All posts by Khabrain News

اسد امانت علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے

لاہور:(ویب ڈیسک) پٹیالہ گھرانے کے نامور کلاسیکل گلوکار اسد امانت علی خان کو اپنے لاکھوں پرستاروں سے جدا ہوئے 15 برس بیت گئے لیکن ان کی غزلیں اور گیت آج بھی کلاسیکل موسیقی کی پہچان ہیں۔
مرحوم گلوکار اسد امانت علی خان کو فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ وہ 25 ستمبر 1955ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہیں موسیقی کا فن اپنے والد امانت علی خان سے ورثے میں ملا لیکن انہوں نے اپنی شناخت علیحدہ سے منوائی۔
اسد امانت علی خان نے اپنے چاچا استاد حامد علی خان کے ساتھ اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا اور کلاسیکل موسیقی سے تعلق رکھنے والے خاندان میں چار چاند لگا دیے۔
انہوں نے والد امانت علی خان کے انتقال کے بعد ان کا گایا ہوا گیت ’’انشا جی اٹھو اب کوچ کرو‘‘ گایا اور کمال کر دکھایا۔ ان کی غزلوں اور کلاسیکل راگ کو عالمی شہرت ملی تاہم انہیں اصل شہرت ‘عمراں لنگھیاں پباں بھار’ سے ملی اور اس کے بعد وہ انتقال تک گائیکی کے ایک درخشاں ستارے رہے۔
اسد امانت علی خان نے کلاسیکل، نیم کلاسیکل، گیت اور غزلوں کے ساتھ فلمی گانے گا کر بھی اپنے لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر خوب راج کیا۔ فنی خدمات کے اعتراف میں اسد امانت علی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، 8 اپریل 2007ء کو 52 برس کی عمر میں لندن میں دنیائے موسیقی کا یہ درخشاں ستارہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ڈوب گیا۔

برطانیہ؛ مسلم اسکول ٹیچر کو جنسی استحصال کے بعد قتل کرنے والے کو عمرقید

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں 36 سالہ ملزم کو جواں سال مسلمان اسکول ٹیچر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور قتل کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنادی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس ستمبر میں لاپتہ ہونے والی 28 سالہ مسلم ٹیچر سبینہ نساء کی لاش ایک دن بعد پارک سے ملی تھی۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسلم ٹیچر اپنے گھر سے پانچ منٹ کی واک پر واقع ریسٹورینٹ جا رہی تھیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکی کے ہمراہ ایک ڈلیوری بوائے کو جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس نے ڈلیوری بوائے کو گرفتار کرلیا جس نے تفتیش کے دوران سبینہ نساء کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزم نے قتل سے قبل اسکول ٹیچر سے جنسی زیادتی کی کوشش کی اور ناکامی پر قتل کردیا۔
ملزم کا تعلق البانیہ سے ہے۔

ہر صبح عمران خان کو دعاؤں میں یاد کرتا ہوں، امام مسجد اقصیٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ صبری کا کہنا ہے کہ ہر صبح مسجد میں وزیر اعظم عمران خان کو دعاؤں میں یاد کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی شیخ عکرمہ صبری سے ویڈیو لنک پر بات چیت ہوئی جس میں مسجد اقصیٰ کے امام کا کہنا تھا کہ عمران خان کا فلسطین پر غیر متزلزل مؤقف قابلِ ستائش ہے۔
شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ عمران خان کی طرح واضح کسی نے فلسطین کا ساتھ نہیں دیا، غزہ کی کشیدگی پر جاندار سفارت کاری نے دل جیت لیے، امت مسلمہ کے لیڈر عمران خان نے فلسطین کے لیے مؤثر آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مؤثر آواز فلسطین کے لیے خوشی کا باعث ہے، فلسطین کا بچہ بچہ عمران خان کا قرض دعاؤں سے ادا کر رہا ہے۔
وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان بابائے قوم کے وقت سے اب تک فلسطین سے پیچھے نہیں ہٹا، عمران خان کا مؤقف ہےکہ کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل ایک ناجائز اور خلاف قانون ریاست ہے۔
نور الحق قادری نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی ہے، عمران خان فلسطین پر مؤقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان فلسطین کے لیے حمایت کی سیاسی قیمت چکا رہے ہیں۔

پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ، اپوزیشن کے ایم پی ایز نئے ہوٹل منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ، متحدہ اپوزیشن کے ایم پی ایز گلبرگ کے ہوٹل سے نئے ہوٹل میں منتقل ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے لئے ائیر پورٹ کے علاقہ میں واقع ہوٹل میں 150 کمرے بک کروا ئے گئے ہیں، گلبرگ کے ہوٹل کے باہر حمایتی اور مخالف کارکنوں کے مظاہروں اور ٹریفک مسائل کے سبب ہوٹل کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گلبرگ کے ہوٹل میں جگہ کم تھی، بڑ ا ہال بھی نہیں تھا اس لئے اس ہوٹل سے دوسرے ہوٹل منتقل ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حکومتی اتحاد اور متحدہ اپوزیشن اپنی اپنی نمبرز گیم بہتر کرنے میں مصروف ہے، حکومت کی جانب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی، ترین گروپ، علیم خان گروپ کے ارکان اسمبلی سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ، پنجاب میں حکومت کو اپوزیشن بھی مزید بڑا سرپرائز دینے کے لئے تیار ہے، متحدہ اپوزیشن کا بھی پی ٹی آئی کے مزید ارکان اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے۔
گزشتہ رات اپوزیشن رہنماؤں کی تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے ملاقات ہوئی ہے، دو روز قبل مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے تھے، اپوزیشن اس نمبرز کو مزید بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔

