All posts by Khabrain News

جو لوگ بری نیت سے ٹیم کیلئے بات کر رہے ہیں اللہ انہیں ذلیل کرے گا: رضوان

کراچی: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ تھوڑی سی تبدیلیاں کر رہے ہیں، تبدیلیاں کرتے ہیں تو غلطی تو ہوگی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے کمبی نیشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، میں اگر آف اسٹمپ کی گیند کو لیگ اسٹمپ پر مار سکتا ہوں تو مجھے آف اسٹمپ پر بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، جو لوگ میرے آف اسٹمپ کی بات کر رہے ہیں، اللہ انہیں جزائے خیر دے، مجھے آف اسٹمپ پر کھیلنے کی ضرورت نہیں۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ میں تو فٹ ہو 2،3 دوڑیں اب بھی لگا لوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ڈاٹ بال زیادہ کھیل رہے ہیں، اس مسئلے پر کام کر رہے ہیں، جس مشکل میں ہم کھیل رہے ہیں سامنے والی اننگز کو بھی دیکھیں، مجھے یہ نہیں پتہ لوگ ہمارے لیے کیا بات کررہے ہیں، میرے اور کپتان کے اسٹرائیک ریٹ پر جو لوگ بات کررہے رہیں اللہ انہیں جزائے خیر دے۔
رضوان نے مزید کہا کہ جو لوگ بری نیت سے ٹیم کیلئے بات کر رہے ہیں اللہ انہیں بھی ذلیل کرے گا۔

سیلاب سے شدید متاثر پاکستان کی مدد کی جائے: اردوان کی عالمی برادری سے اپیل

اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ میں عالمی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب سے شدید متاثر پاکستان کی اس نازک موقع پر مدد کی جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو 75 سال ہو چکے ہیں آزاد ہوئے، بدقسمتی ہے دونوں ممالک کے درمیان ابھی تک امن قائم نہ ہو سکا۔ ہماری دعائیں ہیں دونوں ممالک کے درمیان مستقل امن آئے اور اس کے اثرات مقبوضہ کشمیر میں بھی دیکھنے کو ملیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، اس شدید سیلاب کے بعد ہم نے انسانی ہمدردی کے طور پر اپنے برادر ملک کی مدد کی ہے اور مزید کوششیں جاری ہیں، میں عالمی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب سے شدید متاثرہ ملک پاکستان کی اس نازک موقع پر مدد کی جائے۔
افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے، گزشتہ 50 سال سے افغانستان حالت جنگ میں ہے اور تنازعات کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، اس وقت برادر ملک میں غربت سمیت بہت سارے مسائل ہیں ، دوست ملک کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم افغانستان میں بھائیوں کے ساتھ ہیں۔عبوری حکومت مسائل سے نکلنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں ہماری مشترکہ قسمت کا متاثر کرنے والے امتحانات کے خلاف مشترکہ ایجنڈے کے ذریعے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ زیادہ منصفانہ دنیا کے لئے اقوام متحدہ کی تنظیم نو کی ضرورت ہے۔ دنیا پانچ سے عظیم تر ہے اور زیادہ منصفانہ دنیا کے لیے ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ترکیہ کو جو کچھ کرنے کی ضرورت ہے وہ کرتا رہے گا اور اس سے دستبردار نہیں ہوگا۔ واضح کردوں ہم دہشت گردی کے خلاف تمام ممکنہ اقدام اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ عراق کے حالات کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے دہشت گرد تنظیمیں ترکیہ کو نشانہ بنانے والی کسی بھی کاروائی کو کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ ترکیہ کا اپنے اتحادیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجہتی کی توقع کرنا اس کا فطری حق ہے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یونان کا تارکین وطن پر ظلم و ستم میں اضافہ ہوا ہے، اس ملک نے بحر ایجیئن کو غیر قانونی اور لاپرواہی کے ساتھ پناہ گزینوں کے قبرستان میں تبدیل کردیا ہے۔
انہوں نے تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے 9 -ماہ کے شیر خوار بچے عاصم، 4 سالہ عبد الوحم اور اس کے اہل خانہ، یونانی کوسٹ گارڈ فورسز کی جانب سے کشتیاں ڈبوی جانے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔
ایتھنز انتظامیہ کی اشتعال انگیزی اور پیدا کردہ کشیدگی کو ایک طرف رکھتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کرنے والے صدر ایردوان نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کی دعوت دی۔
مشرق وسطی میں دو ریاستوں پر مشتمل حل کی حمایت کا اعادہ کرنے والے اردوان نے القدس میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کو روکنے، فلسطینیوں کی زندگی اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور آزاد فلسطین ریاست کا مطالبہ کیا جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔
انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین عمل کی حمایت کرتے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کی مقبوضہ سرزمین کو آزاد کروانے سے مستقل امن کےقیام کے لیے ایک تاریخی کھڑکی کھل گئی ہے۔

