اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر قرض اور حالیہ سکوک بانڈز کے اجراء سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔
موڈیز کی عالمی سکوک بانڈز کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جنوری 2022 میں سکوک بانڈز کا اجراء کیا، اس سے قبل 2017 میں پاکستان نے اسلامی بانڈز کی نیلامی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے سے ایک ارب ڈالر قرض کی وسط ملنے اور غیر ملکی بانڈز نیلامی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا جن پر عالمی ادائیگیوں کی وجہ سے دباؤ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایاکاری اور ایکسپورٹس بڑھ جائیں تو پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔
All posts by Khabrain News
یوکرین نے پاکستان سے مدد مانگ لی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس کے ساتھ کشیدگی پر پاکستان سے مدد مانگ لی۔
پاکستان میں تعینات یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے تاکہ روسی جارحیت کے خلاف کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین روسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ روس یوکرین پر حملہ کر کے قبضہ کرنے کا خواہشمند ہے اور گزشتہ 6 ماہ میں یوکرین سرحد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد روسی فوجی تعینات ہو چکے ہیں۔
یوکرینی سفیر نے کہا کہ روسی حملے سے پوری دنیا میں کشیدگی پھیل جائے گی، اسی لیے پاکستان جوہری طاقت ہے وہ تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ روس عالمی قوانین اور وعدوں کی پاس داری کرے اور کسی بھی جارحیت سے باز رہے جبکہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرے۔ یوکرین کو 20 فروری 2014 سے بیرونی فوجی جارحیت کا سامنا ہے۔
مارکیان چوچک نے کہا کہ امن، سلامتی اور ملک و قوم کا دفاع یوکرین کی اولین ترجیح ہے اور اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پی ایس ایل سیون کے پلے آف مرحلے کا کل سے آغاز
لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون کے پلے آف مرحلے کا کل سے آغاز ہو گا، پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطان او ر لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔
لاہور میں پی ایس ایل سیون فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا۔ ایونٹ کا پہلا کوالیفائرملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول ہے۔ شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرزپی ایس ایل سیون میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکے، کراچی میں ہونے والا مقابلہ سلطانز کے نام رہا تو لاہور میں قلندرز نے میدان مار لیا۔
ایونٹ کے بہترین بلے باز کے لیے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان تگڑا مقابلہ جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان 521 رنز بنا کر سر فہرست ہیں، 479 رنز کے ساتھ محمد رضوان کی دوسری پوزیشن ہے۔ ریکارڈ نومقابلے جیت کر پلے آف تک پہنچنے والی ٹیم ملتان سلطان جیت کے لیے پر عزم ہے۔
دوسری جانب ٹیم لاہور قلندرز نے بھی فتح کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر نظریں جما لیں۔ دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیل چکی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے آج پودا لگا کر موسمِ بہار شجرکاری مہم 2022 کا آغاز کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلی سب سے بڑا خطرہ ہے، ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس خطرے بچانے کے لیے درخت لگائے۔
اسکاؤٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے تقریب کے شرکا کو عالمی دن کی مبارک پیش کی اور کہا کہ آج کا یہ دن ملک کے نوجوانوں کو تحفظ دینے کے لیے چنا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج اپنے نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں ہمارا ملک ان ممالک میں سے جسے ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرہ ہے، یہ شجرکاری مہم ملک کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچانے کے لیے چلائی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو نعمتیں دی ہے، خاص طور پر اللہ نے پاکستان کو 12 موسم دیے ہیں، یہاں ہر قسم کے درخت لگائے جاسکتے ہیں، اللہ کا حکم ہے کہ اس کی نعمتوں کی قدر کرو، بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انسانوں نے اللہ کی دی گئی نعمتوں کی قدر نہیں کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر انسانیت کو مستقبل میں کسی قسم کا خطرہ ہے تو وہ صرف موسم کی تبدیلی ہے، اس لیے ہم نے ’اسپرینگ پلانٹیشن‘ کے تحت 54 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے مکمل ہونے کے بعد ملک تبدیل ہوجائے گا، ہم نے گزشتہ 60 سالوں میں انگریزوں کے لگائے گئے درخت بھی ختم کردیے۔
فیصل آباد: پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے سبب آٹا، چینی، دالوں اور برائلر کے نرخ بھی بڑھ گئے
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے، آٹا، چینی، دالوں اور برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، شہری دہائیاں دینے لگے۔
