All posts by Khabrain News

برصغیر کی تقسیم کے تناظر میں لکھے جانیوالے ناول کی مصنفہ نے عالمی ایوارڈ جیت لیا

لندن: (ویب ڈیسک) برصغیر کی تقسیم کے تناظر میں لکھے جانے والے ناول کی مصنفہ گیتا نجلی نے عالمی ایوارڈ انٹرنیشنل بکر پرائز جیت لیا ہے۔ بھارت کے مؤقر انگریزی اخبارات ڈیلی اسٹار اور دی ہندو کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندی زبان میں لکھا جانے والا پہلا ناول ہے جسے عالمی ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔
دلچسپ امر ہے کہ گیتا نجلی کے ہندی ناول ریت سمادھی کا انگریزی میں ترجمہ ڈیزی راکول نے (Tomb of Sand) کے نام سے کیا ہے۔ ڈیزی راکول امریکی مصنفہ، مصورہ اور مترجم ہیں۔
برصغیر کی تقسیم کے تناظر میں ناول لکھنے والی گیتا نے ایوارڈ جیتنے کے بعد کہا کہ وہ کبھی تصور بھی نہیں کرسکتی تھیں کہ انہیں اس اعزاز کا حقدار سمجھا جائے گا اور نہ ہی انہوں نے کبھی بھی ایسا سوچا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحات ان کے لئے ناقابل بیان ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریت سمادھی تقسیم کے وقت کی ایسی کہانی ہے جس کے دو اہم کردار ہیں جو آپس میں ماں بیٹی ہیں۔ ناول میں والدہ 80 سالہ ضعیف خاتون ہیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل بکر پرائز ہر سال برطانیہ اور آئرلینڈ میں انگریزی زبان کی بہترین کتب میں سے انتخاب کرنے کے بعد دیا جاتا ہے۔
عالمی ایوارڈیافتہ مصنفہ گیتا نجلی کی پانچویں کتاب ہے جس نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ ان کی مختلف کتب کے اردو، فرانسیسی، جرمن، پولش، جاپانی اور سربین زبانوں میں تراجم ہو چکے ہیں۔
گیتا نجلی نے ممتاز افسانہ نگار پریم چند کی دانشورانہ اور تخلیقی جہتوں کا احاطہ کرتی سوانع عمری Between two Worlds انگریزی زبان میں لکھی ہے۔
ناول کو انگریزی قالب میں ڈھالنے والی مصنفہ ڈیزی راکول نے اس سے قبل راولپنڈی میں پیدا ہونے والے معروف بھارتی مصنف و اداکار بھوشن ساھنی کے عالمی شہرت یافتہ ناول تماس کا بھی انگریزی میں ترجمہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ عالمی ایوارڈ جیتنے والے تخلیق کار کو 50 ہزار برطانوی پاؤنڈز کی خطیر رقم بطور انعام دی جاتی ہے۔ اس مرتبہ یہ رقم مصنفہ اور مترجم میں مساوی طور پر تقسیم کردی جائے گی۔
مقابلے کی جیوری کے سربراہ فرینک واینر نے ناول کے متعلق اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ ناول تقسیم کے موضوع پر میرے مطالعے میں آنے والے تمام دیگر ناولوں سے قطعی طور پر مختلف اور منفرد ہے۔

سرباز علی اور شہروز کاشف نے ماؤنٹ مکالو کو سر کر لیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان کے دو کوہ پیماؤں سرباز علی اور شہروز کاشف نے دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مکالو کو سر کر لیا۔
سرباز علی خان نے نیپال میں واقع 8 ہزار 4 سو 63 میٹر بلند چوٹی کو آج صبح سر کیا، سرباز علی خان نے 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 میں سے گیارہویں چوٹی کو سر کیا،
سِرباز کے کرئیر میں بلند ترین 14 چوٹیوں میں سے گیشربرم ون، شیش پنمگا اور چو ایو کو سر کرنا باقی رہ گیا ہے، سرباز خان گیارہ 8 تھاؤزنڈرز سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، سربازخان نے چند روز قبل ہی دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا کو بھی سر کیا تھا۔
دوسری طرف 20 سالہ شہروز کاشف ماؤنٹ مکالو سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ہیں، شہروز کاشف ٹاپ 5 بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں جبکہ وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے مجموعی طور پر 7 چوٹیوں کو سر کر چکے ہیں۔
نوجوان کوہ پیما بلند ترین 7 چوٹیاں سر کرنے والے تیسرے پاکستانی ہیں، شہروز کاشف سے قبل صرف محمد علی سدپارہ اور سرِباز خان یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں اسپیشل کورٹ سینٹرل پیش ہوگئے۔
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہورہی ہے۔
منی لانڈرنگ کیس، شہباز، حمزہ پر فرد جرم آج بھی عائد نہ کی جا سکی
شریک ملزمان سلمان شہباز، طاہر نقوی، ملک مقصود اور غلام شبیر کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آج طلب کر رکھا تھا، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے دلائل دیں گے۔
عدالت نے شریک ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔

کراچی؛ سائٹ ایریا کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
فائر افسر سائٹ محمد اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگی آگ پر ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ہے۔
محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ بجھانے میں 9 فائر ٹینڈر، 2 باوزر اور ایک اسنارکل استعمال کی گئی۔
فائر افسر نے کہا کہ آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی تھی، تاہم جس کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب فیکٹری کے ملازم کا کہنا ہے کہ رات میں صرف چوکیدار اور چند ایک لوگ ہوتے ہیں، تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

