All posts by Khabrain News

دھماکے میں خطرناک ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا، تحقیقاتی رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) انار کلی میں ہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلانٹڈ ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا، وزیراعلیٰ کو پیش دھماکے میں خطرناک ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکا لوہاری چوک میں ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں عمارت اور 8موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، 29 افراد زخمی اور 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رمضان اورابصار شامل ہیں، دھماکا ایک بجکر 40منٹ پر ہوا، 1بجکر 44 منٹ پر نامعلوم شخص کی کال آئی کہ نیو انارکلی میں دھماکا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس سمیت انتظامیہ فوری پہنچے۔ پولیس، فرانزک ایجنسیوں، حساس ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ بارودی مواد کس میں نصب تھا،اس حوالے سے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہیں، زخمیوں کوبہترین طبی امداد دی جارہی ہے۔ دھماکے کے فوری بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہیں، بعض مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

ذاتی مفاد نہیں، عوامی بہبود کیلیے کام کر رہے ہیں: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ذاتی مفاد کیلیے نہیں بلکہ عوامی بہبود کیلیے کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت راوی اربن ڈیویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ راوی اربن ڈیویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کے لیے اہم ہیں، حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے۔ یہ منصوبے لاہور میں تنگی اور آلودگی کو کم کر نے کے لیے ضروری ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ منصوبوں کے اہداف معینہ وقت پر پورا نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، حکومت نے تعمیرات کے تاریخ ساز منصوبے شروع کیے جس کی طرف پچھلے 20 سالوں میں کسی حکومت نے توجہ نہ دی، پارکس، فضلے کا سدباب، صاف توانائی اور بین الاقوامی معیار ان منصوبوں کو ماحول دوست بنائے گا۔

’عمران خان میں کسی بحران کو حل کرنے کی اہلیت نہیں‘، لاہور دھماکے کی مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس افسران کی شہادت کے بعد اب انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔
دوسری جانب مریم نواز نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انار کلی بازار جیسے پرہجوم علاقےمیں دھماکا نہایت تشویشناک ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اللہ تعالی سب پر، ان کے خاندانوں پر اور پاکستان پر رحم فرمائے۔

پانچ شہروں سے متعلق ریڈالرٹ جاری کیا ہوا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدکا کہنا ہےکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے سیز فائر ختم ہوچکا ہے، پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہوا ہے۔
لاہور دھماکےکے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں کہ لاہور دھماکے میں کون ملوث ہے۔
شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے سیزفائر ختم ہوچکا ہے، پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہواہے۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ کے قریب دھماکے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکے میں 27 زخمی اسپتال منتقل کیے گئے اور ایک جاں بحق شخص کی لاش لائی گئی، بعد ازاں ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکے کے 26 زخمیوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن کی حالت بہتر ہے جب کہ دھماکے میں زخمی چار افراد کی حالت تشویشناک ہے، ان افراد کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں۔
ڈی سی لاہور کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر 9 سال ہے اور اس کی شناخت ابصار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، دھماکے میں ابصار کے والدین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں حاضری سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے اور حاضری سے متعلق این سی او سی کے فیصلوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا کی حالیہ لہر اور اومیکرون وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے تناظر میں کمپی ٹینٹ اتھارٹی کی منظوری سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ متبادل دنوں میں جاری رہیں گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کلاسز کوویڈ پروٹوکول (مکمل ویکسی نیشن) 100 فیصد حاضری کے ساتھ جاری رہیں گی، 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی ویکسی نیشن کم از کم ایک ڈوز لازمی ہوگی، پہلی ڈوز کی مدت یکم فروری 2022ء ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن میں سوائے کسی طبی وجوہ کے کوئی دوسری وجہ قابل تسلیم نہیں ہوگی۔

