نئی دہلی: (ویب ڈیسک)
بھارت میں بے جے پی کی ہندوانتہاپسند حکومت کی پالیسیوں پرتنقید کرنے والی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب کی ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم ضبط کرلی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکارکی ہندوانتہاپسند پالیسیوں پرکھل کرتنقید کرنے والی بھارت کی عالمی سطح پرمشہورمسلمان خاتون صحافی اورمصنفہ رعنا ایوب کی ایک کروڑسے زائد رقم ضبط کرلی گئی۔
بھارت میں مالی جرائم کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے رعنا ایوب پرمنی لانڈرنگ کا الزام لگا کررقم ضبط کی۔
بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رعنا ایوب نے خیراتی ادارے کے نام پررقم جمع کی جوپہلے ان کے والد اوربہن اورپھررعنا ایوب کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرہوئی۔
رعنا ایوب نے اس بات کا جواب نہیں دیا کہ انہوں نے رقم کہاں خرچ کی اورمتعدد جعلی رسیدیں جمع کرائیں۔خیراتی ادارے کے نام پرجمع کی گئی رقم کا غلط اورمشکوک انداز میں استعمال کیا گیا۔
رعنا ایوب اکثرہندوانتہاپسند حکومت کومسلمان دشمن پالیسیوں اوراقدامات پرتنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔رعنا ایوب کوماضی میں بھی سوشل میڈیا پرقتل کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں اورآن لائن ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
All posts by Khabrain News
بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب پرپابندی سے متعلق درخواست کی فوری سماعت پھرمستردکردی
نئی دہلی: (ویب ڈیسک)
بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب پرپابندی کیخلاف کیس کی فوری سماعت کی مسلمان طالبہ کی درخواست ایک بارپھر مسترد کردی۔
مودی سرکار میں بھارتی سپریم کورٹ بھی ہندوانتہاپسندوں کے رنگ میں رنگ گئی۔ باحجاب مسلمان طالبات کوبھارت کی سب سے بڑی عدالت سے بھی انصاف نہ مل سکا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پرپابندی کیخلاف کیس کی فوری سماعت کی درخواست ایک بارپھرمسترد کردی۔
سپریم کورٹ نے مسلمان طالبہ کی حجاب پرپابندی کے کیس کی فوری سماعت کی درخواست پرکہا کہ حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی کوئی جلدی نہیں۔ اس معاملے کوقومی سطح پرنہ پھیلایا جائے۔ مناسب وقت آئے گا تو مداخلت کریں گے۔
کرناٹک کی طالبہ نے تعلیمی اداروں میں باحجاب طالبات کے داخلے پرپابندی کیخلاف کیس میں کرناٹک کی ہائیکورٹ کے عبوری فیصلے کیخلاف درخواست دائرکی تھی اورحجاب پرپابندی کیس کی فوری سماعت کی استدعا کی تھی۔
بھارت کی سپریم کورٹ پہلے بھی مسلمان طالبات کی حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔
دوسری جانب بھارت کے مختلف شہروں میں کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پرپابندی کیخلاف احتجاج جاری ہے۔حجاب پرپابندی کیخلاف مظاہرہ کرنے والی متعدد خواتین کوگرفتارکرلیا گیا۔
روسی وزیرخارجہ برطانوی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے
ماسکو: (ویب ڈیسک)
یوکرین کے معاملے پرروس کوتنقید کا نشانہ بنانے پرروسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف برطانوی ہم منصب کے ساتھ کی جانے والی پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرین کے مسئلے پربرطانوی تنقید سے ناراض روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف برطانوی وزیرخارجہ لز ٹریس کے ساتھ کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس چھوڑ کرچلے گئے۔ کچھ منٹوں کے بعد برطانوی وزیرخارجہ بھی کانفرنس ہال سے چلی گئی۔
برطانیہ کی وزیرخارجہ، دولت مشترکہ اورترقیاتی امورکی وزیرلزٹریس یوکرین کے مسئلے پرمذاکرات کے لئے ماسکو پہنچی تھیں۔