کراچی: منشیات فروشی میں ملوث بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

شہر قائد میں ڈاکس کے علاقے سے منشیات فروشی میں ملوث بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے۔
ایس ایس پی کیماری کے مطابق ڈاکس کے علاقے سے ماں بیٹا منشیات فروش پکڑے گئے، گرفتار خاتون مملکت اپنے بیٹے سہیل کے ہمراہ علاقے میں منشیات فروش کرتی تھی۔
فدا حسین کے مطابق گرفتار ملزمان سے منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، گرفتار ماں بیٹے کا نیٹ ورک کیماڑی کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا ہے۔
ایس ایس پی کیماری کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ماں بیٹا ہیروئن بھی فروخت کرتے ہیں، ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

“تمھاری بھول ہے کہ تم عمران خان کو جھکالو گے” :وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کی جانب سے سہراب گوٹھ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر و دیگر عہدیداران شریک تھے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان 22کروڑ عوام کے دلوں کا وزیراعظم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو سندھ ہاؤس میں بک گئے ہیں وہ بروکر نہیں تو کیا ہیں، جو ڈالرز لے کر حکومت گرانے میں شامل رہے وہ بروکر نہیں تو اور کیا ہیں؟

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ تمھاری بھول ہے کہ تم عمران خان کو جھکالو گے، عمران خان نے کہا ہے کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، پردہ نشین بھی ان کے ہاتھوں مل کر اکٹھا ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان دشمنی کیلئے یہ لوگ کرائے پر دستیاب ہیں، عمران خان جب عوام میں ہوتا ہے تو مزید مضبوط ہوجاتا ہے، عمران خان کے خلاف سارے ہی کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

آج پریس کانفرنس کرنے والے کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں نکلے، ایم کیو ایم نے مہاجر قوم کو نوٹ لے کر بیچ دیا، مولانا ڈیزل نے بھی مدرسے کے معصوم بچوں کو بیچ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت، قومی غیرت سے12جماعتوں کو باہر پھینک دیں گے، اب انشاءاللہ عمران خان دوتہائی اکثریت لے کر آئیں گے

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ اصل جوخط ہے وہ تو ابھی تک کھلا ہی نہیں ہے، اس خط میں ضمیر فروشوں کو خریدنے کا ذکر ہے، غیرملکی سازش کے مراسلے پرعدالتی کمیشن بنایا جائے۔

فرح خان ا ور ان کے خاوند کے نام پر 19گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، محکمہ ایکسائز

خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے بارے میں مزید ا نکشافات سامنے آئے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کےمطابق فرح خان ا ور ان کے خاوند کے نام پر 19گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جن میں دو مہنگی ترین پورشے کاریں بھی شامل ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کےمطابق فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے نام پر 2 پورشے سمیت 12 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پر 7 مقامی گاڑیاں ہیں۔
ریکارڈ کےمطابق فرح خان کی پورشے گاڑیاں 2013 اور 2015 میں خریدی گئیں، محکمہ ایکسائز نے دونوں گاڑیوں پر 11 لاکھ 81 ہزار رجسٹریشن فیس وصول کی۔
فرح خان نے 2019 میں بھی پورشے کار بک کرانے کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ دیے تھے۔
ذرائع کےمطابق ڈیفنس میں فرح خان کا گھر بھی ان کے نام ہے جس کی مالیت 22 سے 25 کروڑ روپے ہے۔

اپوزیشن نے وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

اپوزیشن جماعتوں نے خیبرپختونخوا کے وزیرا علیٰ محمود خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔
اپوزیشن ارکان سردار بابک، خوش دل خان و دیگر نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔
تحریک عدم اعتماد پر 20 سے زیادہ اراکین کے دستخط ہیں۔ پارلیمانی لیڈر اے این پی سردار حسین بابک کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک جمع کرائی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی

ڈالر کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں بھی یکدم بڑی کمی ہوگئی

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2000 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 32 ہزار 300 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 1715 روپے کم ہوکر 113426 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ6 ڈالرز اضافے سے 1933 ڈالرز فی اونس ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آج ملک میں ڈالرز کی قدر بھی روپے کے مقابلے میں کم ہوگئی۔

پٹرولیم ڈویژن کی اربوں روپے کی سبسڈی ختم کرنے کی تجویز

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے سے سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ، پٹرولیم ڈویژن نے مصنوعات پر دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی ختم کرنے کی تجویز دے دی، سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے۔
سمری میں اوگرا کے تجویز کردہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ براہ راست عوام کومنتقل کرنے ، پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کی شرح صفر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی طلب اور مالی بوجھ میں اضافے کے باعث بھی آئل امپورٹ بل بڑھ رہا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق تیس جون تک پرائس ڈیفرنشل کلیمز کا فرق 136 ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا۔
تیل کمپنیوں کی تنظیم او سی اے سی نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