اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے حج پر سبسڈی دینا جائز ہے، اس میں کوئی حرج نہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے حج سبسڈی کے حوالے سے خبریں چلنے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے حج سبسڈی سے متعلق استفسار کیا تھا جس پر اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ یہ عمل حجاج کے صاحب استطاعت ہونے کے منافی نہیں، سبسڈی بلا تفریق دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے حج سرکاری ہو یا پرائیویٹ سبسڈی بلا تفریق دی جائے، حکومت زکوۃ کی رقوم سے سبسڈی دینے سے احتیاط برتے تو زیادہ بہتر ہے۔
All posts by Khabrain News

آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے: فرخ حبیب
لاہور: (ویب ڈیسک) مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ بندیوں میں تبدیلی اور ووٹر لسٹوں میں ووٹرز کے ردوبدل کی بہت سی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔ الیکشن کمیشن بارے اپنے تحفظات کا اظہار پہلے ہی کر چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے الیکش کمیشن میں دو اپنے نئے ممبران تعینات کروا لئے ہیں لیکن دھاندلی کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے،رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے۔اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی تنخواہیں، الاونسز اور شہداء پیکیج کو ائندہ مالی سال سے پنجاب اور کے پی کے مساوی کر دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس میں اسلام آباد کی سیکیورٹی اور پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے متعلق غور کیا گیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ ملک کو شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ شر پسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔وفاقی کابینہ نےپولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر حملوں کی مذمت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اورالاؤنسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے شہدا پیکج کے ایک ارب کے بقایاجات فی الفورادا کرنے کا فیصلہ ہوا۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تنخواہیں، الاونسز اور شہدا پیکج خیبر پختونخوا پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اورفرنٹیئر کانسٹیبلری کومزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کو پولیس کی معاونت کیلئے بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔اسلام آباد کی فُول پروف سیکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو 100 فیصد کی جائےگی۔راولپنڈی اسلام آباد کی پولیس اور انتظامیہ کے درمیان کوآرڈی نیشن میکنزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔

توانائی بحران بے قابو، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 475 میگاواٹ تک پہنچ گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں توانائی کا بحران برقرار ہے، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 475 میگاواٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 525 میگاواٹ جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ اس وقت پانی سے 5 ہزار 147میگا واٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1307 میگا واٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 209 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ونڈ پاور پلانٹس سے 1 ہزار508 میگا واٹ، بگاس سے 168 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 134 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

سیکولر بھارت کے چہرے پر بد نما داغ، شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
اتر پردیش: (ویب ڈیسک) سیکولر بھارت کے چہرے پر ایک اور بد نما داغ، شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رام مندر کی سنگ بنیاد بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے رکھی، تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مندر کا پہلا سنگ بنیاد رکھنے کے دو سال بعد ہوئی۔
واضح رہے بھارتی سپریم کورٹ نے 9 نومبر 2020کو بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنایا تھا، عدالت نے مسجد کی زمین کو ہندوؤں کے حوالے کرتے ہوئے مندر تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا، رام مندر 2024 میں ہونے والے اگلے پارلیمانی انتخابات سے پہلے تیار ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 1992 میں مشتعل ہندو گروہ نے ایودھیا کی بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد بدترین فسادات نے جنم لیا اور ہزارو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
بابری مسجد کو شہید کیے جانے کے بعد سے اس مقام کا کنٹرول سپریم کورٹ نے سنبھال لیا تھا۔

گرفتاریاں ہوں نا رکاوٹیں، لانگ مارچ کی اجازت دی جائے،پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے لانگ مارچ کی اجازت دیے جانے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔
تحریک انصاف نے لانگ مارچ سے متعلق درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو احتجاج کیلئے اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے۔احتجاج کے راستے میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں۔وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ احتجاج کاحق لینے سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز کہا ہے کہ پُرامن احتجاج کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ رولنگ دے، ورنہ اس بار ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں کہ پر امن احتجاج کا حق ہےکہ نہیں،کس بنیاد پر انہوں نے ہمیں روکا تھا۔ سپریم کورٹ کو کہہ رہا ہوں کہ آپ ہمیں رولنگ دیں۔ ہمیں بتائیں کہ کس بنیاد پہ ہمیں روکا گیا اور انتشار پھیلا یا گیا۔میں نے لوگوں کو احتجاج کے لیے تاریخ دینی ہے آئندہ جب ہم آئیں گے تو ہمیں بتائیں کہ کیا سپریم کورٹ اس طرح کے غیر جمہوری عمل کی اجازت دے گی؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ ہمیں تحفظ دیتی ہے تو ہماری حکمت عملی الگ ہوگی اور اگر ہمیں تحفظ نہیں ملتا تو میں سب کے سامنے کہہ رہاہوں کہ پھر ہماری دوسری حکمت عملی ہوگی اور اس بار تو ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ یہ میرے لیے جہاد ہے، امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرلی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کو 0-8سے ہرادیا۔ایشیا کپ کے دوران قومی ٹیم فائنل فور میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی اور ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کرسکی تھی۔
پاکستان کو جاپان کیخلاف اہم میچ میں2-3 سے شکست ہوئی تھی۔ ہاکی ایشیا کپ 2022 میں جاپان کے خلاف میچ میں گرین شرٹس 12 کھلاڑی لے کر میدان میں اتری تھی۔
اسی دوران جب قومی ٹیم کو اہم اور قیمتی گول ملا تو وہ پچ پر پاکستان کے 12 کھلاڑی موجود ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگیا۔
خیال رہے کہاکی ایشیا کپ میں پول اے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو آخری منٹ میں جیت سے محروم کرتے ہوئے میچ 1-1 سے برابر کردیا تھا۔
دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے انڈونیشیا کے خلاف گولز کی بارش کرتے ہوئے 0-13 سے کامیابی سمیٹی تھی۔
جاپان کے خلاف گروپ کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو صرف دو گول مسترد ہونے کا خمیازہ 2-3 کی شکست کے ساتھ اٹھانا پڑا تھا۔

