All posts by Khabrain News

سابق حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا، مراد سعید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا جبکہ سیاسی میدان ہو یا پارلیمان وزیراعظم عمران خان کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا استحصال کیا اور تاریخ پر تاریخ دینے والوں کو شکست ہوئی حزب اختلاف کرپشن بچانے کے لیے ایک ہو گئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی۔
مراد سعید نے کہا کہ پاکستانی قوم کا پیسہ چوری کر کے استحصال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان امریکی سفیر کو کہتے تھے کہ مجھے خدمت کا موقع دیں جبکہ حزب اختلاف نے سرکس لگایا ہوا ہے۔ حزب اختلاف کہہ رہی ہے دنیا میں مہنگائی ہے تو یہاں کیوں کم کر دی۔
انہوں نے کہا کہ وکی لیکس میں ذکر ہے یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری ڈرون حملے پر شور مچاتے تھے جبکہ نواز شریف مودی کی حلف برداری میں شرکت کے لیے بھارت گئے لیکن بھارت میں حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے نہیں ملے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ بھارتی تاجر جندال بغیر ویزا پاکستان آیا تو اس کی آمد کو چھپایا گیا اور راجیو گاندھی کی پاکستان آمد پر کشمیر کے بورڈ ہٹائے گئے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ لڑا اور عمران خان نے کشمیر پر دنیا بھر کے لیڈرز سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا بھر میں اعلیٰ فورم پر عالم اسلام کو اکٹھے کیا اور اسلامو فوبیا پر بھی بات کی۔ عمران خان نے اسلامو فوبیا کے ایشو کو اجاگر کیا۔
مراد سعید نے کہا کہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے اہل نہیں اور سابق حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا۔ پاکستان خود استحصالی سے خودداری کی طرف گیا اور آج پاکستان عالم اسلام کی رہنمائی کررہا ہے۔

سعودی عرب آمد پر کورونا ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم

ریاض: سعودی عرب نے بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں حد تک کمی آنے کے بعد متعدد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں حرمین شریفین سمیت دیگر مساجد میں سماجی فاصلوں کی پابندیاں شامل ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوویڈ-19 میں کمی کے باوجود عوامی مقامات پر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں سعودی حکومت یوکرین سے واپس آنے والے شہریوں کے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم کردی تھی۔

واضح رہے کہ سعودی گزٹ کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔

اپوزیشن عدم اعتماد کا تماشا رچا کر ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کررہی ہے:بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی ہے نہ کوئی ایجنڈا، عدم اعتماد کا تماشا رچا کر ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ استعفوں،آر پاراورمارچ کی ناکامیاں اپوزیشن کے ماتھے پر لکھی جاچکی ہیں۔ع اپوزیشن کو عدم اعتماد کی ایک اورشکست کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ حکومت اوراتحادی ایک پیج پر ہیں۔ اپوزیشن نے پورا زورلگا کر دیکھ لیا لیکن حکومتی اتحاد میں دڑاڑیں نہیں ڈال سکی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اب چھانگامانگا یا مری کی سیاست نہیں چلے گی، صرف ترقی اورعوام کی خوشحالی کی سیاست ہوگی۔

عوامی حمایت حیرت انگیز، بلاول بھٹو کا لانگ مارچ گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے: شیری رحمان

لاہور: (ویب ڈیسک) نائب صدر پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ کراچی سے لاہور تک پیپلز پارٹی کیلئے عوامی حمایت حیرت انگیز ہے، بلاول بھٹو کا لانگ مارچ گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔
شیر ی رحمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ لانگ مارچ میں ‏ ہر گزرتے دن اور شہر کے بعد عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے، بلاول بھٹو اور پی پی پی نے ایک بار کی حقیقی عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے، ‏پنجاب کے پرانے جیالے دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں جبکہ نئی نسل پیپلز پارٹی کے آزاد خیال اور ترقی پسند سیاسی نظریے کی طرف مائل ہو رہی ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے میں مثبت پیشرفت ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اب لوگ کھوکھلے نعروں اور دعووں سے مایوس ہو چکے ہیں، لوگ حقیقی سیاسی تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، ‏عوامی مارچ کے ذریعے قوم نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کر دیا ہے، آج لاہور کی عوام عدم اعتماد پیش کرے گی، مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے، عوامی مارچ کے بعد ہی وزیراعظم کو عوام اور اتحادی یاد آئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ مخالف لابی کے دباؤ میں کیا: شوکت ترین

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ مخالف لابی کے دباؤ میں کیا۔

