All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا بھی عوام کیلئے ریلیف کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اور کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کے بعد خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی عوام کیلئے ریلیف کا اعلان کردیا۔
خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاوئنس کی منظوری دے دی گئی ہےاور اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس بنیادی تنخواہ کے 15 فیصد کے برابر ہوگا، الاؤنس گریڈ 1 تا 19 کے ملازمین کو دیا جائے گا جس کا اطلاق یکم مارچ 2022 سے ہوگا۔
محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دینے والا پہلا صوبہ ہے، موجودہ حالات میں سرکاری ملازمین کو درپیش مشکلات کا بخوبی ادراک ہے، پچھلے سال بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا تھا۔

شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر نواز شریف کا ردعمل

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے چھوٹے بھائی شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز ہی شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
بھائی کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ متحدہ اپوزیشن کی کاوشوں سے پاکستان میں آئینی تبدیلی کے ذریعے شہباز شریف کو انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری ملی ہے۔
انہوں نے بھائی کو دعا دی کہ اللہ ان کی رہنمائی فرمائے اور پاکستانی عوام کی خدمت کی توفیق دے۔

پی ٹی آئی کا وزیراعظم ہاؤس کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نئی حکومت کو دینے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جاتے ہوئے چند سوشل میڈیا کے آفیشل اکاؤنٹس نئی حکومت کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل ایسٹس میں وزیراعظم آفس کا آفیشل ٹوئٹر ہینڈل بھی شامل ہے جس کے باعث نئی حکومت کو معلومات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پرانے ڈیجیٹل ایسٹس کو بند کردیا، یہ اکاؤنٹس حکومت پاکستان کی ملکیت ہیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ نئی حکومت کو وزیراعظم آفس کا نیا ٹوئٹرہینڈل بنا کرکام شروع کرناپڑا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان آفس کے یوٹیوب چینل کا نام تبدیل کرکے ’عمران خان‘ کردیا گیا تھا۔
وزیراعظم پاکستان کے نام سے یوٹیوب چینل 2019 میں بنایا گیا تھا اور یہ چینل باقاعدہ طور پر ویریفائیڈ تھا

چین کی ناظم الامور کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور نے خیرسگالی ملاقات کی ہے۔ انہوں نے چین کی حکومت اور قیادت کی طرف سے مبارک کا پیغام پہنچایا
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق شہبازشریف سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور پھینگ چُنگزو نے آج وزیراعظم ہاﺅس میں خیرسگالی ملاقات کی۔ پھینگ چُنگزو نے اُنہیں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر چین کی حکومت اور قیادت کی جانب سے مبارک پیش کی اور نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ چین کی ناظم الامور نے زور دیا کہ چین وزیراعظم شہبازشریف کو ایک مضبوط اور پختہ عزم رکھنے والے اپنے دوست کے طور پر دیکھتا ہے جن کا چین میں بے پناہ احترام اور تعریف کی جاتی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دور حکومت میں بطور وزیراعلی پنجاب چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فروغ کے لئے وزیراعظم کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
چین کی قیادت کے لئے گرمجوشی پر مبنی تمناﺅں اور تہنیت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کے اپنے متعدد دوروں کا حوالہ دیا جن کے دوران انہیں صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کا اعزازحاصل ہوا اور صدر شی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لی۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ اقدام کے ’فلیگ شپ‘ منصوبے سی پیک پر جاری پیش رفت اور پاکستان کی معاشی ترقی و خوش حالی کے لئے اس کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے سی پیک کے اعلی معیار کے ترقیاتی منصوبہ جات پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے اور اسے چین پاکستان دوستی و گہری شراکت داری کی علامت بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے صنعتوں کے قیام، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں چین کی طرف سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعلی پنجاب کے طور پر چین کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور علاقائی امن واستحکام کا عُنصر قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان اور چین کے عوام کے دل میں پنہاں ہے اور چین پاکستان کا مضبوط اور قریب ترین شراکت دار ہے۔ وزیراعظم نے یکساں مفاد میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

طالبان کا سابق حکام اور بااثر شخصیات سے بجلی بلوں کی وصولی کا حکم

کابل: (ویب ڈیسک) امارت اسلامیہ افغانستان (ای آئی اے) کے قائم مقام نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے سیکورٹی ایجنسیوں کو سابق حکومتی عہدیداروں اور طاقتور شخصیات سے بجلی کے بلوں کی وصولی کا حکم دیا ہے۔
افغان نشریاتی ادارے آریانا نیوز کے مطابق ملا عبدالغنی برادر نے سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ملک کی پاور یوٹیلیٹی کمپنی، دا افغانستان برشنا شرکت (DABS) کے ساتھ مل کر سابق سرکاری حکام اور طاقتور افراد سے واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے کام کریں۔
ڈی اے بی ایس کے حکام کے مطابق گزشتہ اگست میں پچھلی حکومت کے خاتمے کے بعد سے کئی سرکاری محکموں اور اثرورسوخ رکھنے والے افراد نے اپنے بل ادا نہیں کیے ہیں۔
طالبان حکومت کے اقتصادی کمیشن نے افغانستان کے سینٹرل بینک اور سرکاری کمپنیوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ سرکاری کمپنیوں پر بینکنگ پابندیوں کو کم کرنے کے لیے اصول و ضوابط قائم کریں۔
علاوہ ازیں کمیشن نے تمام وزارتوں کو اقتصادی ترقیاتی منصوبے تیار کریں اور جتنا جلد سے جلد ہوسکے طالبان کے سپریم لیڈر ہبتہ اللہ اخنذادہ کو جمع کرائیں۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں 11 اور 12 اپریل کی درمیانی شب فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان شہید ہوئے۔
میجر شجاعت کی عمر تیس سالہ جبکہ تعلق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تھا جبکہ سپاہی عمران خان کی عمر 27 سال اور تعلق بلوچستان کے علاقے نصیر آباد سے تھا۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، ہمارے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے نوازشریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات جاری کردیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ زائد المعیاد ہوگئے تھے اور پی ٹی آئی حکومت نے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل روک دیا تھا۔
تاہم اب وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی تجدید کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات وزارت داخلہ کو جاری کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی پاسپورٹ کی تجدید کیلئے کہہ دیا گیا۔

راکھی ساونت کو کن دوستوں نے کروڑوں روپے کی کار تحفے میں دی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت ہمیشہ خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں تاہم اس بار وہ اپنے دوستوں کی جانب سے ایک مہنگا تحفہ ملنے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت کے دوست عادل اور شیلی لاتھر نے اداکارہ کو ایک چمچماتی لال رنگ کی BMW کار تحفے میں دے دی جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ بھارتی روپے ( یعنی ایک کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔
راکھی نے انسٹاگرام پر دوستوں کی جانب سے کار تحفے میں ملنے کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور بعدازاں انہوں نے کیک بھی کاٹا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میں آپ لوگوں سے ہمیشہ محبت اور آپ کا احترام کرتی رہوں گی۔

روسی صدر پیوٹن کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
گزشتہ روز شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں روس کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ شہباز شریف روس، پاکستان تعلقات، بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور افغان تصفیے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

امریکا میں ریلوے اسٹیشن پر فائرنگ میں 13 افراد زخمی، دھماکا خیز آلات برآمد

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی شہر بروکلین کے ایک سب وے اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہو گئے جب کہ اس مقام سے کئی دھماکہ خیز آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست نیویارک کے شہر بروکلین کے ریلوے اسٹیشن میں نارنجی تعمیراتی بنیان پہنے اور منہ پر گیس ماسک لگائے ایک مسلح شخص نے پہلے ایک ڈبہ پھینکا جس سے دھواں نکلا اور بھگدڑ مچ گئی۔
اس کے بعد اس شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر نیویارک پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔
پولیس کو ریلوے اسٹیشن سے دھماکا خیز آلات بھی ملے ہیں جو پھٹنے سے بچ گئے تھے۔ اگر یہ مواد پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوتا پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے اسلحہ کے خرید و فروخت پر قابو پانے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ تقریباً 40 ہزار اموات ہوتی ہیں جن میں خودکشیاں بھی شامل ہیں۔