اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ فروغ نسیم کا اٹھایا گیا سوال اہمیت کاحامل ہے۔
ٹویٹ میں فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اگرجج اپنے بیوی بچوں کےاثاثوں کے ذمہ دار نہیں تو سیاستدان کا احتساب کیسے ممکن ہے؟ عدلیہ کوعالمی درجہ بندی میں تیزی سےگرتی ساکھ کا جائزہ لینےکی ضرورت ہے۔ نئےچیف جسٹس کوحلف اٹھانے کے بعد اس چیلنج کا سامنا ہو گا۔
All posts by Khabrain News
ملتان میں کھاد کی قلت برقرار، کاشتکار لمبی قطاروں میں طویل انتظار پر مجبور
ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں کھاد کی قلت تاحال برقرار ہے جس کی وجہ سے کھاد کے حصول کیلئے لمبی لمبی قطاروں میں طویل انتظار کرنا کاشتکاروں کی مجبوری بن گیا ہے۔
ملتان میں حکومتی نوٹس اور اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود کھاد کا مصنوعی بحران حل نہیں ہو سکا جبکہ قیمتوں میں خوساختہ اضافے کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے یوریا کھاد کی قیمت 1768 روپے کی بجائے 2500 روپے اور ڈی اے پی کی 9790 روپے کی بجائے 10500 جبکہ نائٹروفاس کی 6459 کی بجائے 7000 روپے تک بٹوری جارہی ہے تاہم حکومت کے مقررہ کردہ ڈیلروں نے یوریا کھاد کی خریداری پر مختلف شرائط لگا دی ہیں جس کا کاشکاروں نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کھاد ڈیلرز کا موقف ہے کہ کھاد کمپنیوں نے سپلائی محدود کر کے مختلف شرائط عائد کی ہیں جن پر عمل کرنا مجبوری ہے بصورت دیگر نقصان ہو گا۔
موجودہ صورتحال میں ڈیلروں نے شناختی کارڈ پر 2 بوریاں اور کسان کارڈ پر 10 بوریاں دینے کی پالیسی کو بھی نظر انداز کر دیا ہے جس کی وجہ سے مختلف فصلوں کی کاشت اور پیداوار کو بڑھانا کاشتکاروں کیلئے مزید مشکل ہو گیا ہے۔
عائشہ عمر بچپن میں زیادتی کا شکار
لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ وہ بہت کم عمری میں زیادتی کا شکار ہوئی تھیں اوراس وقت مجھے جن کی ضرورت تھی وہ میرے پاس نہیں تھے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عائشہ عمر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کیریئر کے دوران بھی جنسی ہراسانی کے عمل سے گزر چکی ہوں اس لئے میں اندازہ کر سکتی ہوں کہ اس وقت کسی پر کیا گزرتی ہے ۔
واضح رہے کہ کئی دیگر اداکارائیں بھی جنسی ہراسانی جیسے سیاہ عمل کا نشانہ بننے کا اظہار کر چکی ہیں، اداکارہ انوشے اشرف نے ماضی میں بتایا تھا کہ انہیں بھی سربازارجنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔ اداکارہ نادیہ جمیل بھی بچپن میں جنسی ہراسانی جیسی تکلیف دہ صورتحال سے گزر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں ان کے قاری صاحب، ڈرائیوراور ایک اعلی خاندان سے تعلق رکھنے والے لڑکے نے جنسی ہراسگی کا نشان بنایا۔
کراچی: بلدیہ مواچھ گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار، چار فرار
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار جبکہ چار فرار ہو گئے، اے وی ایل سی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
موچکو پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں چھ ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ ڈاکووں نے فرار کی کوشش کی لیکن کچھ فاصلے پر شہریوں نے دو ڈاکووں کو پکڑ لیا اور تشدد کیا جبکہ چار ساتھی فرار میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے دونوں زخمی ڈاکووں کو گرفتار کرکے سول ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق دونوں کی شناخت دانش اور رب نواز کے نام سے کی گئی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور دونوں کے قبضے سے 44 چھینے گئے موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ مفرور ملزمان کے تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب اے وی ایل سی پولیس نے دو مختلف کارروائیاں کر کے سٹریٹ کرائم چوری اور موٹر سائیکل چھیننے کی واردتوں میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے تین گاڑیاں اور تین موٹر سائیکل برآمد کرلی گئیں۔
کراچی: کورونا کیسز میں نمایاں کمی، مثبت شرح 21.76 فیصد رپورٹ
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی ہونا شروع ہو گئی، چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کی مثبت شرح 21.76 فیصد رپورٹ ہوئی، ماہرین کے مطابق سندھ میں کورونا کی پانچویں لہر اپنا سائیکل پورا کر چکی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کےمطابق سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1827 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، ان میں 1265 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں کورونا کےباعث 12مریض انتقال کر گئے،464 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 400مریض کی حالت تشویشناک اور 27مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔
