All posts by Khabrain News

اکشے نے سیف کو مجھ سے دور رہنے کا کیوں کہا تھا؟ کرینہ نے وجہ بتا دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی سپر اسٹار کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل اکشے کمار نے سیف علی خان کو ڈرایا تھا کہ میں خطرناک لڑکی ہوں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور نے بھارتی مصنفہ ٹوئنکل کھنا کے یوٹیوب چینل پر اپنا انٹرویو ریکارڈ کرایا، اس دوران انہوں نے دلچسپ سوالات کے جواب دیے، اداکارہ نے اپنے شوہر سیف علی خان اور اکشے کمار کے بارے میں وہ باتیں بھی بتائیں جو اب تک کسی کو پتا نہیں تھیں۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ 2008 میں ٹشن فلم کی شوٹنگ کے دوران اکشے کو اندازہ ہوگیا تھا کہ سیف اور میرے درمیان ایک دوسرے کے لیے دلی جذبات ابھر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا اکشے سیف علی خان کو فلم سیٹ کے کنارے پر لے گئے اور سیف کو خبردار کیا کہ سنو، دھیان سے چلو، کرینہ خطرناک خاندان سے تعلق رکھنے والی خطرناک لڑکی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اکشے کمار نے میرے شوہر کو ڈراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تم غلط راستے پر نکل پڑے ہو جواب میں سیف نے کہا نہیں، نہیں میں جانتا ہوں کیسے کیا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی کرینہ کپور اور سیف علی خان 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی اور آج ان کے ہاں دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔

بولان: سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

بولان: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی ) نے بلوچستان کے ضلع بولان میں آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بلوچستان کے علاقے بولان میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے دہشتگرد محمد غوث عرف غوثیہ کو گرفتار کر لیا، جسکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، پرایما کارڈ، نٹ بولٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد ہرنائی سے بولان کے علاقے مچھ آرہا تھا اور مچھ میں تخریب کاری کا ارادہ رکھتا تھا۔
گرفتار دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

طالبان اور قطر کے درمیان افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کیلئے معاہدہ ہوگیا

دوحہ: (ویب ڈیسک) طالبان اور قطر کے درمیان افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کیلئے معاہدہ ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی نے اپنے انٹرویو میں طالبان سے معاہدے کی تصدیق کی۔
رپورٹس کے مطابق کابل ائیرپورٹ سے چارٹرپروازوں پر غیرملکیوں کا انخلا دوبارہ سےشروع ہوگا اور کابل ائیرپورٹ سے قطر ائیرویز کی ہفتے میں دو چارٹر پروازیں چلائی جائیں گی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چارٹرپروازوں سے امریکا اور دیگر ممالک اپنے شہریوں کو افغانستان سےنکالیں گے جبکہ ان پروازوں کے ذریعے جان کےخطرے سے دوچار افغانوں کا بھی انخلا کرایاجائےگا۔

’’ہر انہونی بیماری نواز شریف کو ہوتی ہے‘‘

کراچی: (ویب ڈیسک) نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انہونی بیماری نواز شریف کو ہوتی ہے۔
گورنر سندھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ہر انہونی بیماری نواز شریف کو ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ معلوم نہ تھا کہ دل ٹوٹنا بھی بیماری ہوتی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اصل بیماری ملک لوٹنے سے ہوتی ہے، دل ٹوٹنے سے نہیں۔
عمران اسماعیل نے نثری صنف کا استعمال کرتے ہوئے شاعرانہ انداز میں کہا کہ تمہیں یہ جاننا تھا تم سےمحبت کتنی ہےچاہت کتنی ہےوفاکی شدت کتنی ہے؟
ٹوئٹ کے آخری جملے میں انہوں نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لو ہم دل سےکہتےہیں اب لوٹ آؤ، کوئی توعہد نبھاؤ چلواب لوٹ آؤ۔
واضح رہے کہ منگل کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس سامنے آئی ہیں، جس میں ڈاکٹر نے نواز شریف کو مکمل صحتیاب نہ ہونے تک سفر نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر علاج واپس جاکر قید کاٹنا اور بیوی کے انتقال کا صدمہ دل کا مرض بڑھا سکتا ہے۔
نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی ہیں۔

مسعود خان کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی، پاکستان نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آزاد کشمیر کے سابق صدر مسعود خان کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سردار مسعود خان کو امریکا میں پاکستان کا سفیر مقرر کرنے کے فیصلے پر بھارتی میڈیا کی رپورٹس ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ بھارتی میڈیا رپورٹس پاکستان اور پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، بھارتی میڈیا جعلی خبروں کا استعمال کرکے توہین آمیز دعوے اور بے بنیاد الزامات لگاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق مسعود خان ایک انتہائی ماہر سفارت کار ہیں، ان کا کثیرالجہتی اور دو طرفہ سفارت کاری میں 40 سال کا تجربہ ہے، مسعود خان کی تقرری کے حوالے سے امریکی نظام میں کارروائی ہو رہی ہے۔

