All posts by Khabrain News

آسٹریلین اوپن گراں پری کا ٹائٹل چارلس لیکلرک نے جیت لیا

سڈنی: (ویب ڈیسک) فارمولا ون آسٹریلین اوپن گراں پری کا ٹائٹل چارلس لیکلرک نے جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلین اوپن گراں پری میں کورونا کو مات دینے والے چیمپئن ڈرائیور میکس ورسٹیپن گاڑی کی خرابی کے باعث فتح سے محروم ہو گئے۔
بے قابو کاروں کی ٹکریں اور ٹریک سے اتر جانے کے مناظر توجہ کا مرکز بن رہے۔

روس کا یوکرین کے فوجی قافلے کو تباہ کرنے کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین کے مختلف علاقوں میں حملے جاری ہیں، ماسکو نے تازہ حملے میں یوکرین کے ایک فوجی قافلے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹیک ہیلی کاپٹر کے اے ففٹی ٹو نے یوکرین میں ایک فوجی قافلے کو نشانہ بنایا اور متعدد گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حملے میں یوکرین کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے کہا کہ حملے کے بعد روسی اٹیک ہیلی کاپٹر بحفاظت محفوظ مقام پر پہنچ گیا۔

پاکستان کی سیاسی صورتحال پر افغان طالبان کا موقف سامنے آگیا

کابل: (ویب ڈیسک) عمران خان کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹنے اور پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر افغان طالبان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق امارت اسلامی افغانستان کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے کہا ہےکہ افغان حکومت دونوں ممالک کے درمیان اچھے اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی خواہاں ہے۔
انعام اللہ سمنگانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے جس کے بعد وہ ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔

پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت اورمزید جمہوریت ہے، بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت اورمزید جمہوریت ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ ہماری جماعت کی حالیہ جدوجہد کے مقاصد میں عدم اعتماد کو کامیاب بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد میں انتخابی اصلاحات، پاکستان میں مستحکم جمہوریت کا قیام بھی شامل ہے جبکہ میری جدوجہد کا مقصد پاکستان میں جمہوری نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پچھلےتین سالوں میں آئین، جمہوری نظام، انسانی حقوق اور میڈیاکی آزادی کو نقصان پہنچایاگیا۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت، جمہوریت اور مزید جمہوریت ہے، جب تک سیاسی اور جمہوری آزادی حاصل نہ ہو معاشی ترقی کےاہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا اقدام ماضی میں کیےگئے غلط کو صحیح کرنا ہے جس کیلئے طویل راستہ طے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی وزیراعظم کیلئے پیرکو شہباز شریف کی حمایت کرے گی۔
صحافی نے بلاول سے سوال کیا کہ کیا آپ پاکستان کے اگلے وزیرخارجہ بننے کی تصدیق کریں گے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ میں پاکستان کے اگلے وزیرخارجہ بننے کی تصدیق نہیں کرسکتا۔

قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 2 بجے ہوگا جس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق ایوان کل وزیر اعظم کا انتخاب کرے گا۔
متحدہ اپوزیشن نے شہبازشریف اور تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ دونوں کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کےبعد قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا۔

قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر پی ٹی آئی اراکین میں اختلاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر اراکین میں اختلاف سامنے آگیا، بیشتر اراکین اسمبلی نے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے استعفیٰ نہ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ خالی میدان چھوڑنے کا مطلب ہے کہ قانون سازی میں حکومت کو مدد دینا، مضبوط اپوزیشن کی عدم موجودگی سے حکومت نیب قوانین میں ترامیم، الیکشن ریفارمز، اے وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے معاملے پر با آسانی قانون سازی کرسکے گی۔
اراکین نے تجویز پیش کی کہ اسمبلیوں کے اندر رہتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دیا جانا چاہیے، ماضی میں 29 اراکین کے ساتھ عمران خان نے بھرپور مقابلہ کیا، اب ہم 140 سے اوپر کی تعداد میں ہیں بھرپور اپوزیشن کریں گے۔
قومی اسمبلی سے استعفی نہ دینے کا حتمی فیصلہ کل پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی میٹنگ میں کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی اجلاس کا شیڈول اور مقام تبدیل کردیا گیا جبکہ عمران خان پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا آج ہونے والا اجلاس اب پیر دن 12 بجے پارلیمنٹ میں ہوگا۔
اراکین آج حلقوں میں عوامی احتجاج کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے تھے۔
عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بطور اپوزیشن حکمت عملی پر مشاورت، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عوامی رابطہ مہم اور پرامن احتجاج سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں کور کیمٹی ممبران، وزراء اعلی پنجاب، خیبر پختوانخوا، گورنر پنجاب اور سندھ شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تحریک انصاف موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، عوامی رابطہ مہم اور پر امن احتجاج سے متعلق بھی کور کمیٹی اجلاس میں مشاورت کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے 12 اپریل کو پشاور میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عمران خان خطاب کریں گے، عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔
اجلاس میں کور کمیٹی نے پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے۔