کراچی میں اب تک صرف 612 اومی کرون کیسز کی جنیوم سیکیونسنگ کے بعد تصدیق ہوئی ہے، ماہرین کے مطابق سندھ میں کورونا کی پانچویں لہر اپنا سائیکل پورا کر چکی، فروری میں سندھ میں کورونا کی حالیہ لہر میں مزید کمی متوقع ہے۔
یوکرین کے محاذ پر کشیدگی برقرار، روس، امریکا اور نیٹو اتحادیوں کی عسکری سرگرمیاں تیز
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے محاذ پر کشیدگی برقرار ہے، روس، امریکا اور نیٹو اتحادیوں نے عسکری سرگرمیاں تیز کردیں۔
یوکرین کے محاذ پر کشیدگی کے سبب روس اور نیٹو نے عسکری سرگرمیاں مزید تیز کردیں، مشترکہ جنگی مشقوں کیلئے روس نے مزید فوجی بیلاروس پہنچا دئیے۔ ٹرین کے ذریعہ جدید فضائی دفاعی نظام بھی منتقل کردیا جس پر نیٹو نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سویڈن کی بری اور فضائی افواج نے بالٹک سمندر میں جنگی مشقیں شروع کر دیں، لڑاکا طیاروں، ٹینک اور گرنیڈ لانچرز کا بھرپور استعمال کیا گیا، یوکرین میں بھی جنگی مشقیں جاری ہیں، برطانوی ماہرین نے انٹی ٹینک میزائل چلانے کی تربیت دی، حال ہی میں انگلینڈ نے دوہزار شارٹ رینج میزائل کیف بھیجے ہیں۔
سفارتکاروں کے انخلا پر یوکرین کے صدر نےا مریکا کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ واشنگٹن جنگ کے خدشے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے غلطی کررہا ہے، امریکی اقدام سے ایسا لگتا ہے ہے گویا کیف کی سڑکوں پر ٹینک گردش کررہے ہیں۔
امریکی وزیر فاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کی صلاحیت رکھتا ہے، پینٹاگون نے جلد مزید فوجی مشرقی یورپ میں تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ 7، اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیون کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ کا آغاز دوپہراڑھائی بجے ہونے کو ہے، دونوں ٹیمیں سٹیڈیم میں موجود ہیں۔ ایک اور ٹکر دار مقابلے کے لئے شائقین خوب پرجوش نظر آرہے ہیں، فتح یاب کون ہو گا دونوں ٹیموں کے سپورٹرز دعا گو ہیں تاہم میدان میں جو ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی، جیت اسی کا مقدر بنے گی۔
کینیڈین ہم منصب کے اسلامو فوبیا کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیر اعظم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کینیڈین وزیر اعظم کے اسلامو فوبیا کی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کے اسلامو فوبیا کی مذمت پر مبنی بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں اور اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنا خوش آئند ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کا بروقت اقدام میرے اس مطالبے کی حمایت ہے جو دہرا رہا ہوں۔
اسلامو فوبیا سے متعلق وزیراعظم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں: فیصل جاوید
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام عالم اب آواز اٹھا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم کی جانب سے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کا مقابلہ اب کینیڈین حکومت کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ کینیڈا سے قبل روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کی توہین اظہار آزادی رائے نہیں ہے۔
2ماہ میں مہنگائی کم ہو گی یا نہیں؟ وزیراعظم کے بیان پر کتنے فیصد پاکستانیوں کو یقین؟
لاہور: (ویب ڈیسک)
54 فیصد پاکستانیوں نے ایک یا دو ماہ میں مہنگائی میں کمی آنے کے وزیر اعظم کے بیان پر یقین کرنے سے انکار کر دیا۔
پلس کنسلٹنٹ کے نئے سروے کے مطابق 15فیصد پاکستانیوں نے وزیر اعظم پر مکمل بھروسہ کرنے کا کہا جبکہ حکومت کی جانب سے معاشی بحران سے نکلنے کے دعوے پر بھی ہر 10 میں سے6 پاکستانی یعنی 56 فیصد پاکستانیوں کو اعتبار نہیں ہے۔وزیر اعظم کی کارکردگی سے غیر مطمئن افراد کی شرح میں 10 فیصد کمی آئی اور 41 فیصد عوام نے عمران خان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 18 فیصد افراد وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔
پلس کنسلٹنٹ کے نئے سروے میں وزیر اعظم کی کارکردگی سے سب سے زیادہ مطمئن افراد کی شرح خیبرپختونخوا میں 29 فیصد نظر آئی جب کہ جولائی 2021 میں یہ شرح 50فیصد تھی ۔