All posts by Khabrain News

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان المبارک میں بھی ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور صرف 2 دن میں 4 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے شہر سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ خواتین کی بے عزتی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ اس طرح بھارتی جارحیت میں 2 روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
گزشتہ روز ضلع اسلام آباد اور ضلع کلگام میں بھی نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا جب کہ کلگام میں ہی مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی فوج کے دو اہلکار بھی زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ سری نگر کی جامعہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں نوجوانوں نے بھارت مخالف اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی تھی جس کی پاداش میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 13 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

سابق بھارتی کپتان دھونی کو اشتہار میں بس ڈرائیور بننا مہنگا پڑگیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو اشتہار میں بس ڈرائیور بننا مہنگا پڑگیا۔
آئی پی ایل کے حوالے سے ایک اشتہار میں دھونی بس ڈرائیور بنے اور سپر اوور دیکھنے کیلیے روڈ کے درمیان میں ہی بس روک دیتے ہیں، جب ٹریفک پولیس اہلکار ان سے گاڑی روکنے کا سبب پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں ’سپر اوور چل رہا ہے‘ جس پر وہ پولیس مین وہاں سے چلا جاتا ہے۔
اس اشتہار کے خلاف روڈ سیفٹی آرگنائزیشن کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ اس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے، جس پر ایڈورٹائزنگ اسٹینڈر کونسل آف انڈیا نے دھونی کو نوٹس جاری کرنے کے ساتھ اشتہار پر بھی فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

جراثیم کو تلف کرنے والا شمسی واٹر فلٹر

سوئزرلینڈ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اب بھی آبادی کا بہت بڑا حصہ آلودہ اور جراثیم بھرے پانی پینے پر مجبور ہے۔ اب سوئزرلینڈ کے ماہرین نے غریب ممالک کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والا کئی پرت کا حامل سولر واٹر فلٹر بنایا ہے جو پہلے مرحلے میں خطرناک ترین ای کولائی بیکٹیریئم کو کامیابی سے تلف کرچکا ہے۔
تاہم یہ دیگر مضرِ صحت اور جراثیم کو بھی تباہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی اضافی بیٹری کے بغیر صرف شمسی توانائی سے کام کرتا ہے۔
دیکھنے میں یہ ہموار مستطیل نما پلیٹ دکھائی دیتا ہے جسے سوئزرلینڈ کے ای پی ایف ایل انسٹی ٹیوٹ نے بنایا ہے۔ تحقیقی ٹیم کے سربراہ پروفیسر لیزلو فورو ہیں جنہوں نے اس کے عین اوپر ایک ٹیوب لگائی ہے۔ نیچے سے بھرنے والا پانی کئی مراحل میں کئی پرتوں سے گزرتا ہے۔ یہ تمام نظام شیشے کی دو پلیٹوں کے درمیان بند کیا گیا ہے۔
اس میں کاربن نینوٹیوب کے اوپر ٹائٹانیئم ڈائی آکسائیڈ کے نینوتار لپیٹے گئے ہیں۔ جیسے ہی اس نظام پر دھوپ پڑتی ہے اس کی الٹراوائلٹ شعاعیں ری ایکٹوو آکسیجن اسپیشیز بناتی ہیں۔ یہ ہائڈروجن پرآکسائیڈ ، ہائیڈروآکسائیڈ اور آکسیجن پر مشتمل ہوتی ہیں۔
ری ایکٹوو آکسیجن اسپیشیز وائرس ،اور بیکٹیریا کو مارنے میں لاجواب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان گنت اقسام کے جراثیم فوری طور پر ختم ہوجاتے ہیں۔ توقع ہے کہ پانی میں موجود دیگر اقسام کی آلودگیاں یعنی کیڑے مار ادویہ اور زرعی کیمیکل بھی اس سے صاف کئے جاسکتے ہیں۔
اس نظام میں سب سے اہم کردار ٹائٹانیئم ڈائی آکسائیڈ نینوتاروں کا ہے جو اپنے بل پر جراثیم کو مارتے ہیں اور اس میں الٹراوائلٹ شعاعیں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پھر نینو ٹیوب سورج سے حرارت جذب کرکے اس کام کو مزید تیز کرتی ہیں۔ اور ایک دن میں دو لیٹر تک پانی پاک صاف کرکے فراہم کرسکتی ہیں۔ اگر اس میں سونے کےنینوذرات ملادیئے جائیں تو اس شمسی واٹر فلٹر کی افادیت دوچند ہوسکتی ہے۔

