All posts by Khabrain News

پاک بھارت آبی تنازعات، بات چیت کیلئے پاکستانی وفد بھارت روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک بھارت آبی تنازعات پر بات چیت کے لیے پاکستانی وفد بھارت روانہ ہو گیا۔
پاک بھارت آبی تنازعات پر بات چیت کے لیے وفد انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں روانہ ہوا۔ وفد میں ڈی جی محکمہ موسمیات، محکمہ آبپاشی، نیسپاک اور وزارت خارجہ کا نمائندہ شامل ہے۔
انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے کہا کہ آبی تنازعہ پر 2 روزہ مذاکرات کل سے نئی دہلی میں ہوں گے جس میں بھارت سے آنے والے دریاؤں میں سیلاب کی پیشگی اطلاع پر بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مارچ میں پاک بھارت انڈس واٹر کمشنر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا اور اب یہ 118 واں اجلاس نئی دہلی میں ہو رہا ہے، اجلاس میں سالانہ رپورٹ فائنل کی جائے گی۔
دریائے سندھ پر چھوٹے پراجیکٹس ہیں جبکہ دریائے چناب پر انڈیا کے 3 بڑے پراجیکٹ ہیں جن پر پاکستان کو اعتراض ہے، ان میں سے ایک پاکل دل اور کیرو ہائیڈور پاور ہیں۔ کیرو پر کام شروع کیا ہے، ہمارے اعتراض پر بھارت نے کہا ہے کہ وہ رپورٹ پیش کرے گا۔
یہ وفد صرف اجلاس کے لیے جا رہا ہے معائنہ کے لیے الگ وزٹ ہوں گے۔

‘حکومتی حربے قابل مذمت، لانگ مارچ سے پہلے پولیس نے خاندانوں کو ہراساں کیا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی حربے قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں، لانگ مارچ کے دوران آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹر پر اظہار خیال میں کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے پہلے پنجاب اور سندھ پولیس نے خاندانوں کو ہراساں کیا۔ امپورٹڈ حکومت کی پولیس نے پُرامن مظاہرین پر بربریت کی۔
اس سے قبل عمران خان نے لانگ مارچ روکنے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ہمیں بتا دے کیا پر امن احتجاج جمہوری پارٹی کا حق ہے یا نہیں۔ عدالت سے احتجاج کی کلیئرنس مل جائے، دعویٰ کرتا ہوں اتنے لوگوں کو باہرنکالوں گا پہلے کبھی نہیں نکلے ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہباز حکومت نے 30 روپے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، انہوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ میں پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، ہماری حکومت روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کا معاہدہ کر رہی تھی، بھارت بھی روس سے سستا تیل لے رہا ہے۔ انہوں نے اپنے آقاؤں کے خوف کی وجہ سے روس سے سستا تیل نہیں لیا، بھارت آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے امریکا کا سٹرٹیجک اتحادی ہونے کے باوجود ماسکو سے سستا تیل لے رہا ہے، امپورٹڈ حکومت بے نقاب ہوچکی ہے، ہم آزاد خارجہ پالیسی دینا چاہتے تھے اس لیے میرے خلاف سازش ہوئی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا سزا یافتہ مجرم پاکستان کے فیصلے کر رہا ہے، باپ، بیٹے کو ایف آئی اے کے 24 ارب کے کیس میں سزا ہونا تھی، ہم ان دونوں باپ، بیٹے کوتسلیم نہیں کریں گے، جان قربان کردوں گا ان کوتسلیم نہیں کریں گے۔ میں نے چھ دن کا وقت دیا تھا، ہم نے اپنی پوری تیاریاں شروع کردی ہیں، ہمارے خلاف گلوبٹ کواستعمال کیا گیا، اس بارتیاری سے آئیں گے، یہ مافیا ہے یہ پہلے لوگوں کوخریدتے اگر نہ مانے تو پھر بلیک میل کرتے ہیں، یہ وہ مافیا ہے جس کو سپریم کورٹ نے سیسلن مافیا کہا تھا، لانگ مارچ کی تیاری کے لیے کارکنوں کوہدایت کردی ہے۔

