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج پنجاب، خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ کراچی میں تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں بارش جبکہ جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ کراچی میں آندھی چلنے کی پیشگوئی ہے۔ ہواوٴں کی رفتار 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کو بھی چھوسکتی ہے، تیز ہواؤں کی وجہ سے کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان ہوسکتا ہے۔

پنجاب حکومت ایک لاکھ 30 ہزار بھرتیاں کرے گی، نوٹیفکیشن جاری ہوچکا: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ایک لاکھ 30 ہزار بھرتیاں کرے گی، امیدواروں کو عمر میں دو برس کی رعایت دی جائے گی، نوٹیفکیشن جاری ہوچکا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غاز ی خان میں عمائدین اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملازمتوں کی بھرتی کا اشتہار دیا جا چکا، ملازمتوں کے لئے امیدواروں کو بالائی عمر میں 2 برس کی رعایت دی جائے گی، عمر میں 2 برس کی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا، پاکستان ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث اپنی اصل منزل سے دور ہوا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان درست ٹریک پر آچکا ہے، ساڑھے تین برس کے دوران صرف اور صرف عوام کی خدمت کی ہے، حکومت کے دامن پر کرپشن سکینڈ ل کا کوئی داغ نہیں۔
مشیر حنیف پتافی کا کہنا تھا کہ عاجزی اور انکساری کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں، پنجاب کے عوام خوش نصیب ہیں انہیں عثمان بزدار جیسا عوامی خدمت سے سرشار وزیر اعلی ملا ہے، وزیراعلی عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کو اس کا حق واپس کیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار کا دور پسماندہ علاقوں کی ترقی کا دور ہے۔

بالی وڈ میں انٹری سکہ اچھال کر ہوئی: پریتی زنٹا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سکہ اچھال کر بالی وڈ میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے بتایا کہ ان کے اس کامیاب کیریئر کا آغاز سکے کے ذریعے کئے گئے ٹاس سے ہوا۔ ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پریتی نے بتایا کہ اگر ٹاس ان کے حق میں نہ ہوتا تو شاید وہ اداکاری کا انتخاب نہ کرتیں، انہیں شیکھر کپور کی فلم “تارارم پم پم” کی پیشکش کی گئی تو انہوں نے فیصلہ قسمت پر چھوڑ دیا۔
پریتی زنٹا نے کہا کہ یہ پرفیکٹ کہانی لگتی تھی مگر میں نے فیصلہ کیا کہ اگر میری قسمت ہے تو میں ٹاس کروں گی۔ اگر ہیڈ آیا تو فلم کروں ٹیل آیا تو نہیں کروں گی۔ اگرچہ پریتی زنٹا ہی ہیڈ ہی آیا مگر “تارا رم پم پم ” ریلیز نہ ہو سکی اور انہوں نے ٹاس کا فیصلہ آنے پر بالی وڈ میں قدم رکھ دیا۔

کھاد، بیج اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، کسانوں کا احتجاجی مارچ کا اعلان

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں کاشتکار تنظیموں نے کھاد، بیج اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کسان مارچ کا اعلان کر دیا، پہلے مرحلے میں مختلف اضلاع میں احتجاج جبکہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف دو کروڑ ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن کھاد بحران اور قیمتوں میں خودساختہ اضافے کے باعث کاشتکاروں کی قوت خرید کم ہونے پر فصل کی پیداوار میں 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے مختلف بیجوں، بجلی اور چارہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں جس پر کاشتکار تنظیموں نے گندم کی امددای قیمت بائیس روپے من مقرر کرنے اور دیگر مطالبات کے حصول کیلئے چودہ فروری کو بے زبان حیوان، بے بس کسان مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔
کاشتکاروں کے احتجاج پر سیکرٹری زراعت کی منطق ہے کہ حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کے حوالے سے کھاد بحران کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو چکا تاہم بیج اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر کاشتکار احتجاج کی بجائے آلو اور مکئی کی کاشت پر توجہ دیں۔
فروری کے آخری ہفتے میں کسان مارچ کے شرکا اسلام آباد پہنچ کر دھرنا دیں گے جس کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

