All posts by Khabrain News

عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما لٹل کریم کا انتقال ہو گیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما لٹل کریم کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے راولپنڈی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم جگر کے کینسر میں مبتلا تھے۔
بلتستان کے ضلع گھانچے کے گاؤں ہشے سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما لٹل کریم کا انتقال 72 سال کی عمر میں ہوا ہے۔
لٹل کریم کا شمار دنیا کے ان نامور کوہ پیماؤں میں کیا جاتا ہے جنہوں ںے آکسیجن کے بنا دنیا کی کئی بلند وبالا چوٹیاں سر کیں۔ انہیں بنا کسی اضافی آکسیجن کے 8,035 میٹرز اونچے گشربروم کو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔
لٹل کریم دنیا کے اس لحاظ سے واحد کوہ پیما تھے جن پر فرانس کے ایک ٹی وی چینل نے تین دستاویزی فلمیں بنائیں اور وہ بین الاقوامی سطح پر بے پناہ مقبول ہوئیں۔ ان پر بنائی جانے والی ایک فلم کا نام ہی لٹل کریم تھا جب کہ دیگر دو فلموں کے نام اپو کریم اور مسٹرکریم رکھا گیا تھا۔
عالمی سطح پر انہیں اس وقت بے پناہ پذیرائی ملی تھی جب سوئزر لینڈ کی یخ بستہ سردی میں انہوں نے ایک خاتون کو دریا سے بچانے کے لیے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دریا میں چھلانگ لگادی تھی حالانکہ اس وقت اس خاتوں کی مدد کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہو رہا تھا۔
بلتستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما کا نام لٹل کریم مغربی کوہ پیماؤں نے ان کے چھوٹے قد کی وجہ سے رکھا تھا۔
لٹل کریم پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بڑے مداح تھے۔ لٹل کریم جب اسپین کے دورے پر تھے تو رونالڈو نے نہ صرف ان سے ملاقات کی تھی بلکہ ان کے ساتھ اپنی شرٹ کا تبادلہ بھی کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رونالڈو کھیل کے دوران 7 نمبر کی شرٹ پہنتے تھے جب کہ لٹل کریم بھی 7 ہی نمبر کی شرٹ کا کوہ پیمائی میں استعمال کرتے تھے۔

اے ٹی پی نے بدانتظامی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے خبردار کر دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) ٹورنامنٹ کے دوران بد انتظامی کے مرتکب قرار پانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹینس حکام بدانتظامی کے لئے سخت سزائیں دیں گے جبکہ اے ٹی پی نے کھلاڑیوں کو متنبہ کیا کہ گورننگ باڈی بھی سزائیں دینے کے لئے اپنے اصولوں پر نظر ثانی کرتی ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے نک کرگیوس نے غصے میں آکر قابو سے باہر ہونے کی وجہ سے 60 ہزار ڈالر کے جرمانے کا بھی سامنا کیا تھا۔
جرمنی کے الیگزینڈر زیویریو کو فروری میں اکاپولکو میں ہونے والے ایک ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے ڈبلز میں شکست کے بعد امپائر کی کرسی پر اپنا ریکٹ مارا تھا۔