اسرائیلی صدر کا دورہ نامنظور، ترکی میں سینکڑوں افراد کا احتجاج

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی میں سینکڑوں افراد کی جانب سے اسرائیلی صدر کے دورہ انقرہ کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینکڑوں افراد نے استنبول میں اسرائیلی قونصل خانہ کے باہر جمع ہوکر نعرے بازی کی ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی عورتوں اور بچوں کے قاتل کو ترکی نہیں آنے دیں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک صدر نے اسرائیلی صدر کے دورے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا 12 سال بعد انقرہ اور تل ابیب کے تعلقات میں دوبارہ بہتری آرہی ہے۔

نیب نے ہرایک پردہشت پھیلا رکھی ہے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نامزد چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا ہے کہ نیب نے ہرایک پردہشت پھیلا رکھی ہے،ہرایک کو بلا کرکہا جاتا ہے جواب جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ میں سابق چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور اور دیگر افسران کے خلاف تحقیقات کالعدم کرنے کے فیصلے کے خلاف نیب اپیل پر سماعت نامزد چیف جسٹس جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ نیب بتائے کس اختیار کے تحت انکوائری دوبارہ شروع کی؟ سپیشل پراسیکوٹر نیب ناصر مغل نے کہا ملزم زاہد عارف نے پلی بارگین کے ذریعے 17 ملین جمع کروائے، چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور نے پلی بارگین کے باوجود ملزم کو ملازمت پر بحال کردیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ملزم کی پلی بارگین کرنے کے بعد نیب کا کیا اختیار بنتا ہے؟ ڈپارٹمنٹ نے صحیح کیا یا غلط کیا نیب نے دوبارہ انکوائری کس قانون کے تحت شروع کی؟ نیب نے قانون کے اندر اور اپنے دائرہ اختیار میں ہی رہنا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت پھیلا رکھی ہے، کیا نیب نے اس کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کرلیا ہے؟ نیب کی جانب سے ہر ایک کو بلا کر کہا جاتا ہے جواب جمع کروائیں۔ کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

وہ خواب جو مل کر دیکھے تھے، ان کے پورا ہونے کا وقت آگیا: خالد مقبول

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وہ خواب جو مل کر دیکھے تھے، ان کے پورا ہونے کا وقت آگیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے دیے جانے والے فیصلے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے۔
کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس تاریخی موقع پرتمام کارکنان کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہداختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ صرف شہری نہیں، ہرعلاقے کی فتح ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ این ایف سی پر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی جھوٹ بول رہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ 29 اگست 2016 کو قانون اسمبلی میں پیش ہوتے ہی ہم نے مخالفت کی اور عدالت سے رجوع کیا۔

ڈاکٹر صاحب خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر صاحب اپنے خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن بلوایا اور اس ڈاکٹر سے معائنہ کرایا۔ جس کے بعد اپنی مرضی کا ایک خط بھی لکھوایا۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ کو لگتا ہے یہ مکاری اب اور چلے گی؟ ڈاکٹر صاحب اپنے خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے اور ڈاکٹر کو لکھنا چاہئے تھا کہ مریض کے دل کو خوش رکھنے کے لیے ان کو وزیر اعظم بنایا جائے۔
شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دلوائی جائے اور نواز شریف کو لندن میں 10 مہنگے اپارٹمنٹس لے کر دیئے جائیں۔ کیا ہمیشہ کی طرح یہ رام کہانی بھی ہندوستان نے لکھوا کر دی ہے ؟
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا تعلق اصل میں ہندوستان سے ہے اور پریانکا چوپڑا کے مطابق ڈاکٹر کو بھی فلمیں بنانے کا شوق ہے۔

بنگلہ دیش میں کرکٹ پریکٹس کے دوران اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتر آیا

چٹاگانگ: (ویب ڈیسک) بنگلادیش پریمیئر لیگ فرنچائز ڈھاکا کی پریکٹس کے دوران اچانک اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتر آیا۔
اچانک اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر اتارنے کا واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب پریکٹس میں مصروف کرکٹرز نے ہیلی کاپٹر کو نیچے اترتے دیکھا تو وہ بھاگ کر سائیڈ پر ہوگئے، بعد ازاں معلوم ہوا کہ قریب میں واقع ڈسٹرکٹ کمشنر آفس میں کسی کی طبیعت اچانک بگڑنے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو بطور ایئرایمبولینس طلب کیا گیا تھا، جس سے ڈسٹرکٹ اسپورٹس ایسوسی ایشن بھی آگاہ تھی۔
مقامی اسپورٹس آفیشل شہاب الدین شمیم نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے گراؤنڈ کی غلط سائیڈ پر لینڈ کیا جہاں پلیئرز پریکٹس کررہے تھے،اسے دوسرے خالی مقام پر نیچے اترنے کو کہا گیا تھا۔