All posts by Khabrain News

عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان اگلی مدت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
دیگر 2 پینلز کے امیدواران نے عمران خان کے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ ایک پینل کی سربراہی عمر سرفراز چیمہ دوسرے کی نیک محمد کررہے تھے۔ شاہ محمود قریشی کو وائس چیئرمین اور اسدعمر کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 25 اپریل 1996ء کو تحریک انصاف قائم کر کے سیاسی میدان میں قدم رکھا تھا۔

فلسطین کے مسئلے کی جڑ اسرائیل کا جبری قبضہ اور تشدد ہے، اقوام متحدہ

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے اعلیٰ سطح کے تفتیش کاروں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فلسطین کے مسائل کی جڑ دہائیوں سے جاری اسرائیل کا جبری قبضہ اور شہریوں پر بہیمانہ تشدد ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے تفتیش کاروں نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم سے متعلق اپنی 18 صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرادی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امن کے لیے فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کرنا ضروری ہے۔
تفتیشی ٹیم کے سربراہ ناوی پیلے نے بتایا کہ اس رپورٹ کے لیے ماضی کی تحقیقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا لیکن ماضی میں بھی ہماری سفارشات پر عمل نہیں کیا گیا۔
ناوی پیلے نے مزید کہا کہ ماضی کی سفارشات پر عمل نہ کرنے سے ثابت ہوگیا کہ اسرائیل اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور اس بار بھی اسرائیل نے انسانی حقوق کمیشن کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔
اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے اور کئی شہروں میں مسلسل مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں اقوام متحدہ نے اسرائیل فلسطین جنگ کے بعد یہ انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔

ایران میں تیز رفتار ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، 21 مسافر ہلاک

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں مسافر بردار ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں تباس سے 50 کلومیٹر دور نواحی علاقے میں ایک تیز رفتار مسافر بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں اور مسافر اندر پھنس گئے۔ ٹرین شہر مشہد سے یزد جا رہی تھی۔
امدادی کاموں کے دوران 60 سے زائد مسافروں کو بوگیاں کاٹ کر نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 21 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے اکثریت کی حالت تشویشناک ہے۔
امدادی کاموں میں 3 ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔ ٹرین حادثہ دور دراز علاقے میں پیش آیا جہاں مواصلات کی انتہائی ناقص سہولیات ہیں جس کی وجہ سے ریسکیو کے کام میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ ایران میں ٹرین کے حادثے معمول کی بات تو نہیں تاہم دور دراز علاقوں میں ایسے حادثات کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

شمالی کوریا سے چلنے والی ہواؤں سے کورونا ہمارے ملک آرہا ہے، چین

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا سے آنے والی ہواؤں کے ذریعے کورونا وائرس ہمارے ملک میں داخل ہورہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی سرحد کے نزدیک چین کے 21 لاکھ والی آبادی شہر ڈین ڈونگ میں اپریل سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا تاہم ہفتوں پر مشتمل لاک ڈاؤن کے باوجود وبا پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
جس پر شہری انتظامیہ نے ایک انوکھا دعویٰ کیا ہے کہ ایسے افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جو چار دن سے گھر سے باہر ہی نہیں نکلے اور چار روز قبل کا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔ اس لیے ممکنہ طور پر وائرس شمالی کوریا سے ہوا کے ذریعے آیا ہوگا۔
شہری انتظامیہ کے اس انکشاف کے بعد صوبائی اور وفاقی حکومت نے شہریوں کو دن کے وقت گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی ہے تاہم چین کے اس فیصلے پر عالمی سطح پر مذاق بن گیا ہے۔
شمالی کوریا اور چین کے درمیان 1300 کلومیٹر کی ملحقہ سرحد ہے جو دریائے یالو کی وجہ سے کچھ مقامات پر ایک دوسرے علیحدہ بھی ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا سے متعلق سائنس دانوں کی تحقیق کے مطابق ہوا کے ذریعے وائرس اتنی دور تک نہیں پہنچ سکتے۔
تاہم یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ شمالی کوریا میں کورونا کی صورت حال دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے اور سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق رواں برس اپریل سے تاحال 40 لاکھ نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔

10 ہزار رنز کا اعزاز حاصل کرنے والے انگلش کرکٹر کو یونس خان کی مبارکباد

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے جو روٹ کو 10 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف جو روٹ کو 10 ہزار رنز مکمل کرنے پر مبارکباد دی، انگلش ٹیم نے کیویز کے خلاف 5 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔
یونس خان نے لکھا کہ ایک قابل ذکر کھلاڑی کی طرف سے ایک شاندار کامیابی، اتنے کم وقت اور کم عمری میں اتنا بڑا سنگ میل حاصل کرنا واقعی حیران کن ہے۔
جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 170 گیندوں پر 115 رنز بناکر ایلسٹر کک کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے انگلش کرکٹر ہیں۔
واضح رہے کہ یونس خان واحد پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں 118 میچز میں 52.05 کی اوسط سے 10 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔

پشاور: زیرحراست ملزم کو قتل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور پولیس نے زیرحراست ملزم کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پھندو پولیس ملزم کو عدالت پیشی کے لئے لیکر جا رہی تھی راستے میں مخالف فریق نے پولیس کی حراست میں ملزم پر فائرنگ کردی، پولیس اہلکار نے نہایت حکمت عملی سے فائرنگ کرنے والے ملزم کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ملزم سےاسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس آفیسر کے لئے نقد رقم اور اسناد کا اعلان کیا ہے۔

ہتک عزت کیس میں میشا شفیع کو بڑا ریلیف مل گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ہتک عزت کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیکا آرڈیننس کے سیکشن 20 کے خلاف میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے میشا شفیع کی درخواست پر فوجداری کیس میں حکم امتناع جاری کر تے ہوئے اگلی سماعت تک ہتک عزت پر میشا شفیع کے خلاف فوجداری کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ پیکا ایکٹ کےسیکشن 20 کو فوجداری بنانا آیا آئین کے آرٹیکل 19کی خلاف ورزی ہے ؟
سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف سول مقدمہ جاری رہے گا، تاہم سپریم کورٹ نے عدالت کی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس بھی جاری کر دیا گیا۔
عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میشا شفیع کی اپیل سماعت کے لیے منظور کر تے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں کسی پر شک نہ کریں، سلمان خان کا پولیس کو بیان

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹارسلمان خان پولیس کو کسی پر بھی شک کرنے سے روکتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے والد سلیم خان کے گارڈز کو ممبئی کے باندرا بینڈ اسٹینڈ پرومونڈے کی ساحلی پٹی کے قریب ایک بینچ پر دھمکی آمیز خط ملا تھا جس میں لکھا تھا کہ تمہارا بھی موسے والا جیسا حال کر دیں گے۔
جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی تاہم پولیس کو دیے گئے حالیہ بیان میں اداکار نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط کے لیے کسی پر شک نہ کریں کیونکہ اُن کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور وہ کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کو نہیں جانتے جس نے گلوکار و سیاست دان سدھو موسے والا پر حملے کا دعویٰ کیا تھا‘۔
سلمان خان نے کہا کہ ’مجھے یہ خط نہیں ملا، میرے والد کو یہ خط صبح کی واک کے دوران ملا، میری کسی سے حالیہ دشمنی نہیں ہے، میرے پاس کسی پر شک کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے‘۔
اداکار نے واضح کیا کہ ’میرا حال ہی میں کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا اور نہ ہی مجھے کوئی دھمکی آمیز کال یا پیغام آیا تاہم لارنس بشنوئی کو جانتا ہوں کیونکہ کالے ہرن کیس کے مقدمے کی سماعت کے دوران 2018 میں بشنوئی کی طرف سے قتل کی دھمکی ملی تھی‘۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ یہ خط سلمان خان کے والد سلیم خان کے گارڈز کو ممبئی کے باندرا بینڈ اسٹینڈ پرومونڈے کی ساحلی پٹی کے قریب اس تفریحی مقام پر ملا، جہاں یہ دونوں باپ بیٹے صبح کی واک کے بعد سستانے کے لیے کچھ دیر بیٹھتے تھے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سلمان خان کو اس طرح کی دھمکیاں موصول ہوئی ہوں، اس سے قبل بھی سلمان خان کو دھمکی آمیز کالز اور خط موصول ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان کے والد سلیم خان نے بھارتی پینل کوڈ 506 کے تحت باندرا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروادی ہے، تاہم سلو میاں دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد بھی بلا خوف اپنے ذاتی محافظوں اور پولیس کی سیکیورٹی میں پیر کی رات ممبئی ایئرپورٹ سے حیدرآباد فلم کی شوٹنگ کیلیے روانہ ہوگئے ہیں۔