فیصل آباد میں رواں ہفتےبرائلر گوشت کی قیمت میں 65 روپے فی کلو کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، نرخ 284 روپے فی کلو سے بڑھ کر 349 روپے تک پہنچ گئے۔ دال چنا کی فی کلو قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 200 روپے تک پہنچ گئی۔
چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے فی کلو سے بڑھ کر 100 روپے فی کلو ہوگئی، دال ماش، دال مسور اور چاول کی قیمت میں بھی 10 سے 15 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھا گیا۔ چقندر 42 روپے فی کلو سے بڑھ کر 60 روپے فی کلو، بند گوبھی کی قیمت 54 روپے فی کلو سے بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہوگئی۔
شہریوں نے حکومت سے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا، واضح رہے کہ مارکیٹ کمیٹی ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوچکی ہے۔
پی ایف یو جے نے پیکا آرڈیننس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے صدر پاکستان کی جانب سے جاری پیکا ترمیمی آرڈیننس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
عدالت میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین میں اظہار رائے کی آزادی شامل ہے، موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا کو بند کیا جا رہا ہے، صحافیوں پر غیر اعلانیہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں، نیا ترمیمی آرڈیننس خبریں اور تنقید کی حوصلہ شکنی کیلئے ہے۔
اپوزیشن عدم اعتماد لے آئے، ناکامی ان کا مقدر ہے: شیخ رشید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملاقاتیں اور گزارشات کر رہی ہیں ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا۔ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لے آئیں، ناکامی ان کا مقدر ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین پرانے ساتھی ہیں، دوستوں میں اختلافات ہو جاتے ہیں، سیاست دان کبھی دروازے بند نہیں کرتا۔ اپوزیشن کہتی ہےکارڈچھپائےہیں، عمران خان بھی چھاتی سے کارڈ لگا کر کھیلتا ہے۔ ایم کیوایم اور ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد لائے تب بھی پھنسے گی، اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے کہتی چلی آ رہی ہے کہ آج آ رہے ہیں، کل آ رہے ہیں، 172 ممبرلانا ان کا کام ہے۔ پھر کہتے ہیں کورونا آ گیا تھا، فون آ گیا تھا۔ ہو سکتا ہے ان کی بے وقوفیوں پر تاریخ لکھی جائے۔ انتشار اور خلفشار ان کے گلے پڑے گا۔ الیکشن میں ایک سال رہ گیا، انتخابی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا دبئی سے واپسی پر اتحادیوں اور ترین گروپ سے رابطوں کا فیصلہ
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب نے دبئی سے واپسی پر اتحادیوں، ہم خیال اور ترین گروپ سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار آج شام دبئی سے واپس لاہور پہنچیں گے۔ وزیراعلی پنجاب پارٹی کے ارکان اسمبلی سے رابطے اور ملاقاتیں کریں گے۔ عثمان بزدار ترین گروپ کے ارکان اور ہم خیال گروپ سے بھی ملاقات اور رابطے کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری برادران سے بھی رابطہ کریں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عدم اعتماد کی تحریک میں بھرپور شکست کاسامنا کرنا پڑے گا، تمام اتحادی ساتھ ہیں پارٹی بھی پوری طرح عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، اپوزیشن نے انتشار اور ہم نے خدمت کی سیاست کی ہے، آج ہر سروے میں تحریک انصاف کی مقبولیت کھل کر سامنے آ رہی ہے۔
انیس فلمیں کیں مگر کارکردگی کراچی کنگز جیسی ہی رہی: فیصل قریشی
کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار فیصل قریشی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے فلموں میں اداکاری کی مگر کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار حال ہی میں ایک پروگرام میں شریک ہوئے، میزبان کے سوال پر فیصل قریشی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 19 فلمیں کیں لیکن ان فلموں میں کارکردگی پی ایس ایل میں شامل ٹیم کراچی کنگز جیسی ہی رہی اور یہی وجہ تھی کہ فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا۔
فیصل کا کہنا تھا کہ جو بھی فلمیں کیں ان میں سے بھی صرف ایک دو ہی کامیاب رہیں۔
بھارتی لیگ کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20 سے دستبردار
لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی لیگ کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سے دستبردار ہوگئے، آسٹریلوی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ۔
پیسے کی لالچ یا پھر بھارتی سازش کا کمال ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی دشمن پڑوسی ملک کو ہضم نہ ہوسکی۔ آئی پی ایل کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے دستبردار ہوگئے۔ ڈیوڈ وارنر ،گلین میکسویل، مچل سٹارک ون ڈے اور ٹی سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل نے بھی آئی پی ایل کھیلنے کی غرض سے عدم دستیابی ظاہر کی ہے۔
آسٹریلوی سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سکواڈ کو ترتیب دیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے کھلاڑی لیام لیونگسٹن اور ایلکس ہیلز بھی آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے بعد سپر لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ بھارتی لیگ کا آغاز مارچ کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