All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف کا مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل ناگزیر ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے سب آگاہ ہیں، آئیے امن کو محفوظ بنائیں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل ق لیگ نے موقف اپنایا کہ ڈپٹی اسپیکر پر اعتماد نہیں ہے وہ صاف الیکشن نہیں کروا سکتے، ڈپٹی اسپیکر نے ابھی سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی پر پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا پھر ایسی صورتحال میں کیا کیا جائے؟ ہمیں وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب صاف اور شفاف کروانے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ تمام فریقین مشترکہ طور پر ووٹنگ کے لیے پرائزئیڈنگ افسر مقرر کریں۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں چار آزاد حیثیت سے ممبران ہیں، ان میں سے ایک کو ووٹنگ کے لیے پرایزئیڈنگ افسر مقرر کر دے، چاروں ممبران باعزت اور اچھی شہرت کے حامل افراد ہیں۔
وکیل ق لیگ نے کہا کہ جگنو محسن نے شہباز شریف کے ساتھ ہے اور اس کے ساتھ پریس کانفرنس کی، ہمیں چاروں ممبران پر اعتماد نہیں ہے۔ وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ کیا پھر ہوائی مخلوق الیکشن کروانے آئے، ہر ایک پر اعتماد نہیں ہے تو حمزہ شہباز کو بلا مقابلہ منتخب کروا دیں۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

شہباز گل اور شہزاد اکبر کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز گل اور شہزاد اکبر کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی،عدالت نے ایف ائی اے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔
مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ ایشو یہ ہے کہ عجیب حالات میں مجھ سمیت پانچ افراد کے نام پی این آئی ایل میں شامل کیے گئے، وکیل شہباز گل نے کہا کہ واچ لسٹ، بلیک لسٹ، سٹاپ لسٹ سمیت چار نام ہیں اس کے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بلیک لسٹ کو تو یہ کورٹ کہہ چکی ہے کہ یہ غیر قانونی ہے۔ وکیل نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب نام شامل کیے گئے اس وقت کوئی حکومت نہیں تھی۔
مرزا شہزاد اکبرنے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ ریکوئسٹ کس نے کی؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کل تک تو کہیں نہیں جا رہے؟ انہیں بلا کر پوچھ لیتے ہیں، آپ انچارج رہے ہیں، آپ نے اس کو ختم نہیں کرایا؟
مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ میں انچارج نہیں، وزیراعظم کا مشیر برائے داخلہ رہا ہوں۔

امریکی وزیر خارجہ کی بھارت پر تنقید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ تشویشناک ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے بھارتی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ بھارت میں حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات تشویشناک ہیں۔
انتونی بلنکن نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی میں سرکاری افسر، پولیس اہلکار اور جیل حکام ملوث ہیں۔ انسانی حقوق کی اہمیت اور بلاتفریق فراہمی سے متعلق مؤقف سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔
اس موقع پر موجود بھارتی وزیر دفاع اور بھارتی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

شیخ رشید نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا.
شیخ رشید نے استعفی ٰچیف وہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کو بھجوایا، رکن قومی اسمبلی شیخ راشد نے شیخ رشید کا استعفیٰ پہنچایا۔
گزشتہ روزسابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں ،قبول نہ ہوئے تو دیکھ لیں گے۔ یہ بھی رائے ہے کہ مرکز کے بعد صوبوں میں بھی استعفے دیئے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سب متفقہ طور پر استعفے دے رہے ہیں،یہ عمران خان کا فیصلہ ہے۔عمران خان نے فیصلہ کیا کہ مقصود چپڑاسی کو تسلیم نہیں کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے تین دفعہ میری تعریف کی ہے ،عمران خان نے کہا کہ شیخ رشید کا استعفوں کا فیصلہ درست تھا۔ جب تک الیکشن نہیں ہونگے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔شہبازشریف کی کرپٹ حکومت کونہیں چلنے دیں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں استعفوں کا اعلان کر دیا تھا، اور کئی ارکان نے استعفی ٹوئٹر پر بھی شئیر کیے، جن میں سابق وزیر مواصلات مراد سعید، علی حیدر زیدی، سابق وزیر شیریں مزاری کے نام شامل ہیں۔

رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیے جانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف کی کابینہ میں رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کر دیا۔ وزارتوں کی تقسیم کے لے اتحادیوں نے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ نے مختلف وزراتوں کے لیے ناموں پر غور شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف آج اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ملاقات میں وفاقی کابینہ میں حصہ داری کےحوالے سے فیصلہ کیاجائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج وفاقی کابینہ کے لیے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دی جائےگی اوررات تک وزرا کا اعلان کر دیا جائے گا۔

