All posts by Khabrain News

ایک پراکتفا کریں، زائد شادیوں کے خواہشمند غلط فہمی کا شکار ہیں؛ سربراہ جامعہ الازہر

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کی عالمی شہرت یافتہ درس گاہ جامعہ الازہر کے شیخ ڈاکٹر احمد الطیب نے خبردار کیا کہ مرد ایک بیوی پر اکتفا کریں کیوں کہ اکثر دوسری شادی، بیوی اور بچوں پر ظلم کا باعث بنتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصری دارالحکومت میں ایک چینل کو انٹرویو میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا کہ ایک سے زائد شادی سے متعلق آیات کو اس کے حقیقی تناظر میں انتہائی تدبر کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا چاہیے۔
ڈاکٹر احمد الطیب کا مزید کہنا تھا کہ ایک سے زائد شادی کے قائل افراد شدید غلط فہمی کا شکار ہیں۔ ایک بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی کی آزادی نہیں البتہ صرف ٹھوس وجوہات پر ہی مشروط اجازت دی سکتی ہے۔
تاہم انھوں نے یہ وضاحت بھی دی کہ دوسری شادی کرنا شرعی حق ہے، نہ تو میں اسے حرام قرار دے رہا ہوں اور نہ پابندی عائد کرنا چاہ رہا ہوں تاہم اس شرعی حق کو غلط انداز میں استعمال کرنے کے شدید خلاف ہوں۔
شیخ جامعہ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب کا مزید کہنا تھا کہ دوسری شادی اکثر بیوی اور بچوں پر ظلم کا باعث بنتی ہیں اس لیے ایک سے زائد شادی کے شرعی حق کے غلط استعمال کے حق کو روکنا ہوگا۔

برطانیہ؛ پاکستانی نژاد تفہین شریف پہلی مسلم خاتون ڈپٹی میئر بن گئیں

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد تفہین شریف برطانیہ کے علاقے ٹیمسائیڈ کی پہلی ایشیائی مسلم خاتون ڈپٹی میئر منتخب ہوگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی تفہین شریف برطانیہ کے شہر ٹیمسائیڈ کی ڈپٹی میئر منتخب ہوگئی ہیں۔ تفہین شریف کو 2012 میں سب سے کم عمر نوجوان کونسلر کا اعزاز بھی ملا تھا۔
زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینے والی تفہین شریف ٹیمسائیڈ سے منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون ڈپٹی میئر بن گئی ہیں اور اس سے قبل وہ کونسلر بھی منتخب ہوچکی ہیں۔
تفہین شریف کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ ڈپٹی میئر منتخب ہونے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا معاملہ انسانی ہمدردی کا ہے اور اس کے لیے ایک سنجیدہ حل کی ضرورت ہے۔
نو منتخب ڈپٹی میئر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم سب کو اس مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا اور میں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر بات کروں گی

کرینہ کپور کا سوشل میڈیا پر ’بڈھی‘ کہنے والوں کو کرارا جواب

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور نے سوشل میڈیا پر ’بڈھی ‘کہنے والوں کومنہ توڑ جواب دے دیا۔
بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی میں اپنی 41ویں سالگر ہ منائی ہے مگراتنی عمر اور دو بچوں کو جنم دینے کے بعد بھی اداکارہ ایک دم فٹ دکھائی دیتی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنی فٹنس کا بےحد خیال رکھتی ہیں اور یوگا ایکسرسائز کو زندگی کا اہم حصہ قرار دیتی ہیں تاہم پھر بھی انہیں آئے دن سوشل میڈیاصارفین کی جانب سے بڈھی عورت یا عمر رسیدہ ہونے کے طعنے ملتے رہتے ہیں اور انہیں سخت الفاظوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لیکن اب لگتا ہے کہ اداکارہ نے ناقدین کو سبق سکھانے کی ٹھان لی ہے، اپنی حالیہ انسٹااسٹوری میں اداکارہ نے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے ’بڈھی‘لفظ کا سکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ ’’میں کمنٹس میں یہ دیکھتی رہتی ہوں اور یہ لفظ سرفہرست ہوتا ہے ‘‘۔
انہوں نے لکھا کہ’ ’بڈھی کہنے کا مطلب توہین کرنا ہے؟ میرے لیے یہ محض ایک لفظ ہے جس کا مطلب بڑی عمر کا ہونا ہے۔ ہاں ہماری عمر زیادہ ہے اور ہم سمجھدار ہیں، لیکن آپ بے نام ہیں، آپ کا کوئی چہرہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی عمر ہے۔ آپ ایسے لوگ ہیں‘‘۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا صارفین آئے دن اداکارہ کو ان کی عمر اور جسمانی تبدیلیوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور کئی مرتبہ ان کا بڑی بہن کرشمہ سے بھی موازنہ کیا جا چکا ہے۔

بھارتی پروڈیوسر بونی کپور سائبر فراڈ میں لاکھوں روپے گنوا بیٹھے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی پروڈیوسر بونی کپور کے کریڈٹ کارڈ کو کسی نامعلوم شخص کی جانب سے غیر قانونی لین دین میں استعمال کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے شوہر اور بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر بونی کپور کے کریڈٹ کارڈ کا مبینہ طور پرغلط استعمال کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی ٹرانزیکزیکشن کی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 9 فروری کو کپور کے اکاؤنٹ سے 3.82 لاکھ روپے پانچ جعلی لین دین میں منتقل کیے گئے تھے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت بدھ کو ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں پروڈیوسر کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بونی کپور کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے تقریباً 4 لاکھ روپے کی فراڈ ٹرانزیکشنز ہوئیں۔
بونی کپور کو معلوم ہوا کہ ان کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلوائی گئی ہے تو انہوں نے بینک سے اس بارے میں دریافت کیا۔ جس کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔
جھانوی کپور کے والد نے پولیس کو بتایا کہ نہ تو کسی نے ان کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات مانگی اور نہ ہی انہیں اس حوالے سے کوئی فون آیا۔ پولیس حکام کو شبہ ہے کہ کسی نے اس وقت کارڈ کا ڈیٹا حاصل کیا جب کپور کارڈ استعمال کر رہے تھے۔
تاہم اطلاعات ہیں کہ بونی کپور کے کارڈ سے رقم گروگرام کی ایک کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے تحقیقا ت شروع کر دی ہیں۔

چاکلیٹ سے بنے 8 فٹ بلند زرافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں چاکلیٹ سے بنے زرافے کے 8 فٹ سے زیادہ اونچے مجسمے کو دکھایا گیا ہے، جو سوئس شیف اموری گیچون کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔
سوئس شیف سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے فن پاروں کی ویڈیوز اور فوٹوز شیئر کرتے رہتے ہیں تاہم چاکلیٹ سے بنے 8 فٹ سے اونچے زرافے کو صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔
گیچون کی جانب سے ذریعہ شیئر کردہ زرافے کی ویڈیو میں لکھا ہے کہ چاکلیٹ زرافہ کی لمبائی 8.3 فٹ ہے جو میری سب سے بڑی تخلیق ہے۔
اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر 70.9 ملین سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ 5.9 ملین سے زیادہ لائکس ملے ہیں۔

پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا کو وائٹ واش کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمنز ٹیم نے سری لنکن خواتین کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کر لیا۔
سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 107 رنز بنائے، چماری اتاپاتو نے 37 اور پریرا نے 24 رنز کی باری کھیلی، دیگر ویمنز کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکیں۔ طوبیٰ خان، کائنات امتیاز اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے سکور آخری گیند پر حاصل کر لیا، منیبہ علی 25، ارم جاوید10، امیمہ سہیل 4، عالیہ ریاض 17، عائشہ نسیم 10، ندا ڈار 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، کپتان بسمعہ معروف نے 15 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی۔ اوشادی راناسنگے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایشیا ہاکی کپ؛ پاکستان نے عمان کو ہرادیا

جکارتہ: (ویب ڈیسک) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں عمان کو شکست دیدی۔
انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نےعمان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرادیا، پاکستان کی جانب سے 19 ویں منٹ میں رانا وحید نے 21 ویں منٹ میں غضنفر علی نے 29 ویں اور 30 ویں منٹ میں رضوان علی نے دونوں گول پینلٹی کارنر کی مدد سے اسکور کیے۔
دوسرے ہاف کے 32 ویں منٹ میں معین شکیل نے گول اسکور کیا جبکہ عمان کی جانب سے کھیل کے 11ویں منٹ میں الفرازی اور 44 ویں منٹ میں المینی نے گول داغ کر ٹیم کی امید برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
پاکستان پانچویں پوزیشن کا میچ یکم جون کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 11 بجے کھیلے ملائشیا کے خلاف کھیلے گا۔
قبل ازیں ایشیا ہاکی کپ میں بھارت نے انڈونیشیا کو 16 گول سے شکست دے کر پاکستان کو ایشیا کپ اور ورلڈکپ سے باہر کردیا تھا۔

امپورٹڈ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی: اسد عمر

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام نے حکومت کو مسترد کردیا ،عدم اعتماد کی تحریک کے بعد ملک کے معاشی حالات بدترہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی، یہ مزید مہنگائی کرنے جا رہے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹور پر سستا آٹا دینے کے حوالے سے عوام کو بیوقوف بنایا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت غیر فطری اتحاد پر مبنی ہے، یہ نہ فیصلے کر سکتے ہیں نہ ذمہ داریاں پوری کرنے کی سکت رکھتے ہیں، کرپشن پر لیکچر شہباز شریف کے منہ سے اچھا نہیں لگتا۔

ٹرین کرایوں میں بھی 20 فیصد اضافے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 20 فیصد اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کی سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی، ریلوے انتظامیہ نے کرایوں میں اضافہ کی تین تجاویز تیار کی تھیں، انتظامیہ کی جانب سے وزارت ریلوے کو کرایوں میں 10، 15 اور 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ریلوے کو روزانہ ایک کروڑ 84 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے، سسٹم پر روزانہ 4 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، یکم نومبر کو ریلوے کی جانب سے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کرایوں میں اضافہ کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

لاہورکے گریٹراقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کے لیے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے اور کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سابقہ دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔
حمزہ شبہاز نے ہدایت دی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کر کے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ پی ٹی آئی کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی جبکہ جلسے سے پارک کو تقریباً 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