All posts by Khabrain News

منی لانڈرنگ کیس،شہبازشریف سمیت ملزمان کیخلاف سماعت27اپریل تک ملتوی

سپیشل سنٹرل کورٹ لاہورمیں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کردی گئی ۔ پیرکوسپیشل سنٹرل کورٹ لاہورمیں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت ہوئی۔شہبازشریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جبکہ حمزہ شہبازعدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے کی پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں پیش نہیں ہوئی۔امجد پرویزوکیل شہبازشریف نے موقف پیش کیا کہ شہبازشریف قومی اسمبلی کے سیشن میں ہیں۔ ان کی حاضری معافی کی درخواست منظورکی جائے۔حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہونی ہے یہاں سماعت ملتوی کی جائے۔سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد ہونے دیں دوسرا پراسس بھی چلنے دیں۔وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون اورآئین کی کی پاسداری کریں گے۔ انویسٹی گیشن مکمل ہے اس لیے ضمانت تو کنفرم کردی جائے۔جج اعجازاعوان نے ایف آئی کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرہدایات لے کرعدالت میں پیش ہوں۔ آپ نے جو بھی کرنا ہے عدالت کو آئندہ سماعت پر آگاہ کریں۔وکیل شہباز شریف نے کہا کہ میں ملک سے باہر جا رہا ہوں۔ میری غیرموجودگی میں میرے کلائنٹ کے خلاف فردِ جرم عائد نہ کی جائے، 25 اپریل تک ملک میں نہیں ہوں عمرہ پر جا رہا ہوں۔منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے جج نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے کو تو کوئی اعتراض نہیں تاریخ پر؟۔ایف آئی اے کی تفتیشی نے کہا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

مختلف شہروں میں ریلیاں، عمران خان نے عوام کا شکریہ ادا کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان سے یکجہتی کے اظہار کے لئے، اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت پی ٹی آئی کی مختلف شہروں میں ریلیاں، خواتین اور بچوں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سابق وزیراعظم نے عوام کا شکریہ ادا کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے حق میں ریلی نکالی، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، زیروپوائنٹ سے ریلی ایف نائن پارک پہنچی۔
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے لبرٹی چوک میں مظاہرہ کیا، جیل روڈ پر ریلی نکالی گئی، عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، احتجاج میں خواتین ایم پی ایز بھی شریک ہوئیں۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن گھنٹہ گھر چوک جمع ہوئے، ملتان میں چونگی نمبر 9 پر مظاہرہ کیا گیا، عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی حمایت سے رجیم چینج کے خلاف نکلنے پر عوام کا شکریہ، ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے، پاکستانی عوام، اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت تبدیلی کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ عوام نے امریکی حمایت سے حکومت کی تبدیلی کے خلاف جذبات دکھائے، پاکستانی ملک میں ہوں یا اوورسیز سب نے یہ گٹھ جوڑ مسترد کر دیا، مقامی میر جعفروں نے امریکا کی ملی بھگت سے حکومت تبدیل کی، مقامی میر جعفر وہ ٹھگ ہیں جو ضمانتوں پر رہا ہیں۔

شہباز اور شاہ محمود میں سے نیا وزیراعظم کون؟ قومی اسمبلی آج نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا۔
اپوزیشن جماعتوں نے شہبازشریف اور تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کےکاغذات نامزدگی منظور کرلیے جبک شاہ محمود کے بھی کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کےبعد قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے شروع ہوگا جس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے، قبل ازیں شہباز شریف اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے ن لیگی اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ خود پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ ہفتے کی رات قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ اب ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

عمران خان کے خلاف ’غیر ملکی سازش‘؛ پی ٹی آئی مظاہرین کا ملک گیراحتجاج

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے ہو رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سبکدوشی کے روز بعد ہی ’غیر ملکی سازش‘ کے خلاف ’آزادی کی جدوجہد‘ شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’پاکستان 1947 میں ایک آزاد ریاست بن گیا لیکن حکومت کی تبدیلی کی غیر ملکی سازش کے خلاف آزادی کی جدوجہد آج پھر سے شروع ہو رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’یہ ہمیشہ ملک کے لوگ ہیں جو اپنی خودمختاری اور جمہوریت کا دفاع کرتے ہیں‘۔
عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر ہونے والے اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ آج رات لاہور سیالکوٹ، ساہیوال، کراچی اور راولپنڈی سمیت تمام شہروں میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
سابق وزیر توانائی حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آج ملک بھر میں پرامن احتجاج کیا جائے گا، پورا ملک عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔
کراچی میں ملینیم مال کے سامنے پی ٹی آئی کے مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔
لاہور میں غیر ملکی ایجنٹوں کے خلاف احتجاج کا لیبرٹی چوک لاہور سے آغاز،عوام کی بڑی تعداد جمع اس کے علاوہ مختلف شہروں میں بھی پی ٹی آئی کا احتجاج کا سلسلہ جاری ہیں۔ جن شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہے ان میں عمر کوٹ ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، خیبرپخنتونخوا کے ضلع ایبٹ آباد ،میانوالی ،پشاور ،اوکاڑہ ،جھنگ اور اسلام آباد شامل ہیں۔