عرب اخبار خلیج ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں شوکت ترین نے کہا کہ انسداد منی لانڈرنگ کے لیے پاکستان کی کارکردگی بہت بہتر ہے، ایف اے ٹی ایف نے بھی اعتراف کیا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کیے۔شوکت ترین نے کہا کہ 27 میں سے 26 اہداف پورئے گئے جانے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنا بلاجواز ہے۔ اعلی کارکردگی پر پاکستان کا حق تھا کہ اسے گرے لسٹ سے نکالا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے معاملے میں میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان مخالف لابی کے دباؤ میں فیصلہ کیا۔شوکت ترین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس سال ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

سعودی عرب جانیوالے مسافروں کیلئے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کورونا کیسز میں کمی آنے پر مملکت میں آنے والے مسافروں کیلئے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔
سعودی گزٹ کے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ سمیت تمام مساجد میں سماجی فاصلے سمیت کورونا لاک ڈاون سے منسلک پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں تاہم ماسک اب بھی لازمی پہننا ہو گا۔
سعودی گزٹ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والوں پر عائد پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی پابندی بھی ہٹٓا لی گئی ہے، نئے احکامات کا آج سے عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔

ویمن ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 107 رنز سے شکست دیدی۔
بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پوجا واسترنے سڑسٹھ اور سمرتی مندھانا باون رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں جبکہ سنیہ رانا تریپن رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرا سندھو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستانی خواتین ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم محض 137 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ کپتان بسمہ معروف 15، سدرہ نواز 12 ، دیانا بیگ 24 جبکہ سدرہ امین 30 رنز بنا سکیں۔

100ملین پاکستانی مکمل طو رپر ویکسین لگوا چکے ہیں،اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں 100 ملین شہریوں نے کورونا کی مکمل ویکسینیشن کروالی۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہےقومی ویکسینیشن مہم میں اہم سنگ میل عبورکر لیا گیا ہے۔100ملین پاکستانی اب مکمل طورپر ویکسین لگوا چکے ہیں۔
انہوں نے اعدادوشمار جاری رتے ہوئےکہا ہے کہ 127ملین سے زائد لوگوں نے کم از کم ایک خوراک حاصل کی ہے۔ہم تمام اہل شہریوں کی ویکسی نیشن کے بہت قریب ہیں۔

میکسیکو: فٹبال میچ کے دوران شائقین میں تصادم، 22 افراد زخمی

میکسیکو : (ویب ڈیسک) میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران شائقین میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران افسوس ناک واقعہ پیش آیا جب کیوریٹرو اور اٹلس کے درمیان ہونے والے میچ میں لڑائی شروع ہو گئی۔ لڑائی شائقین کے درمیان اسٹینڈرز میں ہوئی جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہوئے۔
لڑائی کے دوران شائقین نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھنسوں کی بارش کی۔ لڑائی کے دوران اسٹیڈیم میں موجود وار مانیٹر کو نقصان پہنچا جبکہ زخمی ہونے والوں میں 2 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی گئی۔
میکسیکو لیگا ایگس ایم ایکس کے ایگزیکٹیو صدر نے واقع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے تمام کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
اٹلس کلب کی جانب سے جاری بیانیے میں مطالبہ کیا گیا کہ لیگ انتظامیہ اور حکام کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے تاکہ ناخوشگوار واقعہ میں ملوث افراد کا تعین کیا جا سکے اور ان کے خلاف قانوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب کیوریٹرو کے گورنر ماروسیو کوری کا کہنا ہے کہ کلب کے مالکان اور اداروں کو حقائق کا جواب دینا چاہئیے، میں نے ہدایات جاری کردی ہیں کہ قانون پاسداری کرتے ہوئے اس واقعہ کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔

سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے ، مریم اورنگزیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس بند ہونا معیشت کے لیے خطرناک ہے جبکہ تاریخی مہنگائی میں ان یونٹس کے بند ہونے سے مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی زراعت اور کسان متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا اور ‎ یہ عمران خان کی لائی ترقی کے بھیانک ثمرات ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ‎2 سال سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے اور اگر ‎ریونیو بڑھ گیا ہے تو سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی 2 سال سے کیوں بند ہے؟
انہوں نے کہا کہ ‎اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے جبکہ ‎ملک میں ٹریکٹر کی قیمت بڑھ جائے گی اور ملک کی فوڈ سکیورٹی متاثر ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎زراعت متاثر ہونے سے خوراک کی قلت اور قیمت دونوں میں اضافہ ہو گا۔ ‎ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی جو پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں مہنگائی شہروں سے زیادہ ہے۔ ‎پیداواری یونٹس سمیت دیگر کو فی الفور سیلز ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