All posts by Khabrain News

وزیراعلیٰ سندھ کا دعا منگی کیس کے ملزم کی پولیس حراست سے فرار کا نوٹس

کراچی: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعا منگی کیس کے ملزم کی پولیس حراست سے فرار کا نوٹس لے لیا اور آئی جی اورسیکریٹری داخلہ کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی کورٹ پولیس کو معطل کرنےکی بھی ہدایت کردی جبکہ دونوں پولیس اہلکاروں کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کو معاملے پر بریفنگ میں بتایا گیا واقعہ کی ایف آئی آردرج کرکےتفتیش کی جارہی ہے اور پولیس نےملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی تشکیل دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کوہدایت دی کہ ملزم کوگرفتارکرکے رپورٹ دی جائے۔
یاد رہے ملزم ذوہیب قریشی کو کل عدالت میں پیش کیا گیا تھا ، حاضری کےبعدپولیس کےساتھ خریداری کےبہانےملزم مارکیٹ سے فرارہوا، ملزم کو واپس جیل پہنچانے کی ذمہ داری ہیڈ کانسٹیبل نوید اور کانسٹیبل ظفر کی تھی۔
ملزم ذوہیب قریشی کو ایک کیس میں 3 سال کی سزا اور جرمانہ ہوچکا ہے۔

اظہر محمود کاؤنٹی کلب سرے کے اسسٹنٹ کوچ بن گئے

لندن: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود کاؤنٹی کلب سرے کے اسسٹنٹ کوچ بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر اظہر محمود اس وقت پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، وہ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
کاؤنٹ کرکٹ کلب سرے نے اظہر محمود کو اسسٹنٹ کوچ بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر محمود کی افغانستان کرکٹ بورڈ سے بھی کوچنگ کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔
سرے کے کوچ ٹروٹن اور بولنگ کوچ اظہر محمود دونوں مارچ کے اوائل میں کلب پہنچیں گے، واضح رہے کہ اظہر محمود انگلش کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹروٹن وارکشائر کے سابق ہیڈ کوچ ہیں جنہوں ںے گزشتہ سال سمر سمیٹ کے لیے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کیا تھا۔
ٹروٹن نے انگلینڈ کے لیے چھ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے اور 2012 میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں وارکشائر کی کپتانی کی تھی۔

محمد عباس کا انگلش کاؤنٹی ہیمپشائر سے معاہدہ

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کائونٹی ہیمپشائر نے 2022سیزن کے لیے بھی پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس سے معاہدہ کر لیا ہے۔
ہیمپشائر نے ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں محمد عباس سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد عباس ایک بار پھر سے ہیمپشائر کی جانب سے کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں اور وہ کم از کم سیزن کے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستانی سیمر نے گزشتہ سال ہیمپشائر کے باؤلنگ اٹیک میں صرف 16 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے اپریل میں دی ایجاس باؤل میں مڈل سیکس کے خلاف 6-11 کے بہترین اعداد و شمار کے ساتھ سیزن میں 3 بار 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
محمد عباس ہیمپشائر میں دوسرے اوورسیز بولر کی حیثیت سے ابتدائی دو ماہ کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کے ساتھ 2021 کا کامیاب سیزن گزارنے والے کائل ایبٹ ہوں گے۔
اس سےقبل محمدعباس 2 سال تک لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں، پیسر لیسٹر شائر کی ‏جانب سے 2 سیزن میں 19 میچوں کے دوران 79 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔

پنجاب اور کے پی حکومتیں بتائیں کہاں مفت علاج ہو رہا ہے؟ بلاول بھٹو کا چیلنج

گمبٹ: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہر شہری کو گھر پر مفت علاج پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ بتائیں کہاں مفت علاج ہو رہا ہے؟
انہوں نے گمبٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ادارے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ 100 فیصد مفت علاج کرتا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ کینسرکا بھی 100 فیصد مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گمبٹ آج سے پاکستان کا میڈیکل سینٹر ہے اور یہاں عالمی معیار کی سہولتیں موجود ہیں۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے یہاں تھیلیسیمیا کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور پاکستان میں اس کا علاج مہنگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے گمبٹ اسپتال میں گردوں اورجگرکاعلاج ہوتا تھا اور یہ ادارہ 100 فیصد مفت علاج مہیا کرتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا لیکن ن لیگ اور تحریک انصاف کی حکومتوں نے بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختوا میں گمبٹ جیسا ایک اسپتال دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ وسیلہ صحت کارڈ کا نام تبدیل کرکے صحت کارڈ کا نام دیا گیا جب کہ اس سے قبل نواز شریفر کے دور میں وسیلہ کارڈ کا نام تبدیل کر کے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ رکھا گیا تھا۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے تین اسپتالوں کا بجٹ خیبر پختونخوا کے صحت کارڈ سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی صوبے میں ایسا کوئی اسپتال نہیں جہاں کینسر، کڈنی اور لیور کا مفت علاج ہوتا ہو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گمبٹ اسپتال میں 29 فیصد پنجاب کے مریضوں کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا جس پر میں گمبٹ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم کی پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی کا عمل مکمل کرانے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم نے پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون سازی کا عمل جلد پنجاب اسمبلی سے مکمل کروانے کی ہدایت کر دی
وزیراعظم عمران خان سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی ،وزیر قانون نے پنجاب میں قانون سازی پر بریفنگ دی، ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے قانون سازی کے امور پر وزیر قانون راجہ بشارت کی کارکردگی کی تعریف کی اور بلدیاتی انتحابات کے جلد انعقاد کے لیے قانون سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
عمران خان نے عوام کو انصاف کی فراہمی اور مقدمات کے جلد فیصلوں کے التواء کو ختم کرنے کے لیے ضروری قانون سازی کی بھی ہدایت جاری کی
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ محکمہ کوآپریٹوز میں ناجائز قابضین سے زمین واگزار کروانے اور مثالی ریکوری کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں کوآپریٹوز بنک میں سات سال بعد نئے چئیرمین کی تقرری اور کسان دوست پالسیاں بنانا احسن اقدام ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محفوظ رکھنے کیلئے ہمارے بہادر سپاہی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، پاکستان کو ہر قسم کی دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔

لانگ مارچ سے قبل مریم نواز کو ایک بار پھر متحرک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لانگ مارچ سے پہلے ہی حکومت پر دباو ڈالنے کی حکمت عملی تیار کر لی۔
سیاست کے میدان میں گہماگہمی بڑھنے لگی۔ مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ سے پہلے عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی نے مریم نواز کو ایک بار پھر متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس حوالے سے پارٹی قائد نواز شریف نے بھی مریم نواز کو عوامی رابطوں کے لیے ہدایت جاری کر دی ہے۔ فروری کے دوسرے ہفتے سے مریم نواز سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گی۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دورے کریں گی جہاں جلسوں اور جلوسوں کے علاوہ مریم نواز ورکرز کنونشنز کی سربراہی بھی کریں گی۔ پارٹی قائدین کو ن لیگ کی نائب صدر کی سیاسی سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
دوروں کے لیے ڈویژنل اور ضلعی صدور کو خصوصی ہدایات دے دی گئیں ہیں جبکہ مریم کی گرفتاری کے خدشات پر پارٹی کو پلان بی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب کا لاہور اور راولپنڈی کے اسکولوں سے متعلق نیا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے پہلی سے چھٹی جماعت تک کے اسکولوں میں بچوں کی 50 فیصد حاضری میں دو ہفتوں کی توسیع کردی ہے۔ اس کا اطلاق لاہور اور راولپنڈی کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر ہو گا۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے اس ضمن میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر بتایا ہے کہ اب چھٹی جماعت تک کے بچے 15 فروری تک 50 فیصد حاضری کے تحت اسکول آئیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اس حکمنامے کا اطلاق 31 جنوری تک پرائمری اسکولوں میں ہونا تھا۔
عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر 50 فیصد حاضری کی تاریخ میں دو ہفتوں کی توسیع کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے واضح کیا ہے کہ ساتویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے بچے 100 فیصد حاضری کے تحت ہی اسکولوں میں آئیں گے۔

دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو 12 بار موت کی سزا سنادی گئی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 5 مقدمات میں ملوث ملزمان کو موت اور عمر قید کی سزا سنادی ہے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دہشتگردی کے کیس کے فیصلہ میں 3 ملزمان کو 12 بار سزائے موت اور 32 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی جبکہ دیگر جرائم میں ملزمان کو مجموعی طور پر 384 سال قید بھی سنائی گئی اور تمام ملزمان کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ اور1 کروڑ 88 لاکھ روپے معاوضہ مقتولین کے ورثا کو ادا کرنیکا حکم دیا۔
خیال رہے کہ ملزمان اڈیالہ روڈ، چیک پوسٹ ، پیرودھائی چنگ چی رکشہ میں دھماکہ میں ملوث تھے ، ملزمان صدر حیدر روڈ اور کباڑی بازار دھماکوں میں بھی ملوث تھے ۔
ملزمان شبیر احمد، بلال احمد اور داؤد کے خلاف مقدمات تھانہ سی ٹی ڈی نے درج کئے ، تینوں ملزمان کو سزا کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ مقدمہ کا فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے سنایا۔

عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں سونا تیزی سے سستا ہونے لگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں آج بھی 450 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط کے سونے کا بھاؤ 450 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 26 ہزار 150 روپے ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 386 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 8 ہزار 153 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 28 ڈالر کم ہوکر 1784 ڈالر فی اونس ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی مارکیٹ میں سونا 33 ڈالر سستا ہوا تھا۔

انٹارکٹیکا میں تین لاکھ سے زائد شہابی پتھروں کا خزانہ موجود ہوسکتا ہے

برسلز: (ویب ڈیسک) ایک محتاط اندازے کے مطابق صرف انٹارکٹیکا میں تین لاکھ سے زائد شہابیے یا آسمانی پتھر موجود ہوسکتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہموار برف کی وجہ سے پتھر ٹوٹ پھوٹ سے بچ جاتے ہیں اور انہیں ڈھونڈ نکالنا آسان ہوتا ہے۔
دوسری جانب اس وقت دنیا بھر میں جتنے شہابیے ہیں ان کی 66 فیصد تعداد انٹارکٹیکا سے ہی اٹھائی گئی ہے۔ سفید برف میں دبے گہرے رنگ کے پتھر آسانی سے شناخت کئے جاسکتے ہیں۔
شہابی پتھر ہمارے نظامِ شمسی میں گھوم رہے ہیں اور ان کے ٹکڑے زمین کے پاس سے گزرتے ہوئےثقلی قوت سے زمین کی جانب لپکتے ہیں۔ یہ اکثر فضا سے رگڑ کھاکر بھڑک اٹھتے ہیں اور روشنی کی ایک لکیر کی شکل میں بھسم ہوجاتے ہیں۔ لیکن بعض پتھر زمین پر آگرتے ہیں۔ ان کے مطالعے سے نظامِ شمسی کے ماضی اور خود اس کی تشکیل کی معلومات مل سکتی ہیں۔
اب مصنوعی ذہانت سے پتا چلا ہے کہ شہابی پتھر کہیں بھی گریں۔ ان پر مزید برف پڑتی رہتی ہے اور وہ خود برف کا حصہ بن جاتے ہیں۔ لیکن اس پر وہ رکتے نہیں اور کھسک کر براعظم کے کناروں تک پہنچتے رہتے ہیں اور وہاں جمع ہوجاتے ہیں۔ اب انہیں تلاش کرنا قدرے آسان ہوگا۔
اس مقام کو ’نیلی برف‘ کہا گیا ہے کیونکہ ہوا کے دوش پر برف ہلکی ہوتی ہے اور اس میں نیلی رنگت نمایاں ہوتی ہے۔ اس سے پہلے بھی نیلی برف سے ہی شہابی پتھر تےملتے رہے ہیں۔
جامعہ برسلز میں گلیشیئر کی ماہر ڈاکٹر ویرونیکا ٹولے نار اور ان کے ساتھیوں نے سیٹلائٹ تصاویر اور مصنوعی ذہانت سے ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں شہابی پتھر موجود ہوسکتے ہیں۔ سافٹ ویئر نے 83 فیصد درستگی سے 600 ایسے مقامات کی نشاندہی کی جہاں شہابئے موجود ہوسکتے ہیں۔
ڈرون اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے وہاں شہابیوں کی شناخت کرکے انہیں باہرنکالا جاسکتا ہے۔ اس پورے نقشے کو خزانے کا نقشہ کہا گیا ہے۔