All posts by Khabrain News

پنجاب میں وزراء کے سرکاری پٹرول پر پابندی لگا دی: عطاء تارڑ

لاہور : (وییب ڈیسک) صوبائی وزیر عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام وزراء کے سرکاری پٹرول پر پابندی لگا دی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پٹرول نہیں لے گا، تمام وزراء ذاتی خرچ پر پٹرول ڈلوائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ آٹے کی اسمگلنگ روکنےکے لیے پنجاب کے بارڈرز کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم کے حصول کا ہدف پورا کیا ہے اور پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی۔
عطاء تارڑ نے بتایا کہ پنجاب میں وزیروں پرسرکاری پیسے سے پٹرول کےاستعمال پرپابندی لگا دی گئی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پٹرول نہیں لے گا، تمام وزرا ذاتی خرچ پر پٹرول ڈلوائیں گے، سرکاری کام کے لیے جانے والے وزراء بھی ذاتی خرچ پرپٹرول ڈلوائیں گے، اس کے علاوہ سی ایم ہاؤس پر شاہانہ اخراجات پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت بجٹ میں بڑا ریلیف دے گی اور مختلف سبسڈیز فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کردیا، دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا، عثمان بزدار کی رہائشگاہ پر عوام کے پیسے کو بیدردی سے خرچ کیا گیا، عمران نیازی سے زیادہ ڈرپوک ملکی تاریخ میں نہیں آیا، وہ آج بھی سرکاری اخراجات پر پل رہا ہے، نیازی منرل واٹربھی کے پی حکومت کےخرچ سے پیتا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان پشاورمیں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، عمران خان گرفتاری کے ڈر سے لانگ مارچ کے فوراً بعد پشاور چلے گئے، عمران خان کی سکیورٹی پرخیبر پختونخوا حکومت کروڑوں روپےخرچ کررہی ہے، عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے دن سیاسی انتقام لینےمیں گزارے۔

بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ، جینا محال

اسلام آباد: (وییب ڈیسک) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 865 میگا واٹ تک جا پہنچا، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے بھی بڑھ گیا، بجلی کی بندش سے عوام کا جینا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135 میگا واٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگا واٹ ہے، بجلی کی کم پیداوار کا خمیازہ عوام کو لوڈشیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑ رہاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 4 ہزار 622 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 134 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 377 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 415 میگا واٹ بجلی بن رہی ہے جبکہ سولر پلانٹس سے پیداوار 113 میگا واٹ ہے۔
محکمہ توانائی کے مطابق بگاس سے چلنے والے پلانٹس 190 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 284 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
بجلی کی کم پیدوار کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ آئیسکو کو بھی 550 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، اسلام آباد ریجن میں بھی 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔
بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، پورا دن بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین تنگ آگئے، کم وولٹیج کی وجہ سے اشیاء خراب ہونے لگی ہیں۔

نئے مالی برس کے صوبائی بجٹ کا محور عام آدمی ہونا چاہئے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز

لاہور: (وییب ڈیسک) نئے مالی برس کے صوبائی بجٹ کا محور عام آدمی ہونا چاہئے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے بجٹ میں عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا
پورا فوکس عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے پر رکھا جائے۔
اس بات کا پورا احساس ہے کہ مہنگائی سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر معمولی حالات میں عوامی مشکلات کو ممکنہ حد تک کم کرے۔
بجٹ میں غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ ہونا چاہیے۔
اس ضمن میں جلد ٹھوس تجویز پیش کی جائے۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز کی غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی ہدایت
کفایت شعاری اور بچت کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
بچائے گئے وسائل کسی اور مد میں نہیں، صرف عوام کو ریلیف دینے پر صرف ہوں گے ۔
روایتی بجٹ پیش کرنے کی بجائے ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں، جس سے اللہ تعالٰی کی مخلوق راضی ہو۔
عام آدمی کے دکھوں کے مداواے سے اللہ بھی راضی ہو گا اور مخلوق بھی۔

گوتم اڈانی پیچھے رہ گئے،مکیش امبانی پھر ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے

لاہور: (وییب ڈیسک) بھارت کے بزنس ٹائیکون مکیش امبانی نے ایک بار پھر ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
انڈیا کی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے گوتم اڈانی سے ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز واپس لے لیا ہے۔
بلومبرگ بلیئن ایئر انڈکس کے اعداد و شمار کےمطابق مکیش امبانی کے اثاثوں کی مالیت 99.7 ارب ڈالر ہے جبکہ گوتم اڈانی کے اثاثوں کی مالیت 98.7 ارب ڈالر ہے۔
بلومبرگ بلیئن ایئر انڈکس کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مکیش امبانی کی دولت میں 3.59 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گوتم اڈانی کی دولت میں مجموعی مالیت 2.96 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش امبانی کو دنیا کا آٹھواں امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے جس کے بعد گوتم اڈانی نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں گوتم اڈانی نے اثاثوں کی مالیت میں مسلسل اضافے سے مکیش امبانی سےایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھین لیا تھا۔
دنیا بھر کی امیر ترین شخصیات کا جائزہ لیں تو امریکی کمپنی ایمازون کے مالک جیف بیزوز کے بعد ٹیسلا کے مالک ایلون مسک امیر ترین شخص ہیں۔

