All posts by Khabrain News

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، برفباری کا بھی امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے اکثر علاقوں میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو گا، بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج سے بارشوں کے سپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی ،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ بلوچستان میں بھی بارش اوربالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

لائبیریا: چرچ کے اجتماع میں بھگدڑ سے 29 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

مونرویا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک لائبیریا میں چرچ کے اجتماع میں بھگدڑ مچنے سے 29 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔ لائبیرین پولیس کےمطابق دارالحکومت کے گنجان آباد ساحلی علاقے میں چرچ کی تقریب جاری تھی کہ اچانک دعائیہ تقریب میں سٹریٹ گینگ کے مسلح شخص گھس آئے، لوگ خوف وہراس کےباعث بھاگے جس سےاموات ہوئیں۔ مرنے والوں میں گیارہ بچے بھی شامل ہیں، لائبیرین صدر نے چرچ سے متصل علاقے کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا۔

آئی سی سی نے رواں سال ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے رواں سال ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، افتتاحی میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، 13 نومبر کوایونٹ کے فائنل کی میزبانی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کرے گا۔ دوہزار بائیس میں شائقین کرکٹ کیلئے ایک اور میلہ سجے گا، آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ سپر 12 راؤنڈ کے لیے چھ چھ ٹیموں کے دو گروپس بنائے گئے ہیں۔ پہلے گروپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش گروپ ٹو کا حصہ ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل کھیلنے والی چاروں ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ کا حصہ بنیں گی۔ ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 16 سے 21 اکتوبر تک ہوبارٹ اور جےلونگ میں شیڈول ہے۔ سابق عالمی چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کوالیفائنگ راؤنڈ میں قسمت آزمائیں گے۔ سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا، پہلے میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو میلبرن میں شیڈول ہے۔ پاکستان 3 نومبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 6 نومبر کو بنگلا دیش کا مقابلہ کرے گا، ٹی 20 کرکٹ میلے کا فائنل 13 نومبر کو تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

بھارت میں وزیر تعلیم نے حجاب کو ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دے دیا

بھارت: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک گورنمنٹ کالج میں مسلم طالبات کے حجاب پہن کر آنے پر کالج کی انتظامیہ اور طالبات میں 3 ہفتے سے جاری تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے وزیر تعلیم نے این ڈی ٹی وی کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسکول اور کالجوں میں حجاب کرنا ڈسپلن کیخلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول یا کالجز اپنی مذہبی روایات کو اپنانے کی جگہ نہیں ہے۔ دوسری جانب مسلم طالبات کا کہنا ہے کہ یہ ان کے بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرد حضرات لیکچرار کے سامنے وہ حجاب لیتی ہیں۔ عالیہ نامی طالبہ نے بتایا کہ ہمیں آج بھی حجاب کی وجہ سے کلاسوں میں بیٹھنے نہیں دیا گیا۔ عالیہ نے مزید کہا کہ 20 دن گزرچکے ہیں اور ہمیں کلاسوں میں آنے سے روکا جارہا ہے۔ حجاب کرنے کی اجازت ہمیں آئین نے دی ہے، کالج ہمیں کیوں روک رہا ہے؟۔

کورونا سے مزید 23 افراد جاں بحق، سات ہزار 678 نئے مریض سامنے آ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 65 ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 57 ہزار 935 ہے۔ ملک میں 13 لاکھ 53 ہزار 479 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 66 ہزار 479 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سات ہزار 678 نئے مریض سامنے آئے، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ نو تین ریکارڈ کی گئی۔

لاہور انار کلی بازار دھماکے کی زمہ داری بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے قبول کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) انارکلی بازار میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے والی بلوچ شدت پسند تنظیم، بلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے) حال ہی میں وجود میں آئی تھی اور یہ تنظیم کی دوسری کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔

اس سے قبل یہتنظیم 19 جنوری کو بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کر چکی ہے جس کی آزادانہ زرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ماہرین اس تنظیم کے قیام کی وجہ بلوچستان میں فعال علیحدگی پسند گروہوں میں جاری اختلافات، ٹوٹ پھوٹ اور انتشار کو قرار دے رہے ہیں جس کا عمل کئی برسوں سے جاری ہے۔رواں ماہ بھی بلوچستان کی دو اہم علیحدگی پسند تنظیموں بلوچ ری پبلکن آرمی (بی آر اے) اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی (یو بی اے) کی یورپ میں مقیم قیادت اور بلوچستان میں فعال مزاحمت کاروں کے مابین اختلافات سامنے آئے تھے۔ان اختلافات کے باعث ’بلوچ نیشنلسٹ آرمی‘ نامی ایک نئی تنظیم ابھر کر سامنے آئی ہے جس نے اپنے قیام کے 10 روز بعد ہی لاہور کے لوہاری چوک میں بم دھماکے کی ذمے داری قبول کر کے اپنی کارروائیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
‘بی این اے’ کے ترجمان مرید بلوچ نے سوشل میڈیا پر (ٹوئٹر) پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حملے کا نشانہ نجی بینک کے ملازمین تھے

