All posts by Khabrain News

حکومت کا اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والے جلسے جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)حکومت نے اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والے جلسے، جلوسوں پر مستقل پابندی عائد اور کسی بھی جلسے جلسوس کو انتظامیہ سے تحریری معاہدے کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سمیت آئی جی پولیس پنجاب، آئی جی پولیس اسلام آباد، ضلع راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخو پورہ کے آر پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ لانگ مارچ میں شامل شرپسند عناصر کی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور گاڑیوں سے برآمد اسلحہ کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔
اجلاس میں سیاسی جماعت کے بہروپ میں پُرتشدد جلسے جلوسوں کو سختی سے روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے اور اسلام آباد میں فتنہ، فساد اور شر پھیلانے والے جلسے، جلوسوں کے داخلے پرمستقل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد کی انتظامیہ کو فسادی مارچ کا راستہ روکنے کے لیے مزید موثر اقدامات کی ہدایات کی گئی جب کہ ریاست کی طرف سے امن و امان کو ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور اسلام آباد میں جلسے جلوسوں کو انتظامیہ کے ساتھ تحریری معاہدوں کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فسادی جتھے اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں ملک کو یرغمال بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، مستقبل میں کسی بھی فسادی لانگ مارچ یا جلوس کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فسادی جتھوں کے ہاتھوں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی شہادت کا واقعہ بہت دلخراش ہے، شہریوں کے جان و مال کی ذمہ داری ریاست کی ہے اس لیے ریاستی ادارے امن وامان کو ہرصورت یقینی بنائیں۔

پاک امریکا میں کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے: بلاول

نیو یارک: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اورامریکا اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کومزید خراب ہونے دینا دانشمندی نہیں ہوگی۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکا کے باہمی تعلقات جس طرح کے رہے ہیں وہ نہ پاکستانی اورنہ ہی امریکی عوام کے مفاد میں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ امریکا اورپاکستان کے درمیان مختلف امور پراتفاق زیادہ ہے اوراختلاف کم ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان تناؤ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ بننا اس طرح ہے جیسے امریکا میں ٹرمپ اورکلنٹن خاندان ایک حکومت کا حصہ ہوں۔میں انقلاب کے بجائے ارتقا پریقین رکھتا ہوں۔ پاکستان اورامریکا کے درمیان بہت سی چیزیں مشترکہ ہیں۔دونوں ممالک کو پنے مثبت تعلقات پرجذبات کوحاوی نہیں ہونے دینا چاہئیے کیونکہ اس میں کسی کا بھی فائدہ نہیں۔
افغانستان سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا اورپاکستان یہ چاہتے ہیں اپنے رویے بہتربنانے اورافغان عوام کے لئے ملک میں استحکام لانے کے لئے طالبان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے، پہلے مہنگائی کیا کم تھی کہ اب ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگائی میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کیلئے بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ہے، حکمران سستا تیل روس سے کیوں نہیں لیتے،عمران خان نے روس سے سستے تیل کی ڈیل مکمل کر لی تھی، بھارت نے روس سے سستا تیل لے کر اپنی عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے لانگ مارچ ختم نہیں کیا صرف 6 روز کیلئے حکومت کو مزید مہلت دی ہے، گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، اعلیٰ عدلیہ نے بھی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ملک میں وحشت و درندگی کا جو کھیل کھیلا ہے اس پر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم کی اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، بی اے بی کے خالد مگسی اور محسن داوڑ شامل تھے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم نے قوم سے خطاب سے متعلق بھی اتحادیوں سے مشاورت کی۔

خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ میں بھی شیولنگ ہونے کا دعویٰ

جمیر شریف: (ویب ڈیسک) ہندوتوا تنظیم نے خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی درگاہ میں بھی شیولنگ ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
ہندوتوا تنظیم “مہارانا پرتاپ سینا” کے صدر نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور مودی سرکار کو خط لکھ دیا۔
خط میں دعویٰ کیا گیا کہ خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ کے احاطے میں بھی شیولنگ موجود ہے، لہٰذا حکومت کو اس کی تحقیقات کرانی چاہیے۔
ہندوتوا تنظیم کے جھوٹے دعویٰ کے بعد اجمیر میں شدید تنازع کھڑا ہو گیا، درگاہ کے خدام اورعہدیداروں سمیت مسلمانوں نے ہندوتوا تنظیم کے دعوے پر شدید تنقید کی ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنارس کی گیانواپی مسجد کے احاطے سے شیولنگ ملنے کا دعویٰ کیا گیا۔

امریکا؛ گھر میں خوفناک آتشزدگی میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی

پنسلوانیا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک گھر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی ریاست پنسلوانیا کے ایک گھر میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوررے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
خوفناک آگ میں بری طرح جھلس کر 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور چند روز زیر علاج رہنے کے بعد انھیں گھر جانے کی اجازت دیدی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت لواحقین کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔

سلامتی کونسل میں 15سال بعد قرارداد ویٹو،شمالی کوریا نئی پابندیوں سے بچ گیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) چین اورروس نے15سال بعدویٹو کاحق استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا کیخلاف نئی پابندیوں کی قرارداد ویٹو کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پرنئی پابندیاں عائد کرنے کی قرارداد چین اورروس نے ویٹو کردی۔ امریکا نےنئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تجربوں کو جواز بنا کرشمالی کوریا کوتیل کی فروخت پرپابندی کی قرارد سلامتی کونسل میں پیش کی تھی جسے روس اورچین نے ویٹو کردیا۔
قرارداد کی منظوری کے لئے 9 ووٹ اورسلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی جانب سے کوئی بھی ویٹو نہیں درکار تھے۔ سلامتی کونسل کے 13 ارکان نے امریکی قرارداد پیش کرنے کی حمایت کی تھی۔
مستقل ارکان کی جانب سے ویٹو کا حق 15 سال بعد استعمال کیا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی جانب سے آخری مرتبہ کسی قرارداد کو2006 میں ویٹو کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں امریکا، روس،چین،برطانیہ اورفرانس شامل ہیں۔
شمالی کوریا رواں سال بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے 16 سے زائد تجربات کرچکا ہے۔

