All posts by Khabrain News

لاہور: شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی، اسپتال منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لاہور شہر میں پولیس پتنگ بازی روکنے میں ناکام ہوگئی۔ زخمی نوجوان عبداللہ کو جوڑے پل کے قریب گردن پر ڈور پھری۔ سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے ڈور پھرنے کے واقعہ پر نوٹس لے لیا۔ سی سی پی او لاہور نے ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا سے رپورٹ طلب کر لی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ڈور پھرنے کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور نے شہر بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں۔

انوکھی واردات: دکان مالک کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر موبائل شاپ لوٹ لی

صادق آباد: (ویب ڈیسک) صادق آباد میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کی انوکھی واردات، مسلح ڈاکو دوکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون لے اڑے۔
ڈکیتی کی واردات قومی شاہراہ پر تھانہ سٹی صادق آباد کے علاقے اولڈ بس سٹینڈ ایریا میں واقع موبائل اور ایزی پیسہ شاپ پر پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہوتے ہی دکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں، جس کے بعد ڈاکوؤں نے دکاندار پر اسلحہ تان لیا اور کاؤنٹر سے 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
تحصیل بھر میں چوری و ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں میں اضافے سے شہر میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے اور پولیس جرائم پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

پی ایس ایل 2022: لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج مدمقابل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل 2022 کا میلہ اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ ایونٹ کا 27 واں میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے قذافی اسٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
کراچی کنگز کے خلاف 22 رنز کی شکست کا سامنا کرنے والی لاہور قلندرز وننگ ٹریک پر واپس آنے کے لیے پر عزم ہے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی جیت کے ساتھ پلے آف کی ٹکٹ کنفرم کرنے کی ٹھان لی۔
دونوں ٹیموں کے مابین آخری پانچ مقابلوں میں اسلام آباد کو سبقت حاصل ہے جبکہ تین مرتبہ لاہور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم روان سیزن میں یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد قلندرز کا مورال ہائی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور دوسرے جبکہ اسلام آباد چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، عوام جانتے ہیں ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں اور نہ ہی اُنہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار ہے، عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہیں جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا، مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیے کہ دکھی انسانیت کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی، عوام ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں، اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے ہے۔ کشمیر میں کچھ مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

والد اپنے کیرئیر کا کریڈٹ بپی لہری کو دیتے ہیں: اننیا پانڈے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اننیا پانڈے کا کہنا ہے کہ اُن کے والد چنکی پانڈے اپنے کیریئر کا کریڈٹ ہمیشہ بپی لہری کو دیتے ہیں۔
اننیا پانڈے نے کہا کہ ‘ہم سب بپی دا کی موسیقی کے مداح ہیں اور ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ انڈسٹری نے سنہری دلکشی کو کھو دیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ‘میرے والد اپنے کیریئر کا کریڈٹ ہمیشہ بپی دا کو دیتے ہیں کیونکہ انہوں نے میرے والد کے سب سے مشہور گانے بنائے ہیں، اب چاہے وہ (لال دوپٹے والی) ہو یا (ٹوٹک ٹوٹک) ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میرے والد کی ان کے ساتھ بہت سی پیاری یادیں ہیں۔

خبروں میں رہنے کیلئے کسی پرتنقید نہیں کرتی: یشما گل

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ یشما گل نے کہا ہے کہ خبروں میں ان رہنے کیلئے کسی کو تنقید کا نشانہ نہیں بناتی۔
ایک انٹرویو میں یشما گل نے کہا کہ اپنی محنت اور جدوجہد سے اس مقام تک پہنچی ہوں،ہمارے معاشرے میں اپنی اصلاح کے بجائے تنقید کی روایت عام ہو چکی ہے ،یشما گل نے کہا کہ میری اپنی زندگی کا تجربہ ہے کہ بہت سے لوگ دوستوں کی شکل میں آپ کے ساتھ ساتھ ہوتے ہیں لیکن وہ اندر ہی اندر آپ کی کامیابیوں پر حسد بھی کر رہے ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں نیک نیتی سے اپنے کام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہوں او راسکا مجھے پھل بھی ملا ہے ۔ یشما گل کا کہنا تھا کہ اپنے کام پر توجہ رکھتی ہوں اگر فری وقت ملے تو اپنی فیملی کے ساتھ گزارنے کو زیادہ ترجیحی دیتی ہوں ۔

بالی ووڈ اداکارائیں جو فلم کا معاوضہ کروڑوں لیتی ہیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں اس وقت جس اداکارہ کی سب سے زیادہ ڈیمانڈ ہے وہ دپیکا پڈوکون ہیں۔ دپیکا پڈوکون ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 15 کروڑ روپے لیتی ہیں۔
دپیکا پڈوکون کے بعد اداکارہ عالیہ بھٹ دوسرے نمبر پر بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ ہیں۔ وہ بھی ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 15 کروڑ روپے لیتی ہیں۔ بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور کرینہ کپور 12 کروڑ، پریانکا چوپڑا اور انوشکا شرما 8 کروڑ، شردھا کپور 7 کروڑ روپے معاوضہ لیتی ہیں۔
اسی طرح اداکارہ تاپسی پنوں 5 کروڑ، ودیا بالن اور کریتی سینن 4 کروڑ اور کیارہ ایڈوانی اور جیکولین فرنینڈس ڈھائی کروڑ روپے معاوضہ لیتی ہیں۔ اداکارہ دیشا پٹانی، جھانوی کپور اور سارہ علی خان ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 2 کروڑ روپے لیتی ہیں جب کہ اننیا پانڈے کا معاوضہ ڈیڑھ کروڑ ہے۔

ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4.15 فیصد ہو گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 26 افراد انتقال کر گئے اور 1983 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 47780 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1983 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 26 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.15 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 29976 ہو گئی اور مجموعی کیسز 14 لاکھ 98 ہزار 676 تک جا پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2782 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 13 لاکھ 99 ہزار ہو گئی ہے۔

فخر زمان کی بیٹنگ باؤلرز کو پریشان کر رہی ہے :زمان خان

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندر کے فاسٹ باؤلر زمان خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں جیسن روئے باؤلروں کو پریشان کر رہے ہیں تو ہمارے پاس بھی فخر زمان ہیں جو اچھا کھیل رہے ہیں ان کی تسلسل کے ساتھ شاندار بیٹنگ دوسرے باؤلروں کو پریشان کر رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں زمان خان نے کہا کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا شروع ہی سے ایک اچھا میچ ہوتا ہے کھلاڑیوں کے ساتھ فینز بھی پرجوش ہوتے ہیں شائقین زیادہ آتے ہیں جس کی وجہ سے خوشی ہوتی ہے۔ زمان خان نے اپنی باؤلنگ کے حوالے سے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں یارکرز اور سلور ون کی شروع سے پریکٹس کر رہا ہوں انہی کی ضرورت ہوتی ہے جب کچھ سمجھ نہیں آتا عاقب جاوید بتا دیتے ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے ، شاہین آفریدی اور حارث روف انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں ان سے بہت مدد اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں رات کو بہت اوس پڑتی ہے باؤلرز کے لئے مشکل ہوتی ہے۔