مسلم لیگ ن کا کورونا ریلیف فنڈ میں کرپشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے کورونا ریلیف فنڈ میں کرپشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ قبل وزیراعظم کووڈ ریلیف فنڈ پر آڈیٹر جنرل نے رپورٹ دی تھی، اس میں 40 ارب روپے کی خرد برد پائی گئی، آڈیٹر جنرل کو حکومت نے کوئی ریکارڈ مہیا نہیں کیا تھا اور آڈیٹر جنرل نے خود تمام ریکارڈ اکٹھا کیا، جون 2020 تک کا ریکارڈ بتاتا ہے اس میں 40 ارب کی بے ضابطگیاں پائی گئی تھیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے ہی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ مسترد کی تھی اور اس رپورٹ کو آج تک پبلک نہیں کیا گیا، اب کل رپورٹ آئی ہے کہ خیبر پختون خواہ کے کورونا فنڈ میں بھی کوئی ریکارڈ نہیں دیا گیا اور ایک ارب 38 کروڑ 80 روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، 29 کروڑ 60 لاکھ روپے کی جعلی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ رپورٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے آئی ایم ایف کے حکم پر بنائی ہے، رپورٹ میں خیبرپختونخوا حکومت کے بارے میں بدعنوانی کا لفظ استعمال کیا گیا اور بتایا گیا کہ ٹھیکے ایسی کمپنیوں کو دیے گئے جو اہل نہیں تھیں اور جعلی دستاویزات دی تھیں، جبکہ کئی اخراجات کا ریکارڈ ہی نہیں، یہ 36 کروڑ 87 لاکھ روپے کس کی جیب میں گئے اسکا ریکارڈ ہی موجود نہیں، یہ پیسہ بنی گالہ کے کس تہ خانے سے نکلیں گے عوام جلد دیکھیں گے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پر آج کل بہت اشتہارات ہیں اس پر کافی دیہاڑی لگی ہے ، جب صحت کارڈ کا آڈٹ ہوگا تو وہاں بھی اسی طرح کی صورتحال ہوگی، یہ شہباز شریف پر زلزلہ کے فنڈ کھانے کا الزام لگاتے تھے، یہ جو فنڈ کھاتے ہیں اسکی آڈیٹر جنرل خود تصدیق کرتا ہے ، یہ جو پیسے کھا جائیں اسکا جواب نہیں دیتے ، یہ مدینہ کی ریاست کے دعویدار کے اعمال ہیں۔

وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ ملاقات، سالار سنجرانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور عمران خان نے صادق سنجرانی کے بھائی سالار سنجرانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور عمران خان کی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی ، ملاقات میں کراچی کوئٹہ آر سی ڈی روڈ کو دو رویہ بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سڑکوں کو بہتر اور جدید بنانے کی یقین دہانی کرائی ، وزیراعظم نے سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکوں خصوصاً مغربی روٹ کی تعمیر کو اس سلسلے میں اہم پیش رفت قرار دیا ۔
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سے صوبے میں معاشی اور معاشرتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

روس نے یوکرین پرحملہ کیا توبھاری قیمت چکانا پڑے گی، امریکی صدر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدرجوبائیڈن نے روس کی جانب سے یوکرین پرحملے کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہوا توروس کوبھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے نیوزکانفرنس سے خطاب میں کہا کہ روس یوکرین پرحملہ کرسکتا ہے۔ ایسا ہواتواس کی ذمہ داری مکمل طورپرروسی صدرولادی میرپیوٹن پرعائد ہوگی۔
امریکی صدرکا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین میں کارروائی کی تو یہ وعدہ ہے کہ روس پراسی پابندیاں عائد کریں گے جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھی ہوں گی۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد روس کا یوکرین پرحملہ ایسا اقدام ہوگا جس کے دوررس نتائج نکلیں گے۔روس یوکرین میں کچھ کرنا چاہتا ہے اوروہ کرے گا۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے مزید کہا کہ امریکا پولینڈ سمیت خطے میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے۔ ایسا نیٹو معاہدے کے تحت کیا جارہا ہے۔
روس نے 2014 میں کریمیا پرحملہ کرکے قبضہ کرلیا تھا۔

فرانس نے کھیلوں کے مقابلوں میں حجاب پہننے پرپابندی لگا دی

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کی سینٹ نے حجاب پہن کرکھیلوں کے مقابلوں میں شرکت پرپابندی کی قرارداد منظورکرلی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حجاب پرپابندی کے حق میں 160 اورمخالفت میں 143 ووٹ ڈالے گئے۔ حجاب پرپابندی کی ترمیمی قرارداد انتہاپسند دائیں بازو کے گروپ نے دی تھی۔
قرارداد میں کھیلوں کے مقابلوں میں حجاب پہن کرشرکت پرپابندی کے لئے ڈسپلن کی خلاف ورزی کا جواز بنایا گیا ہے۔ فرانسیسی سینٹ اورایوان زیریں کے ارکان پرمشتمل کمیشن قرارداد کے مسودے کوحتمی شکل دے گا۔

بھارت کا براہموس میزائل کا تجربہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے براہموس سپرسونک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق براہموس سپرسونک کروز میزائل کے نئے ورژن کا تجربہ اڑیسہ کے ساحل پرکیا گیا۔ براہموس سپرسونک میزائل میں نئی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
بھارت نے 11 جنوری کو بھی بحریہ کے لئے استعمال ہونے والے براہموس میزائل کا تجربہ کیا تھا۔
بھارت نے براہموس میزائل روس کے اشتراک سے تیارکیا ہے۔