ہفتے میں ایک گھنٹہ ورزش، ڈپریشن کی شدت کم کرتی ہے

آئیووا: (ویب ڈیسک) اگرچہ ورزش اور ڈپریشن میں کمی کا تعلق سائنسی طورپرسامنے آچکا ہے لیکن اب ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ کسرت فوری طورپر ڈپریشن کم کرتے ہوئے موڈ بحال کرتی ہے اور اس کے اثرات آگے تک بھی جاری رہتے ہیں۔
سائنسی طور پر ہم ورزش کے دوران اور ورزش کے فوری بعد دماغ اور مزاج پر اس کے اثرات سے سائنسی طور پر واقف نہ تھے۔ یہ تحقیق آئیووا اسٹیٹ یونیورسٹی میں جسمانی ورزش کے ماہر جیکب میئیر نے کی ہے۔ وہ جاننا چاہتے تھے کہ صرف ایک مرتبہ ورزش کرنے کے بعد ڈپریشن پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
سخت قسم کی اداسی اور ڈپریشن مریض کے دماغی سرکٹ و ساخت بدل جاتی ہے اور گویا وہ ناخوشی کی مستقل کیفیت میں گرفتار رہتے ہیں۔ اس طرح ان کی زندگی سے مسرت اور لطف دور ہوجاتا ہے اور ڈپریشن کے دورے پڑنے لگتے ہیں جنہیں اینی ڈونیا بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں دماغی پروسیسنگ متاثر ہوتا ہے اور یادداشت بھی کم کم ہونے لگتی ہے۔
تاہم ورزش کا ایک سیشن بھی دماغ کی جڑ پر اثر ڈال کر بنیادی ڈپریشن کو کم کرسکتا ہے۔
اس ضمن میں 30 رضاکاروں کو بھرتی کیا گیا۔ ان افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کرکے ایک کو نصف گھنٹے تک فکسڈ سائیکل تیزی سےچلانے کو کہا گیا، دوسرے گروہ کو اسی عرصے آرام کرایا گیا۔ اس کے بعد اینی ڈونیا کی پیمائش کے لیے سوالنامہ بھروایا گیا۔ اس کے بعد دماغی صلاحیت ناپنے کے مشہور ٹیسٹ بھی کروائے گئے جن میں اسٹروپ اور ورڈ ٹیسٹ بہت مشہور ہیں۔
اس میں دیکھنا یہ بھی تھا کہ ورزش کے دوران دماغی کیفیت اور ڈپریشن کس طرح تبدیل ہوتا ہے اور وہ کس طرح اپنی اس منفی کیفیت کا اظہار کرتے ہیں۔
سائیکل پر ورزش کرنے والے افراد نے جب اپنی ورزش ختم کی تو ان کا موڈ اگلے 75 منٹ تک بھی بہت اچھا رہا اور ڈپریشن دور رہی۔ لیکن جن افراد نے سائیکلنگ کی بجائے صرف آرام کیا تھا ان کی ڈپریشن میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔
لیکن سب سے حیرت انگیز دماغی صلاحیت پر ہوا۔ ورزش کرنے والوں کا اسٹروپ ٹیسٹ بہتر آیا اور اس کا اثر 25 سے 50 منٹ تک برقرار رہا۔ اب جنہوں نے کوئی ورزش نہیں کی ان پر کوئی مثبت دماغی اثر نہیں دیکھا گیا۔
شرکا نے بتایا کہ ورزش کے بعد ان کی طبعیت ہلکی ہوگئی اور موڈ بہت خوشگوار بھی دیکھا گیا تھا۔ بعض افراد نے کہا کہ انہیں ایک گھںٹے تک یوں محسوس ہوا کہ ورزش سے دماغ پر چھائے گہرے سیاہ بادل بھی چھٹ گئے ہیں۔
یہ تحقیق سائیکولوجی آف اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میں شائع ہوئی ہے اور اس کا خلاصہ یہ ہے کہ ہفتہ بھر میں ایک گھنٹے کی ورزش بھی ڈپریشن دور کرنے میں بہت اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

شاہ فرمان کے بعد گورنر گلگت بلتستان کا بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان کے بعد گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے فوراً بعد گورنر گلگت بلتستان مستعفی ہونگے۔
خیال رہے کہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے 30 ستمبر 2018 کو حلف لیا تھا۔
راجہ جلال حسین مقپون کا بطور گورنر گلگت بلتستان تعیناتی کی مدت 3 سال 6 ماہ کا عرصہ ہوا ہے، وہ چیئرمین تحریک انصاف، سابق وزیر اعظم عمران خان کے نظریاتی اور وفادار ساتھیوں میں شامل ہیں، انہوں نے گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی مضبوطی اور حکومت سازی میں مرکزی کردار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا مستعفی ہونے کا اعلان
ذرائع کے مطابق گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کے دن ہی استعفی بھجوا دوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کا اقتدار اختتام کو پہنچا۔ نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کل بروز پیر دن دوبجے ہو گی۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل کا مستعفی ہونے کا امکان
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر مستعفی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کراچی پہنچ کر عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے، گورنر سندھ سیاسی صورتحال کے باعث اسلام آباد میں ہیں۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ لینے کے دن ہی استعفیٰ بھجوا دوں گا۔

