All posts by Khabrain News

ریحام خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں، عمران خان پر الزامات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی کی پروا نہیں ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی ووٹنگ سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں اور انہوں نے مہمان گیلری سے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔
ریحام خان نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک خودغرض انسان ہیں اور انہیں کسی کی پروا نہیں۔ عمران خان نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ناصرف اپنے ساتھ بلکہ عوام کے ساتھ بھی بہت بڑی زیادتی کی ہے۔ پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے قبل ان کا لمبی لمبی تقریریں کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان کی ضد ہے کہ ڈالر کو 200 روپے تک پہنچا دیں۔
ریحام خان نے کہا کہ ملک کی اکثریت یہ سمجھ گئی ہے کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری ہر شہری پر لازم ہے لیکن کچھ ہی لوگ ایسے ہیں جو بات نہیں سمجھ رہے کہ کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں۔
واضح رہے کہ ریحام خان کا شمار عمران خان کے سب سے بڑے ناقدین میں ہوتا ہے۔ ریحام خان نے اپنی ایک کتاب میں بھی عمران خان پر الزامات لگائے ہیں۔

اپوزیشن کاقومی اسمبلی اجلاس میں شور شرابہ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے حکمت عملی طے کر لی۔
قومی اسمبلی اجلاس سے پہلےمتحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں حکمت عملی طے کر لی گئی۔اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس میں شور شرابہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوگی ایوان میں بیٹھے رہیں گے۔
پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی میں شرکت نہیں کی۔
اپوزیشن نے 176 اراکین کی حمای اور موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔

یورپی یونین کی روسی کوئلے پر پابندی کی منظوری

لاہور: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے روسی کوئلے پر پابندی کی منظوری دے دی۔
یورپی یونین نے روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کے مطابق تمام ستائیس ممالک نے روس سے کوئلہ درآمد کرنے پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ روسی کوئلے پر پابندی کی تجویز کمیشن کی طرف سے دی گئی تھی۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ روس سے کوئلے کے ساتھ ساتھ لکڑی اوردوسری چند اشیا بھی درآمد نہیں کی جا ئیں گی۔
دوسری جانب فرانس نے روسی بحری جہازوں کی آمد و رفت کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روسی بینکوں اور افراد کے خلاف مزید پابندیوں کے ساتھ ساتھ کچھ سیمی کنڈکٹرز، کمپیوٹرز اور دیگر ہائی ٹیک مصنوعات کی برآمد پر پابندی کی بھی منظور دے دی گئی ہے۔

تھپڑ مارنے پر ول اسمتھ پر آسکر تقریبات میں شرکت پر 10 سال کی پابندی عائد

لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ پر آسکر تقریبات میں شرکت کے لیے 10 سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔
آسکر ایوارڈ کی تقریب میں ول اسمتھ کو کرس راک کو تھپڑ مارنا مہنگا پڑ گیا۔ول اسمتھ پر آسکر اور اکیڈمی تقریبات میں 10 سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اکیڈمی کے بورڈ ممبران کی میٹنگ میں آسکر ایوارڈ کی تقریب میں کرس راک کو تھپڑ مارنے پر ول اسمتھ کے خلاف کارروائی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اکیڈمی ایوارڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سزا دے کر ہم نے اپنے ناظرین، مہمانوں اور اکیڈمی فیملی کے لیے ایک مثال قائم کی ہے تاکہ آئندہ کوئی ایسا نہ کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آسکر ایوارڈ کی تقریب میں اداکار کرس راک نے ول اسمتھ کی اہلیہ کے سر کے بال جھڑجانے کا مذاق اڑایا تھا۔
جس پر ول اسمتھ اسٹیج پر آئے اور کرس راک کو زور دار تھپڑ رسید کر کے چلے گئے۔