خط پر نیشنل سکیورٹی کمیٹی کےعسکری ممبران پوزیشن واضح کریں: زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اس دفعہ مبینہ خط کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس خط کے بارے میں نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے ممبران یہ کہہ چکے ہیں کہ اس میں بیرونی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر دن سکیورٹی کونسل کے عسکری ممبران کے بارے میں کہتا ہے کہ وہ میری طرف سے مطمئن ہوگئے تھے لہٰذا جو اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے سکیورٹی کے عسکری ممبران تھے وہ اس کی وضاحت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ معاملہ عمران خان یا متحدہ اپوزیشن کا نہیں ہے، اب معاملہ پاکستان کا ہے لہذا اس طرح کے حساس نوعیت کے معاملات میں تاخیر بھی ملک کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے، نہ ہی یہ معاملہ تحریک عدم اعتماد کا رہا ہے ، یہ معاملہ اب ملکی سلامتی کا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی امور معید یوسف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں سیاسی بحران کے درمیان وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) معید یوسف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
معید یوسف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ “آج، میں انتہائی مطمئن ہوں، سب سے زیادہ اس لیے کہ میں جانتا ہوں کہ این ایس اے کا دفتر اور این ایس ڈی ایک غیر معمولی ٹیم کے ساتھ متحرک ادارے ہیں جو پاکستان کے لیے باعث فخر رہیں گے‘۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بے پناہ ذمہ داری کے ساتھ ان پر اعتماد کیا اور انہیں بطور این ایس اے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرنے کی اجازت دی۔
انہوں نے کہاکہ کہ بہت کم لوگ ایسے خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں کسی اعلیٰ عہدے پر اپنے ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملتا ہے، میری عمر میں بھی بہت کم لوگوں کو ایسا کرنے کا موقع ملتا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے نہ صرف مجھے یہ اعزاز ملا بلکہ یہ ایک ناقابل یقین دو اعزاز ہے، ڈیڑھ سال کا سفر جسے میں ہمیشہ پسند کروں گا۔

اسکاٹش فٹبال لیگ: تماشائیوں نے گول پوسٹ کے پاس شیشے کی بوتل پھینک دی

ایڈنبرگ: (ویب ڈیسک) اسکاٹش فٹبال لیگ میچ کے دوران منچلے تماشائیوں نے گول پوسٹ کے پاس شیشے کی بوتل پھینک دی۔
غیر ملکی میڈٰیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹش فٹبال گراؤنڈ میں اس وقت کھیل کا مزہ کرکرا ہو گیا جب مشتعل پرستاروں نے گوپل پوسٹ میں شیشے کی بوتل پھینک دی جس کے ٹوٹنے اور ٹکڑے بکھر جانے سے کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔
سکیورٹی اور گراؤنڈ اسٹاف کے اِن ایکشن ہونے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا، جس میں سیلٹک نے رینجرز کو دو ایک سے شکست دے دی۔

روس ٹیلر نے نم آنکھوں کیساتھ کرکٹ کی دنیا کو گڈ بائے کہہ دیا

ہیملٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز روس ٹیلر نے اپنے کیریئر کا آخری ون ڈے میچ کھیل کر نم آنکھوں کیساتھ کرکٹ کی دنیا کو گڈ بائے کہہ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 450 انٹرنیشنل میچز میں کیویز کی نمائندگی کے بعد 38 سالہ ٹاپ آرڈر بیٹر کے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے پہلے قومی ترانہ سنتے ہوتے ہی آنسو چھلک آئے۔
نیوز لینڈ کے کرکٹر جذبات پر قابو نہ رکھ پائے، گراؤنڈ میں آنے اور جانے پر کھلاڑیوں نے الوداع کیا۔
میچ شروع ہونے سے پہلے روس ٹیلر اپنے تین بچوں میکنزی، جونٹی اور ایڈیلیڈ کے ساتھ گراؤنڈ میں موجود تھے جبکہ الوداعی موقع پر مارٹن گپٹل کو تجربہ کار کرکٹر کو تسلی دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
دریں اثنا ٹیلر کی اہلیہ وکٹوریہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی پنڈال میں موجود تھے جبکہ انہیں مخالف کھلاڑیوں کی جانب سے خصوصی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تاہم ٹیلر اپنے آخری میچ میں بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے اور 16 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا کر لوگن وین بیک کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔
ٹیلر نے تینوں فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں، انہوں نے 112 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 102 ٹی 20 میچ کھیلے، معروف کرکٹرز کی جانب سے بلے باز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