‘ عمران خان کو عوامی رابطہ مہم کا آغاز اور اس حکومت کا ایوان میں مقابلہ کرنا چاہیے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ، یہ ہم پرمسلط کیےجارہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر فیصلہ عمران خان کریں گے اور وہ جو فیصلہ کریں گے ہم سب اس کو تسلیم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ارکان سے تبادلہ خیال کیا ہے اور اکثر کا خیال ہے کہ اسمبلی میں مزاحمت اور باہر عوام سے رابطہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر ارکان کا خیال ہے کہ عمران خان کو عوامی رابطہ مہم کا آغاز اور اس حکومت کا ایوان میں مقابلہ کرنا چاہیے لیکن پھر بھی عمران خان کے فیصلے کو تمام ارکان تسلیم کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر مملکت علی محمد خان نے پارٹی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کسی بھی سیاست دان کا ہتھیار ہوتا ہے لیکن اِس وقت قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا مطلب اپوزیشن کو فِری ہینڈ دینا ہوگا۔

طالبان حکومت کا پہلا سفیر روس میں تعینات

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس طالبان حکومت کے سفیر کی تعیناتی کو قبول کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت نے روس میں اپنا سفیر مقرر کردیا۔ تجربہ کار افغان سفارت کار جمال غاروال روس میں افغان ناظم الامور ہوں گے۔ روس پہلا ملک ہے جس نے طالبان کے سفیر کی تعیناتی کو قبول کیا ہے۔
دنیا بھر میں تاحال کسی ملک نے افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال نہیں کیے اور نہ ہی طالبان حکومت کے سفیر کو قبول کیا ہے۔ روس نے بھی تاحال افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم سفیر کی تعیناتی قبول کرلی۔
روس کے اقدام کو طالبان حکومت کو قبول کرنے کی جانب پہلا قدم کہا جا رہا ہے۔ ماسکو میں افغان سفارت خانے کا انتظام بھی اب طالبان کے سفارتی نمائندے کے حوالے کر دیا گیا ہے جس کی تصدیق طالبان کی وزارت خارجہ نے بھی کی ہے۔
روس نے طالبان حکومت کے سفیر کو قبول کرنے کا اقدام یوکرین سے جنگ میں پابندیوں کے شکار ہونے کے بعد کیا ہے جسے عالمی ماہرین صدر پوٹن کی جنگی چال قرار دے رہے ہیں۔
روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے حال ہی میں طالبان کے اس سفارت کار کی تقرری کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ برس اگست کے وسط میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

محمد رضوان مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے، کامران اکمل کا اعتراف

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے اعتراف کیا ہے کہ محمد رضوان مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے۔
کراچی میں قائم نیا ناظم آباد اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ محمد رضوان ایک اچھا کرکٹر بن کر سامنے آیا ہے، جس نے قومی کپتان محمد سرفراز کی جگہ حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ اب رضوان کی جگہ پانے کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کو اس کے مقابلے میں دگنی کارکردگی دکھانی ہوگی، میرے جیسا کھلاڑی رضوان کا متبادل نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے، میں نہیں کہہ رہا کہ مجھے رضوان کی جگہ دی جائے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں رضوان کی ایسی کارکردگی رہی تو حارث، روحیل نذیر اور بسمہ اللہ خان میں سے کوئی رضوان کی جگہ حاصل نہیں کرسکتا۔
دورۂ آسٹریلیا سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں خود غرضانہ کرکٹ کھیلی گئی، مجموعی طور پر خراب کارکردگی سے کوئی مثبت اثر نہیں آیا، پاکستان کو فائدہ پہنچانے کے بجائے بابراعظم یا کوئی دوسرا کھلاڑی خود کو بچانے اور اپنی ذات کے لیے کھیلے، یہ عمل درست نہیں ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ تجربات کرنے سے پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان پہنچا ہے،عمران خان کے دور اقتدار میں کہتا رہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا بند کرنا نقصان دہ ہے۔
انہوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب محسوس کیا کہ کرکٹ کے لیے موزوں نہیں تو کھیل کو خیرباد کہہ دوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں کامران اکمل نے کہا کہ اچھے کھلاڑی سامنے لانے کے لیے ان کو زیادہ سے زیادہ گراؤنڈ دینا ہوگا، تجربے کی بدولت کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا۔