وزیراعظم کا بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ،مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے دنیا بھر میں غربت، بیماری، عدم مساوات کے خلاف جنگ میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کی اور خاص طور پر پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کو سراہا۔
بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کوششوں کو سراہا اور وباء کے خاتمے کے لیے عزم کو تقویت دی جبکہ پاکستان کی کامیاب کورونا ویکسینیشن مہم کا اعتراف کرنے کے ساتھ مسلسل حمایت کا یقین بھی دلایا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے، کووڈ 19 وبائی امراض سے متعلق چیلنجوں کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں، پاکستان نے 2021ء میں پولیو کیسز میں تیزی سے کمی کے ساتھ مسلسل مثبت پیش رفت دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ پورے سال میں پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ کیا گیا، کورونا ویکسین کی منصفانہ، بروقت اور پیمانے پر فراہمی کی ضرورت ہے۔ کم آمدنی والے ممالک کو اس کے سماجی، اقتصادی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

الیکشن کمیشن کا مقامی کمپنی سے خریدی گئی ای وی ایم مشینیں قبول کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مقامی کمپنی سے خریدی گئی ای وی ایم مشینوں کو قبول کرنے سے صاف انکار کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے خریدی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو خط ارسال کیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں لکھا کہ نجی مارکیٹ اور نجی فرم سے خریدی گئی مشینیں کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوں گی کیونکہ آئین کے تحت اوپن مارکیٹ سے مشینوں کی خریداری وزارت سائنس کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے جبکہ بیرون ملک سے مشینوں کی خریداری پر پیپرا رولز کے تحت ای سی پی ٹینڈرنگ کرے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس ای وی ایم کی فراہمی کیلئے ایک کمپنی سے معاہدہ کرے گی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام کمپنی اور مشینوں کی تصدیق کے بعد اس کو خریدیں گے۔
ای سی پی نے نے وزارتِ سائنس سے مشینوں کی ٹیسٹنگ کرنے والے ماہرین کے نام اور رائے بھی مانگی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے میئر اسلام آباد اور بلدیاتی انتخاب کیلئے 3900 مشینیں طلب کی ہیں تاکہ انہیں الیکشن میں استعمال کیا جاسکے۔

پنجاب میں انڈورتقریبات پر31 جنوری اور خیبرپختونخوا میں 15فروری تک پابندی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا ایس او پیز پابندیوں کا نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت انڈور ڈائننگ پر 31 جنوری تک پابندی عائد کردی ہے۔
نئے نوٹی فکیشن کے مطابق آوٹ ڈور ڈائننگ ویکسینیٹیڈ افراد تک محدود رہے گی، انڈور شادی تقریبات پر پابندی لگا دی گی، آوٹ ڈور شادی تقریبات میں صرف کورونا ویکسینیٹیڈ افراد شرکت کرسکیں گے۔
پنجاب حکومت کے مطابق صوبہ بھر میں تمام مزارات 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھل سکیں گے، سنیما اور تھیٹر میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائے جاسکیں گےجبکہ 24 جنوری سے ہر قسم کے انڈور اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق تمام سرکاری و پرائیوٹ دفاتر 100 فیصد ویکسینیٹیڈ ملازمین حاضری کے ساتھ کام کرسکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکے گی، 24 جنوری سے پاکستان ریلوے میں 80 فیصد افراد بیٹھ سکیں گے۔
پنجاب حکومت نے تمام پبلک مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاون کورونا کیسز کو دیکھتے ہوئے لگائے جاسکیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں 12 سال سے بڑی عمر کے طالبعلم 100 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیم جاری رکھ سکیں گے جبکہ 12 سے کم عمر طالبعلموں پر 50 فیصد حاضری فارمولا لاگو ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہم انڈور شادی تقریبات پر پابندی 15 فروری تک رہے گی۔

دو وکٹیں گر گئیں، پی ٹی آئی کے کھلاڑی مسلم لیگ ق میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما مہر محمد نواز خان بھروانہ اور مہر علی نواز بھروانہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے ملاقات میں تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مسلسل چار مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر مہر محمد نواز خان بھروانہ اور مہر علی نواز بھروانہ نے ملاقات کی اور تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے مہر محمد نواز خان بھروانہ کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اپنے سیاسی ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلتی ہے، نئے ساتھیوں کو سیاسی عمل میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ بھر پور انداز سے میدان میں اترے گی، بلدیاتی ادارے عوام کے نچلی سطح پر مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، حکومت اور اپوزیشن کو عوامی مسائل سے متعلقہ ایشوز پر ٹھوس تجاویز سامنے لا کر عمل کرنا چاہئے۔