All posts by Khabrain News

پاکستانی ای گیمر ارسلان ایش نے کومبو بریکر ٹیکن 7 کا مقابلہ اپنے نام کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پروفیشنل ای گیمر ارسلان ایش نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرتے ہوئے امریکہ میں ویڈیو گیمنگ ٹورنامنٹ ’کومبو بریکر 2022‘ میں ’ٹیکن 7‘ کا مقابلہ اپنے نام کرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمبو بریکر کی جانب سے لاہور کے علاقے داروغہ والا سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش کی فتح کا اعلان کیا گیا۔
پاکستانی ای گیمر نے اس فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ایک بار پھر میں نے کر دکھایا، یہ ٹورنامٹ بہت مشکل ہوتے ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ میری پریکٹس کام آ رہی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست الینوائے میں منعقد ہونے والے کومبو بریکر ایونٹ میں 50 ’فائٹنگ گیمز‘ کو شامل کیا گیا اور دنیا بھر سے تین ہزار کھلاڑیوں نے اس میں شرکت کی، پاکستانی ٹیکن کھلاڑی ارسلان ایش اس سے قبل بھی متعدد بین القوامی مقابلے جیت چکے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز ملتان منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتان منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے کہ سیریز کے میچز 8، 10 اور 12 جون کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
سیریز میں شامل تینوں میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے، سیریز میں شرکت کے لیے مہمان سکواڈ 6 جون کو اسلام آباد پہنچے گا۔
اسلام آباد پہنچنے پر مہمان سکواڈ بذریعہ چارٹرڈ طیارہ ملتان روانہ ہوگا، قومی سکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے چار جون تک لاہور میں لگایا جائے گا، قومی سکواڈ پانچ جون کو ملتان پہنچے گا۔
منصور رانا ٹیم مینجر، ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ باؤلنگ کوچ ہوں گے، محمد یوسف بیٹنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، ڈرکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ ، کرنل ریٹائرڈ عمران سکیورٹی مینجر، طلحہ اعجاز اینالسٹ، محمد عمران مساجر، نجیب اللہ سومرو ڈاکٹر ہونگے۔

پاکستان میں فیس بک کا آفس کھولنے کے حوالے سے اہم پیشرفت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں فیس بک کا آفس کھولنے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
فيس بک کے نمائندے مائيکل کی ڈائريکٹر ايف آئی اے سائبر کرائم ہمايوں بشير سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں دفتر کھولنے سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں ڈائریکٹر ایف آئی اے نے فیس بک کے نمائندے پر زور دیا کہ سری لنکا، بھارت اور دیگر ممالک کی طرح فیس بک کو پاکستان میں بھی اپنا آفس کھولنے کی ضرورت ہے۔
ایف آئی اے اور فیس بک میں معلومات کا دائرہ کار بڑھانے پر غور کیا گیا، فيس بک کا نمائندہ جولائی ميں دوبارہ ملاقات ميں پيشرفت سے آگاہ کرے گا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی حیثیت سے فواد چودھری نے بھی فیس بک، گوگل اور دیگر پلیٹ فارمز کو پاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ حکومت نے فیس بک سے بات کی ہے کہ وہ اپنا دفتر پاکستان میں کھولے۔

بلیغ الرحمان نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے نامزد گورنر بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے بلیغ الرحمان سے عہدے کا حلف لیا جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
رپورٹس کے مطابق حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے، اس کے علاوہ پارلیمنٹیرینز،لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب کا حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ’ بلیغ الرحمن گورنرپنجاب کے منصب کو عوامی فلاح کیلئے استعمال کریں گے’۔
انہوں نے کہا کہ آج آئین اور قانون کی بالادستی ہوئی ہے، آئین سے کھلواڑ کرنے والوں نے نا صرف وزیراعلیٰ بلکہ گورنر کے حلف میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

گذشتہ4 سالوں میں سی پیک کو نظر انداز کیا گیا، چینی کمپنیوں کا وزیراعظم سے شکوہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی کمپنیوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے شکوہ کیا ہےکہ گذشتہ چار برسوں میں سی پیک کو نظر انداز کیا گیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق چینی کمپنیوں نے شہباز شریف کی قیادت میں سی پیک دوبارہ فعال ہونےکے یقین کا اظہارکیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چینی کمپنیوں نے شکوہ کیا کہ گذشتہ چار برسوں میں سی پیک کو نظر انداز کیا گیا، اس دوران ہمارے مسائل بھی حل نہیں ہوتے تھے۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے اجلاس میں فوری فیصلوں پر چینی کمپنیوں نے اظہار تشکر بھی کیا۔

وزیراعظم نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لے لیا، متعلقہ وزیروں اور وزارتوں سے رپورٹ طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزیروں اور وزارتوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر میں آٹے کی قیمت حکومتی اعلان کے مطابق بنانے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کہا کہ عوام کو حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی فوڈ سکیورٹی، صنعت کی وزارتیں اور متعلقہ محکمے احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ آج ہی پیش کریں۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو سابق دور کی طرز پر بحال، بجٹ23-2022 میں کٹوتی نہ کی جائے، وزیر اعظم