عوام کو معاشی تباہی سے دوچار کرنے والا ٹولہ پھر کینٹنرپرچڑھ گیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پونے چار سال قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کی سولی پرچڑھانے والا مایوس اور عوام کا مسترد کردہ آئین شکن ٹولہ دوبارہ کنٹینر پر چڑھ گیا ہے جہاں سے وہ اترا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کی خاطر آئین، قانون، جمہوریت اور اخلاق کو کچلنے والے عوام کی تکالیف ختم ہونے دیں، ملک و قوم کو آپ نے جس حال میں پہنچایا ہے اسے ٹھیک کرنے دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شوق سے تحریک چلائیں، فی الحال تو ایوان نے آپ کو اٹھا کر باہر پھینکا ہے، عقل کریں اور اس پر سوچیں، عوام کو سکون کا سانس لینے دیں، اپنی بدزبانی، نفرت اور قوم کو مزید تقسیم کرنا بند کریں۔

یونس خان افغان کرکٹ بورڈ کیساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے پرخوش

کابل: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے پر خوش ہیں، یہاں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، ان میں سیکھنے کی جستجو ہے ۔
پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے ایک انٹریو میں کہا ہےکہ افغانستان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ کام کرنے پر خوش ہیں ، وہ یہاں ایک ہفتے سے کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں ، ٹیم سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اورکھلاڑیوں میں سیکھنے کی جستجو ہے۔
یونس خان نے مزید کہا کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے تجربات شئیر کرنا چاہیں گے البتہ افغانستان کرکٹ بورڈ کو ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل افغان کرکٹ بورڈ نے یونس خان اور سابق فاسٹ بولر عمر گل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو دورہ یو اے ای کے لیے بطور کوچنگ کنسلٹنٹ شامل کیے جانے کی تصدیق کی۔

آئی سی سی میٹنگ میں 4 ملکی ٹورنامنٹ کے آئیڈیے کو خوش آمدید کہا گیا، رمیز راجہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں چار ملکی ٹورنامنٹ سے متعلق اچھی بات چیت ہوئی۔
رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آئی سی سی میٹنگ میں 4 ملکی ٹورنامنٹ کے آئیڈیے کو خوش آمدید کہا گیا اور اس پر بحث ہوئی جبکہ اس آئیڈیا کو کھیل میں دلچسپی کی پروموشن سے متعلق دیکھا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ سے متعلق آئی سی سی سے مزید بات ہوگی۔
اس سے قبل رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 4 ملکی ٹورنامنٹ کا خیر مقدم کیا ہے لیکن بھارت اور انگلینڈ نے 4 ملکی ٹورنامنٹ سے متعلق ابھی بیان نہیں دیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی سی بی میں تبدیلیاں یقینی قرار دی جا رہی ہیں، اور اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے قریبی دوستوں اور پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجا اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں۔

محمد عامرکا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینےکا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) فاسٹ بولر محمد عامرکا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینےکا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجا اگر مستعفی ہوتے ہیں تو محمد عامرکا ریٹائرمنٹ واپس لینےکا اعلان متوقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے دسمبر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت کے بولنگ کوچ وقار یونس اور ہیڈکوچ مصباح الحق کی وجہ سے محمد عامر نے ریٹائرمنٹ لی تھی، بعد ازاں محمد عامر نے اعلان کیا تھا کہ کوچز کے جانے کے بعد وہ ریٹائرمنٹ واپس لیں گے لیکن رمیز راجا کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد محمد عامر نے ارادہ ترک کر دیا تھا کیونکہ رمیز راجا ماضی میں میچ فکسرز کی شدید مخالفت کرتے رہے ہیں۔
واضح رہےکہ ذرائع نے بتایا ہےکہ عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجا اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے قریبی دوستوں اور پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت بھی کی ہے۔