All posts by Khabrain News

انارکلی بم دھماکے کی کڑیاں بھارت سے ملنے لگیں

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقہ نیو انارکلی میں ہونے والے بم دھماکہ کی کڑیاں ہمسایہ ملک بھارت سے ملنے لگیں۔کالعدم تحریک طالبان سمیت ملک دشمن تنظیموں کی سرپرستی بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کر رہی ہے ۔لاہورمیں ہونے والے بم دھماکے کی منصوبہ بندی بھی مذکورہ خلیجی ملک میں تیار کی گئی جس کے لئے کالعدم تحریک طالبان ،بلوچ نیشنل آرمی کو استعمال کیا گیا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد لاہور میں دہشت گردی کے بعد سیکورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں

یورپی یونین نے کابل میں سفارت خانہ کھول لیا، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے افغان دارالحکومت میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا جو طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بند تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ یورپی یونین نے متعدد ملاقاتوں اور افہام و تفہیم کے بعد کابل میں 6 ماہ سے بند اپنا سفارت خانہ باضابطہ طور پر دوبارہ کھول لیا۔
ترجمان طالبان نے یہ بھی کہا کہ عالمی قوتوں کو افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے طالبان حکومت کو تسلیم اور افغانستان کے بیرون ملک موجود منجمد اثاثوں کو فوری طور پر بحال کرنا چاہیئے۔
دوسری جانب یورپی یونین کے ترجمان برائے خارجہ امور پیٹر اسٹانو کا کہنا تھا کہ کابل میں یورپی سفارتخانے میں کم سے کم ارکان کی تعیناتی کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہیں سمجھا جائے اور یہ بات کابل کی موجودہ حکومت کو بھی بتادی گئی ہے۔
پیٹر اسٹانو کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانیت کی مدد کے لیے کابل میں یورپی یونین کے سفارت کاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم یہ تعداد نہایت مختصر ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کے وسط سے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے والی طالبان حکومت کو تاحال کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے تاہم عوام کو درپیش بھوک و افلاس، بیماری اور بیروزگاری کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

بلاسود لین دین کا نظام قائم کرنے میں سنجیدہ ہیں،اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس نے کہا ہے کہ اسلامی بینکنگ نظام کی راہ میں حکومت اور ادارے رکاوٹیں پیدا نہ کریں بلکہ اتفاق رائے پیدا کریں تو یہ کام آسان ہو سکتا ہے۔
سودی مالیاتی نظام سے متعلق وفاقی شرعی عدالت میں کیس کی سماعت چیف جسٹس شرعی عدالت نور محمد مسکانزئی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔
اسٹیٹ بینک کے اسلامی بنکاری نظام کے لیے اقدامات کی مفصل رپورٹ پیش کرتے ہوئے بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بلا سود لین دین کا نظام قائم کرنے میں سنجیدہ ہے. لیکن اسلامی بینکنگ سسٹم راتوں رات قائم نہیں ہوسکتا. یہ ایک ارتقائی عمل ہے.
چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ نے کہاحکومت اور مالیاتی ادارے اتفاق رائے پیدا کریں تو یہ کام آسان ہو سکتا ہے. حکومت اور حکومتی ادارے اس ضمن میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں.
جسٹس ڈاکٹر سیدمحمد انور نے ریمارکس دیے پارلیمنٹ نے قانون بنادیا ہے کہ قوانین اسلامی شریعت کے مطابق ڈھالے جائیں گے. جب حکومت خود اسلامی بنکاری نظام کی طرف جارہی ہے تو پھر رکاوٹ کیوں. اب تو آسٹریلیا جیسے غیر اسلامی ممالک میں سود کے بغیر بنکاری سسٹم قائم ہو رہا ہے۔
نیشنل بینک کے وکیل نے کہا الائیڈ پیپر ملز عدالتی فیصلے کے آڑ میں قرض واپس نہیں کررہا.چیف جسٹس نے کہاہم نے سود کے خلاف حکم امتناعی جاری نہیں کیا ہے ، اس وقت سودی بنکاری سسٹم رائج ہے، کوئی خلاف ورزی کررہا ہے تو فورم موجود ہے.
تنظیم اسلامی کے نمائندے نے کہااس وقت دو متوازی بینکنگ سسٹم چل رہے ہیں. متوازی نظام کی موجودگی میں اسلامی بینکنگ سسٹم ترقی نہیں کر سکتا.
جس پر چیف جسٹس نے کہاہم بینک بند نہیں کرسکتے. جسٹس محمد انور نے کہاربا فوری ختم نہیں کیا جاسکتا. یہ ایک ارتقائی عمل ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

اپوزیشن میں بات سننے کا حوصلہ نہیں، حماد اظہر کا احسن اقبال کے مناظرہ چیلنج پر جواب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر حماد اظہر نے احسن اقبال کے مناظرہ چیلنج پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں پارلیمنٹ میں بات سننے کا حوصلہ نہیں، جب ان کے پاس بولنے کیلئے کچھ نہ ہو تو مطالعہ پاکستان کا لیکچر دیتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں احسن اقبال اور حماد اظہر میں جوڑ پڑ گیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت برباد کر دی، ٹی وی پر مناظرہ کر لیں، ہر ناکام وزیر کا لیکچر نہ سنایا جائے، جو گیس نہیں دے سکا وہ اقتصادیات پر تقریر کرتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پرپوچھا کہ حماد اظہر آپ کو ٹی وی چیلنج کیا گیا ہے، کیا آپ جواب دیں گے؟ جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ٹی وی کیا اس ایوان میں ان کو ان کے چیلنج کا جواب دونگا، ان کے پاس معیشت کے حوالے سے بات کرنے کے لئے کوئی بات نہیں تھی اور اسی وجہ سے ہمیں ساتویں جماعت کے مطالعے پاکستان کا لیکچر دے رہے تھے، ملک کو دیوالیہ کیا پھر پانچ اعشاریہ چار فیصد گروتھ ظاہر کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کراچی میں گیس کی قلت پر ایم کیو ایم اراکین کے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں، سب سے زیادہ تیزی سے سندھ میں گیس کم ہورہی ہے، سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد والا صوبہ ہوگا، انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایک سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کوموسم سرما میں دی جاتی تھی، حکم امتناع ختم ہوجائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہوجائے گی۔

