All posts by Khabrain News

روپے کی قدر میں بہتری، امریکی ڈالر مزید 16 پیسے سستا ہو گیا

کراچی : (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی ہے انٹربینک میں ڈالر مزید 16 پیسے سستا ہو گیا ہے۔
انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 16 پیسے کی کمی کے بعد امریکی کرنسی 198 روپے 90 پیسے کی ہو گئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم رہی اور 199 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ چند دنوں میں ڈالر بلند ترین سطح 202.01 روپے سے 3.11 روپے کی کمی کے بعد 198 روپے 90 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب بدترین مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ بھی سنبھلنے لگی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔

نیپال طیارہ حادثہ:تمام ہلاک مسافروں کی لاشیں نکال لی گئیں

نیپال : (ویب ڈیسک) نیپال میں امدادی کارکنوں نے ہمالیہ میں تباہ ہونے والے طیارے سے تمام 22 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔
حکام نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے متاثرین کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ٹیموں نے طیارے کا بلیک باکس بھی حاصل کرلیا جسے بیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔
نجی کمپنی کا طیارہ نیپال کے ضلع موستانگ کے پہاڑپر گر کر تباہ ہوا تھا۔ اتوار کی صبح اس طیارے کا ٹریفک کنٹرول سینٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس امدادی مشن میں مقامی گائیڈز کے ساتھ ساتھ فوج اور پولیس کے ساٹھ اہلکار شریک تھے۔
ابھی تک اس طیارے کے تباہ ہونے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ طیارے پر سولہ نیپالی شہریوں کے ساتھ ساتھ چار بھارتی اور دو جرمن شہری سوار تھے۔

چہرے پر مستقل مسکراہٹ، ننھی آسٹریلین بچی سوشل میڈیا اسٹار بن گئی

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) چہرے پر مستقل مسکراہٹ، ننھی آسٹریلین بچی سوشل میڈیا اسٹار بن گئی۔
دسمبر دو ہزار اکیس میں آسٹریلیا میں پیدا ہونے والی آئلا سمر غیر معمولی بیماری کا شکار ہیں جس میں پیدائش سے قبل بچے کے منہ کے کونے مناسب طریقے سے آپس میں نہیں مل پاتے، بچی کے والدین کے مطابق جب انہوں نے آئلا کو دیکھا تو اس کے چہرے پر مستقل مسکراہٹ دیکھ کر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔
ماہرین کے مطابق یہ حالت انتہائی غیر معمولی ہے جسے بائی لیٹرل میکروسٹومیا کہا جاتا ہے۔ ڈاکٹرز نے والدین کو سرجری کا مشورہ دیا ہے۔
2007 کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دنیا بھر میں ایسے صرف 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، بچی کی مستقل مسکراہٹ کے باعث وہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کی اسٹار بن چکی ہے۔

پاکستان اور ترکی کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں،وزیراعظم

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں، ان 7دہائیوں میں دونوں برادر ملک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
وزیراعظم نے ترک نیوز ایجنسی اندولو کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستان اور ترکی باہمی مفادات کےتمام معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، دونوں ممالک بنیادی قومی مفاد کے تمام امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔
جموں وکشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت پر ترک قیادت کے مشکور ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، ترکی میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کارکمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کروں گا، پاکستان میں توانائی ،ای کامرس، ایگروبیس انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