آج پاکستان کی معروف اداکارہ رانی کی 29 ویں برسی منائی جا رہی ہے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی اداکارہ رانی کی آج 29 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
انور کمال پاشا کی فلم ’محبوب‘ سے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ ناصرہ المعروف رانی کی آج 29ویں برسی منائی جا رہی ہے، اداکارہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار گئیں تھیں۔
اداکارہ کی ابتدائی فلمیں فلاپ رہیں اور کہا جانے لگا کہ رانی جس فلم میں ہوتی ہیں وہ فلاپ ہو جاتی ہے لیکن رانی کی قسمت کا ستارا چمکا اور انہوں‌ نے اپنے ناقدین کو ثابت کیا کہ وہ بہترین اداکارہ ہیں۔
ایک کے بعد ایک سپر ہٹ فلم دینے والی اس اداکارہ نے انور کمال پاشا کی فلم ” محبوب” سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا تھا جبکہ اس کے بعد انہوں‌ نے فلم موج میلہ میں کام کیا، رانی نے اپنے دور کے ہر بڑے ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی فلم اسٹار شاہد اور وحید مراد کے ساتھ بہت سراہی جاتی تھی۔
ہر کردار میں حقیقت کے رنگ بھر دینے والی رانی نے اردو کے ساتھ پنجابی فلموں میں‌ بھی کام کیا اورخوب نام کمایا، اداکارہ کو رقص پربھی مہارت حاصل تھی۔
سپر ہٹ اداکارہ رانی کو سنوتش کمار نے فلم ” دیور بھابھی” میں وحید مراد کے مقابلے میں‌کاسٹ کیا اس فلم کے بعد انہیں کافی زیادہ توجہ حاصل ہوئی ، 1968 میں ان کی 9فلمیں ریلیز ہوئیں اور ان میں سے تقریبا فلمیں‌ہٹ رہیں یہ وہ دور تھا جب رانی لالی ووڈ پر چھاگئی تھیں اورہر فلمساز کی پہلی ترجیح بن چکی تھیں۔
یاد رہے کہ ان کے کئی گیت بھی مقبول ہوئے جن میں‌” دل دھڑکے میں تم سے یہ کیسے کہوں، میں جس دن بھلا دوں تیرا پیار دل سے ، جو بچا تھا وہ لٹانے کے لئے آئے ہیں قابل ذکر ہیں۔
لیجنڈری اداکارہ رانی آج ہم میں‌ نہیں‌ ہیں لیکن اپنی بے مثال اداکاری کی بدولت وہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، وہ 27 مئی 1993 میں کینسر کی وجہ سے دنیا فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔

ملکہ برطانیہ کی پلاٹینیئم جوبلی پر 15 کلو کا سونے کا دیدہ زیب سکہ تیار

لندن: (ویب ڈیسک) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کو 70 سال مکمل ہونے پر شاہی ٹکسال کی جانب سے ساڑھے 8 انچ قطر کا سونے کا سکہ تیار کیا گیا ہے جس کا وزن 15 کلو گرام ہے اور اس کا ڈیزائن خود ملکہ نے منظور کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 96 سالہ الزبتھ دوم اپنے والد کے انتقال کے بعد 1952 میں ملکہ بنی تھیں اور اپنی تاج پوشی کی 70 سالگرہ دیکھنے والی واحد ملکہ ہیں۔
ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کے پلاٹینیئم جوبلی مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ یہ جشن اگلے 4 ماہ تک جاری رہے گا۔ اس تاریخی موقع پر ایک پرائیویٹ کلکٹر نے سونے کا خصوصی سکہ تیار کروایا ہے۔
اس سکے کے دونوں اطراف کے ڈیزائن کو ملکہ نے خود منظور کیا تھا۔ 400 گھنٹوں کی مشقت سے تیار ہونے والے سکے کی قیمت 15 ہزار پاونڈز یعنی 38 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
اعلیٰ ترین معیار کے اس سکے کو ہاتھ سے تیار کیا گیا ہے جو برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکہ بھی ہے۔

70 سالہ پاکستانی نے ہاتھوں سے سیب توڑنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) عمر رسیدہ پاکستانی شہری نے ہاتھوں سے درجنوں سیب توڑ کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان کے معمر شہری نعیم الدین نے 70 برس کی عمر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا کے دیکھنے والوں کو حیران کردیا ہے۔
نعیم الدین نے اپنی ہتھیلیوں پر سیب رکھے انہیں ہاتھوں سے توڑتے گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے بزرگ شخص نے 21 سیب توڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
بزرگ شہری نعیم الدین نے گینز ورلڈ ریکارڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں اسی وجہ سے ان کی ہتھیلیوں میں اتنی جان ہے۔
اس سے قبل یہ یہ ریکارڈ پاکستان کے مشہور مارشل آرٹسٹ راشد خان کے پاس تھا جنہوں نے انگلینڈ میں 13 سیب اپنے ہاتھ سے توڑ ریکارڈ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی شہری راشد خان اب تک 70 ورلڈ ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