بھارت میں مزدور5.7 قیراط کا ہیرا ملنے سے راتوں رات لکھ پتی بن گیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے انتہائی غریب مزدور کو 5.7 قیراط کا ہیرا مل گیا جس کی قیمت لاکھوں میں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کا غریب مزدور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے دن رات محنت کرتا تھا تاہم اس مزدوری سے بمشکل ہی دو وقت کی روٹی پوری ہو پاتی تھی۔ وہ بچوں کے مستقبل کے لیے پریشان رہتا تھا۔
غم روزگار سے پریشان مزدور پر قدرت کو رحم آگیا اور راتوں رات اس کی قسمت چمک اٹھی۔ پنہ کے رہائشی اس مزدور کو ایک ہیرا مل گیا۔ جو 5.7 قیراط کا ہے اور کی مالیت 25 سے 30 لاکھ روہے بنتی ہے۔
پنہ، بھارت کا علاقہ ہے جو ہیروں سے مالا مال ہے اور یہاں سے کان کنوں، بھٹے پر کام کرنے والے اور تعمیراتی کام کے دوران کھدائی میں مزدوروں کو بھی ہیرے ملتے رہے ہیں۔ ہیرا ملنے پر حکومت 12 فیصد ٹیکس کاٹ کر بقیہ رقم ہیرے کے مالک کو دے دیتی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس 27 فروری کو بھٹے پر کام کرنے والے ایک مزدور کو 7.5 قیراط کا ہیرا ملا تھا جس کی مالیت ایک کروڑ 62 لاکھ بنتی ہے

قدیم دور میں مرغیوں کو کھانے کے بجائے انسانوں کے ساتھ دفنانے کا رواج

کیمبرج: (ویب ڈیسک) آج کی دنیا میں مرغی انڈے اور گوشت کی صورت میں میسر غذا کا انتہائی اہم سبب ہے لیکن ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں کھایا جانے والا یہ پرندہ کسی دور میں انتہائی محترم سمجھا جاتا تھا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے انگلستان، اٹلی، ترکی، مراکش اور تھائی لینڈ سمیت 89 ممالک میں 600 سے زائد جگہوں سے دریافت ہونے والی مرغیوں کی باقیات کا معائنہ کیا ہے۔
تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ یورپ میں افزائش سے قبل مرغیاں پہلی بار جنوب مشرقی ایشیاء میں 3500 ہزار سال پہلے پالی گئیں۔
مرغی کے گھروں میں پالنے کا عمل خشک چاول کی کاشت کے سبب شروع ہوا، جس کی وجہ سے موجودہ دور کی مرغی کے اجداد 1500 قبلِ مسیح میں سامنے آئے۔ اس سے قبل مرغیوں کو عجائب سمجھا جاتا تھا کیوں کہ یہ کسی اور ملک سے آتی تھی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ قدیم انسانوں کو دفن بھی مرغیوں کے ساتھ کیا جاتا تھا جو یہ بتاتا ہے کہ تب کا انسان مرغیوں کو ایک ایسی مخلوق سمجھتا تھا جو انسان کی روح کو اگلے جہاں میں لے جانے میں مددگار ہوتی ہیں۔
یونیورسٹی آف ایکسیٹر، کارڈف، آکسفورڈ، بورن ماؤتھ، میونیخ اور ٹولوز کے محققین پر مشتمل ٹیم کا کہنا تھا کہ 1500 قبلِ مسیح سے پہلے مرغیاں کھائی جانے کے لیے بہت نایاب یا انتہائی اہم سمجھی جاتی تھیں۔
دو جرنلز، اینٹیکوئیٹی اور پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز یو ایس اے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مصنف پروفیسر نوم سائیکس، جن کا تعلق یونیورسٹی آف ایکسیٹر سے ہے، کا کہنا تھا کہ مرغیوں کا کھایا جانا اس قدر عام ہے کہ لوگوں کا خیال ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ہم نے اس کو کبھی نہ کھایا ہو۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق میں حاصل ہونے والے شواہد یہ بتاتے ہیں کہ مرغیوں کے ساتھ ہمارے مراسم بہت پیچیدہ تھے اور صدیوں تک مرغیوں کو محترم سمجھا جاتا تھا۔