اچھی ٹیم تسلسل کیساتھ ہی کھیلتی ہے، بابر اعظم
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اچھی ٹیم تسلسل کے ساتھ ہی کھیلتی ہے اور ٹیم نے ماڈرن کرکٹ میں خود کو منوایا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل سے کیمپ کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے پرجوش ہوں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔ رضوان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور بطور کھلاڑی نمبر ون پر آنا خواب ہوتا ہے۔ کھلاڑی کو ہمیشہ اچھے پرفارمنس پر توجہ دینی چاہیے جبکہ ٹف ٹائم اور دباؤ میں کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ محمد رضوان ٹیم میں اچھا سپورٹ دے رہے ہیں او ہم اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ شان مسعود اوپر کھیلتا ہے اسے اوپر ہی کھلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے وائٹ بال کا کیمپ لگا تھا اب ریڈ بال کا لگ رہا ہے اور اب ہم سخت گرم موسم میں کھیلنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ ہم نے بہترین فارمیٹ میں کارکردگی دکھانی ہے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ 2 ماہ کا آف ملا تھا اور پھر ہماری بین الاقوامی کرکٹ شروع ہوئی۔ بہترین ٹیم کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے اور اچھی ٹیم تسلسل کے ساتھ ہی کھیلتی ہے جبکہ ٹیم بنانے کے لیے تو مسلسل موقع لینا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کھلاڑیوں کو تسلسل سے کھلانا ہو گا اور ٹیم نے ماڈرن کرکٹ میں خود کو منوایا ہے۔

آسٹریلیا میں دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم آبی پودا دریافت
آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم پودا دریافت کرلیا گیا، پینتالیس سو سال پرانے پودے کا حجم بیس ہزار فٹ بال میدانوں کے برابر ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ویسٹرن آسٹریلیا کے ساحلوں میں ایک ہی بیج سے اگا سی گراس کا یہ پودا 180 مربع کلو میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے، ماہرین کے مطابق وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ’شارک بے‘ کے علاقے میں دریافت کیے گئے اس پودے میں کتنے مزید پلانٹس اُگے ہیں اور ان کی ماہیت کیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق ایسی نباتات کے مطالعہ سے ماحول اور ایکو سسٹم کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ عالمی درجہ حررات میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلوں کو بارے میں کئی راز افشا ہو سکتے ہیں۔
یہ نسل عام طور پر گارڈن کی طرح ایک سال میں 35 سینٹی میٹر تک بڑھتی ہے۔ اس طرح محققین کا اندازہ ہے کہ اسے اپنے موجودہ سائز تک پھیلنے میں چار ہزار پان سو سال لگے ہیں۔

بجٹ میں مختلف وزارتوں کیلئے ترقیاتی فنڈز میں کمی کا امکان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ مالی سال مختلف وزارتوں کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کمی کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی بجٹ 23-2022 میں حکومت کو مشکل معاشی حالات کا سامنا رہے گا اور آئندہ مالی سال مختلف وزارتوں کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کمی کیے جانے کا امکان ہے۔وفاقی بجٹ 23-2022 میں ترقیاتی بجٹ کا حجم بھی کم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 23-2022 میں ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے رکھا گیا تھا۔ ترقیاتی بجٹ آئندہ مالی سال میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 22 فیصد کم ہو گا۔
آئندہ مالی سال میں پاور ڈویژن کے لیے 50 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے آئندہ بجٹ میں 120 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال میں این ایچ اے کا بجٹ رواں بجٹ کے مقابلے میں 6 ارب روپے کم ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ضم شدہ اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 40 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں اور ضم شدہ اضلاع کے لیے رواں مالی سال کے مقابلے میں 14 ارب روپے کی کمی ہو گی۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے آئندہ مالی سال کے لیے 30 ارب روپے کی تجویز ہے جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لیے آئندہ بجٹ میں اضافے کا امکان بھی ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے ایچ ای سی کے لیے بجٹ میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تجاویز کو حتمی منظوری اور مزید جائزے کے لیے پلان کوآرڈینشن کمیٹی میں پیش کیا جائے گا اور پلان کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 4 جون کو طلب کیا گیا ہے۔