مسلم لیگ ق نے ایم پی ایز کو ہوٹل میں رکھنے کا اقدام چیلنج کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق نے ایم پی ایز کو ہوٹل میں رکھنے کا اقدام چیلنج کر دیا۔ درخواست لیگی رہنما کامل علی آغا کی جانب سے دائر کی گئی۔
عامل علی آغا کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایم پی ایز کو ہوٹل میں بند کر کے ان سے رابطے منقطع کیے گئے ہیں، ایم پی ایز کو غیر قانونی حراست میں رکھا غیر قانونی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ ہمیں حمزہ شہباز کی درخواست میں فریق بننے کی اجازت دی جائے۔

لاہور سے جدہ جانے والے طیارے کی ونڈ سکرین میں کریک آگیا، حادثے سے بال بال بچ گیا

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ائیرپورٹ سے جدہ کیلئے اڑان بھرنے والے طیارے کی ونڈ سکرین میں کریک آگیا جس کے باعث طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا، طیارہ حادثے سے بال بال بچا۔ لاہور ائیرپورٹ سے جدہ کیلئے اڑان بھرنے والے بوئنگ 777 طیارے کی ونڈ سکرین میں کریک آگیا جس پر کپتان نےکراچی کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے لینڈنگ کی اجازت طلب کی ۔ اجازت ملنے پر طیارے کو بحفاظت کراچی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
پرواز میں 300 سے زائد مسافر تھے ، مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا۔

حمزہ شہباز کا آئی جی اور چیف سیکرٹری کی ٹرانسفر رکوانے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کے تبادلوں کو رکوانے کے لئے حمزہ شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وزیر اعلی کے استعفے کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہو چکی، وزیر اعلی کے اختیارات محدود ہو چکے، قانونی طور پر یہ تبادلے نہیں کئے جا سکتے، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ یہ تبادلے وزیر اعلی کے الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لئے کئے جا رہے ہیں، جس کو روکا جانا چاہیے۔
ادھر قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی ایک خط ارسال کیا ہے جس میں قانونی پوزیشن واضح کی گئی ہے۔ متعلقہ افسران ان غیر قانونی احکامات پر عملدرآمد روکنے کے پابند ہیں۔ اس ضمن میں سپریم کورٹ کے فیصلے پہلے ہی موجود ہیں۔غیرقانونی احکامات جاری کرنے والوں اور ان پر عمل درآمد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس د ن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس د ن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسد قیصر کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں پاکستان کی تاریخ میں آئین شکنی ، جمہوریت ، اپوزیشن جماعتوں کے عدالت سے رجوع کرنے جیسے معاملات پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اظہار خیال کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا تو سپیکر نے اجلاس ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردیا۔

عامر لیاقت بھی پارلیمنٹ پہنچ گئے لیکن ووٹ کسے دیں گے؟ اعلان کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن عامر لیاقت تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے پارلیمنٹ ہاوس پہنچ گئے ہیں۔ایک صحافی کے سوال پر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ منفرد نہیں ، صحیح ٹویٹ کیے ،آج ووٹنگ ہوگی اور عمران خان وزیر اعظم نہیں ہوں گے ، میں اپوزیشن کے ساتھ ہوں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ پارلیمنٹ اجلاس کے بعد عامر لیاقت کھل کر حکومتی فیصلوں اور عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے اس بات کا بھی اعلان کیا تھا کہ اب وہ ان کا ساتھ دیں گے جو غدار نہیں ہیں ۔

اس سال 10لاکھ افراد فریضہ حج ادا کر سکیں گے

سعودی عرب : (ویب ڈیسک) اس سال 10 لاکھ مقامی اور غیر ملکی افراد حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سال دس لاکھ مقامی اور غیر ملکی افراد حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔
حج کا فریضہ ادا کرنے والوں کی عمر کی حد 65 برس مقرر کی گئی ہے۔سعودی وزارت صحت کی منظور شدہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہو گی۔
حج کی سعادت حاصل کرنے لیے سعودی عرب پہنچنے والوں کے لیے 72 گھنٹے قبل پی سی آر رپورٹ کا منفی آنا لازمی ہے۔