لبنان کے نائب وزیر اعظم نے ملک کو دیوالیہ قرار دیدیا

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے نائب وزیر اعظم نے ملک کو دیوالیہ قرار دے دیا ہے۔
میڈیا کو انٹرویو میں نائب وزیر اعظم سعدی الشامی کا کہنا تھا کہ لبنان کی ریاست اور اسٹیٹ بینک دونوں دیوالیہ ہوگئے، عوام پر بحران کے اثرات کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 سے لبنان سخت معاشی دباؤ میں ہے، قومی کرنسی کی قدر 90 فیصد گر چکی ہے اور اشیائے ضروریہ کی خریداری عوام کی دسترس س باہر ہوچکی ہے۔

ایران اور عالمی طاقتوں کےدرمیان جوہری مذاکرات تعطل کا شکار

ویانا: (ویب ڈیسک) ایران اور عالمی طاقتوں کےدرمیان جوہری مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے، تہران نے واشنگٹن کو ذمہ دار قرار دے دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران زیادہ دیر انتظار نہیں کرے گا، واشنگٹن کو مطالبات ماننے ہونگے، بائیڈن انتظامیہ کا رویہ غیر سنجید ہ ہے، اسے فیصلہ کرنا ہوگا کہ ٹرمپ کے نقش قدم پر چلنا ہے یا تھوڑا بہت ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دینا ہے۔

علیم خان کے بزنس اور پی ٹی آئی کے منشور میں ٹکراؤ تھا، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ علیم خان کے بزنس اور پی ٹی آئی کے منشور میں کئی مواقع پر ٹکراؤ تھا۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور صوبہ پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان پر عائد کردہ الزامات پہ شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ علیم خان تحریک انصاف کا حصہ رہے ہیں، ان کے عائد کردہ الزامات پہ بہت دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان اپنی مرضی سے پی ٹی آئی میں آئے تھے، وہ تحریک انصاف کا حصہ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے وقت علیم خان نے کوئی شرط نہیں رکھی تھی، علیم خان یہ باتیں اس وقت کرتے جب وہ پی ٹی آئی کے ساتھ تھے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بھی علیم خان کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر کہا کہ ان کی پریس کانفرنس پر بہت افسوس ہوا ہے۔
فوادچودھری نے کہا کہ علیم خان کے تمام گلے دوسرے سال کے ہیں، علیم خان حکومت کے وقت بات کرتے تو ان کی بات میں وزن ہوتا۔

یوکرینی فوجی نے چیک پوسٹ پر محبوبہ کو منگنی کی انگوٹھی پہنادی، ویڈیو وائرل

کیف: (ویب ڈیسک) روس سے برسر پیکار یوکرین کے ایک سپاہی نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر سیکیورٹی چیک پوسٹ پر اپنی محبوبہ کو شادی پیشکش کی اور انگوٹھی بھی پہنا دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔ یوکرینی فوج روسی حملوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں اور دو شہروں کا قبضہ بھی واگزار کرا لیا ہے۔
جنگ زدہ علاقے میں بارود کی بو سے فضا مکدر ہے لیکن پیار کے پھول بھی کھل رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دو پیار کرنے والوں کو ایک دوسرے سے زندگی بھر ساتھ نبھانے کا عہد و پیماں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شادی کی پیشکش اور عہد و پیماں کوئی انہونی بات نہیں لیکن اس ویڈیو کی ایک خاص بات جو اس پورے واقعے کو اہم بناتی ہے۔ محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے والا عام شخص نہیں بلکہ محاذ جنگ پر کھڑا ایک سپاہی ہے۔
اس سپاہی نے جس مقام پر اپنی محبوبہ کو انگوٹھی پہنائی وہ بھی کوئی شاندار تقریب نہیں بلکہ کسی بھی وقت گولوں اور گولیوں کی زد میں آجانے والی سیکیورٹی چیک پوسٹ ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوکرینی فوجی گھٹنے کے بل بیٹھ کر اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرتے ہیں جو وہ قبول کرلیتی ہے اور پھر وہ فوجی اپنی محبوبہ کو انگوٹھی بھی پہناتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو صارفین نے کافی سراہا ہے اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