All posts by Khabrain News

ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں نمایاں کمی

او جی ڈی سی ایل نے ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں نمایاں کمی کردی ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 39 ہزار 552 روپے فی میٹرک ٹن کمی کردی گئی، پیداواری قیمت 1 لاکھ 32 ہزار روپے فی میٹرک ٹن مقرر ہوگئی، پیداواری لاگت میں کمی سے ایل پی جی سستی کردی گئی ہے۔
ایل پی جی 40 روپے فی کلو سستی کردی گئی، نئی قیمت 172 سے کم ہو کر 132 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی، فیصلے سے گھریلو سلنڈر 467 اور کمرشل 1796 روپے سستا ہوگیا، گھریلو سلنڈر 1558 روپے، کمرشل سلنڈر 5 ہزار 993 روپے کا ہوگیا ہے، قیمت میں کمی او جی ڈی سی ایل کی پیداواری لاگت کم ہونے پر ہوئی۔

افغانستان میں جاری امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں: سربراہ یو این ڈی پی

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جاری امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں۔
یو این ڈی پی کے مطابق افغانستان میں کروڑوں افراد کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، کروڑوں افراد شدید معاشی بحران میں مبتلا ہوچکے ہیں، عالمی برادری کو امداد کی فراہمی مزید تیز کرنی پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کے بغیر افغانستان کبھی مستحکم نہیں ہوسکتا۔

معاشی بحران، سری لنکا میں فیس بک، واٹس اور ٹوئٹر بلاک

معاشی بحران شدید ہونے اور ملک میں ایمر جنسی لگنے کے بعد سری لنکا نے فیس بک، واٹس ایپ اور ٹوئٹر کو بھی بلاک کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے عارضی طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی کو محدود کر دیا ہے، ان پلیٹ فارمز میں فیس بک، یوٹیوب، ٹویٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ شامل ہیں، پلیٹ فارمز کو ‘وزارت دفاع کی درخواست پر’ عارضی طور پر بلاک کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سری لنکا کے 40 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے صدر گوتابایا راجا پکسا کی مخلوط حکومت چھوڑ دی ہے، علی صابری نے روز وزیر خزانہ کے طور پر حلف اٹھایا جب پوری کابینہ نے خوراک اور ایندھن کی قلت اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگز پر بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کے درمیان استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم انھوں نے بھی استعفیٰ بھجوا دیا۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں شدید معاشی بحران کے باعث ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، احتجاج کے…

پاکستان اور آسٹریلیا واحد ٹی ٹونٹی میچ میں لاہور میں مد مقابل ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں ، قومی ٹیم جیت کے ساتھ سیریز کے اختتام کے لیے پر عزم ہے۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں کرکٹ میلہ عروج پر، ون ڈے کے بعد اب ٹی 20 کرکٹ کا ایکشن ہوگا۔ رات ساڑھے 8 بجے قذافی سٹیڈیم میں میدان لگے گا، پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔ چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں۔ نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد شاہنیوں نے ٹی 20 میں فتح حاصل کرنے پر نظریں جما لیں۔
دوسری جانب مہمان آسٹریلوی ٹیم بھی جیت کے ساتھ سیریز کے آخری مقابلے کو یادگار بنانے کے لیے پر امید ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے ٹی 20 مقابلوں میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے۔ 13 مرتبہ جیت شاہینوں کا مقدر بنی جبکہ 10 مرتبہ کینگروز نے میدان مارا جبکہ تین نومبر دو ہزار انیس کو سڈنی میں ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ شائقین کرکٹ تاریخی پاک آسٹریلیا سیریز کے آخری مقابلے کے لیے پر جوش ہیں۔

ہنگری: ٹرین اور پک اپ ٹرک کے درمیان تصادم، 5 افراد ہلاک

بڈاپسٹ: (ویب ڈیسک) ہنگری میں ٹرین اور پک اپ ٹرک کے درمیان تصادم سے 5 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ٹرک مقامی مزدوروں کو لے کرجارہا تھا، جس میں سوار تمام 5 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ حادثے میں ٹرین کی بوگی الٹنے سے 10افراد زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی جانب سے لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔

کراچی: گاڑیوں کی چوری اور فروخت میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں اے وی ایل سی پولیس نے گاڑیوں کی چوری اور فروخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا، دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے دھوراجی گولا گنڈا گلی میں دکانداروں کے جھگڑے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں درج کرلیا گیا۔
انٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی چوری میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لئے، ملزمان چوری کی گئی گاڑیوں کو کراچی سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان سے چوری شدہ چار گاڑیاں برآمد کی گئیں، تفتیش کے دوران ملزمان نے کراچی سے متعدد گاڑیوں کی چوری اور فروخت کا اعتراف کیا۔
دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے دھوراجی گولا گنڈا گلی میں دکانداروں کے جھگڑے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق جھگڑا دو دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پیش آیا، جھگڑے میں کانچ کی بوتلیں، ڈنڈے اور کرسیاں ایک دوسرے کو ماری گئیں۔ گزشتہ رات ایک دکاندار کی ایف آر درج ہوئی جبکہ جھگڑا دو اپریل کی رات کو پیش آیا تھا۔ واقعے میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، وڈیو میں دکھائی دینے والے تمام فرار ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں ملکی روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے ہونے لگا، امریکی کرنسی کے مقابلے میں ملکی کرنسی بدترین گراوٹ کا شکار ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپیہ 14 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 184 روپے 9 پیسے سے بڑھ کر 185 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔
یکم مارچ سے اب تک انٹربینک مں ڈالر کی قیمت 7 روپے 76 پیسے بڑھ چکی ہے جس کے باعث بیرونی قرضوں کے بوجھ میں مزید ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال میں اب تک ڈالر کی قیمت میں 27 روپے 69 پیسے کا اضافہ ہوا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں جاری سیاسی ہلچل، قرض و سود کی ادائیگی، درآمدات کے لئے ڈالر کی طلب کے باعث ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 26.03 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43928.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.06 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔

پاکستان سپر لیگ کو ڈرافٹ سسٹم کی بجائے آکشن کی جانب لے کر جائیں گے: رمیز راجہ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے پاکستان سپر لیگ کو ڈرافٹ سسٹم کی بجائے آکشن کی جانب لے کر جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاک بھارت سیریز عالمی کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے ، معلوم نہیں کہ آئی سی سی میں چار ملکی ٹورنامنٹ پر کیا ردعمل ملےگا، لیکن آخر کب تک ہم کرکٹ کو سیاست کی نظر کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے چار ملکی ٹورنامنٹ کا خیر مقدم کیا ہے لیکن بھارت اور انگلینڈ نے ابھی تک کوئی بیان نہیں دیا، آسٹریلیا کی میزبانی کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان دنیا ئے کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز، شنگھائی میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع

بیجنگ: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے بڑھتے کیسزکے باعث شنگھائی میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی۔
لاک ڈاؤن سے 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثرہوں گے، حکام کا کہنا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ملٹری فورسزاور ہزاروں ہیلتھ کئیر ورکرز کو بھیجا جاچکا ہے جبکہ ہسپتالوں، جمنازیمز اور دیگر مقامات کو بھی قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر لاک ڈاؤن کا آغاز 28 مارچ کو ہوا تھا۔

شمالی کوریا کی حملے کی صورت میں جنوبی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے جواب دینے کی دھمکی

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے حملے کی صورت میں جنوبی کوریا پر جوہری ہتھیاراستعمال کرنے کی دھمکی دے دی۔ کم یو جونگ کا کہنا تھا کہ جنگ کی مخالفت کرتے ہیں، حملہ کیا گیا تو ایٹمی ہتھیاروں سے کارروائی کریں گے۔
شمالی اور جنوبی کوریا میں بڑھتی کشیدگی نے ایٹمی جنگ کے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ کِم جونگ اُن کی بہن کِم یوجونگ کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے وزیردفاع نے حملے کا بیان دیکر بہت بڑی غلطی کی ہے، اگر جنوبی کوریا نے سرحدی حدود کی ایک انچ بھی خلاف ورزی کی تو نیوکلیئر کومبیٹ فورسز اپنا کام کریں گی۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کے وزیردفاع نے بیان دیا تھا کہ ان کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو شمالی کوریا میں کسی بھی ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا سکتے ہیں، حال ہی میں شمالی کوریا نے بھی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