بھارتی ایئرپورٹ پر عائشہ تاکیہ نسلی تعصب کا شکار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی سابق اداکارہ عائشہ تارکیہ کو ’گووا‘ ایئرپورٹ پر افسران کی جانب سے نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا اور ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گووا ایئرپورٹ پر عائشہ تارکیہ سے ہونے والی بدتمیزی پر ان کے شوہر فرحان اعظمی نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر واقعے کے خلاف آواز بلند کی، انہوں نے دو افسران کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
فرحان اعظمی نے کہا کہ ایئرپورٹ پر ان افسران نے میری بیوی کو چھونے کی کوشش کی اور مغلظات بھی بکیں، میں بیوی اور اپنے بیٹے کے ساتھ گووا سے ممبئی آرہا تھا تو اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افسران نے بدتمیزی کرتے ہوئے مجھے اپنی فیملی سے الگ کرکے دوسری لائن میں کھڑا کیا۔ سابق اداکارہ کے شوہر نے افسران کے خلاف حکام کو شکایت درج کرا دی ہے۔

کنگنا رناوت کی زندگی کا سب سے بڑا اسکینڈل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے ریئلٹی شو ’لوکس اپ‘ کے دوران اپنی زندگی کے سب سے بڑے اسکینڈل کے بارے میں بتایا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے اسٹار اداکار ہریتھک روشن کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ ماضی میں کسی شادی شدہ مرد کی محبت میں گرفتار ہوچکی تھیں جو ان کی زندگی کا سب سے بڑا اسکینڈل بھی بنا تھا، اکثر لڑکیوں کو شادی شدہ مرد پسند ہوتے ہیں اور وہ ان کی طرف راغب بھی ہوتی ہیں، یہ میں اپنا ذاتی تجربہ بتا رہی ہوں۔
کنگنا ’کولس اپ‘ کی میزبانی کررہی ہیں، اسی شو کے دوران انہوں نے ہریتھک روشن سے اپنی محبت کا ذکر کیا لیکن کنگنا رناوت نے اداکار کا نام نہیں لیا۔ مذکورہ اداکارہ کے بارے میں افواہیں پھیلی تھیں کہ ان کے شادی شدہ اداکار ہریتھک روشن سے گہرے تعلقات ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی شدہ مرد زیادہ ذمے دار ہوتے ہیں کیوں کہ وہ اپنے ارد گرد کی صورت حال کو جس طرح لے کر چلتے ہیں کم عمر لڑکیاں اس سے متاثر ہوتی ہیں، ایسے مرد اپنے آپ کو مظلوم بھی ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی شدہ مرد یہ کہانی سناتے ہیں کہ وہ شادی کرکے کہاں پھنس گئے ہیں اور یہ تاثر بھی دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہیں نئی لڑکی ہی بیوی سے بچا سکتی ہے لیکن جب ان کی بیوی کی سنو تو کان سے خون نکل آئے۔

کوٹری میں ریلوے ٹریک پر دھماکا

جامشورو: (ویب ڈیسک) کوٹری اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا ہے۔
کوٹری اسٹیشن کے قریب ڈاؤن ٹریک پر آتش گیر مادے سے حملہ کیا گیا ہے، واقعہ کوٹری اسٹیشن کے قریب خورشید کالونی پر پیش آیا جس کے بعد ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے باعث ریلوے پٹری کا ایک فٹ کا ٹکڑا ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے ٹرینوں کو کوٹری، حیدرآباد اور بھولاری سمیت دیگر اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ریلوے حکام نے بی ڈی ایس عملے کو طلب کیا جبکہ ریلوے پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز بھی جائے حادثے پر پہنچ چکی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے
ریلوے حکام کے مطابق دھماکےکےمقام سے سے چند منٹ قبل ہزارہ ایکسپریس گزری تھی، واقعے کے بعد حیدرآباد سےکراچی جانے والےٹرینوں کی روانگی روک دی گئی ہے۔