پی ایس ایل 7 میں آج پشاور زلمی اور لاہور قلندرز معرکہ آراء ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون میں آج ایک میچ کھیلاجائے گا، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
نیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی، دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ایک جیت اور ایک ہار کا مزہ چکھ چکی ہیں، اہم مقابلے کے لیے قلندرز اور زلمی کے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی۔
کراچی کنگز کے خلاف سنسنی خیز میچ میں جیت حاصل کرنے والی ٹیم قلندرز ایک اور فتح کے لیے پر امید ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم زلمی نے جیت کے ساتھ کم بیک کرنے پر نظریں جما لیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والےآخری پانچ مقابلوں میں قلندرز کا پلڑا بھاری رہا، زلمی کو چار مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔

میانمار میں فوجی حکومت کی حمایت میں نکالی جانیوالی ریلی پر حملہ، 2 افراد ہلاک

میانما ر: (ویب ڈیسک) میانمار میں فوجی حکومت کی حمایت میں نکالی جانیوالی ریلی پر حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔
حملہ میانما رکے مشرقی علاقے میں ہوا، حملہ آور نے فوج کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے واپس لوٹنے والوں پر دو گرنیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور اڑتیس زخمی ہوگئے۔
میانمار میں فوجی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر ریلی نکالی گئی تھی۔

مائیکل وان پی ایس ایل کے معترف، بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈکرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان بھی پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ مائیکل وان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک قرار دیا۔ انہو ں نے لکھا کہ’پاکستان سپر لیگ دنیا کا دوسرا بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہے جبکہ یہ انڈین پریمیئر لیگ سے بھی کم نہیں ‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار شاندار ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے کراچی میں جاری ہیں، ایونٹ 27 فروری تک جاری رہے گا۔

آزادکشمیر:کورونا کے باعث کوٹلی میں تمام تعلیمی ادارے آج سے 9 فروری تک بند

کوٹلی: (ویب ڈیسک) کوٹلی آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی جس کے بعد تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کوٹلی میں تمام تعلیمی ادارے آج سے 9 فروری تک بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ طلبا میں کورونا مثبت آنے پر جمرود کے دوسرکاری کالجز 7 روز کے لیے بند کر دیے گئے۔

کورونا مزید 29 افراد کی جان لے گیا، چوبیس گھنٹے کے دوران 6047 نئے مریض

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ آٹھ آٹھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 330 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 47 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 82 ہزار 316، سندھ میں 5 لاکھ 44 ہزار 722، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 96 ہزار 328، بلوچستان میں 34 ہزار 501، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 737، اسلام آباد میں ایک لاکھ 29 ہزار 4 جبکہ آزاد کشمیر میں 38 ہزار 805 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سلامتی کونسل اجلاس، روس اور امریکا کی ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ

نیویارک: (ویب ڈیسک) یوکرین کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس اور امریکا نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، ماسکو نے بیلاروس میں مشترکہ جنگی مشقوں کے لئے کیمپ قائم کردیا جبکہ جوبائیڈن نے ایک بار پھر روس کے ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل میں امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نے ماسکو کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا یوکرین پر حملے کی دھمکی دے کر روس اشتعال انگیز ی کررہا ہے، حملہ کیا تو ماسکو کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
روس کے نمائندے نے اشتعال انگیزی کا ذمہ دار امریکا اور اتحادیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا مغربی ممالک خود کشیدگی کو ہوادے رہے ہیں، انکے رویہ سے لگتا ہے کہ یہ لوگ جنگ کے خواہاں ہیں، امن چاہتے ہیں تو مذاکرات کے ذریعہ مسائل حل کریں۔
ادھر روسی افواج نے بیلاروس کے ساتھ جنگی مشقوں کے لئے کیمپ قائم کردیا ہے، 10 سے 20 فروری تک فوجی مشقیں جاری رہیں گی ۔
امیر قطر کے وائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روس جو مرضی قدم اٹھائے امریکا جواب دینے کو تیار ہے۔