All posts by Khabrain News

منی لانڈرنگ کیس میں حریم شاہ کے خلاف ایک اور نوٹس

کراچی: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو بنانے اور پھر اس سے انکار کرنے پر نوٹس لیا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حریم شاہ کی ایک ویڈیو پر نوٹس لیا تھا جس میں حریم شاہ کہہ رہی تھیں کہ انہوں نے ایک بھاری رقم پاکستان سے لندن منتقل کی ہے لیکن انہیں کسی نے کچھ نہیں کہا۔
ایف آئی اے نے حریم شاہ کی اس ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف آئی اے کے اس فیصلے کے بعد حریم شاہ اچانک اپنی بات سے مکر گئیں اور کہا کہ انہوں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی ہے بلکہ انہوں نے تو وہ ویڈیو ’’مذاق‘‘ میں بنائی تھی۔
حریم شاہ کی جانب سے منی لانڈرنگ کا اعتراف کرنے اور پھر بعد میں اپنی ہی بات سے مکر جانے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ٹک ٹاکر کے خلاف ایک اور نوٹس لے لیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے حریم شاہ کی منی لانڈرنگ کے جرم کے اعتراف اور بعد میں اسے ’’تفریحی ویڈیو‘‘ قرار دیتے ہوئے انکار کرنے کی ویڈیوز کا نوٹس لے لیا ہے۔
عمران ریاض نے کہا یہ سائبر اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی تضحیک کرنے، خلل ڈالنے اور انہیں بدنام کرنے کا عمل ہے۔ اور یہ سائبر اسپیس میں منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا حریم شاہ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں انکوائری درج کرلی گئی ہے۔ اور حریم شاہ کے موقف کی وضاحت کے لیے انہیں باضابطہ نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہو نے والی ویڈیو میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔

ہر ماہ بجلی مہنگی کرکے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے، فریال تالپور

پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل کا وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں فریال تالپور، صوبائی صدر نثار کھوڑو، وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ کے وزراء نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کونسل اجلاس میں اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں 27 فروری کو مزار قائد سے لانگ مارچ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس حکومت کی مہنگائی، بے روزگاری، ٹیکسز کی بھرمار سے بیزار ہوچکی ہے، ہر ماہ بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کے بحران سے گندم کی فصل بہت کم ہوگی جس سے ایک اور بحران جنم لے گا، اس حکومت نے ایسے حالات پیدا کر کے خود عوام کو لانگ مارچ پر مجبور کردیا ہے مارچ میں خواتین بھی بھرپور شرکت کریں گی۔

پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں سے 30 جنوری تک درخواستیں طلب کی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے، پیپلز پارٹی کا اس عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے س نااہل حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی شروعات ہوگی اور اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے، پیپلز پارٹی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے اس پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو بے نقاب کر کے گھر بھیجے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک سنگین بحران سے دوچار ہے اور پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکالے گی، اس بار بھی عوام اور پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان و رہنما آپس کے خلاف ختم کر کے ایک ہو کر آواز بنیں پھر کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا، پیپلز پارٹی ملک بھر بلدیاتی انتخابات سمیت عام انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں زراعت کے سیکٹر کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے جس وجہ سے کسان مصیبت میں ہیں، کسانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے 21 جنوری 24 جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ ہوگا۔

اومیکرون: یو اے ای میں لاک ڈاؤن نہ لگانے کا فیصلہ

متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں لاک ڈاؤن نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یو اے ای کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر تھانی الزیودی کا کہنا ہے کہ اومیکرون یا کورونا وائرس  کی کسی  بھی قسم کی وجہ سے ملک میں اب مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا کے دوران بھی ہم نے ملک کو لاک ڈاؤن نہیں کیا تھا  کیونکہ معیشت اور صحت کے شعبوں کے درمیان توازن  قائم تھا جبکہ  اومیکرون ڈیلٹا کے مقابلے میں بہت کم اثر انگیز ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ  مستقبل میں بھی ہم کورونا وائرس  کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی جانب نہیں جائیں گے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2020 کے اوائل میں عالمی وباء پھوٹنے کے بعد لاک ڈاؤن اور سفری پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ لیکن یہ پہلا ملک بھی تھا جس نے سخت حفاظتی اور احتیاطی تدابیر کو لاگو کرکے لاک ڈاؤن ختم کیا۔

ڈاکٹر تھانی الزیودی نے  کہا کہ 2021 اہم اور حوصلہ افزا اور معیشت کے لیے مثبت تھا اور 2022 کا آغاز بھی بہت مضبوط پیشگوئی کے ساتھ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے 2021 میں اپنی گولڈن جوبلی منائی اور دنیا کو ایکسپو 2020 میں خوش آمدید کہا۔ ہم نے دنیا کو دکھایا کہ  لاک ڈاؤن کے ساتھ نہیں رہا جاسکتا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں جلد از جلد  کورونا کی صورتحال سے پہلے کے اصولوں پر واپس آنا ہوگا اور صحت اور معیشت کے درمیان توازن کو یقینی بنانا ہوگا۔

ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 176 روپے 23 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے۔

عوام کے لئے بُری خبر، بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منی بجٹ کی منظوری اور پٹرول ممکنہ مہنگا ہونے سے قبل بجلی کا جھٹکا، نیپرا نے بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق اضافی وصولیاں جنوری کے بلوں میں کی جائیں گی، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے۔
آئل ریفائنریز کے اعداد شمار کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں اُتارچڑھاؤ کے بعد مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ کے بعد 153.05 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45763.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.33 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 4 لاکھ 71 ہزار 50 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

پیپلزپارٹی کا کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھانے کیلئے ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نے کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھانے کے لیے ملک بھر میں ٹریکٹر مارچ کا اعلان کر دیا۔ نوید قمر اور شازیہ مری کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی سوچ رکھنے والوں کو یہاں کے کسان کے مسائل کا علم ہی نہیں، کھاد والا ٹرک گزرتا ہے تو لوٹ مار شروع ہو جاتی ہے۔
سید نوید قمر اور شازیہ مری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے چینی کی طرح کھاد کا بھی بحران پیدا کر دیا، انہیں کسانوں کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی منی بجٹ کیخلاف احتجاج کا ہر جمہوری طریقہ اختیار کرے گی، مہنگائی کے مارے عوام کو اس سے نجات دلائیں گے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی۔

مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے: چودھری پرویزالہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے، جمہوری حکومت کی مضبوطی کیلئے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی لاہور میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا کی رہائش گاہ پر پہنچے اور کامل علی آغا کے بڑے بھائی ڈاکٹر کاظم علی آغا کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی وقاص حسن موکل اور آمنہ الفت سمیت مسلم لیگی رہنما و کارکن بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کاظم علی آغا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی پڑھی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دیئے بغیر جمہوری حکومت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی، ہمیں اندازہ ہے اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہے، روز بروز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہے، حکومت کو چاہیے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو فوری حل کرے، حکومت مہنگائی کم نہیں کر سکتی تو بڑھنے بھی نہ دے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: 5 ملزمان عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں 5 ملزمان عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت منسوخ کر دی، جس پر وہ فرار ہوگئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہمارا نہیں انسداد دہشتگردی عدالت کا کیس ہے، ملزمان پر مقتول ناظم جوکھیو کو فارم ہاوس پر لانے اور تشدد کرنے کا الزام تھا۔