All posts by Khabrain News

پہلا ون ڈے: ویسٹ انڈیز کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ملتان : (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز چیلنجنگ ہوگی، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتا، ہر سیریز اہم ہے اور آج کے میچ میں محمد حارث ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

پب جی کھیلنے سے روکنے پر نوجوان نے والدہ کو قتل کر دیا

لکھنو : (ویب ڈیسک) آن لائن گیم پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر ایک نوجوان نے اپنی والدہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر لکھنو سے تعلق رکھنے والا 16 سالہ نوجوان متنازع آن لائن گیم پب جی کھیلنے کا شوقین تھا، نوجوان پب جی گیم کھیل رہا تھا کہ اس کی والدہ نے اسے آن لائن گیم کھیلنے سے روکا جس پر وہ طیش میں آیا گیا اور اس نے فائرنگ کر کے اپنی والدہ کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان لڑکے کی جانب سے والدہ کو فائرنگ کر کے والدہ کو قتل کرنے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب لڑکے کی والدہ نے اسے گیم کھیلنے سے روکا، لڑکے نے اپنے والد کے پستول سے فائرنگ کر کے والدہ کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش نوجوان لڑکے نے جھوٹی کہانی گھڑنے کی کوشش بھی کی تاہم لڑکے کو حراست میں لیکر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ مارچ میں بھی بھارت کے شہر ممبئی میں تین دوستوں نے پب جی گیم کھیلنے کے تنازع پر ایک شخص کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کر دیا تھا۔

شہروز کاشف کا نام سول ایوارڈ کیلئے تجویز کرنے کےبعد کوہ پیما ایوان صدر مدعو

لاہور : (ویب ڈیسک) کوہ پیما شہروز کاشف کوایوان صدر مدعو کرلیاگیا۔
شہروز کاشف کے والد نے بتایا کہ شہروز کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے13 جون کو ملاقات کادعوت نامہ ملاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹے کے لیے اسپانسرشپ نہ ہونے کے برابر ہے۔
خیال رہے کہ 20 سالہ شہروزکاشف تین ہفتوں میں تین چوٹیاں سرکرکےنیپال سےلاہور لوٹے ہیں، وہ اب تک 8 ہزار میٹر سےبلند 7 چوٹیاں سرکرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ اورکے ٹو بھی سرکرنےکا اعزاز رکھتے ہیں جب کہ شہروز کاشف کا نام سول ایوارڈ کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔

ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دے دی۔
ورلڈبینک کےمطابق یہ فنڈزبنیادی ہیلتھ کیئر اور انسانی وسائل مضبوط بنانے پر خرچ ہوں گے، فنڈز کے ذریعے صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی کیلئے اصلاحات کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی ہیلتھ سسٹم مضبوط بنانے میں مدددی جائےگی جب کہ ہیلتھ کیئر کوریج، اسٹاف اور ادویات کی سپلائی بہتر بنائی جائے گی۔

ڈاکٹر آصف محمود امریکی کانگریس کے پرائمری انتخابات جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) کیلی فورنیا میں ڈاکٹر آصف محمود امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کیلئے پرائمری انتخابات جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
رکن کانگریس بننے کے لیے پہلا مرحلہ جیتنے کے بعد اب وہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں بھی حصہ لے سکیں گے۔ ڈاکٹرآصف نے ری پبلکن حریف اور موجودہ رکن کانگریس یونگ کم سے گیارہ ووٹوں کی برتری حاصل کی۔
کیلیفورنیا کے ریاستی قوانین کے مطابق کانگریس کے لیے پرائمری الیکشن ہوتا ہے جس میں کسی بھی پارٹی کے امیدوار حصہ لے سکتے ہیں۔

’10 منٹ کی ملاقات میں دعا نے والدہ سمیت کسی سے ایک لفظ بھی نہ بولا’