برطانوی وزیرخارجہ لز ٹریس کا کہنا تھا کہ انہوں نے روس کوآگاہ کیا ہے کہ یوکرین کے معاملے پراسے پڑوسی کی سرحد عبور کرنے سے باز رہنا اورسرد جنگ جیسے رویے سے گریز کرنا ہوگا۔
انہوں نے ماسکو کو خبردارکیا کہ وہ یوکرین کے مسئلے پردنیا کوبیوقوف بنانے کی کوششیں نہ کرے۔
روسی وزیرخارجہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیرکے ساتھ ملاقات ایسی رہی جیسے کسی گونگے اوربہرے سے ملاقات کی جائے۔
سرگئی لاروف کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ ایک برطانوی عہدیدارنے ماسکو کا دورہ ایسے کیا جیسے برطانوی سامراج میں حکام اپنے مفتوحہ علاقوں کا دورہ کرتے تھے۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں روس کویوکرین سے متعلق ڈرانے اوردھمکیاں دینے سے باز رہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل؛ دنیا کی ٹاپ تھری لیگزمیں سے ایک قرار
کراچی: (ویب ڈیسک)
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کرکٹ کے معیار نے راشد خان کا دل جیت لیا،افغان آل راؤنڈر نے دنیا کی ٹاپ تھری لیگز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہر ٹیم کے پاس 140کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے پیسرز موجود ہیں۔
بولرز کا حوصلہ آزمانے والے بیٹرز بھی ایکشن میں نظر آتے ہیں،لاہور قلندرز نتیجے کی پرواہ کیے بغیر 100 فیصد پرفارم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
فخرزمان کی فارم خوش آئند ہے،شاہین آفریدی بھی بطور کپتان مختلف نظر آ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے راشد خان نے کہاکہ پاکستانی لیگ دنیا کی ٹاپ تھری لیگز میں سے ایک ہے۔
یہاں بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے،ہر ٹیم کے پاس 140کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے پیسرز موجود ہیں،دوسری جانب بولرزکا حوصلہ آزمانے والے بیٹرز بھی ایکشن میں نظر آتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لاہور میں قلندرز کو ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کا موقع ملے گا،کراؤڈ کی گرمجوشی اور شور میں کھیلنے کا الگ ہی مزا ہوگا،ابھی تک ٹیم اپنی اچھی کرکٹ سے لطف اندوز ہورہی ہے،قذافی اسٹیڈیم میں بھی کارکردگی کا گراف بلند رکھنے کی کوشش کریں گے۔
راشد خان نے کہا کہ کرکٹ میں دباؤ تو ہوتا ہے مگر کسی بھی صورتحال میں اپنی اسکلز کو نہیں بھولنا چاہیے، لاہور قلندرز کی حکمت عملی یہی ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں 100فیصد پرفارم کریں،نتیجے کی پروا کیے بغیر اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور اظہار کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں کوئی بیٹر اچھی فارم میں ہو تو ٹیم اور بولرز کے لیے بھی آسانی ہوتی ہے،ہمارے لیے فخرزمان یہی کردار ادا کر رہے ہیں،میں ان کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، اوپنر سمجھداری سے کھیل رہے ہیں۔
ان کو معلوم ہے کہ کہاں دفاع اور کب اٹیک کرنا ہے، امید ہے کہ ٹورنامنٹ کے آخر تک ان کی یہی فارم برقرار رہے گی،وہ خود بھی ٹیم میں ایسا کردار ادا کرنے کے لیے پْرعزم ہیں، افغان اسپنر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان بڑے مختلف نظر آتے ہیں،وہ ٹیم کا ماحول بہت پْرسکون رکھتے ہیں، دوسروں کی بات سنتے اور مشورہ کرتے ہیں،اسی کے ساتھ بولرز اور بیٹرز کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، ہماری بھی کوشش ہوتی ہے کہ ان کو پھرپور سپورٹ کریں۔
ریڈیواور ٹیلی وژن کے نامور اداکار قاضی واجد کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے
کراچی: (ویب ڈیسک)
ریڈیو اور ٹیلی وژن پر یادگار کردار ادا کرنے والے قاضی واجد کی پانچویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
