All posts by Khabrain News

پہلا ون ڈے میچ، طبیعت خراب ہونے پر امپائر علیم ڈار گراؤنڈ سے باہر چلے گئے

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلے ون ڈے میچ کے دوران امپائر علیم ڈار طبیعت خراب ہونے کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
پاکستان کے انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار کی دوران میچ شدید گرمی کے باعث طبیعت خراب ہوگئی، طبیعت کی خرابی کی وجہ سے ڈاکٹرز کی جانب سے ان کا معائنہ کیا گیا۔
علیم ڈار کی جگہ فیصل آفریدی امپائرنگ کے لیے میدان میں آئے، دوسرے فیلڈ امپائر احسن رضا کی جانب سے فرائض کی انجام دہی کی گئی۔

چودھری برادران کا سیاسی طور پر راہیں جدا کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری برادران نے سیاسی طور پر راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) سیاسی معاملات پر اختلافات کا شکار ہے اور چودھری برادران نے سیاسی طور پر ایک دوسرے سے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین، چودھری سالک حسین مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھل کر کھڑے ہوگئے، چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور چودھری حسین الٰہی تحریک انصاف کے اتحادی رہیں گے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ خاندانی اختلافات میں شدت کے باعث سیاسی معاملات پر راہیں جدا کی گئیں، پہلی بار خاندان کے دونوں بڑوں نے الگ الگ سیاسی راستون کا اعتراف کر لیا جبکہ دوریاں بڑھنے کے باعث جلد حتمی فیصلے کا امکان ہے۔
حسین الٰہی بیرون ملک ہیں، وطن واپس آتے ہی بڑا فیصلہ ہوجائے گا، گھر کے تین ایم این ایز میں سے دو تحریک انصاف کے حامی ہیں۔

ایک ہفتہ قبل سمندر میں گرا آئی فون ٹھیک حالت میں خاتون کو واپس مل گیا

مسیسیپی: (،ویب ڈیسک) امریکی ریاست مسیسیپی کے ایک جزیرے پر سیاحت کیلئے آئے کوڈی لوکو پانی میں پڑا آئی فون ملا جو ایک ہفتے سے زیرِ آب تھا اور حیرت انگیز طور پر کام کررہا تھا۔
تحقیقات پر پتہ چلا کہ یہ فون فلوریڈا کے شہر گلف پورٹ کی رہائشی ایرن اسکیگس نامی خاتون کا ہے۔ رابطے پر خاتون نے بتایا کہ ہارن آئی لینڈ کے میموریل ڈے کے سفر کے دوران ان کا فون پانی میں گم ہو گیا تھا۔
کوڈی لو نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ وہ اتوار کو ہارن آئی لینڈ کا دورہ کر رہے تھے جب انہیں پانی میں ایک آئی فون ملا۔ انہوں نے فون کو پلگ-اِن کیا اور یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ اب بھی کام کر رہا ہے۔
لو نے فون کی لاک اسکرین کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اسکیگس اور ان کے شوہر کی فوٹو تھی اور یوں خاتون کو اپنا کھویا ہوا آئی فون پانی میں ایک ہفتہ رہنے کے باوجود ٹھیک حالت میں مل گیا۔