عازمین حج کیلئے فلائٹ آپریشن کا شیڈول تاحال جاری نہ ہو سکا

لاہور: (ویب ڈیسک) عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے قبل از حج فلائٹ آپریشن کا شیڈول تاحال جاری نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق فلائٹ آپریشن 31 مئی سے شروع ہونا تھا جو تاحال جاری نہیں ہو سکا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت مذہبی امورکی جانب سے حج فلائٹ آپریشن سے متعلق پالیسی تاحال جاری نہیں ہوئی جس کے باعث فلائٹ آپریشن کا شیڈول جاری نہیں ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائنز نے فلائٹ آپریشن شیڈول جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

استنبول سے ماسکو کی پرواز منزل کے قریب پہنچ کر واپس کیوں آگئی؟

استنبول : (ویب ڈیسک) ترکی کے دارالحکومت استنبول سے ماسکو جانے والی پرواز منزل پر لینڈنگ سے کچھ دیر قبل بیلاروس کی فضائی حدود میں روک لی گئی جسے مبینہ طور پر فنی خرابی کی وجوہات کی بنا پر ماسکو کی بجائے لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس سے اتار لیا گیا۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق استنبول سے ماسکو کی ترکش ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 413 لگ بھگ ساڑھے تین گھنٹے کا سفر طے کرکے بیلاروس کی فضائی حدود سے روس کی فضائی حدود میں داخل ہوئی اور طیارہ ماسکو ائیر پورٹ پر اترنے کے لیے اپروچ لے رہا تھا کہ طیارے میں مبینہ طور پر فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
کنٹرول ٹاور کے رابطہ کرنے پر پائلٹ کو فضا میں ہی ہولڈ کرنے کا کہا گیا جس پر پائلٹ نے ائیر بس اے 321 طیارے کو بیلاروس کی فضائی حدود میں واپس لے جاکر چکر کاٹنا شروع کردیے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اپنے ہیڈکوارٹر سے ہدایت ملنے پر پائلٹ نے بیلا روس سے طیارے کا رخ لتھوانیا کی طرف موڑ دیا اور یوں پرواز کو لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس اتارلیا گیا۔
طیارے میں 180 روسی شہری بھی سوار تھے جو ہنگامی بنیادوں پر بغیر ویزے کے لتھوانیا اترے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جون سے شروع ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جون سے لاہور میں شروع ہوگا جس کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو قذافی سٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف تمام کھلاڑی بھی یکم جون سے لاہور قذافی سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کو جوائن کر لیں گے۔
ورلڈ کپ سپر لیگ کے سلسلہ میں تین ون ڈے انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کے میچز 8، 10 اور12 جون کو شیڈول ہیں جس کے لیے پی سی بی کو حکومت کی جانب سے سیریز کے ملتان میں انعقاد کے لیے تحریری منظوری کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ زبانی گرین سگنل کے بعد ملتان میں مختلف سطح کے انتظامات کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

یوئیفا چیمپیئنز لیگ: ریال میڈرڈ 14 ویں مرتبہ فاتح

پیرس: (ویب ڈیسک) ریال میڈرڈ نے لیور پول کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر 14 ویں بار یوئیفا چیمپئن لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ریال میڈرڈ نے سنسنی خیزمقابلے میں لیورپول کو0-1سے شکست دی۔
یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میچ میں ریال میڈرڈ کے گول کیپر تھیبا کورتوائے نےلیور پول کو زچ کیے رکھا، لیورپول کے محمد صلاح کی گول کی تین کوششیں ناکام بنا دیں۔
جبکہ پیرس میں کھیلے گئے فائنل میں کلیدی کردار ریال میڈرڈ کے وینی جونیئر کے دوسرے ہاف میں کیے گئے گول نے ادا کیا جس نے ریال میڈرڈ کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا، وینی جونیئر کے گول کی وجہ سے میڈرڈ نے 14 ویں بار چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جیت پر ریال میڈرڈ کے مداحوں نےخوب جشن منایا۔
دوسری جانب لیور پول کے لیے ایک اور پریشان کُن واقعہ سٹیڈیم سے باہر بھی ہوا جہاں ہزاروں لیور پول مداح اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور الجھنے کے دوران پولیس نے ان پر مرچوں کا سپرے بھی کیا، میچ بھی 36 منٹ تاخیر سے شروع ہوا جس کاذمہ دار جعلی ٹکٹ ہولڈرز کو ٹھہرایا گیا، میچ کے بعد بھی پولیس اور لیور پول مداحوں میں جھڑپیں ہوتی رہیں۔