قاضی واجد کا اصل نام قاضی عبدالواجد انصاری تھا، وہ 1943ء میں لاہور میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی میں سکونت اختیار کی۔ انہوں نے 10 برس کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ بچوں کے پروگرام’ نونہال‘ میں صدا کاری کے جوہر دکھائے۔
وہ 25 برس تک ریڈیو سے منسلک رہے اور اپنی شاندار صداکاری سے سب کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ سن 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔ ان کا ٹی وی کے لیے پہلا ڈرامہ ’’ایک ہی راستہ‘‘ تھا، جس میں انہوں نے منفی کردار نبھایا۔ بعد ازاں سن 1969ء میں ڈرامہ ’’خدا کی بستی‘‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد کو راجہ کا کردار ملا جس سے انہیں شہرت حاصل ہوئی۔
قاضی واجد نے ٹیلی ویژن پر ان گنت کردار ادا کیے تاہم انہیں ’’ دھوپ کنارے، اَن کہی، تنہائیاں، حوا کی بیٹی، خدا کی بستی، چاند گرہن، پل دو پل، تعلیم بالغاں اور انارکلی‘‘ میں یادگار کرداروں کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو 87 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ فن کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات پر حکومت نے انھیں 14 اگست 1988ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔
والد کی تیسری شادی پر عامر لیاقت کی بیٹی دعا کا ردعمل
کراچی: (ویب ڈیسک)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری شادی پر ان کی بیٹی دعا عامر نے ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ روز عامر لیاقت نے 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ کے ساتھ اپنی تیسری شادی کا اعلان کرکے تمام لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔ عامر لیاقت کی جانب سے یہ خبر شیئر کرنے کے فوراً بعد ہی جنگل کی آگ کی طرح پورے سوشل میڈیا پر پھیل گئی تھی۔
لوگ عامر لیاقت کی تیسری شادی پر ان کی بیٹی کا ردعمل جاننے کے لیے دعا سے بھی سوالات کرنے لگے اور انہیں عامر لیاقت کی شادی سے متعلق پوسٹوں پر مینشن کرنے لگے۔ لوگوں کے سوالات سے تنگ آکر دعا نے اپنے والد کی تیسری شادی کی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
دعا عامر نے انسٹاگرام اسٹوری پر لوگوں سے درخواست کی کہ براہ مہربانی میری فیملی سے متعلق پوسٹوں پر مجھے مینشن کرنا اورکمنٹ (تبصروں) میں میرا ذکرکرنا بند کریں۔ یہ اکاؤنٹ صرف میرے آرٹ ورک کے لیے ہے اور اگر آپ اس کا احترام نہیں کرسکتے تو بخوشی میرے اکاؤنٹ کو ان فالو کرسکتے ہیں۔
دعا عامر نے مزید لکھا کہ وہ اپنی نجی زندگی سے متعلق کسی تبصرے یا ڈی ایم (براہ راست پیغام) کا جواب نہیں دیں گی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے ان کے دو بچے ایک بیٹا احمد اور ایک بیٹی دعا ہے۔ عامر لیاقت کی طوبیٰ انور کے ساتھ دوسری شادی کے بعد انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دے دی تھی جس کے بعد ان کے بچے بھی اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔
حال ہی میں طوبیٰ انور نے تصدیق کی تھی انہوں نے عامر لیاقت سے خلع لے لی ہے۔ اور اس خبر کے محض ایک دن بعد عامر لیاقت نےگزشتہ روز اپنی تیسری شادی کا اعلان کیاتھا۔
ویلنٹائنز ڈے کےلیے منفرد ’آلو پرفیوم‘ پیش کردیا گیا
ایڈاہو: (ویب ڈیسک)
امریکا میں ویلنٹائنز ڈے کےلیے بہت ہی خاص اور انتہائی منفرد ’آلو پرفیوم‘ (پوٹیٹو پرفیوم) پیش کیا گیا ہے جس کی خوشبو تازہ فرنچ فرائیز جیسی ہے۔
یہ عجیب و غریب خوشبو ’ایڈاہو پوٹیٹو کمیشن‘ نے تیار کروائی ہے جو وہاں آلو اگانے والے کسانوں کا نمائندہ مارکیٹنگ بورڈ ہے جس کا مقصد امریکی ریاست ایڈاہو میں کاشت کیے جانے والے آلوؤں کی فروخت بہتر سے بہتر بنانے میں مدد کرنا ہے۔
تازہ آلوؤں کو عطر سازی میں استعمال ہونے والے تیل کے ساتھ کشید کرکے یہ خوشبو تیار کی گئی ہے۔