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ اور والدین کی ملاقات ہوئی جس میں 10 منٹ کی ملاقات میں دعا زہرہ نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق دعا نے دوران ملاقات ماں باپ، بہن یا خالہ کسی کو نہیں دیکھا، دعازہرہ تمام وقت کرسی پر سر جھکائے بیٹھی رہی، ماں نے دعا کو گلے لگایا لیکن دعا نے ماں سے کوئی بات نہیں کی۔
ماں نے دوران ملاقات دعا کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا آپ ہمارے ساتھ چلو ہم تمہاری عزت سے شادی کرینگے، بیٹا آپ جیسے کہو گے ہم کریں گے ہمارے ساتھ چلو، ہم آپ کی دو یا چھ ماہ میں شادی کرادیں گے ہماری بات مان لو۔
ملاقات کے بعد کمرہ عدالت سے باہر آکر والدہ نے دعوی کیا کہ میری بچی نے کہا ممی میں گھر چلنا چاہتی ہوں، میری بچی کو زبردستی یہاں سے لے گئے ہیں اس دوران دعا زہرا کی والدہ روتے ہوئے بیہوش ہوگئیں۔

بچے کو قتل کرنے کا الزام، گائے گرفتار

سوڈان : (ویب ڈیسک) سوڈان میں پولیس نے 12 سال کے بچے کو قتل کرنے کے جرم میں گائے اور اس کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گائے فارم کے باہر ٹہل رہی تھی اور تبھی اس نے 12 سالہ بچے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بچہ موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو قتل کرنے والی گائے کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا، بچے کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے بھی مینڈھے کو 45 سالہ خاتون کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق کوئی بھی پالتو جانور اگر کسی کی ہلاکت کا سبب بنتا ہے تو سزا پوری ہونے کے بعد متاثرہ کے خاندان کو معاوضہ بھی دیا جاتا ہے۔

کپتان بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی

لاہور : (ویب ڈیسک) کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی ہو گئی۔ بابر اعظم پانچویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
انگلش بلے باز جوئے روٹ دو درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ آسٹریلوی بلے باز اسٹیو سمتھ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔
اسٹیو سمتھ دوسرے سے تیسرے اور کین ولیمسن چوتھے سے پانچویں نمبر پر آگئے۔ ٹیسٹ بالرز رینکنگ میں قومی فاسٹ بالر شاہین آفریدی کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی چوتھے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ بالنگ رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ ٹیسٹ بالنگ رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن اشون کا دوسرا نمبر ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے کائل جمیسن دو درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ ون ڈے میں امام الحق کی تیسری پوزیشن برقرار ہے جب کہ شاہین آفریدی بھی چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں محمد رضوان کی تیسری اور بالنگ میں شاہین آفریدی کی 10ویں پوزیشن ہے۔

وزیراعظم سے امریکی بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات، مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے سرمایہ کاروں کو مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے سیکرٹری کامرس و سرمایہ کاری بورڈ کو رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات میں فارما، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سیکٹر، ای کامرس، ریٹیل سیکٹر، ٹیکسٹائل، سپورٹس اور لاجسٹکس کے شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزراء سید نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شرکا نے حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، بجٹ سے پہلے حکومت کی تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت خوش آئند ہے۔ وزیرِ اعظم نے سیکرٹری کامرس اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کو سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

پشاورہائیکورٹ کا این ایچ اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے این ایچ اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کر دیا۔
پشاورہائیکورٹ میں چترال روڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ممبر این ایچ اے، چیف پلاننگ کمشنر، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے، چیف پلاننگ کمشنرنے عدالت کو بتایا کہ این ایچ اے کو فنڈز دیئے گئے ہیں لیکن ابھی تک انھوں نے کچھ کام نہیں کیا، عدالت نے این ایچ اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ہم ایف آئی اے سے اس کی انکوائری کا حکم دیں،کیوں نہ ان کے خلاف ایف آئی آر اندارج کا حکم دیں،این ایچ اے کی کارکردگی صفر ہے۔
چیف پلاننگ کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ کیلاش روڈ پر اگلے مالی سال میں کام شروع ہوجائیگا، کیلاش روڈ کے لئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، عدالت نے فریقین سے 21 جون تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