روس کا آواز سے 9 گنا زیادہ رفتار کے حامل ہائپر سانک میزائل کا تجربہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے آواز سے 9 گنا زیادہ رفتار کے حامل ہائپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
یوکرین جنگ کےدوران روس نے دنیا کے اب تک کے طاقت ور ترین میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، زرکون ہائپر سانک کروز میزائل آواز سے 9 گنا زیادہ رفتار سے سفر کرسکتا ہے۔ میزائل کا تجربہ قطب شمالی کےقریب روسی پانیوں میں کیا گیا، میزائل نے ایک ہزار کلومیٹر دور اپنے ہدف کو کامیابی سے ہٹ کیا۔

پشاور: زندہ مرغی کی قیمت صرف ایک ہفتے میں 311 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کے ہوش اڑا دیئے،زندہ مرغی صرف ایک ہفتے کے دوران 311 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ،شہری کہتے ہیں حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔
بڑھتی مہنگائی نے پشاور کے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے ، سفید پوش طبقہ شدید پریشانی سے دو چار ہو گیا۔ زندہ مرغی نے ٹرپل سینچری مکمل کرلی ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نرخ فی کلو 316 روپے تک پہنچ گئے، شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ،حکومت مہنگائی کو کم کرنے کے دعوئوں کے علاوہ کچھ نہیں کررہی۔
تاجروں اور دکانداروں کے مطابق مرغی کی فارمنگ میں کمی کے باعث نرخ بڑھے ہیں جبکہ فیڈ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چکن فیڈ کی فی بوری کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایک بوری کی قیمت 4300 سے بڑھ کر اب 4500 سو روپے ہوگئی ہے۔

نائیجیریا : چرچ کے باہر کھانے کی تقسیم پر بھگدڑ، 31افراد ہلاک

پورٹ ہار کورٹ: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کے جنوب میں واقع پورٹ ہار کورٹ شہر میں ایک چرچ میں منعقد ایک خیراتی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک ہوگئے۔
نائیجیریا کی ریاست رِیورز کے دارالحکومت پورٹ ہار کورٹ کے پولیس ترجمان گریس اِرِنج کوکو نے بتایا کہ چرچ میں کھانا لینے آئے سیکڑوں لوگ دروازہ توڑ کر اندر گھسے جو بھگدڑ مچنے کا سبب بنا، کئی افراد نے پورٹ ہار کورٹ پولو کلب میں رسائی حاصل کرنے کے لیے جمعے کے روز سے ہی قطاریں لگا لیں تھیں۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پورٹ ہار کورٹ پولو کلب میں کے مقام پر سالانہ کی بنیادوں پر ایک چرچ کی جانب سے خیراتی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، جبکہ آج لوگ وہاں جلدی آگئے تھے اور ان میں سے کچھ کی جانب سے بے صبری کے مظاہرے سے بھگدڑ مچی، پولیس جائے وقوع پر موجود ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

نون لیگ آج مانسہرہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کی تیاریاں مکمل

لاہور: (ویب ڈیسک) نون لیگ آج مانسہرہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ٹھاکرہ سٹیڈیم میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنماؤں کا جلسے سے خطاب شیڈول ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ کیپٹن صفدر و دیگر ن لیگی قائدین مانسہرہ پہنچ گئے، وزیر اعظم شہباز شریف دن ایک بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