یہ پرفیوم جسے ’فرائٹس بائی ایڈاہو‘ کا نام دیا گیا ہے، بطورِ خاص ویلنٹائنز ڈے کےلیے پیش کیا گیا تھا جبکہ اس کی بوتلیں بھی بہت محدود تعداد میں بنوائی گئی تھیں۔
ایسی ہر بوتل میں صرف 50 ملی لیٹر پرفیوم تھا اور قیمت 1.89 امریکی ڈالر (330 پاکستانی روپے) رکھی گئی تھی جو کچھ زیادہ بھی نہیں۔
7 فروری کو یہ پرفیوم فروخت کےلیے آن لائن رکھا گیا لیکن صرف چند منٹوں میں ساری بوتلیں فروخت ہوگئیں۔
اس کے بعد ایڈاہو پوٹیٹو کمیشن نے اعلان کیا کہ اس پرفیوم کی تمام بوتلیں فروخت ہوچکی ہیں۔
البتہ انسٹاگرام پیج @idahopotatoes کے ذریعے رجسٹر ہونے والوں میں سے دس منتخب صارفین کو اس پرفیوم کی ایک ایک بوتل تحفے میں دی جائے گی۔
بتاتے چلیں کہ اس ’آلو پرفیوم‘ کا مقصد پیسہ کمانا نہیں تھا بلکہ ایڈاہو میں اگائے جانے والے آلوؤں کو دنیا میں مشہور بنانا تھا… اور یہ مقصد بخوبی حاصل کرلیا گیا ہے!
ترین گروپ کے رابطوں میں مزید تیزی، باہمی ملاقاتوں کا ابتدائی راونڈ مکمل
لاہور: (ویب ڈیسک) ترین گروپ کے رابطوں میں مزید تیزی آ گئی، ترین گروپ کے ارکان کے باہمی رابطوں کا ابتدائی راونڈ مکمل ہوگیا، ترین گروپ پیدا شدہ سیاسی صورتحال میں اپنا سیاسی کردار ادا کرے گا۔
ذرائع کے مطابق جہانگیرترین گروپ کا باضابطہ اجلاس جلد طلب کئے جانے کا امکان ہے، ترین گروپ کی گزشتہ رات سے غیر رسمی مشاورتی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ترین گروپ آئندہ ہفتے بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کرے گا اور سیاسی صورتحال سے الگ نہیں رہے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رابطے کے بعد ترین گروپ کی چوہدری برادران سے ملاقات کا اہتمام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ضمن میں دونوں جماعتوں کے مشترکہ دوست ترین گروپ کے مرکزی رہنماوں کی چوہدری برادران سے ملاقات کے لئے متحرک ہوگئے ہیں۔
لاہور قلندرز نے راشد خان کی جگہ فواد احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز نے راشد خان کی جگہ آسٹریلیا کے فواد احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا، لیگ سپنر پی ایس ایل کے آخری میچز کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔
تیئس فروری سے افغانستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز ہو گا جس کے باعث راشد خان پاکستان سپر لیگ کے آخری میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بعد آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فواد احمد قلندرز کے سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں ۔
آسٹریلوی لیگ سپنر اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
کے الیکٹرک کی فروخت کا معاملہ، وزیرتوانائی سندھ نے اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) کے الیکٹرک کی شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کرنے کے معاملے پر وزیر توانائی سندھ کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے سے پہلے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے۔
وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ معلوم ہوا وفاقی حکومت کے الیکٹرک شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کر رہی ہے۔ سندھ حکومت شنگھائی الیکٹرک اور کے الیکٹرک کو متنبہ کرتی ہے کہ کوئی بھی معاہدہ کرنے سے پہلے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں ہوگا جس میں سندھ حکومت کی نمائندگی شامل نہ،وزیرتوانائی نے کہا سابق حکومت نے مذاکرات میں سندھ کا نمائندہ شامل کیا تھا، وفاق ہر معاملے کی طرح سندھ کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کر رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت من مانے فیصلے کر کے اداروں کی فروخت کے فیصلے کر رہی ہے۔