پی ٹی آئی کا آج دیر بالا میں پاور شو، تیاریاں مکمل

دیر بالا : (وییب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج دیر بالا میں پاور شو کرے گی، جلسے کیلئے ٹیکنیکل کالج واڑی میں اسٹیج سجایا گیا ہے اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق دیر بالا جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے علاوہ دیگر پارٹی رہنما خطاب کرینگے، دیر بالاجلسہ میں عمران خان اپنےاگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دیر بالا جلسے کے لئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اندر اور باہر پولیس اور لیویز فورس کے اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 تک پہنچ گئی

امریکہ : (وییب ڈیسک) امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق اب تک دنیا بھر میں منکی پاکس کے 700 کیسزسامنے آچکے ہیں۔
امریکی ادارے سی ڈی سی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک امریکہ میں منکی پاکس کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 700 ہو گئی ہے۔
امریکی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں منکی پاکس کا کوئی بھی کیس جان لیوا ثابت نہیں ہوا۔ تمام مریض صحت یاب ہو رہے ہیں یا صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ماہرین نے منکی پاکس وائرس کے پھیلاو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسز پر تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ منکی پاکس ملک کے اندر پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں رجسٹرڈ مریضوں میں سے صرف 14 نے بیرون ملک کا سفر کیا۔ دیگر مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ وائرس صرف افریقی ممالک میں نظر آتا تھا۔ پہلی بار یہ وائرس افریقی ممالک سے نکل کر دنیا میں بھی پھیل رہاہے۔
ماہرین کے مطابق منکی پاکس جنگلی جانوروں خصوصاً چوہوں اور لنگوروں میں پایا جاتا ہے۔ اور جانوروں سے ہی انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ تاہم متاثر شخص کے قریب رہنے والے افراد میں بھی وائرس منتقل ہونے کا امکان ہے۔
منکی پاکس کا شکار ہونےوالے افراد میں بخار، سردی لگنا، تھکن اور جسم دردر کی شکایات نمایاں ہوتی ہیں۔وائرس سے زیادہ متاثر ہونےوالے افراد کو شدید خارش اور جسم کے مختلف حصوں پر دانے نکلنے کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
منکی پاکس وائرس کے علاج کے لیے فی الحال دو ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں۔ جو سمال پاکس یا چیچک کے علاج کے لیے تیار کی گئی تھیں۔

منی لانڈرنگ کیس:ایف آئی اے کی شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی ضمانت کی مخالفت

لاہور : (وییب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت کی مخالفت کر دی۔
ایف آئی اے منی لانڈرنگ کا مقدمہ میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی۔ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے گرفتاری طلب کر لی۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری مطلوب ہے۔شہباز شریف باور حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منسوخ کی جائے۔ابھی ملزمان کا مزید کردار ثابت ہونا ہے۔
ایف آئی اے نےشہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ضمنی چالان بھی عدالت میں جمع کرا دیا۔ چالان میں ملزمان کی ولدیت اور مکمل ایڈریس تحریر کیے گئے۔
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جاری ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہبازعدالت میں پیش ہوئے۔
کیس میں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کر رکھی ہے۔عدالت نے سلمان شہباز،طاہر نقوی اور ملک مقصود کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

لاہور:زیر حراست 2 دہشتگرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

لاہور : (وییب ڈیسک) لاہور میں سی ٹی ڈی کے دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران 2 زیر حراست دہشتگرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق زیر حراست دو دہشت گردوں کو اسلحہ برآمدگی کے لیے کھوکھر پنڈلے لیکر گئے تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے 4ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ دونوں مبینہ دہشت گرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
حملہ آور دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گرد انارکلی دھماکے میں ملوث تھے۔

لاہور میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے ایک بار پھر مثبت نکل آئے

لاہور : (وییب ڈیسک) لاہور میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے ایک بار پھر مثبت نکل آئے۔ شہر کی چودہ یونین کونسلز کے ڈرین سیمپل میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت نے متاثرہ علاقوں میں خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
محکمہ صحت کے مطابق ملتان روڈ کی سائٹ کا سیمپل لیا گیا۔ جہاں چودہ یونین کونسلز کے ڈرین سے پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت آئے۔ یہ یونین کونسلز علامہ اقبال ٹاون اور سمن آباد کے علاقے میں ہیں۔
انچارج انسداد پولیو پروگرام پنجاب رملہ علی کا کہنا ہے کہ ایک سال بعد جا کر ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں اس کا ایک ہی حل ہے کہ انسداد پولیو کی زیادہ سے زیادہ مہمات چلائی جائیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق ملتان روڈ کی سائٹ پر ای پی آئی کی خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے اور ہنگامی بنیادوں پر دس میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ پاکستان بھر میں رواں سال پولیو کے تین کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

پنجاب، سندھ میں موسم شدید گرم، خیبر پی کے میں بارش کا امکان

اسلام آباد: (وییب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے کچھ مقامات پر بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا، لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 44، بہاولپور میں 46 تک جانے کی پیشگوئی ہے، سندھ میں دادو، موہنجو دوڑو، نوابشاہ میں پارہ 48 ڈگری کو چھونے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، پشاور اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