وزیر خزانہ کون بنے گا؟مسلم لیگ ن کا 4ناموں پر غور

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کا نیا وزیر خزانہ کون ہوگا؟مسلم لیگ ن نے ناموں پر غور شروع کر دیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی اپنے نام دیے جانے کا امکان ہے۔
نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے کابینہ کی تشکیل کے لیے ناموں پر غور اور مشاورت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیر خزانہ کے لیے 4ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کے لیے مسلم لیگ ن مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی وزیر خزانہ کے چناؤ پر غور کیا جا رہاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ کے انتخاب تک عہدہ وزیر اعظم کے پاس ہی رہے گا۔پبلک فنانس ٹیم کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا۔پی ٹی آئی دور حکومت کا کوئی سرکاری ماہر ٹیم میں نہیں لیا جائے گا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کے شرکا میں سابق فنانس بیوروکریٹس کی شمولیت کا امکان ہے۔مخلوط حکومت فنانس پالیسی اور ترقیاتی پروگراموں کی تشہیر کے لیے میڈیا ٹیم بھی تشکیل دے گی۔ ٹیم میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ایکسپرٹس کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔

شہزاد اکبر اور شہباز گل کو بڑا ریلیف، اسٹاپ لسٹ کا نوٹیفکیشن معطل

 اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں شہباز گل اور شہزاد اکبر کی جانب سے اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے درخواست گزاروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالنے والا نوٹی فکیشن معطل کرکے ڈی جی ایف آئی اے اور سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردئیے۔

ہائی کورٹ نے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر اعظم کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ڈاکٹر ارسلان خالد اور محمد گوہر نفیس کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کا حکم معطل کردیا۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ اورڈی جی ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ کس اتھارٹی کے تحت درخواست گزاروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے کہا کہ عدالت بلیک لسٹ کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے، ہمارے فیصلے کے تحت تو نام اس طرح لسٹ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے شہزاد اکبر سے استفسار کیا کہ آپ حکومت میں رہے ہیں کیا آپ نے اس لسٹ کوختم نہیں کیا جس پر شہزاد اکبرنے جواب دیا کہ میں مشیراحتساب تھا میرا اس سے براہ راست تعلق نہیں تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردی۔

نیب کو ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے، شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب وہ شخص ہیں جو عمران خان کی اربوں روپے کی کرپشن پر خاموش رہا، نیب کا صرف ایک حل ہے اسے بند کرکے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیب عدالتوں اور تفتیش میں کیمرے لگائیں تاکہ پاکستان کی عوام کو معلوم ہو کہ یہ کیا تماشا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف جو کیسز ہیں وہ چلیں اور پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ نیب کا صرف ایک حل ہے اسے ختم کر کے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائے جنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے اور ان کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین نیب یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اور پچھلے سال میں نیب نے کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے، کیا برآمدگی ہوئی اور کون مجرم کہلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا اور ان سے ہدایات لیتا تھا، اور ایک وزیر عمران خان کے کمرے میں بیٹھارہتا تھا جو ان کو احکامات جاری کرتا تھا کہ کسے گرفتار کرنا ہے، کس کی تذلیل کرنی ہے اور کس کے خلاف کیا مقدمات بنانے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہے جو عمران خان کی کرپشن پر خاموش رہا، عمران خان کے خلاف ایک ریفرنس فائل نہیں ہوسکا جبکہ سیکڑوں ارب لوٹنے والے کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج نیب کا احتساب ہوگا، ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لینا چاہتےجو کچھ نیب میں ہوا ہے وہ حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ملک میں احتساب کا نظام موجود ہے، اگر آپ احتساب کرنا ہے تو کوئی مشکل نہیں ہے، اگر آپ نے سیاست کھیلنی ہے تو اس کے لیے نیب کا ادارہ موجود ہے۔

وفاقی کابینہ کی تشکیل:وزیراعظم کا اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔شہباز شریف آصف زرداری،مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم سے ملیں گے۔
اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات میں کابینہ کی تشکیل سمیت حکومتی امور پر مشاورت ہوگی۔اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کا اعلان جلد ہوگا۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزیرا عظم کا حلف اٹھایا ہے۔
مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی اور باپ پارٹی اس وقت حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں اور تمام پارٹیوں میں اہم وزارتوں کی تقسیم کا امکان ہے۔