All posts by Khabrain News

یاسر شاہ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے لیگ اسپنر بن گئے

گال: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کیلئے سب سے وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بن گئے۔
گال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں یاسر شاہ نے لیجنڈ اسپنر عبدالقادر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی اسپنر بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
2014 میں پاکستان کیلئے ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 47 ٹیسٹ میچز میں 237 وکٹیں حاصل کرکے عبدالقادر کا ریکارڈ توڑا، انہوں نے 67 میچز میں 236 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں بطور اسپنر دانش کنیریا نے 61 ٹیسٹ میچز میں 261 وکٹیں حاصل کررکھیں ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ نے یہ کارنامہ سری لنکا کے بلےباز اینجلیو میتھوز کو آؤٹ کرنے کے بعد حاصل کیا، انکی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بالنگ 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔

بھارتی گلوکار بادشاہ بھی عاصم اظہر کے مداح بن گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے گزشتہ دنوں اپنا نیا گانا ’’حبیبی ‘‘ ریلیز کیا ہے جو یوٹیوب پر بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔
عاصم اظہر کا گانا پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی مقبول ہوا تو بھارتی گلوکار بادشاہ بھی عاصم اظہر کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔
پاکستانی گلوکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام اسٹوری پر پڑوسی ملک کے گلوکار بادشاہ کے ہمراہ ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔
بھارتی گلوکار اور ریپر آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ نے پاکستانی گلوکار اور ان کے گانے’حبیبی ‘ کی خوب تعریف کی جس پر عاصم نے بھارتی گلوکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ عاصم اظہر کے گانے نے یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے بعد چند گھنٹوں میں ہی یوٹیوب کے ٹرینڈنگ میوزک میں اپنی جگہ بنا لی ان کے گانے کو اب تک 2ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

پولیس نے مچھر کے خون سے عادی مجرم پکڑلیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی پولیس نے دیوار پر پیسے گئے خون بھرے مچھر پر تفتیش کرکے ملزم پکڑا اور اب اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
چین میں ایک اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کے بعد دیوار پر بھینچ کر مارے گئے مچھرکے خون سے پولیس اصل مجرم تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
اگرچہ یہ ایک فلمی منظر لگتا ہے لیکن ٓصوبے فیوجیان کے شہر فیوزاؤ کی بلند عمارت ایک فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے جائزے میں دیگر اشیا کے ساتھ دیوار پر مارےگئے ایک مچھر کو دیکھا جس کا خون بظاہر تازہ تھا۔
پولیس کے مطابق مجرم بالکونی پر چڑھ کر اپارٹمنٹ میں گھسا اور ایک رات وہاں گزاری اور اسی نے مچھر کو دیوار پر پیس دیا تھا۔ باورچی خانے میں نوڈلز اور تلے ہوئے انڈے کی باقیات بھی ملیں جبکہ چور نے اسٹور سے تکیہ اور لحاف نکالا اورجاتے وقت بستر پر چھوڑ دیا۔
ڈی این اے کا تجزیہ کیا گیا تو چائی نامی ایک شخص کا سراغ ملا جو عادی مجرم ہے اور ضمانت پر باہر تھا۔ پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کیا اور تفتیش کے دوران اس نے اپنے باقی مجرم ساتھیوں کےنام بھی بتادیئے۔ اب پولیس اس پر مزید تفتیش کررہی ہے۔

بچے کو گڑھے سے نکالنے میں ناکامی پر ہتھنی صدمے سے بےہوش

بنکاک: (ویب ڈیسک) ماں چاہے جانور کی ہو انسان کی، ممتا کا کوئی مول نہیں ہوتا کیوں کہ ماں اپنی اولاد کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی اور مشکل ترین حالات میں بھی مدد کرتی ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ تھائی لینڈ کے نیشنل پارک میں پیش آیا جہاں ایک ہتھنی گڑھے میں گرے اپنے بچے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے اور گڑھے سے نہ نکال پانے پر بے ہوش ہوجاتی ہے۔
ہتھنی کے بے ہوش ہونے اور محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں کی جانب سے ہتھنی کو سی پی آر دے کر جگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہتھنی کا بچہ ایک گڑھے میں گرا شور مچا رہا ہے، بے بس ہتھنی مدد نہ کر پانے کی صورت میں اپنے بچےکو روتا دیکھ کر گڑھے میں ہی بےہوش ہوگئی۔
ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ ریسکیو ٹیم ہتھنی کو کرین کی مدد سے گڑھے سے باہر نکالتی ہے اور مصنوعی تنفس کے ذریعے اسے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
اس دوران بچے کو گڑھے سے باہر نکالا جاچکا ہے جو ریسکیو ٹیم کے ہمراہ اپنی ماں کو جگانے کی بہت کوشش کرتا ہے اور باالآخر ہتھنی اپنے بچے کی موجودگی کا احساس ہوتے ہی ہوش میں آتی ہے اور بچے کے ہمراہ جنگل میں واپس چلی جاتی ہے۔