انڈونیشیا؛ لاشیں دریا میں پھینکنے کے جرم میں فوجی افسر کو عمر قید

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں ملٹری ٹربیونل نے دو نوجوانوں کی لاشوں کو دریا میں پھینکے کا جرم ثابت ہونے پر فوج کے کرنل کو عمر قید کی سزا سنادی۔ فوجی افسر پر گزشتہ برس اس کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے دو موٹر سائیکل سواروں کی لاشوں کو دریا میں پھینکنے کا الزام تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جکارتہ ملٹری ٹربیونل کے ججز کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرنل پریانتو کے عمل کو منصوبہ سازی کے تحت کیے گئے قتل کے طورپر لیا ہے۔
عدالت نے مسلح افواج کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ اس افسر کو ملٹری سروس سے برخاست کریں۔
پوسٹ مارٹم کے مطابق ایک نوجوان اس وقت تک زندہ تھا جب پریانتو نے اپنے دو ماتحتوں کے ساتھ ان دونوں کی اجسام کو وسطی جاوا صوبےکے ایک دریا میں پھینکا۔
فیصلہ سناتے ہوئے چیف جج بریگیڈیئر جنرل فریدہ فیصل کا کہنا تھا کہ بطور تربیت یافتہ سپاہی، ملزم نے اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو وحشی انداز میں قتل کیا۔
گزشتہ دسمبر میں پریانتو کے ساتھ اس کی کار میں اس کے دو ماتحت موجود تھے جب کار کی ٹکر ایک موٹر بائیک کے ساتھ ہوئی جس کے نتیجے میں 17 سالہ ہانڈی سپُوترا اور اس کی دوس سلسبیلا شدید زخمی ہوگئے۔
عدالت میں بتایا گیا کہ جب ماتحتوں نے زخمیوں کو اسپتال لے جانے کا کہا تو پریانتو نے درخواست مسترد کرتے ہوئے جھڑکا اور کہا ہم فوجی ہے، بچوں کی طرح نہ رو۔
فوجی افسر نے مقدمے کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کو دونوں لاشوں کو پھینکنے کا خیال تھا کیوں کہ اس نے سوچ لیا تھا کہ دونوں نوجوان اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ چکے تھے اور حرکت نہیں کر رہے تھے۔

کیا صبا قمر اداکاری کو خیرباد کہنے جارہی ہیں، اداکارہ نے بتادیا

کراچی: (کویب ڈیسک) پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ خوبرو اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ وہ جلد شادی کرنے والی ہیں اور شوہر کے ساتھ حج پر جانا ان کا خواب ہے۔
یوٹیوب چینل گلوس ای ٹی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں ایک شخص کو پا کر خوش ہوں۔ وہ بیرون ملک رہتے ہیں اور الحمدللہ مسلمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہ مجھے ایسے رشتوں سے ڈر لگتا تھا لیکن اب میں ’اُن‘ کی وجہ سے نہیں ڈرتی۔ ابھی شادی طے نہیں ہوئی لیکن ہم جلد ہی شادی کر لیں گے اور اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ حج کرنا میرا خواب ہے۔
ایکٹنگ کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میں اداکاری جاری نہیں رکھوں گی کیونکہ میرے لیے بیک وقت کیریئر اور اپنی شادی شدہ زندگی دونوں کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں اتنی ایماندار اور وفادار انسان ہوں کہ اگر مجھے اپنے شریکِ حیات کے لیے کیریئر کو الوداع کرنا پڑا تو میں کروں گی۔
صبا قمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ بڑھاپے سے نہیں ڈرتی۔ سوشل میڈیا سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ انسٹاگرام خود استعمال کرتی ہیں اور جو من میں آتا ہے وہ پوسٹ کر دیتی ہیں۔

شوکت ترین سے متعلق سوشل میڈیا پر لگائے الزامات بے بنیاد ہیں: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر لگائےگئے الزامات کی تردیدکی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شاہین صہبائی اور کچھ دیگر افراد کی جانب سے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خود شوکت ترین نے بھی اس کی تردید کی ہے، ذاتی مفادات کے لیے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف بدنیتی پر مبنی الزامات اور صریحاً جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے، ادارہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیٹر شوکت ترین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر لکھا کہ میں واضح طور پر اس بات کی تردید کرتا ہوں جو شاہین صہبائی نے مجھ سے منسوب کی ہے۔ مجھے کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا کہ میں عمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت میں شامل ہوں۔