کورونا پھر سر اٹھانے لگا، ملک میں مزید 90 کیس رپورٹ

لاہور : (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا ہے ، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 90 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
این آئی ایچ کے مطابق 24 گھنٹےکےدوران 16 ہزار 413 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں کورونا کے مزید 90 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.55 فیصد ہو گئی۔
جبکہ ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، این آئی ایچ کے مطابق کورونا سے متاثر 77 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں 53 کروڑ 9 لاکھ 48 ہزار 556 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ عالمی وباء سے ہلاکتوں کی تعداد 63 لاکھ 9 ہزار 677 ہو چکی ہے جبکہ 50 کروڑ 15 لاکھ 38 ہزار 629 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم شدید گرم رہے گا : محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے مختلف علاقوں اور سندھ میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارش کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج ملتان ،ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں موسم گرم رہے گا، سندھ میں دادو،موہنجو دوڑو ،سکھر اور نوابشاہ میں بھی موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بعض مقامات پربارش کا امکان ہے۔

ٹوئٹر پر 15 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی محکمہ انصاف اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے پر 15 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے اور معلومات کے تحفظ میں میں ناکامی کے الزامات پر سال 2011 میں فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے ٹوئٹر کو اقدامات کا حکم دیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم صارفین کی معلومات کے تحفظ میں ناکام رہا، ٹوئٹر نے 15 کروڑ ڈالر کی اس سول پنالٹی کی ادائیگی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

وزیراعظم کا غریب گھرانوں کو ماہانہ 2 ہزار روپے دینے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف قوم سے اپنا پہلا خطاب کر رہے ہیں جس میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، کسی ایک شخص کی ضد پر نہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس ذمہ داری کیلئے قوم نے مجھے منتخب کیا وہ میرے لیے اعزاز ہے، وزیراعظم کا منصب سنبھالنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں، میں اپنے قائد نوازشریف اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اعتماد کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے مطالبہ کیا کہ اس نااہل اور کرپٹ حکومت سے ان کی فوری جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے عوام کی آواز پر لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو ہر شعبہ تباہی کی داستان سنا رہا تھا، ایسی تباہی میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی جو چار سال میں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پاکستان کو بچانے کا چیلنج قبول کیا،ملک کو بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت درکار ہوگی، ہماری سیاست کے ریشوں میں نفرت کا زہر بھر دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک شخص نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے سازش کی کہانی گڑھی، امریکا میں ہمارے سفیر نے بھی سازش کی کہانی کو یکسر مسترد کردیا، قومی سلامتی کمیٹی نے بھی دو مرتبہ سازش کی کہانی کو مسترد کیا، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا کسی ایک کی ضد سے نہیں۔’
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دور میں پاکستان نمایاں ترقی کررہا تھا، اس شخص کی ہٹ دھرمی اور دھرنے سے چین سے معاہدہ تاخیر کا شکار ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا ہم نے نہیں، عوام کو مہنگائی کی چکی میں آپ نے پیسا ہم نے نہیں، ملک کو تاریخ کے بدترین قرض کے نیچے دفن کردیا،سب سے زیادہ کرپشن آپ کے دور میں ہوئی۔’
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک میں لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے آپ کے دور میں ہوئے، میری خدمات عوام کے سامنے ہیں، ہمارے سامنے صرف اور صرف ایک مقصد ہے، ہم مشکل فیصلہ کرنے کو تیار ہیں، ہر وہ کام کریں گے جس سے ملکی ترقی تیزی سے ہوسکے۔‘
شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے حکومت نے سنبھالی تو مہنگائی عروج پر تھی، ڈالر 2018 میں 115 پر چھوڑ کرکے گئے تھے، سابق حکومت کے پونے چارسال میں ڈالر189 تک پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن یہ فیصلہ کیوں کیا یہ آپ کے سامنے لانا ضروری ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے ناگزیر تھا، اس نہج پر پاکستان کو گزشتہ حکومت نے پہنچایا۔ پاکستان اور عوام کو معاشی بحران میں سابق حکومت نے پھنسایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سیاسی فائدے کے لیے پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی تھیں، اس سبسڈی کی قومی خزانے میں کوئی گنجائش موجود نہیں تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بوجھ سے بچانے کیلئے 28 ارب روپے کے فنڈ سے پیکج کا آغاز کر رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ یہ ریلیف اس کے علاوہ ہے جو پہلے ہی ان خاندانوں کو دی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو کہا ہے کہ آٹے کا 10کلو کا تھیلا 400 روپے کا دیا جائے۔

یاسین ملک کو عمر قید کی سزا، اسلامی تعاون تنظیم کا اظہار تشویش

جدہ: (ویب ڈیسک) اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارتی عدالت کی جانب سے یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یاسین ملک کئی سالوں سے پر امن تحریک آزادی چلا رہےہیں، بھارت یاسین ملک سمیت تمام غیر قانونی طور پر گرفتار کشمیری رہنماؤں کو رہا کرے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری منظم جبر و تسلط کو فوری طور پر بند کرے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا مطالبہ بھی دہرا دیا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر جماعت اسلامی کا اتوار کو ملک گیراحتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر جماعت اسلامی نے اتوار کو ملک گیراحتجاج کا اعلان کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ بھی تحریک انصاف کی طرح آئی ایم ایف سےہدایت لےرہی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان ، نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری اپنے اثاثے فروخت کردیں تو ملک کا قرض اترجائے گا۔