اسلام آباد:  (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ23-2022 میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو مسلم لیگ(ن) کے سابق دور کی طرز پر فعال بنایا جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے چار سال میں کٹوتیوں نے اعلی تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے۔ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پراجیکٹس کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اعلی تعلیم کو عالمی معیار پر استوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، وزیراعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، سی پیک کی صورت میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، چین اور پاکستان کے تعلقات طویل اور وسیع ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو معروف چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے، پاکستان کو ہر شعبہ میں چین کے تعاون کی ضرورت ہے، گذشتہ تین دہائیوں میں چین نے بے مثال ترقی کی ہے خاص طور پر زراعت اور صنعت کے شعبہ میں چین کی معاونت درکار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے، صنعتی شعبہ میں ترقی کیلئے پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز سے احسن طریقہ سے نبرد آزما ہوں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان اہم منصوبہ ہے، سی پیک کی صورت میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات طویل اور وسیع ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کل 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف (آج) منگل سے 2 جون تک ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ترکی کا پہلا دورہ ہو گا، وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماپاکستان ترکی دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے 11 اپریل کو محمد شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارکباد دینے کے لیے فون کیا، دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر بھی ٹیلی فون پر بھی بات کی۔ پیر کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکی کے دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء، معاونین خصوصی اور سینئر حکام سمیت اعلی سطح کا وفد بھی ہوگا۔ پاکستان کا ایک تجارتی وفد جس میں مختلف شعبوں کی سرکردہ کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں، تجارتی مصروفیات میں شرکت کے لیے علیحدہ علیحدہ ترکی جائیں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان ترکی دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما اپنی ملاقاتوں کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ گفتگو کریں گے۔ صدر رجب طیب ایردوان وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ پاکستان اور ترکی اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم اور ترکی کے صدر پاکستان اور ترکی کے مشترکہ طور پر ایک لوگو کی نقاب کشائی کریں گے جس سے دونوں ملکوں کی غیر معمولی دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ کے اہم سنگ میل کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔ دورے کے دوران ترک وزرائے خارجہ، تجارت اور صحت وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم ترکی کے سرکردہ تاجروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ وسیع بات چیت کریں گے، ان کی میزبانی یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی کے صدر کریں گے۔ وزیراعظم ترک فارن اکنامک ریلیشن بورڈ کے تعاون سے منعقد ہونے والے پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم میں بھی شرکت کریں گے۔ ان تقریبات کے دوران وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کریں گے اور ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور پاکستان ترکی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیں گے۔ پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات ان تقریبات میں شرکت کے ساتھ ساتھ ترک تاجروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گی۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات منظم ادارہ جاتی میکانزم کی بنیاد پر قائم ہیں، اعلی سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل قیادت کی سطح پر ایک بنیادی پلیٹ فارم ہے جس نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہ، کونسل کے اب تک چھ سیشن ہوچکے ہیں جبکہ اس سال ساتواں اجلاس منعقد ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی شاندار روایت پر مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ ترک قیادت اور حکومت نے ثابت قدمی سے کشمیر کے منصفانہ کاز کی حمایت کی ہے، ترکی جموں و کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ کا ایک اہم اور فعال رکن ہے، دونوں ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان، فلسطین اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے سمیت متعدد مسائل پر یکساں خیالات رکھتے ہیں۔ ترکی کی بڑی تعداد میں کمپنیوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں جن میں تعمیرات، بجلی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، حفظان صحت کی مصنوعات، الیکٹرانکس اور ڈیری شامل ہیں، میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے، ان ممتاز سرمایہ کار کمپنیوں میں البیراک، اوزی پاک، زورلو، آرسیلک، سیاح کلیم، سوطاس، کوکا کولا آئسیک، اور حیات کمییہ شامل ہیں۔ انقرہ میں قیام کے دوران ترک کمپنیوں کے سربراہان بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ ترکی دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہونے کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، صحت، تعلیم، ثقافت کے شعبوں اور عوامی روابط میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے تناظر میں اہم ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ ترکی سے دونوں ممالک کے درمیان قیادت کے مکالمے اور موجودہ کثیر جہتی سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور اس منفرد شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوششوں کو نئی تحریک ملے گی۔

عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تنازع کی زد میں آگئی ہے اور مخالفین فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے خلاف ٹرینڈ چلا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عامر خان کی مذکورہ فلم کا بائیکاٹ کیا جائے کیوں کہ انہوں نے فلم میں بھارتی فوج کا یونیفارم پہن کر ذہنی معذوری جیسا کردار نبھایا اور فوج کا بہت مذاق بھی اڑایا، امید ہے عوام اس کچرا فلم کا بائیکاٹ کریں گے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’فوریسٹ گمپ‘ کا چربہ ہے، عامر خان اور کرینہ کپور کو یہ فلم کاپی کرنے کے لیے 14 سال لگے، اس طرح کی فلم کو روکا جائے۔
اسی طرح ایک اور مخالف نے اداکار کے ماضی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے کہا تھا کہ بھارت کے شہری عدم برداشت کا شکار ہیں، تو ایسا شخص جس کے لیے بھارت محفوظ نہیں تو اسے اس ملک میں اپنی فلم ریلیز بھی نہیں کرنی چاہیے، لال سنگھ چڈھا کا ہر حال میں بائیکاٹ کیا جائے۔
خیال رہے کہ مذکورہ فلم رواں سال 11 اگست کو ریلیز کی جائے گا، لال سنگھ چڈھا میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔ جبکہ فلم میں ہدایت کاری کے فرائض ادویت چوہان نے انجام دیے ہیں۔