دو کروڑ کی گاڑیاں واپس دلوائیں: محکمہ تعلیم کی چیف سیکریٹری سندھ سے استدعا

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے 12 گاڑیوں کی واپسی کیلئے چیف سیکرٹری سے مدد طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کے پاس دو سرکاری گاڑیاں ہیں جبکہ سابق وزیر تعلیم سعید غنی نے بھی ایک گاڑی واپس نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اسپیشل سیکرٹر ی رفیعہ حلیم کے پاس بھی ایک گاڑی ہے اور سابق وزیر کے اسٹاف افسر کے پاس بھی ایک گاڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق نثار کھوڑو کے ذاتی پی آر او کے پاس بھی محکمے کی ایک گاڑی موجود ہےجس کے پیٹرول اخراجات بھی محکمہ تعلیم ادا کرتا تھا۔

وزیراعلیٰ بزدار نے ملتان کیلئے ایڈیشنل ڈی جی پی آر پوسٹ کی منظوری دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کیلئے ایڈیشنل ڈی جی پی آر کی پوسٹ کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل میڈیا ونگ، ڈی جی پی آر کی 5 خالی پوسٹوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں گورنمنٹ وقارالنساء پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے چارٹر کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ یورنیورسٹی کے قیام کی سکیم کو رواں مالی سال کے اے ڈی پی میں شامل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال کی ترقی کیلئے18سکیموں کی منظوری دی، ضلع ساہیوال میں 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے سکیموں پر کام شرو ع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپورٹس وظائف، کیش ایوارڈز اور انتقال کرنے والے سابق کھلاڑیوں کے خاندانوں کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی بھی منظوری دی۔ مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

کراچی میں طوفانی ہوائیں چلنے سے دو افراد جاں بحق، متعدد مو ٹرسائیکلیں پھسل گئیں

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل پڑیں، طوفانی ہواؤں سے دیواریں گرنے کے سبب دو افراد جاں بحق اور موٹر سائیکلیں سلپ ہونے سے متعدد زخمی ہوگئے۔
کراچی میں تیز ہواؤں کے سبب دیواریں گرنے سے دو افراد جاں بحق اور متعدد موٹر سائیکل سوار توازن قائم نہ رکھتے ہوئے گر کر زخمی ہوگئے۔ تیز ہوا سے ناردرن بائی پاس نزد پاور ہاؤس گلبائی کانٹا موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت صادق اور اجمل کے نام سے ہوئی۔
گلشن معمار میں تیز ہواؤں کے باعث گھر کی دیوار گرگئی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بلدیہ ٹاؤن اسپارکو روڈ پر گھر کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے سبب گھر میں موجود تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کراچی میں تیز ہواؤں سے جماعت اسلامی کے دھرنے کے ٹینٹ، قناتیں، بینرز، لائٹس بھی گرگئیں۔ نارتھ کراچی میں زیر تعمیر دیوار گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا سلسلہ آج رات تک جاری رہ سکتا ہے، ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ ہورہی ہیں تاہم کچھ وقت کے لیے ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ریکارڈ ہوئی۔

کورونا زیادہ پھیلا تو پی ایس ایل 7 کو موخر کر دیا جائے گا، پی سی بی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ کورونا زیادہ پھیلا تو پی ایس ایل 7 کو موخر کر دیا جائے گا۔
لیگ کے لیے آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر دراز کے ساتھ معاہدے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ کورونا دنیا بھر میں اثرانداز ہورہا ہے۔
سلمان نصیر نے کہا ہم کورونا سےبچاؤ کے لیے جتنی تیاری کرسکتے تھے ہم نے کی، پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں، پروڈکشن کریو اور اسٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔ کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور لےجائیں گے، ہمارے پاکستانی کھلاڑی اسٹارز ہیں۔
انہوں نے کہا کورونا زیادہ پھیلنے کی صورت میں پلان کے تحت لیگ کو ملتوی کیا جائے گا جبکہ تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے شیڈول کا اعلان؛ پاکستان اور بھارت دوبارہ ایک ہی گروپ میں شامل

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھ دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو میبلورن میں کھیلاجائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا آٹھواں ایڈیشن سولہ اکتوبر سےشروع ہوگا، آسٹریلیا کے سات شہر ایڈیلیڈ، برسبین،جیلونگ،ہوبارٹ،سڈنی،میلبورن اور پرتھ ان سنسنی خیز میچوں کی میزبانی کریں گے۔
سولہ ٹیموں کے درمیان مجموعی طورپر پینتالیس میچز ہوں گے۔ پاکستان کے گروپ میں بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے ساتھ دوکوالیفائرٹیمیں بھی شامل ہیں۔سیمی فائنلز ایڈیلیڈ اور سڈنی میں رکھے گئےہیں جبکہ فائنل تیرہ نومبر کو میلبورن میں کھیلاجائے گا۔آسٹریلیا کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