یوکرین کے درالحکومت کیف میں پاکستانی سفارتخانہ کھل گیا

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کے درالحکومت کیف میں پاکستانی سفارتخانہ کھل گیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے یوکرین کے شہریوں کے لیے دوسری بار آج امداد روانہ کی گئی ہے۔
سی ون تھرٹی طیارہ کھانے کی اشیا،ادویات اور طبی سامان لیکر یوکرین روانہ ہوا ہے، امدادی سامان کا دوسرا جہاز 3جون کو ساڑھے 7 ٹن امدادی سامان لے کر یوکرین جائے گا۔
واضح رہے مارچ میں بھی پاکستان نے یوکرین جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے اسلام آباد کے نور خان ہوائی اڈے سے 15 ٹن امدادی سامان روانہ کیا تھا۔ امدادی سامان میں جان بچانے والی ادویات، طبی آلات، رضائیاں، کمبل اور کھانے کی اشیا شامل تھیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مزید تفصیلات کے مطابق 15 ٹن وزنی امدادی سامان سی ون تھرٹی کی دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پولینڈ کے شہر وارسا پہنچایا گیا جہاں سے اسے یوکرین منتقل کیا گیا۔

یورپی یونین کی روسی تیل کی 90فیصد درآمدات پر پابندی

لاہور : (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے روس کی تیل کی 90 فیصد درآمدات پر پابندی عائد کرنے پراتفاق کر لیا ہے۔روس کے اہم بینک کوسوئفٹ فنانشل سسٹم سے بھی نکالا جائے گا۔
یورپی یونین کے رکن ممالک کے نمائندوں کی برسلز میں ہونے والی ملاقات میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
یورپی یونین نے ہنگری سے سمجھوتہ کیا ہے کہ روس کی 90 فیصد تیل کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی جبکہ پائپ لائن کے ذریعے یورپ پہنچنے والے تیل کو پابندی سے مستثنٰی قرار دیا جائے گا۔
اس سے قبل ہنگری نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی تو اس کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔
یورپی یونین کے27 ممالک پر مشتمل بلاک کئی ہفتے سے روس پر مکمل طور پر پابندی لگانے پر زور دے رہا تھا۔ تاہم ہنگری کے وزیراعظم وکٹر آربن مسلسل اس کی مخالفت کرتے رہے۔
معاہدے کے بعد یورپین کونسل کے چیف چارلس مچل نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے تیل کی درآمد پر پابندی کا معاہدہ تیار ہے۔ جس کے تحت فوری طور پر روس سے دو تہائی تیل کی درآمدات پر پابندی لگائی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس پر جنگ کے خاتمے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جا سکے گا۔

عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مزید 3 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، نیپرا نے بجلی مزید 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔
سی پی پی اے نے مزید کہا کہ بجلی پیدوار کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی، ڈیزل سے 27 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 28، ایل این جی سے 16، کوئلے سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، 31 روپے فی یونٹ بجلی لاسز کی نذر ہوگئی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی جس سے صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔

دنیا پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مداخلت نہ کرے، الیکشن چاہتے ہیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے 22 کروڑ عوام نے منتخب کیا تھا میری ذمہ داری میرا ملک تھا، عوام نے پاکستان کے لیے منتخب کیا تھا دنیا کی غلطیاں ٹھیک کرنے کے لیے نہیں۔
برطانوی ٹی وی اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عراق، افغانستان یا یوکرین تمام ملٹری آپریشنز کے خلاف ہوں، چین، روس اور امریکا سے تعلقات میں میرے لوگوں کا فائدہ تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نہیں چاہتا اسلام آباد میں لوگ جمع کرکے دوبارہ اقتدارمیں لائیں، امریکی رجیم چینج سے جو حکومت لائی گئی اس میں60 فیصد مجرم ہیں، الیکشن چاہتے ہیں عوام کو فیصلہ کرنے دیں وہ کس کو منتخب کرتے ہیں، ہمارے دور میں ریکارڈز زرمبادلہ پاکستان آیا، ریکارڈ فصلیں ہوئیں گروتھ ریٹ 6 فیصد رہا انڈسٹری ترقی کر رہی تھی، ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہوا پاکستان کورونا کے دوران دنیا کے 5 بہترین ممالک میں شامل رہا، بہتر پالیسی کے ذریعے کورونا کی وبا پر قابو پایا۔ گروتھ ریٹ5 اعشاریہ 6 فیصد رہا انڈسٹری ترقی کر رہی تھی۔
ہم روس سے سستا تیل اور گندم خریدنا چاہتے تھے، میرا دورہ روس پہلے سے طے شدہ تھا، مجھے کیسے پتہ تھا کہ روس پہنچوں گا تو یوکرین پر حملہ ہو جائے گا۔
عوام انتخابات چاہتے مسلط کردہ حکومت کو قبول نہیں کریں گے، دنیا کو پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر عمل میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہمیں بھی غیرجانبدار رہنے دیں تاکہ ہم اپنے لوگوں کی دیکھ بھال کرسکیں۔
بھارت نے مسئلہ کشمیر پر یو این قرارداوں کی مسلسل خلاف ورزی کی، بھارت نے کشمیروں سے حق چھینا کیا کسی نے اس پر بات کی؟ کشمیر میں ظلم وبربریت ہے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کررہا ہے کیا کسی نے اس کی مذمت کی؟ بھارت کی مذمت اس لیے نہیں کی جاتی کیونکہ وہ ان کا اتحادی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان سے متعلق عالمی سطح پر پروپیگنڈا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارجانیں دیں یعنی سب سے زیادہ قربانیاں دیں، امریکا افغانستان میں فوجی حل تلاش کررہا تھا افغانستان میں ناکامی ہمارے سر تھوپی جارہی ہے، افغانستان میں جو ہو رہا تھا اس کا ہم سےکوئی لینا دینا نہیں تھا، امریکی جنگ میں شمولیت سے ابھی تک دہشت گردی کا سامنا ہے۔

خان پور ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خان پور ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کو پانی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
خان پور ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے سے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ ڈیم میں پانی کی انتہائی سطح ایک ہزار 910فٹ رہ گئی۔
ماہرین کے مطابق خان پور ڈیم سے راولپنڈی اور اسلام آباد کو پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
خان پور ڈیم میں پانی کی آمد 194 کیوسک اور اخراج 121 کیوسک ہے۔خان پور ڈیم سے راولپنڈی اسلام آباد کوروزانہ 100 کیوسک پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بارشوں میں کمی کے باعث ملک بھر میں پانی کی کمی کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ اور اپریل میں بارشوں کی ریکارڈ اوسط تاریخی طور پر کم رہی ہے۔
ارسا کے مطابق مئی کے اوائل میں ملک بھر میں پانی کے ذرائع دریاؤں اورڈیموں میں اوسط توقع سے مجموعی قلت 38 فیصد تھی۔
دریائے سندھ اور تربیلا ڈیم میں 13 فیصد، دریائے کابل میں 46 فیصد، دریائے جہلم اور منگلا ڈیم میں 44 فیصد، دریائے چناب میں 48 فیصد اور دیگر ذرائع میں یہ کمی 66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان کی طرف سے یوکرین کے لیے امداد روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے یوکرین کے شہریوں کے لیے دوسری بار امداد روانہ، سی ون تھرٹی طیارہ کھانے کی اشیا، ادویات اور طبی سامان لیکر یوکرین روانہ ہوا ہے۔
امدادی سامان کا دوسرا جہاز3 جون کو ساڑھے 7 ٹن امدادی سامان لے کر یوکرین جائے گا۔
مارچ میں بھی پاکستان نے یوکرین جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے اسلام آباد کے نور خان ہوائی اڈے سے 15 ٹن امدادی سامان روانہ کیا تھا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نور خان ایئر بیس پر امدادی سامان کو یوکرینی سفیر کے حوالے کیا گیا اور اس موقع پر پاکستان کے سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق امدادی سامان میں جان بچانے والی ادویات، طبی آلات، رضائیاں، کمبل اور کھانے کی اشیا شامل تھیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مزید تفصیلات کے مطابق 15 ٹن وزنی امدادی سامان سی ون تھرٹی کی دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پولینڈ کے شہر وارسا پہنچایا گیا جہاں سے اسے یوکرین منتقل کیا گیا۔