پودوں کو موسمیاتی شدت کے امراض سے بچانے والی ’ایسپرین‘

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) جس طرح ہم بدلتے موسم میں نزلہ زکام سے بچنے کے لیے ایسپرین لیتے ہیں اسی طرح ماہرین نے پودوں کو موسمیاتی شدت سے بچانے کے لیے قدرتی ایسپرین دریافت کی ہے جسے سیلی سائیکلِک ایسڈ کا نام دیا گیا ہے۔
سیلی سائیکلک ایسڈ پودوں میں قدرتی طور پر پایا جاتا ہے۔ یہ ایک نامیاتی مرکب ہے جو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پودے حرارت یا خشک سالی سے گزرتے ہیں۔ اب ماہرین کا اصرار ہے کہ عین اسی عمل سے بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت میں پودوں کو تندرست و توانا رکھا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سیلی سائیکلک ایسڈ سے ہی ایسپرین تشکیل پاتی ہے اور ایک عرصے سے اسے درد کش دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ یہاں تک کی قدیم مصری بھی اسے دیسی دوا کے طور پر استعمال کرتے آرہے ہیں اور وہ ایسےپودوں کے پتوں کو پیس کر جوشاندہ بناتے تھے۔
جامعہ کیلیفورنیا، ریورسائیڈ کے سائنسدانوں نے سیلی سائیکلک ایسڈ بننے کا عمل بغوردیکھا ہے ۔ پہلے ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز (آراوایس) کا مطالعہ کیا جو تمام پودوں میں موجود ہوتے ہیں اور ماحولیاتی دباؤ کے وقت خارج ہوتے ہیں اور یہ عمل انسانوں میں بھی ہوتا ہے۔
آراوایس پودے کی ہنگامی حالت کی پکار ہوتے ہیں اور اس کے بعد وہ سیلی سائیکلِک ایسڈ بنانے لگتے ہیں۔ پھر ماہرین نے دیکھا کہ کہ عربی ڈوپسِس نامی پودا جب جب حرارت، دھوپ اور خشک سالی سے گزرتا ہے وہ ایک سالمہ (مالیکیول) بناتا ہے جس سے سیلی سائیکلِک ایسڈ بننے لگتا ہے۔ سیلی سائیکلِک ایسڈ اپنی تشکیل کے بعد فوٹوسنتھے سز میں اہم کردار ادا کرنے والے کلوروپلاسٹ کی حفاظت بھی کرتا ہے۔
امید ہے کہ سیلی سائیکلِک ایسڈ بننے کے عمل کو سمجھ کر اسے موسمیاتی شدت اور گلوبل وارمنگ کے شکار پودوں ، فصلوں اور درختوں کو بچانا ممکن ہوگا۔ آب و ہوا کے تغیر سے پودوں اور درختوں پر بہت دباؤ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ضمن میں سیلی سائیکلک ایسڈ کی اہمیت مزید واضح ہوجاتی ہے۔
اگر ہم کسی طرح پودوں کو حسبِ ضرورت یہ ایسڈ بنانے کے قابل بناتے ہیں تو اس سے عالمی زراعت کا بہت بڑا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

پھلوں کا باقاعدہ استعمال اداسی کو دورکرتا ہے

لندن: (ویب ڈیسک) ہم جانتے ہیں کہ غذا اور صحت کا گہرا تعلق ہوتا ہے اور اب ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ فاسٹ فوڈ، پروسیس شدہ غذا اور مرغن کھانوں کے مقابلے میں اگر پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعال کیا جائے تو اس سے ڈپریشن کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔
برمنگھم میں واقع ایسٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے اس ضمن میں 430 افراد پر تحقیق کی ہے جن میں 53 فیصد خواتین شامل تھیں۔ شرکا کی اوسط عمر 40 برس تھی۔ اس تحقیق سےمعلوم ہوا کہ فاسٹ فوڈ اور مرغن غذائیں کھانے سے ذہنی تناؤ اور اینزائٹی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کا خلاصہ یہ ہے کہ دن میں پانچ مرتبہ پھلوں کی کچھ نہ کچھ مقدار کھانے سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے اور بالخصوص ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اداسی، اینزائٹی اور ڈپریشن ہماری تیزرفتار زندگی کا خوفناک عارضہ بن چکی ہےجس میں کروڑوں افراد جکڑے نظرآتے ہیں۔
پھلوں اور سبزیوں میں اینٹی آکسیڈنٹس، فلیوینولز، فائبراور دیگر اہم خردغذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو دماغی افعال پر گہرا مثبت اثر ڈالتے ہیں۔
تحقیق میں شامل پی ایچ ڈی طالبہ نکولا جائن ٹک کہتی ہیں کہ مہنگی ادویہ کے مقابلے میں پھل اور سبزیاں ڈپریشن بھگانے کا ایک سادہ اور آسان حل پیش کررہی ہیں اور عوام کو اسے آزمانا ہوگا۔ اگرچہ اس تحقیق میں 16 سے 80 سال کے افراد شامل تھے لیکن اوسط عمر 40 برس تھی اور ان سے غذائی عادات پر بہت سے سوالات کئے گئے تھے۔
سوالنامے میں غذائی عادات اور ڈپریشن، گھبراہٹ وغیرہ کے متعلق پوچھا گیا تھا۔ جن افراد کے معمول میں پھل اور سبزیاں شامل تھیں ان میں واضح طور پر ڈپریشن کی علامات بہت کم تھیں۔ اگرچہ یہ ایک چھوٹا مطالعہ ہے لیکن ان کی شماریاتی اہمیت نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔ تاہم اس پر مزید تحقیق کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔

امریکی صدر کا سعودی عرب میں استقبال،ریڈ کارپٹ کیوں نہیں بچھایا گیا؟

سعودی عرب : (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن کی سعودی عرب آمد پر استقبال کے لیے سرخ کارپٹ کی جگہ بنفشی کارپٹ بچھائے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے مہمانوں کے استقبال کے لیے ریڈ کے بجائے بنفشی کارپٹ کا انتخاب کیا ۔بنفشی کارپٹ کو سعودی ثقافت میں بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔
موسم بہار کے دوران سعودی عرب کا ریگستان اور پہاڑی علاقہ الخزامی بنفشی رنگ کے پھولوں سے سج جاتا ہے۔ جس کی مناسبت سے بنفشی رنگ کو اہم سمجھا جاتاہے۔
اسی وجہ سے امریکی صدر کے استقبال کے لیے بھی بنفشی کارپٹ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ کارپٹ سعودی وزارت ثقافت اور شاہی پروٹوکول نے مل کر کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کےصدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ تھا ۔سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا۔
امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔

گال ٹیسٹ: سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنزبناکر آؤٹ

گال : (ویب ڈیسک) گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو 1 رن پر بولڈ کیا، جب کہ ٹیم کو دوسری کامیابی یاسر شاہ نے دلائی جنہوں نے کوشال مینڈس کو 21 رنز پر آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ یاسر شاہ نے انجیلو میتھیوز کو بھی پویلین کی راہ دکھائی جب کہ حسن علی نے اوپنر اوشادہ فرنینڈو کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج صبح پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے شروع ہوا۔
گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان کیا گیا۔کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان سمیت امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، سلمان آغا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ محمد نواز، یاسر شاہ ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کپتان دیمتھ کرونا رتنے اور اوشادہ فرنینڈو شامل ہیں، اس کے علاوہ کوشال مینڈس، انجیلو میتھیوز ،دھننجایا ڈی سلوا اور دنیش چندیمل بھی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم میں نروشن ڈکویلا ، رمیش مینڈس ، مہیش ٹھیکشانا ، پربتھ جے سوریا اور کاسن راجیتھا بھی شامل ہیں۔

ضمنی انتخابات: لاہور میں پی ٹی آئی کارکن سے 200 شناختی کارڈز برآمد

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے فیکٹری ایریا سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن سے تقریباً 200 شناختی کارڈز برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم خالد سندھو پی پی 168 میں شناختی کارڈز کے ذریعے ووٹ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پی پی 168 لاہور کی مختلف یوسیز میں ووٹروں کے شناختی کارڈ لےکر انہیں پیسے دیے۔پولیس کے مطابق ملزم خالد سندھو نے بتایا کہ ان لوگوں کی ڈیمانڈ تھی اور ہر کارڈ کے عوض پیسے دینے کی ڈیل ہوئی تھی، ڈیل یہ تھی کہ ہر کارڈ پر اتنے پیسے دیں تو ووٹ ڈالیں گے، اس لیے کارڈ اکٹھے کیے تھے کہ ہر کارڈ کے عوض کسی کو 2 اور کسی کو 3 ہزار روپے دینے تھے۔

ترکیہ میں گرفتاری کی خبریں، حریم شاہ نے اپنی ویڈیو جاری کر دی

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے ترکیہ میں اپنی گرفتاری سے متعلق خبروں کے بعد ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبروں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ٹک ٹاکر نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر بلال شاہ کے ہمراہ بیٹھی ہیں، حریم شاہ نے گرفتاری کی جھوٹی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بارے میں ہمیشہ غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔
حریم شاہ نے کہا کہ میں اپنے حوالے سے گردش کرتی تمام افواہوں کی تردید کرتی ہوں، اس سے قبل فیک خبر آئی تھی کہ مجھے قطر سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے، میں اس وقت خاموش رہی کیونکہ اس قسم کی خبروں پر میں کیا ردعمل دوں، لوگ پتہ نہیں کیوں ہر دوسرے دن میرے بارے میں غلط خبر پھیلا دیتے ہیں۔ٹک ٹاکر نے بتایا کہ وہ پاکستان سے باہر رہائش پذیر ہیں اور ایسی جھوٹی خبروں یا ان مسائل کے لیے پاکستان نہیں آسکتیں تاہم وہاں ان کا قانونی ترجمان منیر احمد موجود ہے جو ان کے تمام معاملات دیکھ رہا ہے۔
حریم شاہ اور بلال نے پاکستانی صحافیوں سے اپیل کی کہ ان سے متعلق غیر مصدقہ خبروں کو نہ پھیلائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ حریم شاہ کو ترکیہ سے خلیجی ملک عمان جانے سے قبل ائیرپورٹ پر بھاری سونے اور غیر ملکی کرنسی ہونے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے