All posts by Khabrain News

وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے، عمران خان کا متبادل نہیں ہوں: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کی خبریں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے، عمران خان کا متبادل ہوں نہ ہو سکتا ہوں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) اسد عمر نے نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور تحریک انصاف میں عمران خان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں کسی بھی حکومت کی گارنٹی نہیں ہوتی، پی ڈی ایم کی پہلی تحریک پیالی میں طوفان ثابت ہوئی تھی، کوشش کی جا رہی ہے طوفان کو واپس پیالی میں لایا جائے، نواز شریف نااہل اور بیرون ملک ہیں لیکن انہیں پتہ ہے پارٹی نواز شریف کی ہے، اس بات کا علم شہباز شریف کو ہے جو پاکستان میں ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ ہوتے تو سیاست میں نہ آتا، پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی لیڈرشپ پر سوال نہیں اٹھا سکتا، ایسا کوئی کیس نہیں دیکھا کہ عمران خان کی لیڈر شپ کو چیلنج کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے، ن لیگ، اےاین پی، پیپلزپارٹی سے زیادہ پی ٹی آئی نے تحصیلیں جیتیں، تینوں جماعتیں پہلے بھی خیبرپختونخوا میں حکومت بناچکی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں وہ نتائج نہیں ملے جس کی ووٹرز اور ورکرز کو امید تھی، پشاور میئر کا الیکشن جیتنے والے امیدوار کو 61 ہزار ووٹ پڑے، پشاور سے رکن قومی اسمبلی شوکت علی نے 97 ہزار ووٹ لیے، مہنگائی کی وجہ سے دوسری پارٹی کا ووٹ بینک بھی زیادہ نہیں ہوا، مہنگائی کی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی وراثتی پارٹیاں ہیں، مہنگائی پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر بھی ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ سخت ہوگا۔

توہین عدالت کیس: پہلے فرد جرم عائد ہوگی پھر درخواستیں دیکھیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے توہین عدالت کیس میں فرد جرم کیلئے روسٹرم پر بلانے پر استدعا کی کہ دو نئی درخواستیں دائر کی ہیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پہلے فرد جرم عائد ہوگی پھر درخواستیں دیکھیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رانا شمیم جلدی روسٹرم پر آجائیں فرد جرم عائد کرنی ہے، عدالت حکم دے چکی ہے آج فرد جرم عائد ہوگی۔ رانا شمیم نے استدعا کی کہ میرے وکیل راستے میں ہیں، تھوڑا وقت دے دیں۔ جس پر اسلام آبادہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کر دی۔

آسٹریلین ٹیم پاکستان آنے کو تیار، تمام بڑے کھلاڑی دورہ کریں گے: گرینبرگ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے ،آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو گرینبرگ کے مطابق تمام بڑے کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم رواں برس مارچ میں پاکستان کا ٹور کرنے کیلئے تیار ہے، کینگروز کا 1998 کے بعد پاک سرزمین کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
اے سی اے کے چیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دونوں ہی ممالک کیلئے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کھیل کی بقا کے لیے دیگر ملکوں کو بھی یہ قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ہتک عزت کیس میں بڑی پیشرفت، عدالت نے خواجہ آصف کو جرح کا حق دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خواجہ آصف کے خلاف وزیراعظم کے ہتک عزت کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ن لیگی رہنما کو جرح کا حق دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کیس روزانہ کی بنیاد پر سن کر مقررہ وقت میں فیصلہ کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی عمران خان کے بیان پر جرح کے حق کی درخواست منظور کرلی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا کہہ دیتے ہیں، آرڈر پاس کریں گے۔ عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیوں اس معاملے کو التوا میں ڈال رہے ہیں ؟ آپ غیر ضروری طور پر کیس کو لٹکا رہے ہیں، اس طرح غیر ضروری کیسز سے احتیاط برتیں تو بہتر ہے۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بیان پر جرح کرنا تو ان کا حق ہے، ٹرائل کورٹ کو چاہیے تھا، اگلے روز جرح کے لیے رکھ لیتے، فئیر ٹرائل ان کا حق ہے۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ ایک سال سے یہ عدالت میں نہیں آئے ؟ جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ 17 دسمبر کو بیان ریکارڈ ہوا، اسی روز ٹرائل کورٹ کیسے ان کا جرح کا حق ختم کر سکتی ہے۔

کورونا منہ زور، شہر قائد میں مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد تک پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کورونا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ملک بھر میں وائرس پھر تیزی سے پھیلنے لگا۔ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی۔ حیدر آباد میں 17، اسلام آباد میں 15 اور لاہور میں وبا کی شرح 14 فیصد سے بھی بڑھ گئی۔
سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 648 کیس سامنے آئے، 300 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جس میں 22 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ شہر قائد میں مثبت کیسز کی شرح 41.06 فیصد تک پہنچ گئی۔ حیدر میں کورونا کی شرح 17.27 فیصد رپورٹ ہوئی۔
اسلام آباد میں بھی کورونا تیزی سے پھیلنے لگا۔ مثبت کیسز کی شرح .3715 فیصد ہوگئی، جو ایک دن کے دوران سب سے زیادہ شرح ہے۔ لاہور میں شرح 14.25، راولپنڈی میں 12.75 تک پہنچ گئی.
خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے۔ پشاور میں کورونا کی شرح 11.02 فیصد ہوگئی۔ مظفرآباد میں کورونا مثبت کی شرح 25 فیصد رپورٹ ہوئی۔