دبئی میں بھکاری سے 10 ہزار ڈالر سے زائد رقم برآمد

دبئی میں پولیس نے ایک بھکاری کو حراست میں لے لیا جس کے قبضے سے 10 ہزار 890 ڈالر کی رقم برآمد ہوئی۔
عرب میڈیا کے مطابق رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بھکاریوں کا ٹولہ دبئی میں سرگرم ہوجاتا ہے اور عوامی مقامات پر عوام کو تنگ کرتا ہے۔
انسداد بھکاری مہم کے دوران پولیس نے ایسے ہی ایک بہروپیے کو حراست میں لیا جو شہریوں کو دھوکا دے کر ہمدردی سمیٹتا اور بھیک لیتا تھا۔
بھکاری کے قبضے سے ڈالرز، درہم اور دیگر کرنسیاں برآمد ہوئیں جن کی مجموعی مالیت 10 ہزار 890 ڈالر بنتی ہے۔ بھکاری غیر ملکی شہری ہے جسے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
پولیس نے بھکاری اور اس سے برآمد ہونے والی رقم کی تصویر شائع کی ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایران؛ قبرستان میں رقص کرنے پر 3 خواتین گرفتار

ایران کے صوبے خراسان کے ایک قبرستان میں رقص کرنے پر 3 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایران کے میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں تین خواتین کو شہدا قبرستان میں رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیو فوٹیجز کی مدد سے تینوں خواتین کو حراست میں لے لیا گیا تاہم انھوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین اپنے عمل پر نادم ہیں اور معافی مانگی ہے۔
جس پر عدالت نے کہا کہ خواتین کے اس عمل سے شہدا کے خاندان کے جذبات مجروح ہوئے اور اہل خانہ کی جانب سے معاف نہ کیے جانے تک عدالت اس سلسلے میں کیا کرسکتی ہے؟
خواتین کے خلاف فیصلہ آئندہ سماعت میں کیا جائے گا۔

‘تمہیں اقتدار کا نشہ چڑھ گیا ہے’ شاہ محمود کا احسن اقبال کو جواب

وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران شاہ محمود قریشی اور احسن اقبال میں تلخ کلامی ہوگئی۔
قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پاکستان کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کےلیے متحدہ اپوزیشن اور پاکستان تحریک کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ن لیگ کے صدر شہباز شریف امیدوار ہوں گے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران شاہ محمود اور احسن اقبال میں تلخ کلامی ہوئی ہے، احسن اقبال نے تحریک انصاف کے رہنما کو کہا کہ ‘اب تم وزیر خارجہ نہیں رہے’۔
احسن اقبال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمہیں اقتدار کا نشہ چڑھ گیا ہے، آپ امیدوار نہیں ہیں یہاں سے باہر جائیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی حمایت میں مظاہرہ

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کی حمایت میں مظاہرے شروع کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق اووسیر پاکستانی عمران خان کی حمایت میں نکلنے لگے ہیں، آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عمران خان کے حق میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
مظاہرے میں شریک اووسیز پاکستانیوں نے ‘بھکاری حکمران بن گئے’ جیسی تحریروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، بینرز پر بیرونی سازش نامنظور اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں کے نعرے بھی درج تھے۔
خواتین کی بڑی تعداد بھی مظاہرے میں شریک تھی، کئی پاکستانیوں نے ’’بھکاری کبھی لیڈر نہیں بن سکتے‘‘والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوگئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی 2018ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں برسراقتدار آئی اور عمران خان نے 18 اگست 2018ء کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔

ہم استعفے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ڈٹ گئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف گروپ کے رکن راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کا مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان پر ردعمل میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ڈٹ گئے۔
اس حوالے سے راجہ ریاض نے کہا کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے، تحریک انصاف کی جانب سے استعفے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، جو لوگ مستعفی ہوں گے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوجائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے شیخ رشید اور فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ ہمارے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رہے ہیں، شاہ محمود کو امیدوار نامزد کرنے کا مقصد شہباز شریف کو چیلنج کرنا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پورے ملک میں احتجاج کی اپیل کی ہے، کارکنان اورعوام ہر ضلع میں عشا کی نماز کے بعد باہر نکلیں، کور کمیٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی سے استعفے دیں گے، پوری قوم عمران خان سے رہنمائی کی توقع رکھتی ہے، اگر انکا فیصلہ ہے شہبازشریف کو وزیراعظم بنانا تو ہمارا فیصلہ ہے مستعفی ہونا۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کور کمیٹی نےعمران خان کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، نئے انتخابات کے علاوہ موجود بحران کا کوئی حل نہیں، جب تک ہم انہیں ایوان سے اٹھا کر باہر نہیں پھینکیں گے پاکستان میں ناپاک حکومت قائم رہے گی، کل جس طرح 12 بجے عدلیہ کھلی اس سے ہماری عدلیہ کی رینکنگ مزید نیچے بھی چلی جائے تو فرق نہیں پڑے گا، پوری قوم توقع کرتی ہےعمران خان اس غیر ملکی سازش کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