All posts by Khabrain News

عدم اعتماد کے باؤنسر کے خوف سے عمران خان کی مسلسل کانپیں ٹانگ رہی ہیں،احسن اقبال کا طنز

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپوزیشن کیساتھ میچ شروع کرنے سے مسلسل فرار اختیار کر رہا ہے۔عدم اعتماد کے باؤنسر کے خوف سے اس کی مسلسل کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی ہمارے نوجوانوں کے لئے کیا مثال قائم کر رہے ہیں؟میچ ہار جاؤ تو کیا کرو؟وکٹ پہ لیٹ جاؤ، ایڑیاں رگڑو،میدان خراب کرو مگر قانون نہ مانو اور خوب بے عزت ہو۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی تقریروں سے ظاہر ہوا کہ دونوں میں زبردست مقابلہ جاری ہے کہ پی ٹی آئی کا نیا قائد کون ہو گا؟اسد عمر کمربستہ نظر آتے ہیں کہ ان پر بھی توہین عدالت کا مقدمہ قائم ہو۔ یہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔

“سپریم کورٹ پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں” فواد چوہدری کابیان

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں ہے، ملک میں مارشل لا لگا تو ذمہ دار وہ لوگ ہوں گےجنہوں نے ضمیر خریدے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی بہت سی تقاریر باقی ہیں، ابھی 20، 20 اوور کا میچ ہونا ہے، کپتان نظر نہیں آتا لیکن وہ پچ پر ہی ہوتا ہے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس کیوں بلایا گیا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ابھی ایوان سے نکلا ہوں، دیکھتے ہیں۔
ایک اور صحافی نے پوچھا کہ اگر ملک میں مارشل لا لگاتو ذمہ دار کون ہوگا؟ اس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے لوگ اور ضمیر خریدے وہ ذمہ دار ہوں گے، پوری اپوزیشن آئین شکن ہے، سپریم کورٹ پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں ہے، اگر ہم آج یہ اصول مان لیں تو جمہوریت ختم ہوجائے گی۔

‘سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرنے کا انجام برا ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس کی صورتحال پر مریم نواز کا رد عمل

مسلم لیگ ن کی صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ22کروڑ عوام کاملک ہفتے سے حکومت کے بغیر ہے۔ آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرنے کا انجام برا ہوگا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ پر تاخیر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسےشخص کو جو اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہے پورے ملک کو منجمد کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ کوئی مذاق نہیں ہے ۔ ایسے شخص کو وزیر اعظم یا سابق وزیر اعظم کے طور پر نہیں بلکہ جنونی شخص کے طور پر برتاو کرنا چاہیے جس نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے پورے ملک کو یرغمال بنایاہوا ہے۔

شائستہ لودھی نے غلافِ کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی

مارننگ شو سے شہرت کی بلندی پر پہنچنے والی اداکارہ شائستہ لودھی نے غلافِ کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کی سعادت حاصل کرلی۔
شائستہ لودھی کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے ان جذبات کا اظہار کررہی ہیں جو انہوں نے غلافِ کعبہ تیار کرتے ہوئے محسوس کیے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شائستہ لودھی سعودی عرب کی اس فیکٹری میں موجود ہیں جہاں غلافِ کعبہ تیار کیا جاتا ہے اور وہ سعودی ملازمین کی مدد سے غلافِ کعبہ کی سِلائی کررہی ہیں۔
معروف میزبان کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے کئی پیچز پر شئیر کیا جارہا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین شائستہ لودھی کو یہ سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
حال ہی میں بھارت کی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے بھی غلافِ کعبہ کی تیاری میں حصہ لیا تھا اور اسے سینے کی سعادت حاصل کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

“حالات ایسے بنائے جا رہے ہیں جیسے آئین ہے ہی نہیں” چوہدری شجاعت حسین بھی بول پڑے

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات ایسے بنائے جا رہے ہیں جیسے ملک میں آئین ہی نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان محب وطن ہیں، انہوں نے آئین و قانون کی پاسداری کا علم اٹھا رکھا ہے۔
اپنے ایک بیان مین چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پوری سیاسی قیادت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرے ورنہ رجحان اتنا بڑھ جائے گا کہ الیکشن اصلاحات دھری کی دھری رہ جائیں گی، الیکشن کمیشن بھی اس حوالے سے اقدامات کرے اور شاید عدالت کو بھی ذمہ داری ادا کرنی پڑے۔ لوٹا کریسی روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں ہارس ٹریڈنگ کا بھی ذکر کیا، عمران خان آرٹیکل 63 اے پر بالکل درست موقف رکھتے ہیں، روپے کے لین دین کی جو روش شروع ہوچکی ہے یہ سب سے زیادہ خطرناک ہے، شروع میں ہزاروں لاکھوں کی، پھر کروڑوں اور اب اربوں کی بات سنتے ہیں، خریدے ہوئے لوگ کس منہ سے ملک کی خدمت کرسکتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے منحرف ارکان کے خلاف اب تک کا بڑا قدم اٹھالیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کروانے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس جمع کرادیا۔
ریفرنس پی ٹی آئی کے چیئرمین کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان نے سپیکر کو بھجوایا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے 20 منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس سپیکر کے حوالے کیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے منحرف اراکین نے پی ٹی آئی چھوڑ کر اپوزیشن میں شمولیت اختیار کی، منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے لیکن انہوں نے اس کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا، منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی کارروائی شروع کی جائے۔ ریفرنس میں آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے بہت سارے طالبعلم ہماری یونیورسٹی کے ہیں، آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی یونیورسٹی صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، تحریک انصاف کے بہت سارے اسٹوڈنٹس ہماری یونیورسٹی کے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کو آرڈر آف دی ڈے پر توجہ دلانا چاہوں گا، کہ آج ووٹنگ کا دن ہے، میں بنگلہ دیش سے کہانی شروع کر کے کہاں ختم کروں، میں پرسنل نہیں ہونا چاہتا، اکثر لوگ جذباتی ہو جاتے ہیں، جذباتی ہو کر کہتے ہیں کہ ان کی بندوق کی نالی پر میں ہوں، لیکن میں جذباتی نہیں ہوتا، یہاں پر کسی کا لیڈر کہتا ہے میں اس کی بندوق کی نالی پر ہوں، یہ شکاری بھی ہیں، کھلاڑی بھی ہیں تو پھر رونا کس بات کا ہے۔

‘عدالتی فیصلہ ہو جائے تو اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے، اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید کا بیان

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نےکہا ہے کہ میں ہمیشہ عدالت میں عدالتی فیصلے تک لڑتا ہوں ، فیصلہ ہو جائے تو اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔
جیو نیوز سےگفتگو میں اٹارنی جنرل سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے وزیر اعظم سے ملاقات میں استعفے کی پیشکش کی؟ اٹارنی جنرل نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔خیال رہےکہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں اپنے دلائل میں حکومت کے دفاع کے دوران اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا کہنا تھا کہ کسی رکن اسمبلی کو عدالتی فیصلے کے بغیر غدار نہیں کہا جاسکتا، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا دفاع نہیں کروں گا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ان کا آخری کیس ہے۔

رواں سال کتنے افراد حج کرسکیں گے؟ سعودی عرب نے اعلان کر دیا

سعودی عرب نے رواں برس 10 لاکھ افراد کوحج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال 10 لاکھ عازمین حج ادا کر سکیں گے۔
کورونا وبا کے باعث گزشتہ 2 برسوں میں عازمین کی تعداد کم کر دی گئی تھی۔ رواں سال 65 برس سے کم عمر افراد کوحج کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ عازمین کے لئے سعودی حکومت کی منظورشدہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ تمام عازمین حج کوسعودی عرب روانگی سے 72 گھنٹے قبل کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال 58 ہزار 745 عازمین نے حج ادا کیا تھا۔ کورونا وائرس سے قبل عازمین حج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرجاتی تھی۔

ایران نے امریکا کی سابق ملٹری قیادت سمیت 15 بڑی شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

ایران نے امریکا کے 15 عہدیداروں پر پابندی عائد کردی ہے جن میں سابق ملٹری شخصیات بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جوہری توانائی معاہدے میں واپسی کے لیے ہونے والے مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
ایران نے جوہری معاہدے میں تعطل کو امریکی عہدیداروں کی جان بوجھ کر ڈالی گئی رکاوٹ کو قرار دیتے ہوئے مزید 15 امریکی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں جن میں سابق آرمی چیف آف اسٹاف جارج کیسی اور سابق صدر ڈونلد ٹرمپ کے اٹارنی جنرل روڈی جولیانی بھی شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ایران اور امریکا نے ایک دوسرے پر پابندیاں عائد کی ہوں۔ جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے جاری مذاکرات کے دوران بھی ایک دوسرے پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ 2015 میں ایران کے ساتھ عالمی قوتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے 2018 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم دیگر ممالک نے اس کی مخالفت کی تھی۔
ایران نے امریکا کی دستبرداری کے بعد معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورینیئم کی افزودگی شروع کردی تھی تاہم امریکا میں نئی حکومت آنے کے بعد دونوں کے درمیان معاہدے میں دوبارہ شمولیت کے مذاکرات کا آغاز ہوا تھا۔