روس شارٹ نوٹس پر یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے : امریکہ

کیف: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ روس بہت شارٹ نوٹس پر یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بلنکن کا کہنا تھا کہ وہ یقین سے نہیں کہ ماسکو چاہتا کیا ہے۔ تاہم جب تک ہو سکا، سفارتکاری کا عمل جاری رکھیں گے۔ ایک روزہ دورے پر کیف پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اہل یوکرین مشکل دنوں کیلئے خود کو تیار کر لیں، روسی حملے کو روکنے کیلئے وہ سفارتی کوششیں کرتے رہیں گے۔
انہوں نے حملے کی صورت میں روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں یوکرین کے بحران پر ماسکو کی تجاویز کا باضابطہ جواب نہیں دیں گے، جوابی تحریر دینے کی بجائے ان چیلنجز پر تشویش کا اظہار کریں گے جو کہ روس کی وجہ سے یورپی علاقے کی سکیورٹی کو درپیش ہیں

سانحہ مری: عثمان بزدار کا متعلقہ محکموں کو سفارشات کی روشنی میں اقدامات کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) سانحہ مری جیسے حادثات سے بچنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئیں۔ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کو سفارشات کی روشنی میں اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کمیٹی کی سفارشات پر مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔ مری کو بلدیاتی انتخابات کے بعد ائندہ مالی سال میں باضابطہ ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دی۔ پنجاب اس ضمن میں وفاق اور متعلقہ وزارت کے ساتھ ملکر اقدامات کرے گا۔
سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ڈپٹی کمشنر اور آرمی آفیسر پر مشتمل مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے گائیڈ مری کے نام سے سیاحوں کے لئے ایپ کی بھی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے مری میں برف ہٹانے کے لئے جدید مشینری کی خریداری کی سفارش کر دی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ محکموں کو مشینری کی خریداری کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ٹریفک کی انٹری اور اخراج کے لئے آٹو میٹڈ سسٹم لگانے کی سفارش کر دی۔
کمیٹی نے مری میں وارننگ سسٹم کے لئے اقدامات کی بھی سفارش کر دی، جس میں کہا گیا کہ سیاحوں کو خطرناک موسم اور ٹریفک کے بہاؤ سے آگاہ رکھا جائے۔ کمیٹی نے مری کے ماسٹر پلان کے حوالے سے اقدامات کو جلد مکمل کرنے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلی پنجاب نے مری میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے ہدایت کر دی۔

خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بارش کا امکان: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا اسپیل جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ ویکسین کمپنی کے مالک نکلے

سربیا: (ویب ڈیسک) کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ ویکسین کمپنی کے مالک نکلے، عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار ڈینش بائیو ٹیک فرم کے 80 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈینش بائیو ٹیک فرم کورونا وائرس سے بچاؤ کی میڈیکل ٹریٹمنٹ پر کام کررہی ہے، نوواک جوکووچ نے یہ سرمایہ کاری جون 2020 میں کی تھی۔
دو روز قبل ہی عالمی نمبر ون سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہوکر اپنے وطن سربیا واپس پہنچے ہیں۔
آسٹریلین حکومت نے ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کیا تھا، اور اب فرانس نے بھی یہی شرط عائد کر دی ہے۔ فرانس میں فرنچ اوپن کا انعقاد 22 مئی سے 5 جون کو ہونا ہے، اور ان کی حکومت نے بھی واضح کر دیا ہے کہ ویکسین کے بغیر کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے 9 بار آسٹریلین اوپن چیمپئن شپ جیتنے والے نواک جوکووچ کا ویزا 6 جنوری کو منسوخ کیا گیا تھا، جس کے خلاف بعد انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے ویزا منسوخی کے خلاف عدالت میں مقدمہ جیتا تھا تاہم امیگریشن وزیر کے مطابق ویزا منسوخ کرنا عوامی مفاد میں تھا۔

ملتان ریجن میں بچوں سے زیادتی واقعات میں اضافہ، 9 بچے اغوا ہونے پر والدین خوفزدہ

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان ریجن میں بچوں کے اغواء اور زیادتی کے واقعات کافی حد تک بڑھ گئے ہیں جبکہ 9 بچے اغوا ہونے پر والدین کی اکثریت خوف میں مبتلا ہو چکی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملتان ریجن میں گزشتہ سال 178 بچے اغواء ہوئے جن میں سے 159 کو بازیاب کرایا گیا تاہم 90 بچوں سے زیادتی کی گئی اور 8 بچوں کو بد فعلی کے بعد قتل کیا گیا جبکہ موجودہ صورتحال میں رواں سال اب تک 9 بچےاغواء ہونے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اسی لئے اغواء کی وارداتیں بڑھنے کے حوالے سے والدین کی اکثریت ہی پریشان ہے ۔
پولیس حکام کا موقف ہے کہ اغواء کی وارداتوں کو روکنے کے لئے ڈولفن اور محافظ سکواڈ کی پٹرولنگ موثر کر دی ہے تاہم زیرو کرائم کے سلسلے میں تاحال مشکلات درپیش ہیں جس کے لئے والدین کو بھی احتیاط سے کام لے کر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
صرف اغواء ہی نہیں بلکہ شہر میں چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں بھی بڑھ چکی ہیں جس پر تاجر اور شہری دونوں ہی پولیس حکام کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