حکومت کا اسلام آباد میں رات 10 بجے سے تمام شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے اسلام آباد میں رات دس بجے سے تمام شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ون ڈش کی اجازت ہو گی،خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی شادی ہال، ریسٹورنٹس مالکان کے ساتھ ملاقات میں رات دس بجے سے تمام شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مہندی، شادی اور ولیمہ تقریبات رات دس بجے تک ختم کی جائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کر کے گرفتار کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے سسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو عمل درآمد کرانے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہبازشریف نے ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور خیریت دریافت کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں شہباز شریف سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے تو ان کے ہمراہ خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد خان بھی تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین، چودھری شافع حسین اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان بھی موجود تھیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما ؤں کے درمیان آئندہ بھی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پہ اتفاق کیا گیا۔

تھائی لینڈ میں گھروں میں بھنگ اگانے کی اجازت

بنکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کی حکومت نے گھروں میں بھنگ اگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے قوانین میں جلد ہی نرمی کردی جائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ حکومت نے عوام کو گھر میں بھنگ کا پودا اگانے کی اجازت دینے کے لیے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت بھنگ کو منشیات کی فہرست سے نکال دیا جائے گا اور حکومت بھنگ کی کاشت کے لیے 10 لاکھ پنیریاں بھی تقسیم کرے گی۔
ابتدائی طور پر بھنگ اگانے کی اجازت علاج معالجے کے لیے دی جائے گی اور صرف کم نشہ آور بھنگ کی کاشت کی جا سکے گی تاہم تفریحی مقاصد کے لیے عوامی مقامات پر بھنگ پینے پر پابندی برقرار رہے گی اور عوامی مقامات پر بھنگ پی کر دھواں پھیلانے پر جرمانہ بھی ہو گا۔
حکومت کے اس نئے قانون سے دوائیں بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ نجی فارمز اور باغیچوں کو روایتی دوا سازی کے لیے استعمال کرنے والے شہری ہی فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ کاشتکاروں اور تاجروں کو خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں سیاحت اور زراعت کے فروغ کے لیے بھنگ کی کاشت کے قوانین میں کئی برسوں سے بتدریج نرمی کی جارہی ہے اور 2018 میں بھنگ کو طبی مقاصد کے لیے استعمال کو قانونی قرار دیا گیا تھا۔

طالبان حکومت نے افغان پولیس کا نیا یونیفارم متعارف کرادیا

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے افغان پولیس کا نیا یونیفارم متعارف کرادیا جو توقعات کے برخلاف پینٹ اور شرٹ پر مشتمل ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارتِ داخلہ نے ایک پریس کانفرنس میں افغان پولیس کے نئے یونیفارم کی رونمائی کی۔ جو شفاف نظام کی بدولت اشرف غنی کے دور کے یونیفارم کے مقابلے میں 70 فیصد کم لاگت پر تیار ہوا ہے۔
طالبان حکومت کے وزارت اطلاعات کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دارالحکومت کابل اور قندہار میں 20 ہزار یونیفارم تقسیم کیے جائیں گے جب کہ ایک لاکھ مزید یونیفارم کی تیاری بھی جاری ہے۔
وزرات اطلاعات کے ترجمان نے مزید بتایا کہ افغان پولیس کے یونیفارم کی تیاری کا ٹھیکہ مقامی کمپنی کو دیا گیا ہے اور ٹھیکے میں شفافیت کو برقرار رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے لاگت میں 75 فیصد کمی آئی۔
طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے فروغ نیکی اور انسداد برائی کے محکمے کی پولیس کافی متحرک ہے جب کہ سابق افغان پولیس کے اہلکار روپوش ہوگئے تھے جو آہستہ آہستہ واپس آرہے ہیں۔
توقع کی جارہی تھی کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر پولیس کی طرح افغان پولیس کا لباس بھی شلوار قمیص پر مشتمل ہوگا تاہم پولیس فورس کو گہری رنگ کی شرٹ اور پینٹ پر مشتمل یونیفارم فراہم کیا گیا ہے۔