ملک دلدل کی طرف جارہا، حکومت ملی تو بڑے اقدامات لینا ہوں گے: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک دلدل کی طرف جارہا ہے اب حکومت ملی توبڑے اقدامات لینا ہوں گے۔
ملکی معیشت پر ڈیجیٹل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے چوروں کو جیل میں جانے سے بچایا گیا،اگر یہ دو چوروں نے ملک کے فیصلے کرنے ہیں تو بنانا ری پبلک اور پاکستان میں کیا فرق ہے،اگر یہی کچھ کرنا ہے تو پھر جیلوں سے چھوٹے چوروں کو بھی رہا کر دیا جائے،ان کے سارے کرپشن کیسزختم ہو رہے ہیں،ملک مہنگائی میں ڈوب رہا ہے اوران کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے، شفاف الیکشن سے ایک حکومت منتخب ہو کرآئے وہ فیصلہ کرے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اپنی پہلی اکنامک ٹیم کی میٹنگ کی ہے،جوبھی حکومت اقتدارمیں آئے گی اسے 2018ء سے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہو گا، اگر ملک میں جلدی الیکشن نہ ہوئے تو پھرحالات کسی سے نہیں سنبھالے جائیں گے، معاشی حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں،لوگوں کو بجلی کے بلوں کی وجہ سے بہت زیادہ غصہ ہے، ہماری حکومت کا پلان ملک کے اندر خوشحالی لانا تھا۔ ملک دلدل میں جارہا ہے اب حکومت ملی توبڑے اسٹیپ لینا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہو گا، مستحکم حکومت ہو جو بڑا فیصلہ کرنے کی طاقت رکھتی ہو،ملک میں سیاسی استحکام نہ ہوا تو معاشی استحکام نہیں آسکتا، سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے کے لیے انہوں نے بجلی کی قیمت بڑھا دی ہے،بجلی مہنگی ہونے سے اب بجلی چوری ہو گی،بجلی کے پرانے معاہدوں کی وجہ سے ہم پھنسے ہوئے ہیں۔ مفرور، سزا یافتہ، جھوٹا آدمی بیرون ملک بھاگا ہوا ہے،نوازشریف نے ملک کے اربوں روپے لوٹے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھ اکہ یہی آئی ایم ایف تھا ہماری حکومت بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھی،ہمارے دورمیں آئی ایم ایف ہمیں بھی قیمتیں بڑھانے کا کہتا تھا لیکن ہم اپنی عوام کے لیے سٹینڈ لیتے تھے،آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے ہم نے 6 فیصد گروتھ کی،آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے احساس پروگرام بھی شروع کیا،ان چارماہ میں کون سی قیامت آگئی ہر چیزکا ریٹ بڑھ گیا،بجلی 16روپے یونٹ سے 36 روپے یونٹ کیسے پہنچ گئی؟ایک چیزانہوں نےعوام کی بہتری کے لیے نہیں کی صرف اپنی چوری بچائی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طاقتور ہر غلط کام کرتا ہے لیکن پکڑا نہیں جاتا، جب معاشرے میں چوری پر سزا ہوتی ہے تب کرپشن ختم ہوتی ہے، مجھے بڑا کہا گیا آپ شہبازشریف سے ہاتھ کیوں نہیں ملاتے، جب معاشرہ کرپشن کو تسلیم کر لے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ شرم کی بات ہے شہبازشریف سیکرٹری جنرل کو کہہ رہا ہے پیسے کو صیح استعمال کریں گے، جتنی پاکستان میں تباہی آئی پوری دنیا کو ہماری مدد کرنی چاہیے تھی، دنیا کے سربراہان کو پتا ہے ان کے سارے پیسے بیرون ملک پڑے ہیں، سندھ میں اتنی بڑی تباہی آئی بلاول نیویارک میں کیا کر رہا ہے، بلاول کو اس وقت سیلاب متاثرین کے پاس ہونا چاہیے تھا، چودہ سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، سندھ حکومت آج تک رائٹ کینال بینک کو مکمل نہیں کر سکی، سندھ کے لوگوں کے بُرے حالات مچھروں سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، دو مرتبہ اقوام متحدہ کی تقریریں میں نے ویڈیولنک کے ذریعے کیں، یہ وہاں جاکرکونسا تیرمارلیں گے۔

مختصر وقت میں ایک میل ریورس گاڑی چلانے کا عالمی ریکارڈ

کینٹکی: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک ڈرائیور نے کورویٹ گاڑی ایک میل تک ریورس چلا کر گینیز عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
امریکی ریاست کینٹکی کے اسکاٹ برنر نے یہ ریکارڈ ریورس گاڑی چلا کر کم وقت میں ایک میل کا فاصلہ طے کر کے بنایا۔ ڈرائیور کی جانب سے یہ ریکارڈ نیشنل کورویٹ میوزیم کے این سی ایم موٹر اسپورٹ پارک میں بنایا گیا۔
اسکاٹ برنر، جو اپنے یوٹیوب چینل Always In Reverse میں مختلف گاڑیوں کی ریورس ڈرائیونگ صلاحیتوں کو آزماتے نظر آتےہیں، نے ریکارڈ بنانے کے لیے 2017 کورویٹ کا انتخاب کیا۔
انہوں نے 75.18 سیکنڈز میں ایک میل ریورس گاڑی چلا کر 97.02 سیکنڈز کا گزشتہ ریکارڈ توڑا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں یہ ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ تب کیا جب ان کو یہ علم ہوا کہ وہ پہلے ہی غیر مصدقہ طور پر گزشتہ ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی کوشش میں گینیز ورلڈ ریکارڈز کے تمام ضوابط کو یقینی بنانے کے لیے انہیں تقریباً دو سال کا عرصہ لگا۔

آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

موہالی: (ویب ڈیسک) 200 سے زیادہ رنز کا مجموعہ بھی بھارت کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست سے نہ بچا سکا. بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 208 رنز بنائے جو آسٹریلیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر پورے کردیے
موہالی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے. بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کی اور صرف 30 گیندوں پر 71 رنز جڑ دیے. کے ایل راہول نے 55 اور سوریا کمار یادیو نے 46 رنز کی اننگز کھیلی.
بھارت کی طرف سے دیا گیا 209 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آسٹریلین بلے بازی نے ریت کی دیوار کی طرح ڈھیر کرکے رکھ دیا. آسٹریلیا نے یہ ہدف چار گیندیں پہلے ہی حاصل کرکے چار وکٹوں سے فتح حاصل کی. آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے 61، میتھیو ویڈ نے 45 اور سٹیو سمتھ نے 35 رنز بنائے.

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی،افتتاحی اجلاس شروع ہوگیا،وزیراعظم شہبازشریف کی اجلاس میں شرکت

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ میں شرکت اور جنرل اسمبلی ہال پہنچ کرافتتاحی اجلاس کی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں. افتتاحی اجلاس کی پہلی تقریر روایتی طور برازیل کے صدر کرتے ہیں. جبکہ دوسرا نمبر میزبان ملک امریکہ کا ہوتا ہے.
نیو یارک میں آج وزیراعظم شہباز شریف مصروف دن گزاریں گے. وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے دیئے جانے والے ااستقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے اعلی سطحی مباحثے کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے
وزیر اعظم شہباز شریف آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کارل نیہمر، سپین کے صدر پیڈرو سنچیز پیریز-کاسٹے جون اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے.

نعمان احمد لنگڑیال وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے معاونین خصوصی میں مزید دو کا اضافہ کر دیا گیا۔
سردار شاہ جہاں اور ملک نعمان احمد لنگڑیال کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے، شہباز شریف کی جانب سے سیکرٹری کابینہ کو ہدایت جاری کر دی گئی، وزیر اعظم آفس نے نوٹیفکیشن کے لئے کابینہ ڈویژن کو ہدایات ارسال کردیں۔
شہباز شریف کے معاونین خصوصی کی تعداد 25 سے بڑھ کر 27 ہو گئی۔

دھرنے سے ڈر کر تعیناتی کا عمل جلد کریں تو یہ باوقار عمل نہیں ہوگا: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نواز شریف خراب معاشی صورتحال پر فکر مند ہیں۔
اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ہم دھرنے سے ڈر کر تعیناتی کا عمل جلد کریں تو یہ باوقار عمل نہیں ہوگا، تعیناتی اپنے وقت پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے کیس کے بعد نوازشریف کی بریت بھی ثابت ہوگی، تعیناتی کے جلد اعلان کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا۔

عالیہ بھٹ کو ’براہمسترا‘ میں کمزور اداکاری پر تنقید کا سامنا

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلم ’براہمسترا‘ میں کمزور اداکاری پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
فلمی شائقین کا کہنا ہے کہ ’گنگو بائی‘ میں اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے جان ڈال دینے والی اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلم ’براہمسترا‘ میں انتہائی غیر سنجیدہ اداکاری کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل وڈیوز میں مختلف لڑکیاں عالیہ بھٹ کا مذاق اڑا رہی ہیں۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی لڑکی عالیہ بھٹ کی براہمسترا میں اداکاری کا مذاق اور نقل اتار رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق فلم میں سوائے چیخنے چلانے یا سنسنی پھیلانے کے عالیہ بھٹ کا بطور ’ایشا‘ کوئی خاص کردار نہیں ہے ۔
عالیہ بھٹ کو بار بار مرکزی کردار ’شیوا‘ (رنبیر کپور کی جانب سے نبھایا گیا کردار) کا نام دہرانے پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’براہمسترا‘ نے پہلے دس دنوں میں ہی 360 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے فرانسیسی صدر میکرون کی ملاقات

نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمنوئل میکرون سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